Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: میڈیکل سٹور میں بڑی چوری،چور لاکھوں کی ادویات لے اُڑے

    اوچ شریف: میڈیکل سٹور میں بڑی چوری،چور لاکھوں کی ادویات لے اُڑے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)تھانہ اوچ شریف سے چند فرلانگ کے فاصلے پر احمد پور شرقیہ روڈ پر واقع خواجہ دلاور میڈیکل اسٹور اینڈ کلینک میں رات کے وقت چوری کی واردات پیش آئی، جس میں نامعلوم ملزمان لاکھوں روپے مالیت کی ادویات اٹھا کر فرار ہوگئے۔

    متاثرہ دکاندار کے مطابق اوچ شریف میں چوری اور نقب زنی کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں اور شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ دکاندار نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ چوروں کو فوری گرفتار کر کے علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم کے سلسلے کو روکا جائے۔

    تھانہ اوچ شریف کے مہتمم فیصل امین نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جلد ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
    واقعے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور عوام نے تجارتی علاقوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • احمدپور شرقیہ: اڈا ظاہر پیر ماماے والا نیشنل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، خاتون جاں بحق، ایک شخص زخمی

    احمدپور شرقیہ: اڈا ظاہر پیر ماماے والا نیشنل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، خاتون جاں بحق، ایک شخص زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اڈا ظاہر پیر ماماے والا نیشنل ہائی وے پر موٹر سائیکل اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ زخمی شخص کی شناخت محمود ولد حاجی حبیب (عمر 30 سال، سکونت موضع ممو آرائیں احمدپور شرقیہ) کے نام سے ہوئی ہے۔ اسے معمولی خراشیں آئیں اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی۔

    ریسکیو سٹاف کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کو لواحقین ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی اپنے گھر منتقل کر گئے، ان کا گھر اڈا ظاہر پیر کے قریب واقع بتایا جاتا ہے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ٹریلر ڈرائیور سمیت واقعے کی قانونی کارروائی شروع کر دی۔

  • اوچ شریف: چوک بھٹہ میں فائرنگ،پولیس کے دو سب انسپیکٹر زخمی، منشیات فروش ہلاک

    اوچ شریف: چوک بھٹہ میں فائرنگ،پولیس کے دو سب انسپیکٹر زخمی، منشیات فروش ہلاک

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے چوک بھٹہ میں منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سب انسپیکٹرز زخمی جبکہ ایک منشیات فروش ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، صدر پولیس اسٹیشن احمدپور کی ٹیم منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے چوک بھٹہ پہنچی تو ملزمان نے اچانک پولیس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپیکٹر افتخار (عمر 53 سال) ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے جبکہ ایلیٹ فورس کے سب انسپیکٹر نذیر احمد بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے۔

    ریسکیو 1122 نے دونوں زخمی اہلکاروں کو جہانگیر رشید آباد کوٹلہ موسیٰ خان روڈ سے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمدپور منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے مزید علاج کے لیے داخل کر لیا گیا۔

    دوسری جانب پولیس کی جوابی فائرنگ میں منشیات فروش منظور موقع پر ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • منجی اِک تے جوانیاں دو اکٹھیاں سونا پیا،گانا لگا کر مساج کی دعوت،پولیس پہنچ گئی

    منجی اِک تے جوانیاں دو اکٹھیاں سونا پیا،گانا لگا کر مساج کی دعوت،پولیس پہنچ گئی

    فحاشی و عریانی کاالزام ، بہاولپور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ،ایف آئی آر کے مطابق پنجابی گانا ’’منجی اِک تے جوانیاں دو اکٹھیاں سونا پیا‘‘ سنا جارہا تھا،ساتھ ہی مساج کی سروس بھی میسر تھی،بہاولپور،مسلم ٹاؤن، گلی نمبر 30 میں قائم ایک نام نہاد ’’ٹچ اسپا مساج سینٹر‘‘ میں پولیس نے اچانک چھاپہ مار کر فحش حرکات اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک شخص موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مقدمہ نمبر 23-26/11/2025-6929 کے مطابق کارروائی تھانہ کے عملے نے معتبر مخبر کی اطلاع پر کی۔

    تفتیشی افسر زنیر علی عثمان نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ مسلم ٹاؤن کے علاقے میں معمول کی گشت پر موجود تھے کہ مخبر خاص نے اطلاع دی کہ الفاروق اسکول والی گلی میں قائم ایک مکان میں مساج سینٹر کے نام پر مرد و خواتین سے ’’کمرشل سیکشول ایکٹیویٹی‘‘ کروائی جا رہی ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی جہاں دروازہ کھلا ہوا تھا اور اندر نیم برہنہ حالت میں مرد و خواتین کو فحش حرکات کرتے دیکھا گیا۔
    موقع سے گرفتار ہونے والوں میں اسامہ اختر ولد پرویز اختر،شازمین دختر طارق،ثمینہ زوجہ محمد عاصم،نور بنت محمد مراد،بشیر ولد محمد جمشیدشامل ہیں، جبکہ وجاہت علی ولد صابر علی نامی شخص فرار ہوگیا۔

    ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وجاہت علی نے اس مکان کو ’’ٹچ اسپا‘‘ بنا رکھا تھا۔
    اسامہ اختر کسٹمر تلاش کر کے لاتا اور فحش سرگرمیوں میں خواتین کو مجبور کیا جاتا۔پراپرٹی ڈیلر محمد مسلم پراپرٹی ڈیلر نے مکان کرایہ پر دیتے وقت مالک کو اصل صورتحال سے آگاہ نہیں کیا۔مکان کا کوئی کرایہ نامہ تحریری طور پر موجود نہیں تھا اور نہ ہی پولیس اسٹیشن میں اندراج کروایا گیا تھا۔پولیس نے موقع سے ایک موبائل فون، میوزک سسٹم اور دیگر مواد قبضے میں لے لیا جو فحش سرگرمیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے کھلے عام فحش گانے چلا کر، نیم برہنہ حالت میں حرکات کر کے اور عوامی جذبات مجروح کر کے معاشرتی ماحول کو شدید نقصان پہنچایا۔تفتیشی افسر کے مطابق مقدمہ درج کر کے ملزمان کو تھانہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم وجاہت علی کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ مالک مکان اور پراپرٹی ڈیلر کی جانب سے بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • اوچ شریف: دو موٹرسائیکلوں کی ٹکر، گرے ہوئے افراد پر ٹریلر چڑھ گیا ،ایک جاں بحق، دو زخمی، ریسکیو آپریشن جاری

    اوچ شریف: دو موٹرسائیکلوں کی ٹکر، گرے ہوئے افراد پر ٹریلر چڑھ گیا ،ایک جاں بحق، دو زخمی، ریسکیو آپریشن جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) ریسکیو 1122 کنٹرول روم کے مطابق اوچ شریف کے علاقے بوہڑ واہ، تحصیل احمدپور میں دو موٹرسائیکلوں کے آمنے سامنے ٹکرانے کے بعد پیچھے سے آنے والا ٹریلر ان پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ٹیمیں کال سائن BPA-34 اور BPA-27 کے ذریعے 10 منٹ میں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اور پولیس کے مطابق حادثہ سنگل روڈ پر پیش آیا جو ترنڈا محمد پناہ سے اوچ شریف کی جانب جاتا ہے۔

    ریسکیو اہلکار زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات پولیس کر رہی ہے۔

  • اوچ شریف: آئل ٹینکر اور خالی ٹرک میں ٹکر، ڈرائیور شدید زخمی

    اوچ شریف: آئل ٹینکر اور خالی ٹرک میں ٹکر، ڈرائیور شدید زخمی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) آئل ٹینکر اور خالی ٹرک میں ٹکر، ڈرائیور شدید زخمی،ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کنٹرول روم بہاولپور کے مطابق آج صبح 02:15 بجے ہیڈ پنج نند پٹرولنگ چیک پوسٹ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں آئل ٹینکر اور خالی ٹرک میں ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

    مظفرگڑھ سے اوچ کی جانب جانے والا آئل ٹینکر، جس میں 15 ہزار لیٹر پٹرول موجود تھا، سڑک پر کھڑے ایک خالی ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے باعث ٹینکر کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔
    ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز،ای سی 385783 (علی پور)ای سی 782664 (اوچ شریف)حادثہ کی کال موصول ہوتے ہی روانہ ہوئیں جبکہ ریسپانس ٹائم 16 منٹ رہا۔

    ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمی ڈرائیور عبدالرحمن ولد محمد رفیق، عمر 42 سال ساکن جھگی والا، تحصیل علی پور، ضلع مظفرگڑھ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمی کے دائیں پاؤں کی ٹِبیا میں کلوز فریکچر جبکہ بائیں پاؤں میں اوپن فریکچر کی تصدیق ہوئی۔ مریض کو حالت کے پیشِ نظر آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔

    آئل ٹینکر میں بڑی مقدار میں پٹرول موجود ہونے کے باعث ریسکیو ٹیم نے علاقہ کارڈن آف کر دیا جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر احمد پور سے بی ایف-06 فائر وہیکل کو موقع پر الرٹ رکھا گیا۔ پٹرولنگ پولیس بھی جائے حادثہ پر موجود رہی۔

    ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حادثات کی صورت میں ہجوم سے گریز کریں اور ریسکیو عملے کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔

  • اوچ شریف : تیز رفتار یو ٹانگ ماسٹر بس کی ٹکر سے 3موٹروے اہلکار شہید

    اوچ شریف : تیز رفتار یو ٹانگ ماسٹر بس کی ٹکر سے 3موٹروے اہلکار شہید

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے قریب تیز رفتار یو ٹانگ ماسٹر بس کی ٹکر سے موٹروے پولیس کے تین اہلکار شہیدہوگئے۔ حادثہ بیٹ نمبر 25 کے مقام پر اوچ شریف انٹرچینج سے تقریباً چار کلومیٹر سکھر کی جانب پیش آیا، جہاں کراچی سے ملتان کی طرف جانے والی یو ٹانگ ماسٹر گاڑی نمبر CAL-1530 نے گشت کے دوران کھڑی موٹروے پولیس کی گاڑی کو پیچھے سے زور دار ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹروے گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تینوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ گاڑی کی تیز رفتاری اور ڈرائیور کا عدم احتیاط بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث وہ بروقت بریک نہ لگا سکا اور موٹروے پولیس کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے بعد قریبی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں محمد ناصر شامل ہیں جو تقریباً 42 برس کے تھے اور موٹروے پولیس میں ASI کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں سر پر شدید چوٹ آئی جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے دوسرے اہلکار اسامہ علی ولد لال محمد تھے، جن کی عمر تقریباً 23 برس تھی اور وہ کانسٹیبل تھے۔ انہیں بھی سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    تیسرے زخمی اہلکار مشتاق احمد تھے جن کی عمر تقریباً 40 برس بتائی جاتی ہے اور وہ SI تھے۔ انہیں دائیں بازو کی ہڈی ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ سر پر بھی شدید چوٹیں آئیں۔ ریسکیو ٹیم نے انہیں موٹروے ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، جہاں دورانِ علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

    حادثے کے بعد محمد ناصر اور اسامہ علی کو ساتھی اہلکاروں نے اپنی گاڑی سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، جبکہ مشتاق احمد کو موٹروے ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں اہلکار حادثے کے وقت ہی شدید زخمی تھے اور ان کی حالت نازک تھی۔

    واقعے کے بعد موٹروے پولیس نے جائے حادثہ کا مکمل معائنہ کیا اور بس ڈرائیور کی ذمہ داری کے تعین کے لئے تفتیش شروع کردی ہے۔ افسوسناک حادثے نے ادارے سمیت عوام میں بھی گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ اعلیٰ حکام نے جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

  • اوچ شریف: ٹریکٹر کے ساتھ تصادم، نوجوان موٹرسائیکل سوار جاں بحق

    اوچ شریف: ٹریکٹر کے ساتھ تصادم، نوجوان موٹرسائیکل سوار جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے چوک بھٹہ کوٹلہ موسیٰ خان روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جس میں 25 سالہ عمران ولد خادم حسین سکنہ کوٹلہ سلطان احمدپور موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، عمران اپنی CD 70 موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والے ٹریکٹر کے پیچھے لگے ہل سے ٹکرانے کے بعد حادثہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، عمران نے جب ٹریکٹر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی تو موٹر سائیکل بے قابو ہو گئی اور سیدھا ہل سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اسے شدید ہیڈ انجری آئی اور وہ موقع پر دم توڑ گیا۔

    حادثے کے بعد علاقے میں افسوس اور غم کی فضا قائم ہو گئی، اور لواحقین نے ڈیڈ باڈی کو شفٹ کرنے سے انکار کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں۔

  • اوچ شریف: غیر قانونی لاؤڈ اسپیکروں سے شہری اذیت میں، پولیس اور انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف: غیر قانونی لاؤڈ اسپیکروں سے شہری اذیت میں، پولیس اور انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر میں غیر قانونی لاؤڈ اسپیکروں کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سبزی فروش، ریڑھی بان، پھیری فروش اور فقیروں نے میگا فون اور اسپیکر کے ذریعے شور مچایا ہوا ہے، جس سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

    مرکزی چوک الشمس، ٹینکی چوک، حسینی چوک، صدر بازار اور گلی محلوں میں صبح سے شام تک اونچی آواز میں اشیاء فروخت کی ریکارڈنگز چلائی جاتی ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ایمپلی فائر ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ شہریوں کی نجی زندگی اور سکون بھی متاثر ہو رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ مریض، طلباء اور بزرگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، گھروں میں بزرگ اور بیمار آرام نہیں کر سکتے، اور بچوں کی تعلیم میں خلل پڑ رہا ہے۔
    شہر کے اکثر علاقوں میں کباڑیہ، فروٹ فروش، آئس کریم فروش اور بھکاری مافیا نے لاؤڈ اسپیکروں کا استعمال معمول بنا رکھا ہے۔

    عوامی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے بتایا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اس غیر قانونی عمل کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔
    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، اور ڈی پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمپلی فائر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، تاکہ شہر کے باسی سکون سے زندگی گزار سکیں۔

  • اوچ شریف: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن، مستحق خواتین کی رقم ہڑپ

    اوچ شریف: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن، مستحق خواتین کی رقم ہڑپ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحق خواتین کی رقوم میں مبینہ کرپشن اور ناجائز کٹوتیوں کے انکشافات کے باوجود متعلقہ اداروں کی خاموشی نے عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق گذشتہ رپورٹس کے باوجود ایف آئی اے، انٹی کرپشن اور ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک کسی باقاعدہ انکوائری یا کارروائی کا آغاز نہیں کیا۔

    مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملوث فرانچائزی اسحاق مزاور اور بی آئی ایس پی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر شہزاد کلاچی کے خلاف الزامات کے باوجود تحقیقات کا آغاز نہیں ہوا، اور بدعنوانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
    مستحق خواتین سے ہر قسط میں 1000 سے 1500 روپے تک غیر قانونی کٹوتیاں کی جا رہی ہیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حق کی رقم لینے جاتی ہیں تو سسٹم بند یا اکاؤنٹ بلاک کا بہانہ بنایا جاتا ہے، لیکن اصل میں ان کی رقوم سے کئی جیبیں بھری جا رہی ہیں۔

    سماجی تنظیموں نے الزام لگایا کہ بعض بااثر عناصر اس اسکینڈل کو دبانے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور ایف آئی اے ذرائع اس معاملے پر خاموش ہیں، جس سے شکوک و شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔

    عوامی نمائندوں اور سول سوسائٹی نے چیئرپرسن بنظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ روبینہ خالد اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تاکہ مستحق خواتین کے حقوق محفوظ رہیں اور کرپشن میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جا سکے۔
    سماجی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر اس میں شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو یہ مالی بدعنوانی کے ساتھ عوامی اعتماد کے قتل کے مترادف ہوگا۔