Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازیخان:ڈیڑھ سال قبل قتل ہونے والے نوجوان کے قاتل آزاد،ورثاء دفتروں کے چکروں پر مجبور

    ڈیرہ غازیخان:ڈیڑھ سال قبل قتل ہونے والے نوجوان کے قاتل آزاد،ورثاء دفتروں کے چکروں پر مجبور

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)ڈیڑھ سال قبل قتل ہونے والے نوجوان کے قاتل آزاد،ورثاء دفتروں کے چکروں پر مجبور

    تفصیل کے مطابق بارڈر ملٹری پولیس تھانہ لاکھا کی حدود میں ڈیڑھ سال قبل قتل ہونے والے نوجوان محبوب کے قاتل تاحال قانون کی گرفت میں نہیں آسکے۔ مقتول کے بھائی اصغر ہیبتانی کا کہنا ہے کہ وہ ڈیڑھ سال سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں، مگر ملزمان آزاد گھوم رہے ہیں اور بی ایم پی تھانہ لاکھا کے اہلکار انہیں گرفتار کرنے میں ناکام ہیں۔

    اصغر ہیبتانی نے الزام عائد کیا کہ جب بھی بی ایم پی کے اعلیٰ افسران ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیتے ہیں، تو تھانہ لاکھا کے اہلکار ملزمان کو فون کرکے کارروائی سے آگاہ کر دیتے ہیں، جس سے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اصغر نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔

    ویڈیو دیکھنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں


    دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ لاکھا یونس کھوسہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے متعدد بار کوششیں کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک بار تو بی ایم پی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے رسالدار ملزمان کی گرفتاری کے لیے گئے، مگر گھروں میں صرف خواتین موجود تھیں۔ بلوچ روایات کی پاسداری کرتے ہوئے خواتین کو ہراساں کرنا ان کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ایس ایچ او نے مزید کہا کہ ملزمان اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں، اور پولیس پوری کوشش میں ہے کہ انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • ڈیرہ غازی خان: پولیو مہم میں مبینہ کرپشن، ویکسینیٹر مافیا کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟

    ڈیرہ غازی خان: پولیو مہم میں مبینہ کرپشن، ویکسینیٹر مافیا کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) پولیو مہم میں مبینہ کرپشن کے الزامات، ویکسینیٹر مافیا اور افسران پر سنگین بے ضابطگیوں کا الزام تحقیقات کا مطالبہ

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں پولیو جیسے خطرناک مرض کے خاتمے کے لیے قومی پولیو مہم کو شدید بدعنوانیوں اور مبینہ کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔ مقامی ویکسینیٹرز، محکمہ صحت کے ملازمین اور کچھ افسران پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ مالی فوائد کے لیے قومی پولیو مہم اور ای پی آئی ویکسنیشن کے نظام کو ناکام بنانے میں ملوث ہیں۔ شہریوں اور سماجی رہنماؤں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات کی جائیں تاکہ پولیو مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

    پولیو مہم کی تباہی اور ویکسینیٹرز مافیا
    ذرائع کے مطابق عابد حسین نامی ایک ویکسینیٹر جو کہ یوسی اربن 7 میں تعینات ہے نے مبینہ طور پر ایک نیٹ ورک بنا کر اپنے مالی مفادات کے لیے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عابد حسین اپنے افسران کو بلیک میل کرکے اپنی خلاف ہونے والی انکوائریوں کو بند کروا لیتا ہے اور پولیو مہم میں دھڑا بندی اور سیاست کے ذریعے اپنے مالی مفادات حاصل کرتا ہے۔

    درخواستوں اور ثبوتوں کے باوجود کارروائی کا فقدان
    شہری محمد احسان نے ایک تحریری درخواست کے ذریعے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ صحت میں EPI ویکسنیشن اور پولیو مہم کے دوران فراڈ کی بارہا نشاندہی کی گئی، لیکن ان درخواستوں کو صرف فائلوں میں دبا دیا گیا اور ان پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ احسان نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تمام ضروری دستاویزی ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں، مگر انکوائری رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی۔

    کرپشن کے اثرات اور افسران کی ملی بھگت
    ذرائع کے مطابق WHO اور یونیسف کے نمائندے، ضلعی افسران اور محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران بھی اس کرپشن سے چشم پوشی کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیو مہم میں ہونے والی بے ضابطگیاں اور انتظامی نااہلی اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ممکن نہیں ہو پا رہا۔ ویکسینیٹرز مافیا کی کرپشن اور افسران کی ملی بھگت کی وجہ سے نہ صرف کروڑوں روپے ضائع ہو رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے پولیو کے خاتمے کے اہداف بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

    سماجی و شہری حلقوں کا ردعمل اور اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ
    ڈیرہ غازی خان کے عوامی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے غلام فرید خان، سینئر ایڈوکیٹ ملک شاہد وسیم، خرم شہزاد، حاجی محمد حسین، سردار حبیب خان لغاری، سردار امیر محمد خان کلاچی اور دیگر نے اس معاملے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر صحت، سیکرٹری ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، WHO اور یونیسف کے نمائندگان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کی جانچ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیشن تشکیل دیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ویکسینیٹر مافیا اور ان کا ساتھ دینے والے محکمہ صحت اور WHO کے ملازمین اور ضلعی افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    حکام کی جانب سے عدم توجہی اور رابطے کا فقدان
    ڈیرہ غازی خان کے ڈی ایچ او پی ایس ڈاکٹر اطہر سکھانی سے اس معاملے پر ان کا موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے فون کال کا جواب نہیں دیا۔ ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عابد حسین کے خلاف انکوائری مکمل ہو چکی ہے مگر تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔

    عوامی مطالبہ، کرپشن کے خلاف فوری اقدام
    ڈیرہ غازی خان کے عوام اور سماجی تنظیمیں اس کرپشن اور بے ضابطگیوں پر نہایت افسردہ ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو پولیو مہم کا مقصد مکمل طور پر ناکام ہو جائے گا۔ عوامی اور سماجی رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت میں پولیو مہم کو ناکام ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے اور امید کرتے ہیں کہ اعلیٰ حکام جلد اس معاملے میں سنجیدگی سے کارروائی کریں گے۔ شہریوں اور سماجی رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قومی پولیو مہم کو بچایا جا سکے۔

  • مسلم لیگ ن ڈیرہ غازی خان کا خصوصی اجلاس، بلدیاتی الیکشن کے لیے اہم فیصلے

    مسلم لیگ ن ڈیرہ غازی خان کا خصوصی اجلاس، بلدیاتی الیکشن کے لیے اہم فیصلے

    کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی، تحصیل رپورٹر) مسلم لیگ ن ضلع ڈیرہ غازی خان کا خصوصی اجلاس ضلعی صدر میر محمد مرزا خان تالپور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن ڈیرہ غازی خان کی تمام ونگز کے عہدے داروں نے شرکت کی اور آئندہ متوقع بلدیاتی انتخابات اور ضلعی کمیٹیوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

    اجلاس میں سابقہ 2024 کے جنرل الیکشن میں پارٹی پالیسی کی مخالفت کرنے والے عہدے داروں کے خلاف کارروائی کی سفارشات پیش کی گئیں، جن میں سابق سٹی صدر سید عبدالعلیم شاہ اور حلقہ پی پی 291 کے صدر ایوب خان کچیلا کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی شامل ہے۔ اس موقع پر بلدیاتی الیکشن اور ضلعی کمیٹیوں میں فعال اور سینئر مسلم لیگی رہنماؤں کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا اور حتمی فیصلے کا اختیار ڈویژنل صدر مسلم لیگ ن ڈیرہ غازی خان مہر اعجاز احمد اچلانا اور صوبہ پنجاب کے مسلم لیگ ن جنرل سیکرٹری سردار اویس احمد خان لغاری کو دیا گیا۔

    اجلاس میں سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن ڈیرہ غازی خان ڈویژن میاں سلطان محمود ڈاہا، جنرل سیکرٹری ملک غلام مصطفیٰ کھنڈوعہ، نواب طارق علی کاکڑ، امجد سردار، اللہ نواز خان گوپانگ، سید احسان عباس گیلانی، امتیاز حسین جھجھ، ملک غلام یاسین، اسلم مہتر اور دیگر مسلم لیگی رہنما شریک ہوئے۔

  • صدرپاکستان آصف علی زرداری کی صحت یابی کے لیے مکہ اور مدینہ میں خصوصی دعا کرائی گئی

    صدرپاکستان آصف علی زرداری کی صحت یابی کے لیے مکہ اور مدینہ میں خصوصی دعا کرائی گئی

    کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی، تحصیل رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت یابی اور عمر درازی کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں خصوصی دعا کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اور ڈویژنل عہدیدار تحصیل کوٹ چھٹہ پی پی 290 کے رہنما، الحاج غلام سرور دلشاد نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ سعودی عرب میں کام کے سلسلے میں موجود ہیں اور جیسے ہی صدر مملکت آصف علی زرداری کی ناساز طبیعت کی خبر ملی، انہوں نے مکہ اور مدینہ میں ان کی صحت یابی کے لیے دعا کا اہتمام کیا۔

    الحاج غلام سرور دلشاد نے صدر زرداری کو سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے، جو ہمیشہ مزدوروں، کسانوں اور ہاریوں کے حقوق کی حفاظت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غریب اور نادار طبقے کی فلاح کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس بار بھی وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ الحاج غلام سرور دلشاد نے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور کارکن پارٹی کی پالیسیوں کے مطابق غریب عوام کی خدمت میں پیش پیش رہیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان:کوٹ چھٹہ میں  زمین کے تنازع پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان:کوٹ چھٹہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان،کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر،تحصیل رپورٹر) زمین کے تنازع پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان کے علاقے مانہ احمدانی میں زمین کے تنازع اور مقدمہ بازی کی رنجش پر دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ بودلہ فارم کے قریب دو گروپوں کے درمیان فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں زخمیوں میں سے ایک شخص کی موقع پر موت ہو چکی ہے۔ کنٹرول روم نے فوری طور پر ایک موٹر بائیک ایمبولینس اور دو ایمبولینسز جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیں۔

    جب ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو پولیس پہلے سے وہاں موجود تھی۔ ایک شخص کی گردن میں گولی لگنے سے موت واقع ہوچکی تھی جبکہ دو زخمیوں کو پولیس نے فوری طور پر کوٹ چھٹہ منتقل کرنا شروع کر دیا۔ ریسکیو اسٹاف نے زخمیوں کو ایمبولینس میں منتقل کرنے کی کوشش کی مگر حفاظتی وجوہات کی بنا پر پولیس نے زخمیوں کو اپنے ہی ساتھ لے جانا مناسب سمجھا۔

    پولیس کے ہمراہ ریسکیو ٹیم کوٹ چھٹہ پولیس اسٹیشن پہنچی جہاں مزید جانچ سے پتہ چلا کہ ایک زخمی شخص کو پیٹ میں گولیوں کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا اور وہ دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے زخمی کو کمر میں چھرے لگے تھے جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ حفاظتی خدشات کے پیش نظر زخمی کو تھانے کے اندر ہی رکھا گیا۔

    حادثے کے مقام پر موت کے شکار شخص کے لیے کرائم سین یونٹ ٹیم کا انتظار کیا گیا اور پولیس کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا۔

  • پاکستانی انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس، 132 ممالک میں گاڑی چلانے کی اجازت

    پاکستانی انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس، 132 ممالک میں گاڑی چلانے کی اجازت

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)پاکستانی شہریوں کے لیے بڑی سہولت: انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس (IDL) کے ذریعے 132 ممالک میں گاڑی چلانے کی اجازت

    پاکستانی شہریوں کے لیے ایک اہم پیشرفت کے تحت اب وہ اپنے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس (IDL) کے ذریعے 132 ممالک میں قانونی طور پر گاڑی چلا سکتے ہیں۔ یہ اقدام پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک سفر کو آسان بنانے کی کوشش ہے، جس کے تحت انہیں مختلف ممالک میں ڈرائیونگ کے لیے اضافی دستاویزات کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    یہ فیصلہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے فائدہ مند ہے جو کاروباری یا تفریحی مقاصد کے لیے دوسرے ممالک کا سفر کرتے ہیں۔ IDL کی مدد سے پاکستانی شہریوں کو مختلف ممالک میں مقامی ڈرائیونگ قوانین کے مطابق بغیر کسی مشکل کے گاڑی چلانے کی سہولت ملے گی۔

    پاکستانی انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کو درج ذیل ممالک میں تسلیم کیا گیا ہے:

    شمالی امریکہ:
    ریاستہائے متحدہ،کینیڈا،یورپ،برطانیہ،جرمنی،فرانس،اٹلی،سپین،نیدرلینڈز،سویڈن،ناروے،ڈنمارک،سوئٹزرلینڈ،بیلجیم،آسٹریا،آئرلینڈ،فن لینڈ،پرتگال،یونان،ترکی،
    مشرق وسطیٰ کے ممالک میں
    متحدہ عرب امارات،سعودی عرب،قطر،عمان،بحرین،کویت،اردن،لبنان،شام،فلسطین،مصر،تیونس،مراکش،الجزائر،لیبیا،سوڈان،عراق،یمن
    ایشیا کے ممالک میں
    جاپان،جنوبی کوریا،ہانگ کانگ،انڈونیشیا،فلپائن،ویتنام،بنگلہ دیش،نیپال،مالدیپ،سری لنکا،بھارت،بھوٹان،پاپوا نیو گنی
    آسٹریلیا اور اوشینیا ممالک میں
    آسٹریلیا،نیوزی لینڈ،فیجی،جزائر سلیمان،ساموا،ٹونگا
    جنوبی امریکی ممالک میں
    میکسیکو،برازیل،ارجنٹائن،چلی،کولمبیا،پیرو،ڈومینیکن ریپبلک،جمیکا،بارباڈوس،ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو
    افریقی ممالک میں
    جنوبی افریقہ،کینیا،نائیجیریا
    یورپین اور وسطی ایشیائی ممالک میں
    جمہوریہ چیک،ہنگری،سلوواکیہ،سلووینیا،کروشیا،ایسٹونیا،لٹویا،لتھوانیا،آئس لینڈ،مالٹا،قبرص،بلغاریہ،رومانیہ،سربیامونٹی نیگرو،بوسنیا اور ہرزیگووینا،شمالی مقدونیہ،البانیہ،مالڈووا،بیلاروس،یوکرین،جارجیا،آرمینیا،آذربائیجان،قازقستان،ازبکستان،کرغزستان،تاجکستان،روس،منگولیا شامل ہیں

    یہ معلومات پاکستانی شہریوں کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے جو بین الاقوامی سفر کی سہولت کے ساتھ ساتھ ان کی قانونی حیثیت کو بھی بہتر بناتی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے، پاکستانی شہری نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ڈرائیونگ کے تجربات کو بہتر بنا سکیں گے۔

  • کوٹ چھٹہ: 2موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 3 سالہ بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    کوٹ چھٹہ: 2موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 3 سالہ بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی ،تحصیل رپورٹر مریدٹالپور) 2موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 3 سالہ بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    تفصیل کے مطابق کوٹ چھٹہ میں انڈس ہائی وے ٹوٹل پمپ کے قریب اڈہ نور والا پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم میں ایک 3 سالہ بچی موقع پر جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ایک فائر وہیکل، ریسکیو وہیکل، اور دو ایمبولینسز جائے وقوعہ کی طرف روانہ کی گئیں۔ پولیس کنٹرول کو بھی اطلاع دے دی گئی تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔

    ریسکیو ٹیم جب موقع پر پہنچی تو تین افراد زخمی تھے جبکہ 3 سالہ بچی جاں بحق ہو چکی تھی۔ اہلکاروں نے زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے بعد تمام متاثرین کو تحصیل ہسپتال کوٹ چھٹہ منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والی بچی کی لاش بھی ہسپتال منتقل کی گئی۔

  • ڈیرہ غازی خان: ٹریفک پولیس کے چالان اب ٹھیلے والوں کے ذریعے جمع کرانے کا نیا نظام متعارف

    ڈیرہ غازی خان: ٹریفک پولیس کے چالان اب ٹھیلے والوں کے ذریعے جمع کرانے کا نیا نظام متعارف

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر) ٹریفک پولیس کے چالان اب ٹھیلے والوں کے ذریعے جمع کرانے کا نیا نظام متعارف کرادیا گیا

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی نے عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ حالیہ واقعات کے دوران ڈیرہ غازی پل ڈاٹ سنگم چوک پر پیش آنے والی ایک عجیب صورتحال نے شہریوں میں بے چینی پیدا کر دی۔ جب چند صحافی دوست چائے پینے کے لیے وہاں رکے تو انہوں نے ٹریفک پولیس کے اے ایس آئی شہزاد کو اپنی ڈیوٹی پر متحرک پایا۔

    اے ایس آئی شہزاد نے گاڑیوں کو روکتے ہوئے ڈرائیورز کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ جب کوئی ڈرائیور اپنی گاڑی سے اترتا تو انہیں بتایا جاتا کہ وہ اپنی چالان کی رقم ایک ٹھیلے والے جو ساتھ ہی کیلے فروخت کر رہا تھاکے پاس جمع کرائیں۔ اس غیر روایتی طریقہ کار پر صحافیوں نے حیرت کا اظہار کیا اور اے ایس آئی شہزاد سے وضاحت طلب کی۔

    شہزاد نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس چالان بھرنے کا موقع نہیں ہے، اس لیے ڈرائیور نے ٹھیلے والے کو رقم دے کر کہا ہے کہ وہ چالان جمع کرائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے کا تحریری نوٹ بھی موجود ہے جو اس عمل کی تصدیق کرتا ہے۔

    یہ صورتحال شہریوں کے لیے نئی اور حیران کن ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ٹریفک پولیس کے چالان اب ٹھیلے والوں کے ذریعے ادا کیے جائیں گے؟ اس کے علاوہ ہر چالان کرنے والے پولیس افسر کے ساتھ موجود نجی فرد کا کردار بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے جو چالان کی رقم وصول کرتا ہے یا رسید فراہم کرتا ہے۔

    شہزاد کے بیان نے عوام میں مزید شکوک و شبہات پیدا کر دیے ہیں۔ آیا یہ کیلے والا دراصل گاڑی کے مالک کا قریبی رشتہ دار ہے جو چالان کی رقم جمع کرائے گا؟ ایسی صورت حال نے شہریوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ آیا یہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی میں کمی کا اشارہ ہے یا یہ عوام کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک پولیس کے اس غیر روایتی نظام نے شہریوں کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور اعلیٰ حکام اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں تاکہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے ۔

  • کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 80 روپے تک اضافہ، مرغی اور انڈے بھی مہنگے

    کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 80 روپے تک اضافہ، مرغی اور انڈے بھی مہنگے

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 80 روپے تک اضافہ، مرغی اور انڈے بھی مہنگے

    تفصیل کے مطابق ملک بھر میں عوام کو ایک اور مہنگائی کا جھٹکا لگا ہے، کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 20 سے 80 روپے فی کلو تک اضافہ ہوگیا ہے۔ نجی ٹی وی نے مارکیٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ برانڈڈ گھی کی قیمت 370 روپے فی کلو سے بڑھ کر 450 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مختلف اقسام کے کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی 50 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اب کوکنگ آئل 440 روپے سے بڑھ کر 530 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

    مارکیٹ میں صرف گھی اور آئل ہی نہیں بلکہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مرغی کا گوشت 533 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ انڈوں کی قیمتیں بھی مزید بڑھ چکی ہیں، جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں 300 ڈالرز فی ٹن کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد پام آئل کی فی ٹن قیمت 1200 ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔ عالمی سطح پر قیمتوں کے اضافے کا براہِ راست اثر مقامی منڈیوں پر پڑا ہے، جس کی وجہ سے کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    مہنگائی کے اس نئے طوفان نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ گھی اور کوکنگ آئل جیسی بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے نہ صرف متوسط طبقے بلکہ کم آمدنی والے خاندانوں کا بجٹ بھی شدید متاثر ہو رہا ہے۔ عوام نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے اور مہنگائی کے بوجھ سے کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازیخان: کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والا ویکسینیٹر برطرف، کیا یہ انصاف ہے؟

    ڈیرہ غازیخان: کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والا ویکسینیٹر برطرف، کیا یہ انصاف ہے؟

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر) محکمہ صحت کے ویکسینیٹر چوہدری محمد نعیم کو ادویات کی خریداری اور کروڑوں روپے کی مالی کرپشن کی نشاندہی کرنے کے بعد نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ اس اقدام کے خلاف ویکسینیٹرز نے سی ای او ہیلتھ آفس کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    چوہدری محمد نعیم نے ادویات کی خریداری، فرضی بلوں، اور پٹرول کے بلوں میں مبینہ کرپشن کے خلاف ڈی جی انٹی کرپشن کو درخواست دی تھی، جس پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد ادریس لغاری نے انہیں نوکری سے برخاست کر دیا۔ اس فیصلے کے خلاف ضلع بھر سے ویکسینیٹرز نے سی ای او آفس کے باہر دھرنا دیا اور مظاہرین نے اعلان کیا کہ چوہدری محمد نعیم کی بحالی اور انکوائری مکمل ہونے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

    ای پی آئی فیڈریشن کے رہنماؤں محمد عابد اور عطااللہ ساجد نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ مظاہرین نے دفتر کے امور اور پولیو مہم کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے، مطالبہ کیا کہ انصاف پر مبنی انکوائری کی جائے اور چوہدری نعیم کو فوری بحال کیا جائے۔