Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: اکبر ٹاؤن گندگی اور تعفن کا شکار، "ستھرا پنجاب پروگرام” صرف کاغذوں تک محدود؟

    اوچ شریف: اکبر ٹاؤن گندگی اور تعفن کا شکار، "ستھرا پنجاب پروگرام” صرف کاغذوں تک محدود؟

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف کا نواحی علاقہ اکبر ٹاؤن بدترین صفائی، بہتے سیوریج اور تعفن زدہ ماحول کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جہاں "ستھرا پنجاب پروگرام” کے حکومتی دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ گلیوں میں جمع گندگی، نالوں سے اُبلتا ہوا گندا پانی، اور خالی پلاٹوں میں کھڑا تعفن زدہ پانی نہ صرف مکینوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہا ہے بلکہ علاقے کو وبائی امراض کے خطرے کی جانب دھکیل رہا ہے۔

    مقامی رہائشی محمد عامر، ساجد خان، یونس ادریس، غلام مصطفیٰ اور دیگر شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صفائی کی ابتر صورتحال، گٹروں کی بندش اور نکاسی آب کے ناقص نظام سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق بلدیہ کو بارہا شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی موثر اقدام دیکھنے میں نہیں آیا۔ نہ صفائی عملہ متحرک ہے اور نہ ہی گٹروں کی مرمت کا کوئی سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

    شہریوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اکبر ٹاؤن کو فی الفور "ستھرا پنجاب پروگرام” میں شامل کر کے صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے ذاتی طور پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ "صفائی صرف بینرز اور اشتہارات سے نہیں، عملی اقدامات ہی عوامی مسائل کا حل ہیں۔

  • ترنڈ بشارت: موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق

    ترنڈ بشارت: موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے ترنڈ بشارت میں ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں 18 سالہ محمد نوید بوہڑ بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ اہلِ خانہ اور عینی شاہدین کے مطابق محمد نوید موٹر آن کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اُسے اچانک شدید کرنٹ لگا جس سے وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔ فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

    اس اندوہناک واقعے پر پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ نوجوان کی ناگہانی موت پر اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب بڑی تعداد میں تعزیت کے لیے اُس کے گھر پہنچے اور غمزدہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ محمد نوید کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد اُسے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

  • اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں خوفناک ٹریفک حادثات: ایک جاں بحق، چار زخمی

    اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں خوفناک ٹریفک حادثات: ایک جاں بحق، چار زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) جنوبی پنجاب کے دو مختلف علاقوں اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ایک بار پھر انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن گئی۔ دو الگ الگ حادثات میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا۔

    اوچ شریف کے علاقے للو والی موری میں موٹر سائیکل اور رکشہ کے درمیان تصادم اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان محمد فیصل ولد کریم بخش، قوم لنگاہ، عمر تقریباً 25 سال شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد دی اور RHC اوچ شریف منتقل کیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    دوسرا المناک حادثہ خیرپور ٹامیوالی کے علاقے میں فوجی والا پل کے قریب پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آمنے سامنے آ گئیں۔ شدید تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے، جن میں بزرگ شہری محمد امیر ولد لال خان، عمر 60 سال، سکنہ بستی جھوک لال، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں محمد نعمان اور عمر فاروق ولد زاہد سلیم شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر THQ خیرپور ٹامیوالی منتقل کیا۔

    حادثات کے بعد دونوں علاقوں میں کہرام مچ گیا جبکہ اہل علاقہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

  • اوچ شریف: دینی مدرسے پر سیکیورٹی اہلکاروں کا غیر قانونی دھاوا، جے یو آئی کا احتجاج، کارروائی کا مطالبہ

    اوچ شریف: دینی مدرسے پر سیکیورٹی اہلکاروں کا غیر قانونی دھاوا، جے یو آئی کا احتجاج، کارروائی کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)مدرسہ امیر المدارس اوچ شریف میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کا غیر قانونی دھاوا، جمعیت علماء اسلام کا شدید ردعمل، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ

    مدرسہ و مسجد امیر المدارس اوچ شریف میں 17 مئی بروز ہفتہ کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے خلاف جمعیت علماء اسلام تحصیل احمد پور شرقیہ اور حلقہ پی پی 250 اوچ شریف کا مشترکہ و ہنگامی اجلاس مدرسہ امیر المدارس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قاری سیف الرحمن راشدی، امیر جمعیت علماء اسلام ضلع بہاولپور نے بطورِ خاص شرکت کی، جبکہ تحصیل امیر پیر حماد اللہ گنمب کی زیر صدارت اس اہم اجلاس میں جمعیت کے ضلعی و تحصیلی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مدرسہ و مسجد امیر المدارس پر سرکاری وردی میں ملبوس اہلکاروں کے ڈرامائی انداز میں داخل ہونے، چادر و چاردیواری کے تقدس کی پامالی، مسجد میں بوٹوں سمیت گھسنے، منتظمین کو زدوکوب کرنے اور حبسِ بے جا میں رکھنے جیسے غیر قانونی فعل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ واقعے کو انتہائی تشویشناک اور دینی اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے، جمعیت علماء اسلام نے اسے ایک ناقابلِ برداشت عمل قرار دیا۔

    اجلاس کے بعد ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ بہاولپور واقعے کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کرائے، اور ملوث اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر مثالی سزائیں دی جائیں۔ جمعیت علماء اسلام نے واضح کیا کہ اگر فوری انصاف نہ کیا گیا تو جماعت راست اقدام اُٹھانے پر مجبور ہو گی۔

    اجلاس میں قاضی عمر فاروق فاروقی (تحصیل جنرل سیکرٹری)، مولانا نذیر احمد وارن، مہر غلام ربانی کاٹھیہ، مولانا اسد اللہ مدنی، مولانا محمد بابر علی صدیقی سمیت متعدد دیگر اکابرین نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے مدرسہ و مسجد کے تقدس کو پامال کرنے والے اقدامات کو ناقابلِ معافی جرم قرار دیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز سیکیورٹی اہلکاروں کی یونیفارم ملبوس کچھ اہلکاروں نے مدرسے پر غیر قانونی اور غیر اخلاقی انداز میں دھاوا بول کر مدرسے کے مدرس اور دیگر لوگوں پر تشدد کیا، طلباء کو ہراساں کیا، حبس بے جا میں رکھا اور پھر مدرس کو اپنی گاڑیوں میں ڈال کر ساتھ لے گئے۔ راستے میں انہیں ہراساں کیا گیا، مدرسے میں مدرس کو تھپڑ مارے گئے اور ان کی تذلیل کی گئی۔ کچھ دور جا کر سیکیورٹی اہلکاروں نے مدرس سے شناختی کارڈ طلب کیا، شناختی کارڈ دیکھنے اور ڈیٹا چیک کرنے کے بعد انہیں راستے میں چھوڑ دیا۔

  • اوچ شریف: عباسیہ نہر میں 2معصوم بھائی ڈوب کرجاں بحق

    اوچ شریف: عباسیہ نہر میں 2معصوم بھائی ڈوب کرجاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی گاؤں محمود ماتم بستی چوہدری ہدایت علی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو معصوم بھائی عباسیہ لنک کینال میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت 6 سالہ محمد جنید عثمان اور 4 سالہ محمد جمشید عثمان کے طور پر ہوئی ہے، جو چوہدری ارشد علی سندھو کے بھتیجے اور ڈاکٹر محمد عثمان کے جگر گوشے تھے۔

    دونوں بھائی نہر کے کنارے کھیلتے ہوئے اچانک پانی میں جا گرے، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اہل علاقہ نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کی، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ بالآخر جاگیر والی پل کے قریب دونوں بچوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ لاشوں کی برآمدگی کے وقت ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار ہو گئی۔

    نماز جنازہ میں علاقے بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنازے کے دوران سسکیاں گونجتی رہیں اور ہر شخص غم سے نڈھال دکھائی دیا۔ پورا گاؤں اس المیے پر گہرے سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ دو پھول جیسے بچوں کا یوں اچانک مرجھا جانا نہ صرف اہل خانہ بلکہ پورے علاقے کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے۔

    یہ المناک سانحہ ایک لمحہ فکریہ ہے جو اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ نہروں، نالوں اور خطرناک مقامات کے قریب حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: بی آئی ایس پی سنٹر میں امدادی رقوم پر ڈاکہ ناکام، ایجنٹ گرفتار، رقم برآمد

    اوچ شریف: بی آئی ایس پی سنٹر میں امدادی رقوم پر ڈاکہ ناکام، ایجنٹ گرفتار، رقم برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت مالی امداد لینے والی خواتین کی رقوم میں ناجائز کٹوتی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر کی بروقت کارروائی سے بااثر اور چالاک ایجنٹ محمد اکرام رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے رقم متاثرہ خاتون کو واپس دلوا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ شمس الدین گیلانی بوائز ڈگری کالج اوچ شریف میں قائم بی آئی ایس پی کیمپ میں ایجنٹ محمد اکرام نے نسیم اختر زوجہ سعید احمد (شناختی کارڈ نمبر 31201-9770509-2) سے 13,500 روپے کی امدادی رقم میں سے 1,000 روپے ناجائز طور پر کاٹ کر صرف 12,500 روپے ادا کیے۔ واقعے کی اطلاع اسسٹنٹ ڈائریکٹر BISP عامر شہزاد ولد علی رشید نے دی، جس پر فوری پولیس کارروائی کرتے ہوئے محمد اکرام کے خلاف مقدمہ نمبر 420 ت پ کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

    کارروائی کے وقت موقع پر موجود گواہان میں کیمپ انچارج محمد اشرف اور نائب قاصد عبدالمناف شامل تھے۔ ایجنٹ محمد اکرام ابتدائی طور پر فرار ہو گیا، تاہم محمد فیاض ولد خلیل احمد نے اس کی زیر استعمال ڈیوائس قبضے میں لے کر پولیس کے حوالے کر دی، جس سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ خاتون کو مکمل رقم واپس دلائی اور اس عمل کے ذریعے عوامی اعتماد بحال کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور کمشنر بہاولپور و ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی روشنی میں فلاحی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے، اور کسی بھی کرپشن پر سخت کارروائی ہو گی۔

    بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے اوچ شریف کے مرکزی بازار میں تجاوزات کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا، متعدد دکانیں سیل کی گئیں اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ شہریوں نے ان جرات مندانہ اقدامات کو سراہا اور انتظامیہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

  • اوچ شریف: سورج آگ برسانے لگا، ہیٹ ویو ، درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا پہنچا

    اوچ شریف: سورج آگ برسانے لگا، ہیٹ ویو ، درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا پہنچا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف اور گرد و نواح میں سورج نے قہر ڈھا دیا، درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جس کے باعث معمولاتِ زندگی مفلوج ہو چکے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس نے بازاروں کی رونقیں چھین لیں، گلیاں سنسان اور دکانیں ویران ہو چکی ہیں جبکہ شہری گھروں میں محصور ہو کر بارانِ رحمت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔

    گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی مئی کا مہینہ اوچ شریف میں شدید گرمی کا پیغام لایا ہے۔ گرمی کی شدت نے نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں اور پرندوں کو بھی بے حال کر دیا ہے۔ پرندے درختوں کے سائے اور پانی کے جوہڑوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی قلت بھی شدت اختیار کر چکی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ دن کے وقت باہر نکلنا محال ہو چکا ہے۔ مجبوری میں نکلنے والے افراد چھاؤں، ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی تلاش میں سرگرداں نظر آتے ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ کاروبار ٹھپ ہو چکا ہے، دکانوں میں گاہک آنا بند ہو گئے ہیں، اور گرمی نے نظام زندگی کا پہیہ جام کر کے رکھ دیا ہے۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ شہر میں واٹر کولرز، سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ، اور ہنگامی طبی مراکز کا فوری بندوبست کیا جائے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر خطرات سے بچا جا سکے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اوچ شریف کے ساتھ ساتھ ڈیرہ غازی خان، دادو، تربت، بھکر، بہاولنگر، رحیم یار خان اور نوکنڈی سمیت کئی علاقوں میں بھی درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 20 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے، اور شہریوں سے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    شدید گرمی سے نجات کی واحد امید بارش بن چکی ہے، اور پورا خطہ بارانِ رحمت کے لیے سراپا دعا ہے۔

  • احمدپور شرقیہ: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مضر صحت مشروبات برآمد، پلانٹ سیل، مقدمہ درج

    احمدپور شرقیہ: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مضر صحت مشروبات برآمد، پلانٹ سیل، مقدمہ درج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر احمدپور شرقیہ کے علاقے محراب والا میں خوراک کے معیار پر بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک بیورجز پلانٹ پر چھاپہ مار کر سینکڑوں لیٹر غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات برآمد کر لیے۔

    کارروائی کے دوران پلانٹ پر تیار کیے جانے والے مشروبات کے نمونے حاصل کیے گئے جنہیں لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مشروبات کے سیمپل مقررہ فوڈ سیفٹی معیار پر پورا نہیں اترے، جب کہ ان کی برکس ویلیو (یعنی مٹھاس و مواد کی مقدار) بھی طے شدہ حد سے کم تھی جو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دی گئی۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر نہ صرف پلانٹ کو سیل کر دیا بلکہ پلانٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر مشروبات کی تیاری، پیکنگ اور ترسیل کے تمام مراحل پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک میں ملاوٹ، جعلسازی اور غیر معیاری اشیاء کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ عوام کو صحت بخش خوراک فراہم کی جا سکے۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں بھی غیر معیاری خوراک یا ملاوٹ کے شواہد دیکھیں تو فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں، تاکہ عوام کی صحت کے دشمن عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

  • اوچ شریف: بھوت بنگلہ بن گیا ڈاک خانہ، ایک لاکھ آبادی کے لیے صرف ایک پوسٹ مین

    اوچ شریف: بھوت بنگلہ بن گیا ڈاک خانہ، ایک لاکھ آبادی کے لیے صرف ایک پوسٹ مین

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) سب تحصیل اوچ شریف کا واحد ڈاک خانہ بدانتظامی، بدعنوانی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کا شکار ہو کر ایک بھوت بنگلے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ نصف صدی پرانی شکستہ عمارت رات کے اوقات میں منشیات کے عادی افراد کی پناہ گاہ بن چکی ہے جبکہ دن میں یہاں ڈاک کی ترسیل کا نظام مکمل درہم برہم نظر آتا ہے۔ ایک لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل اس تحصیل میں صرف ایک پوسٹ مین تعینات ہے، جو ازخود شہریوں کو فون کر کے ڈاک خانہ آ کر اپنی ڈاک وصول کرنے کا کہتا ہے، جس سے نہ صرف عوام کو شدید زحمت کا سامنا ہے بلکہ اہم خطوط و دستاویزات کی بروقت ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ماضی میں جب آبادی چند ہزار تھی تو چار ڈاکیے خدمات انجام دے رہے تھے، مگر اب آبادی میں کئی گنا اضافے کے باوجود ڈاکیے کی تعداد کم کر کے ایک کر دی گئی ہے۔ عملے کی جانب سے عوامی رقوم، منی آرڈرز اور پارسلز میں بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے کئی واقعات بھی منظرعام پر آ چکے ہیں، جن میں ایک سابق پوسٹ ماسٹر اور حالیہ پوسٹ مین کا نام شامل ہے۔

    پوسٹ ماسٹر کی غفلت اور عدم دلچسپی کے باعث نہ صرف دفتری امور متاثر ہو رہے ہیں بلکہ پوسٹ آفس اور اس سے ملحقہ رہائشی کوارٹرز گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شہریوں نے اب سرکاری ڈاک سروس پر عدم اعتماد کرتے ہوئے نجی کوریئر کمپنیوں کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔

    عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر مواصلات، ڈی جی پاکستان پوسٹ اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ڈاک خانہ اوچ شریف کی بحالی، عملے میں اضافہ اور کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوچ شریف: مخدوم افتخار گیلانی کا پاک فوج کو خراجِ تحسین، جنرل عاصم منیر کو مبارکباد

    اوچ شریف: مخدوم افتخار گیلانی کا پاک فوج کو خراجِ تحسین، جنرل عاصم منیر کو مبارکباد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اُوچ شریف میں دربار حضرت محبوب سبحانیؒ کے شہزادہ نشین، ممتاز روحانی و قومی رہنما مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے پاک فوج کی حالیہ کامیابیوں پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو زبردست الفاظ میں مبارکباد پیش کی ہے۔ اُنہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص” کی شاندار فتح کو پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن پر کاری ضرب لگا کر اُسے عبرتناک شکست سے دوچار کرنا ایک عظیم کارنامہ ہے۔

    مخدوم افتخار حسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے لیکن دشمن کو ہر بار واضح پیغام دیا گیا کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاک فوج نے بھارتی بالادستی کے خواب کو نہ صرف چکنا چور کیا بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ مہارت اور ایمانی جذبے سے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی پاک فوج کی قومی یکجہتی، قربانی اور قرب الٰہی کی دلیل ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے پیچھے پوری قوم کی متحدہ دعائیں اور افواج پاکستان کی جرأت و شجاعت کارفرما رہی۔ عوام نے ہر محاذ پر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر یکجہتی کا غیر متزلزل مظاہرہ کیا، جو قوموں کی اصل طاقت ہوتا ہے۔

    مخدوم افتخار گیلانی نے مزید کہا کہ "ہم افواجِ پاکستان کو اس عظیم الشان فتح پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ وطنِ عزیز کے دفاع پر جب بھی ضرورت پڑی، ہم ہر اول دستے کی طرح پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پوری قوم آج افواجِ پاکستان کے گرد سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے، جس کا ثمر اللہ رب العزت نے ہمیں تاریخی کامیابی کی صورت میں عطا کیا ہے۔”

    انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس عسکری کامیابی کے ثمرات کو دیرپا بنانے کے لیے معاشی، سفارتی اور قومی سلامتی کے محاذ پر ٹھوس اور دور رس حکمت عملی اپنائی جائے، تاکہ ہر میدان میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے اور پاکستان مزید مضبوط و مستحکم ہو۔