Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • آسمانی بجلی کا قہر، یزمان میں 2 افراد جاں بحق، اوچ شریف میں قیمتی مویشی ہلاک

    آسمانی بجلی کا قہر، یزمان میں 2 افراد جاں بحق، اوچ شریف میں قیمتی مویشی ہلاک

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب آسمانی بجلی نے تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں اور قیمتی مویشیوں کا نقصان ہوا۔ بہاولپور کی تحصیل یزمان اور اوچ شریف کے نواحی علاقوں میں پیش آنے والے ان المناک واقعات نے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور کی تحصیل یزمان کے نواحی علاقے 98 ڈی بی میں رات 11 بج کر 59 منٹ پر آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو 1122 بہاولپور کے مطابق، چار افراد کھیتوں میں کام مکمل کرنے کے بعد ایک درخت کے نیچے بیٹھے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو دیگر معمولی زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یزمان منتقل کیا۔

    دوسری جانب اوچ شریف کے نواحی گاؤں دھوڑکوٹ کے ٹبی وارن میں کسان مولوی محمد قاسم کے صحن میں موجود کھجور کے درخت پر آسمانی بجلی گری۔ اس درخت کے نیچے بندھے دو قیمتی مویشی آسمانی بجلی کی خوفناک آواز اور لپیٹ سے موقع پر ہلاک ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق رات گئے طوفانی بارش اور گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی نے کھجور کے درخت کو نشانہ بنایا، جس سے کسان کا قیمتی سرمایہ لمحوں میں تباہ ہو گیا۔ مولوی محمد قاسم اس نقصان سے شدید صدمے میں ہیں۔

    اسی طرح اوچ شریف کے علاقے مخدوم پور میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے کھجور کے کئی درختوں میں آگ لگ گئی۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    ان واقعات نے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور متاثرین کی مالی امداد کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

  • ڈیرہ نواب صاحب: علامہ اقبال ایکسپریس کا اسٹاپ مستقل کر دیا گیا

    ڈیرہ نواب صاحب: علامہ اقبال ایکسپریس کا اسٹاپ مستقل کر دیا گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ڈیرہ نواب صاحب کے شہریوں کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت سامنے آ گئی،علامہ اقبال ایکسپریس کا ڈیرہ نواب صاحب ریلوے اسٹیشن پر عارضی اسٹاپ اب مستقل طور پر جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ریلوے حکام نے اس فیصلے کو بہتر ریونیو، مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور مقامی عوام کے پرزور مطالبے کے نتیجے میں کیا ہے۔

    یاد رہے کہ دو ماہ قبل مقامی انجمن تاجران، سماجی تنظیموں اور شہریوں کی درخواست پر آزمائشی بنیادوں پر علامہ اقبال ایکسپریس کو ڈیرہ نواب صاحب اسٹیشن پر دوطرفہ اسٹاپ دیا گیا تھا۔ مختصر عرصے میں ہی ریلوے کو نہ صرف ریونیو میں واضح بہتری ملی بلکہ مسافروں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس نے اس فیصلے کی افادیت ثابت کر دی۔

    ریلوے حکام نے اعلان کیا ہے کہ اس اسٹاپ کو تا حکمِ ثانی برقرار رکھا جائے گا تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ریلوے کی آمدنی میں مزید بہتری آئے۔ اس فیصلے پر مقامی شہریوں، تاجروں اور سماجی رہنماؤں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف سفری سہولیات کو بہتر بنائے گا بلکہ علاقائی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا، جس سے ڈیرہ نواب صاحب کی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔

    شہریوں نے ریلوے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی عوامی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے اس طرح کے فیصلے کیے جاتے رہیں گے۔

  • اوچ شریف: بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار

    اوچ شریف: بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) صدر بازار اوچ شریف میں پی سی نیوز ڈیجیٹل میڈیا اور متحدہ پریس کلب کے زیرِ اہتمام بھارت کے خلاف ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں صحافیوں، تاجروں، سماجی کارکنوں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے درج تھے، جبکہ "پاک فوج زندہ باد”، "ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے”، اور "جنرل عاصم منیر قدم بڑھاؤ، ہم تمھارے ساتھ ہیں” کے فلک شگاف نعرے فضا میں گونجتے رہے۔

    مرکزی انجمن تاجران کے نائب صدر میاں محمد عامر صدیقی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے کے امن کے لیے مسلسل خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    مظاہرین نے یک زبان ہو کر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ دیگر مقررین نے بھی بھارت کی جارحانہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔

    احتجاج کا اختتام ملک کی سلامتی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔ مظاہرین نے پرامن طور پر منتشر ہوتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر بھارت نے جارحیت بند نہ کی تو پوری قوم متحد ہو کر منہ توڑ جواب دے گی۔
    اس موقع پر سید خضر عباس، سید مجتہد رضوی، صدیق خان، چوہدری محمد ارشد، محمد یعقوب ککس، ماسٹر محمد انور، ملک زاہد سمیت دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔

  • اوچ شریف:چک 115 ڈی این بی کاکسان اپنے ہی ٹریکٹر تلے آ کر جاں بحق

    اوچ شریف:چک 115 ڈی این بی کاکسان اپنے ہی ٹریکٹر تلے آ کر جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) چک نمبر 115 ڈی این بی میں ایک افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں مقامی کسان محمد ارشد اپنے ہی ٹریکٹر کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق محمد ارشد رات گئے کھیتوں میں کام مکمل کر کے گھر پہنچے۔ گیٹ کھولنے کے لیے وہ ٹریکٹر سے نیچے اترے تو اچانک ٹریکٹر گیئر سے فری ہو کر چل پڑا اور انہیں کچل دیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    رات کا وقت ہونے کے باعث اہل خانہ کو فوری طور پر واقعے کا علم نہ ہو سکا تاہم کچھ دیر بعد جب اہلِ خانہ نے تلاش شروع کی تو محمد ارشد کی لاش ٹریکٹر کے نیچے سے ملی۔ اچانک سانحے پر گھر میں کہرام مچ گیا اور پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔

    واقعے پر سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

  • بہاولپور :ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق

    بہاولپور :ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق

    تفصیل کے مطابق یکم مئی 2025 کو رات 10 بج کر 19 منٹ پر ریسکیو 1122 بہاولپور کے کنٹرول روم کو ایک افسوسناک حادثے کی اطلاع موصول ہوئی جس میں ایک ٹرین کی ٹکر سے ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی۔

    کنٹرول روم سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق یہ حادثہ مبارک پور کے قریب پُل نمبر 35 کے نزدیک بستی سیالاں میں پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی گاڑی BPA-10 کو فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا جس نے 23 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بتایا کہ ہزارہ ایکسپریس جو کراچی سے راولپنڈی کی طرف جا رہی تھی جب مبارک پور کے قریب پہنچی تو ایک 17 سالہ نوجوان محمد سمیر ولد امیر بخش جو مبینہ طور پر کانوں میں ہیڈ فون لگائے ہوئے تھا، ٹرین کی آمد سے بے خبر رہا اور ٹرین کی زد میں آ گیا۔ اس المناک حادثے کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو عملے نے ضروری کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔نوجوان کی موت سر پر شدید چوٹ اور دونوں ٹانگوں (ٹیبیا اور فیبولا) کے فریکچر کی وجہ سے ہوئی۔

  • اوچ شریف: تیز رفتار کار کی ٹکر سے لوڈر رکشہ ڈرائیور جاں بحق

    اوچ شریف: تیز رفتار کار کی ٹکر سے لوڈر رکشہ ڈرائیور جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے 30 سالہ نوجوان لوڈر رکشہ ڈرائیور محمد عاصم جاں بحق ہو گیا، حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔

    محمد عاصم جو بستی میجر حق نواز اوچ شریف کا رہائشی تھا معمول کے مطابق اپنے رکشے پر جانوروں کا چارہ لے کر جا رہا تھا کہ اچانک پیچھے سے آنے والی جی ایل آئی کار (نمبر LEH-1708) نے اسے شدید ٹکر مار دی۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی زور دار تھی کہ رکشہ الٹ گیا اور محمد عاصم نیچے دب کر شدید زخمی ہو گیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر اسے ملبے سے نکالا، مگر سر پر گہری چوٹیں لگنے کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی مکمل کی اور لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار کار ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • اوچ شریف:مودی کی آبی و صحافتی جارحیت کے خلاف عوامی طوفان، دشمن کو دوٹوک پیغام

    اوچ شریف:مودی کی آبی و صحافتی جارحیت کے خلاف عوامی طوفان، دشمن کو دوٹوک پیغام

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)بھارت کی آبی جارحیت اور معروف پاکستانی صحافی مبشر لقمان کا یوٹیوب چینل بھارت میں بند کیے جانے کے خلاف اوچ شریف میں ایک ولولہ انگیز اور تاریخ ساز احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس نے دشمن کو دوٹوک اور واضح پیغام دے دیا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، صحافتی آزادی اور قدرتی وسائل کے تحفظ پر کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کرے گی۔

    یہ عظیم الشان احتجاجی ریلی سوشل سول سوسائٹی اوچ شریف کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے کی۔ ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور میونسپل کمیٹی سے الشمس چوک تک مارچ کیا۔ شرکاء کے ہاتھوں میں قومی پرچم، پلے کارڈز اور بینرز تھے جن پر بھارت کی آبی دہشت گردی اور آزادی صحافت پر حملوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ الشمس چوک "انڈیا مردہ باد” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔

    ریلی کے اختتام پر ایم پی اے مخدوم عامر علی شاہ نے بھارتی پرچم نذر آتش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن کی کسی بھی آبی جارحیت یا معلوماتی جنگ کا بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے کہا: "ہم اپنی سرزمین، اپنے پانی اور اپنے میڈیا کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اگر دشمن نے جارحیت کی، تو ایسا منہ توڑ جواب دیں گے جو تاریخ یاد رکھے گی۔”

    اس موقع پر شرکاء نے اس بات پر بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا کہ بھارتی حکومت نے سینئر صحافی مبشر لقمان کا یوٹیوب چینل بھارت میں بلاک کر دیا ہے، صرف اس لیے کہ انہوں نے اپنے پروگرام "کھرا سچ” میں بھارت کے زیرِ اثر پہلگام واقعے کو "ڈرامہ” قرار دیا تھا اور مودی سرکار پر تنقید کی تھی۔

    صحافیوں، سیاسی و مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی اور تاجر برادری نے اپنے مشترکہ بیان میں بھارتی حکومت کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سچ کو دبانے کی یہ کوشش آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے، جسے پاکستان کا ہر شہری مسترد کرتا ہے۔ مقررین میں سید عادل شاہ، جام آصف جھبیل، راؤ فاروق، اکمل کاکھی، غلام یاسین سومرو، بابر علی صدیقی، حبیب خان، اظہر دانش، ذیشان مستوی اور دیگر نے خطاب کیا۔

    یاد رہے کہ سینئر صحافی مبشر لقمان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ "اگر سچ بولنے کی سزا چینل بند کرنا ہے تو یہ ہمیں قبول ہے، ہم پاکستان کے دفاع اور وقار کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار کے جھوٹ اور ڈرامے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور بھارت، کشمیر میں ظلم و ستم سے نظریں ہٹا کر پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔

    ریلی کے آخر میں وطن عزیز کی سلامتی، افواج پاکستان کی کامیابی اور دشمن کی بربادی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ عوام نے اتحاد، نظم اور حب الوطنی سے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم آج بھی دشمن کے ہر محاذ پر متحد، بیدار اور پرعزم کھڑی ہے۔

  • اوچ شریف: پیٹرولنگ پولیس کی بروقت کارروائی، مشکوک شخص سے ناجائز اسلحہ برآمد

    اوچ شریف: پیٹرولنگ پولیس کی بروقت کارروائی، مشکوک شخص سے ناجائز اسلحہ برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پیٹرولنگ پولیس خیرپور ڈاہا نے سب انسپکٹر وحید کی قیادت میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ، گولیاں، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم جنید محمود ولد جندوڈہ، سکنہ بکھری، کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ مشتبہ حرکات کر رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر وحید بمعہ پولیس ٹیم معمول کے گشت پر تھا کہ دورانِ نگرانی ایک شخص کو مشکوک انداز میں گھومتے پایا گیا۔ مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے 30 بور پستول، پانچ زندہ گولیاں، ایک موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔ ملزم اسلحے کا کوئی قانونی لائسنس پیش نہ کر سکا، جس پر اسے موقع پر گرفتار کر کے تھانہ دھوڑکوٹ منتقل کر دیا گیا۔

    ملزم کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ علاقے کے عوام نے پیٹرولنگ پولیس کی مستعدی اور بروقت کارروائی کو سراہا اور اسے علاقے میں امن و امان کے قیام کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔

  • اوچ شریف: بخت واہ نہر پر تیز رفتاری کے باعث خوفناک حادثہ، ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ

    اوچ شریف: بخت واہ نہر پر تیز رفتاری کے باعث خوفناک حادثہ، ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے بخت واہ نہر، بستی جندو خان بلوچ کے مقام پر آج ایک ہولناک ٹریفک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار لوڈر منی ٹرک پل پر چڑھتے ہوئے اچانک موڑ کاٹتے وقت بے قابو ہو کر پل سے نیچے جا گرا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دیکھنے والوں کے دل دہل گئے، تاہم خوش قسمتی سے ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    عینی شاہدین کے مطابق لوڈر منی ٹرک جیسے ہی نہر کے پل پر پہنچا، تو تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور ٹرک نیچے نہر کے کنارے جا گرا۔ حادثہ ہوتے ہی قریبی علاقے کے رہائشی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ مقامی افراد نے ڈرائیور کو گاڑی سے بحفاظت نکال لیا، جسے صرف معمولی چوٹیں آئیں۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ حادثہ خطرناک نوعیت کا تھا، لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انسانی جان کا ضیاع نہیں ہوا، جو کہ ایک بڑا معجزہ ہے۔ واقعے نے ایک بار پھر سڑکوں پر تیز رفتاری کے سنگین نتائج کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔

    مقامی انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے مقامات پر احتیاطی سائن بورڈز نصب کیے جائیں اور ٹریفک قوانین کی مؤثر نگرانی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: پل موہانہ پر دن دیہاڑے ڈکیتی، مسلح ڈاکو نقدی و موبائل لوٹ کر فرار

    اوچ شریف: پل موہانہ پر دن دیہاڑے ڈکیتی، مسلح ڈاکو نقدی و موبائل لوٹ کر فرار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تھانہ اوچ شریف کی حدود میں واقع پل موہانہ کے قریب گزشتہ روز دن دیہاڑے ایک سنگین ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس میں تین موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے کریانہ سٹور سے نقدی اور قیمتی موبائل فون لوٹ لیے۔ واردات کے بعد ڈاکو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق تینوں ملزمان سرخ رنگ کی ہنڈا 125 موٹر سائیکل پر سوار ہو کر دکان پر پہنچے۔ اسلحہ کے زور پر دکاندار کو یرغمال بنایا گیا اور دکان میں موجود کیش اور موبائل فون چھین لیے گئے۔ ڈاکو واردات کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اوچ شریف حرکت میں آ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی تصاویر حاصل کر لی گئی ہیں، جنہیں شناخت کے لیے عوام سے شیئر کیا گیا ہے۔

    پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ان ملزمان کے بارے میں کوئی معلومات حاصل ہوں تو فوری طور پر تھانہ اوچ شریف سے رابطہ کریں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

    ضلعی پولیس نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ شہر میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جا سکے۔