Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کے وفد کی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور سے ملاقات

    اوچ شریف: گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کے وفد کی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور سے ملاقات

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) گورنمنٹ سید شمس الدین گیلانی ایسوسی ایٹ کالج اوچ شریف کے سٹاف نے پروفیسر حافظ محمد خالد محمود کی قیادت میں ڈائریکٹر کالجز بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر شرافت علی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد نے ڈاکٹر شرافت علی کو بطور ڈائریکٹر تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور کالج کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔

    ملاقات میں اوچ شریف کالج میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ اور طلبہ کو درپیش مشکلات اور تعلیمی معیار میں بہتری جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر شرافت علی نے وفد کو یقین دلایا کہ اوچ شریف کالج کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    اس موقع پر کالج کے وفد نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر شرافت علی کی قیادت میں بہاولپور ڈویژن کے کالجز میں تعلیمی سرگرمیاں مزید ترقی کریں گی اور میرٹ کو فروغ ملے گا۔ وفد میں پروفیسر عمران سعید، پروفیسر چوہدری طارق اقبال، پروفیسر رانا فیصل اور پروفیسر شالیم ڈیوس شامل تھے۔

  • احمد پور شرقیہ: ڈینگی مہم میں کارروائی، دو دکانوں پر  جرمانہ عائد

    احمد پور شرقیہ: ڈینگی مہم میں کارروائی، دو دکانوں پر جرمانہ عائد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تحصیل احمد پور شرقیہ میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی مہم جاری ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور فوکل پرسن ڈینگی، عمران حیدر سیال نے کارروائی کرتے ہوئے خان جوس اینڈ ملک شیک شاپ اور شاکر جوس ملک شیک پر چھاپا مارا۔

    شاپ کا لائسنس ایکسپائر ہونے اور ڈینگی کے حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی پر مالک کو نوٹس جاری کیا گیا اور 2500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    عمران حیدر سیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ڈینگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور تمام کاروباری اداروں کو حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور پانی کے جمع ہونے کو روکیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہو۔

    انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تحصیل میں چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے گا تاکہ شہریوں کی صحت محفوظ بنائی جا سکے۔ عوامی تعاون کو مہم کی کامیابی کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

  • اوچ شریف:سردی میں خشک میوہ جات کی قیمتیں بلند، عوام پریشان

    اوچ شریف:سردی میں خشک میوہ جات کی قیمتیں بلند، عوام پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) موسم سرما کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی مانگ بڑھ گئی، لیکن قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے یہ صحت بخش غذائیں متوسط طبقے کی پہنچ سے دور کر دی ہیں۔

    بادام، پستہ، کاجو، اور کشمش جیسی اشیاء جو سردی میں توانائی اور صحت کے لیے مفید سمجھی جاتی ہیں، اب صرف اشرافیہ کی دسترس میں ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات خریدنا ان کے لیے ایک خواب بن چکا ہے۔ شہری عبد اللہ، احمد خان، شفیق انجم، اور دیگر کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے باعث اب ان کا انحصار صرف مونگ پھلی پر رہ گیا ہے، لیکن خودساختہ مہنگائی نے اسے بھی مشکل بنا دیا ہے۔

    دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سپلائی کی کمی اور بڑھتی ہوئی طلب ہے۔ دوسری طرف شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مصنوعی مہنگائی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

  • اوچ شریف:سقوط ڈھاکہ اور اے پی ایس کے شہداء کا غم  آج بھی دلوں میں زندہ

    اوچ شریف:سقوط ڈھاکہ اور اے پی ایس کے شہداء کا غم آج بھی دلوں میں زندہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)سقوط ڈھاکہ اور اے پی ایس کے شہداء کا غم آج بھی دلوں میں زندہ

    تفصیل کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحے کو 10 برس گزر جانے کے باوجود، شہداء کا غم پاکستانی عوام کے دلوں میں آج بھی تازہ ہے۔ اوچ شریف کے سینئر صحافیوں احمد حسن اعوان، خواجہ غلام شبیر، میاں محمد عامر صدیقی، ارشاد احمد شاد، حبیب اللہ خان، اظہر اقبال مغل، نعیم احمد ناز اور شفیق انجم نے مشترکہ بیان میں کہا کہ شہداء کے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

    16 دسمبر 2014 کے سانحے کی برسی کے موقع پر اوچ شریف سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی، قرآن خوانی، اور دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں میں عوام، اسکولوں، اور اداروں کی جانب سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

    16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک دن ہے، جس میں 1971 کو سقوط ڈھاکہ اور 2014 کو اے پی ایس کے سانحے جیسے تلخ واقعات شامل ہیں۔ اے پی ایس حملے میں 141 معصوم جانیں ضائع ہوئیں، جن میں اکثریت بچوں کی تھی، جبکہ 121 افراد شدید زخمی ہوئے۔ مبصرین کے مطابق یہ دہشت گردانہ کارروائی آپریشن ضرب عضب کے خلاف ردعمل تھی۔

    یہ سانحہ پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے اور جدوجہد جاری رکھنے کا درس دیتا ہے۔ شہداء کی قربانیوں نے قوم کے عزم کو مزید مضبوط کیا اور اس جدوجہد میں ایک نئی روح پھونکی، جو آج بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں ہے۔

  • اوچ شریف: آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے مہم جاری

    اوچ شریف: آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے مہم جاری

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) شہر میں آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے میونسپل کمیٹی کی مہم جاری ہے۔ چیف آفیسر قاضی محمد نعیم کی ہدایات پر نگران صفائی بابر لال کی زیر نگرانی ٹیم نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن میں محلہ بخاری، محلہ گیلانی، شمس کالونی، مین بازار، اور احمد پور شرقیہ روڈ شامل ہیں۔

    آپریشن کے دوران گلی کوچوں میں آوارہ کتوں کو زہریلی دوا کے ذریعے تلف کیا گیا۔ مہم کا مقصد عوام کو آوارہ کتوں کے خطرات سے بچانا اور شہر کو محفوظ بنانا ہے۔ شہریوں نے مہم کو سراہتے ہوئے اس کے تسلسل کا مطالبہ کیا ہے۔

  • بہاولپور: زیادتی کے بعد تیزاب گردی،لڑکی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا، مرکزی ملزم گرفتار

    بہاولپور: زیادتی کے بعد تیزاب گردی،لڑکی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا، مرکزی ملزم گرفتار

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )بہاولپور میں لڑکی سے زیادتی اور تیزاب گردی کا واقعہ، مرکزی ملزم گرفتار

    تفصیل کے مطابق بہاولپور میں اجتماعی زیادتی اور تیزاب پھینکنے کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم غفران عرف ہارون کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ 24 سالہ متاثرہ لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں مقدمے میں مزید دفعات شامل کی جائیں گی۔

    ہسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ لڑکی کی حالت تشویشناک ہے، اور دونوں گردے فیل ہونے کی وجہ سے وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔ متاثرہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ زیادتی کے بعد ملزم نے لڑکی کے چہرے، جسم اور ٹانگوں پر تیزاب پھینک دیا۔

    تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم غفران عرف ہارون مختلف ناموں سے تعارف کروا کر لڑکیوں کو آن لائن بزنس اور بیرونِ ملک نوکریوں کے جھانسے میں پھنساتا تھا۔

  • اوچ شریف: تاریخی ورثے کی حفاظت کے لیے بڑا اقدام، تجاوزات کے خاتمے کا ماسٹر پلان تیار

    اوچ شریف: تاریخی ورثے کی حفاظت کے لیے بڑا اقدام، تجاوزات کے خاتمے کا ماسٹر پلان تیار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں تاریخی مقامات، مزارات اور آثار قدیمہ کی حفاظت اور بحالی کے لیے حکومت کا اہم اقدام، 2 سو میٹر کے اندر واقع مکانات، دکانات اور دیگر تجاوزات کو ہٹانے کے لیے ماسٹر پلان تیار، یونیسکو اور محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کی اوچ شریف آمد

    تفصیلات کے مطابق تاریخی شہر اوچ شریف میں مزارات، آثار قدیمہ اور دیگر تاریخی مقامات کی حفاظت کے لیے حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے دو سو میٹر کے اندر موجود مکانات، دکانوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے ماسٹر پلان تیار کر لیاگیا ہے۔ یونیسکو اور محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کی آمد کے بعد عملی اقدامات کا آغاز متوقع ہے۔

    اوچ شریف جو اپنے مذہبی و روحانی مرکز کی حیثیت سے جانا جاتا ہے، ماضی میں علمی، ادبی، سیاسی اور ثقافتی اہمیت کا حامل شہر تھا۔ اس کے تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ تہذیب یافتہ انسانی تاریخ کے شواہد پیش کرتے ہیں، جس کی بنا پر یونیسکو نے اوچ شریف کے چار اہم مقامات کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

    حکومت پنجاب اور محکمہ آثار قدیمہ نے یونیسکو کی مالی اور تکنیکی معاونت سے ان تاریخی مقامات کو محفوظ ورثہ قرار دیتے ہوئے ان کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابقہ فیصلے اور 1985ء کے قانون تحفظ کے تحت دو سو میٹر کے اندر موجود تمام تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دور میں سپریم کورٹ نے تاریخی ورثے کے گرد دو سو فٹ کے اندر قائم تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اس ماسٹر پلان کے نفاذ سے اوچ شریف کے تاریخی اور روحانی مقامات کی حفاظت ممکن ہوگی اور یہ عالمی سیاحتی مرکز کی حیثیت حاصل کر سکے گا۔

    حکام کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کا عمل جلد شروع ہوگا اور اس میں عوامی تعاون بھی شامل کیا جائے گا تاکہ اس ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔

  • اوچ شریف: انڈوں کی قیمتیں آسمان پر، مصنوعی قلت سے عوام پریشان

    اوچ شریف: انڈوں کی قیمتیں آسمان پر، مصنوعی قلت سے عوام پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) فارمی انڈوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ سرکاری ریٹ 322 روپے فی درجن مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں انڈے 30 سے 35 روپے فی انڈہ کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ اسٹاک مافیا نے وئیر ہاؤسز اور گوداموں میں انڈے ذخیرہ کر رکھے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی انڈوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں محمد عابد، شیر احمد، علی رضا اور دیگر نے بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق، سرمایہ داروں نے انڈوں کی پیٹیاں بڑی مقدار میں اسٹاک کر لی ہیں تاکہ مزید سردی میں مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانی قیمتوں پر فروخت کر سکیں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی امید معدوم ہوتی جا رہی ہے۔

    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سرکاری نرخوں کے مطابق انڈوں کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور عوام کو لوٹ مار سے بچایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: چکن سوپ کے نام پر زہر فروخت، فوڈ اتھارٹی خاموش

    اوچ شریف: چکن سوپ کے نام پر زہر فروخت، فوڈ اتھارٹی خاموش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) چکن سوپ کے نام پر برائلر مرغیوں کے پنجوں اور مضر صحت اجزاء سے تیار شدہ مصالحہ دار پانی عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ شہریوں نے محکمہ صحت اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر میں جگہ جگہ چکن سوپ کی ریڑھیاں لگ گئی ہیں، جن پر غیر معیاری اور مضر صحت اجزاء سے تیار کردہ سوپ فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سوپ میں اجینو موتو اور دیگر خطرناک کیمیکلز شامل کیے جاتے ہیں، جو فوری طور پر پیٹ اور دیگر بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں۔

    مزید یہ کہ باسی مچھلیوں اور خشک میوہ جات کو تازہ ظاہر کرکے فروخت کیا جا رہا ہے، جو عوام کے ساتھ کھلی دھوکہ دہی ہے۔ شہریوں محمد عابد، محمد عامر، یونس ارشاد، اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں چند نمائشی کارروائیوں کے بعد خاموش ہیں اور صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہیں۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی فوری ایکشن لے اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرے تاکہ عوام کی صحت کو لاحق خطرات کم کیے جا سکیں۔

  • اوچ شریف:سکولوں میں ناقص صفائی،پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا سخت نوٹس

    اوچ شریف:سکولوں میں ناقص صفائی،پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا سخت نوٹس

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے ڈینگی کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر سحر پبلک اسکول اور نائٹیڈ اسکول کا اچانک وزٹ کیا۔ وزٹ کے دوران انہیں اسکول میں صفائی کے ناقص انتظامات اور مچھر مار ادویات کی کمی کا سامنا ہوا، جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    عمران حیدر سیال نے کہا کہ "اس قسم کی غفلت سے نہ صرف ڈینگی کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے بلکہ طلباء کی صحت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔” انہوں نے اسکول انتظامیہ کو صفائی کے انتظامات میں فوری بہتری لانے کی ہدایت کی اور قانونی نوٹس جاری کیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ اگر صفائی کے انتظامات میں فوری بہتری نہ لائی گئی تو اسکول کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے تحصیل بھر کے اسکولوں کے مالکان کو بھی متنبہ کیا کہ اسکولوں میں صفائی کے اصولوں کی سخت پیروی کی جائے تاکہ ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکے اور طلباء کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

    عمران حیدر سیال کے اس سخت نوٹس کے بعد اوچ شریف کے دیگر تعلیمی اداروں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ طلباء کی صحت کی حفاظت اور ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔