Baaghi TV

Category: اسلام آباد

  • غریدہ فاروقی کے خلاف آن لائن ہراسانی، ملزمان کی گرفتاریوں کا آغاز

    غریدہ فاروقی کے خلاف آن لائن ہراسانی، ملزمان کی گرفتاریوں کا آغاز

    معروف صحافی و اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی تصویر اور لباس کے حوالے سے نازیبا اور ہراسانی پر مبنی مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    غریدہ فاروقی کے مطابق 11 اپریل 2026 سے ان کے خلاف “جینڈر بیسڈ ڈیجیٹل وائلنس” اور سائبر کرائم کی ایک منظم مہم جاری تھی، جس پر انہوں نے فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں شکایت درج کروائی۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ملزم کو چنیوٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خاتون صحافی کے مطابق ملزم کی جانب سے بنائی گئی نازیبا ویڈیو کے شواہد ان کے پاس اور ادارے کے پاس محفوظ ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔

    غریدہ فاروقی نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پوسٹس یا ٹویٹس حذف کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ تمام شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں اور کسی بھی ملزم کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

    غریدہ فاروقی کا کہنا تھا کہ یہ حملہ صرف ایک خاتون پر نہیں بلکہ معاشرے کی تمام خواتین کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی مؤثر کارروائی سے نہ صرف خواتین میں احساسِ تحفظ بڑھے گا بلکہ قانون کے نفاذ اور اداروں پر اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔

  • پہلگام فالس فلیگ،پاکستانی فضائی حدود کی بندش بھارت کیلئے بڑا معاشی دھچکا ثابت

    پہلگام فالس فلیگ،پاکستانی فضائی حدود کی بندش بھارت کیلئے بڑا معاشی دھچکا ثابت

    پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں بلاجواز یکطرفہ اقدامات کے جواب میں پاکستان نے فضائی حدود کی بندش سے بھارت کو بڑا نقصان پہنچایا۔

    پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی پروازوں کو اضافی وقت درکار اور یومیہ اخراجات میں لاکھوں ڈالر اضافہ ہورہا ہے۔بھارت سے امریکہ اور یورپ جانے والی پروازوں کو طویل اور مہنگے روٹ استعمال کرنے پڑتے ہیں،پاکستانی حدود کی بندش کے باعث طویل روٹ کی بھارتی پروازوں کو راستے میں کسی دوسرے ملک سے ری فیولنگ بھی کرنا پڑتی ہے۔پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کوسالانہ800ملین ڈالرکا نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق بھارت پاکستان کیخلاف اپنے غیر منطقی اقدامات کا خمیازہ ناقابل تلافی معاشی نقصانات کی صورت میں بھگت رہا ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع سے بھارتی ایئر لائنز کو کئی ممالک کے روٹ ختم کرنا پڑیں گے۔ بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے جواب میں پاکستان کا ردعمل اسے ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کرتا ہے۔

  • پہلگام فالس فلیگ،گودی میڈیا کا بھارتی معاشرے میں پھیلایا گیا گمراہ کن بیانیہ آشکار

    پہلگام فالس فلیگ،گودی میڈیا کا بھارتی معاشرے میں پھیلایا گیا گمراہ کن بیانیہ آشکار

    پہلگام فالس فلیگ کے دوران ایٹمی تصادم کی کوششوں نے بھارتی میڈیا کا بھیانک چہرہ بے نقاب کردیا۔

    پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی میڈیا نے مضحکہ خیز بیانیہ اور من گھڑت پروپیگنڈا کی انتہا کردی۔ مودی کی ایما پر بھارتی میڈیا نے پہلگام فالس فلیگ کے فوری بعد بغیر ثبوت کے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ بھارتی میڈیا پر مودی کی کٹھ پتلیوں نے پاکستان کیخلاف جنگ کا آغاز کرنے اور پاک فوج کو نشانہ بنانے کا شور مچا دیا۔ بھارتی میڈیا نے مودی کی ہندوتوا پالیسی کو اپناتے ہوئے مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز مواد پھیلایا۔مودی کی معمول کی میٹنگز کو بھی بھارتی میڈیا پر سنسنی خیز جنگی اقدامات کے طور پر پیش کیا گیا۔

    عالمی ماہرین کے مطابق حقائق کو یکسر نظر انداز کرکے بھارتی میڈیا مسلسل پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں ایٹمی طاقتوں کے تصادم کی بھرپور کوشش کرتا رہا۔ بھارتی میڈیا پر بیٹھے بھارت کے سابق نااہل فوجی تجزیہ کار بھی جنگ کے شعلے بھڑکانے میں پیش پیش رہے۔ گودی میڈیا کا مودی سے ناقص سیکیورٹی اور پالیسی ناکامی سے متعلق سوال نہ کرنا فالس فلیگ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • اسلام آباد،ترنول پھاٹک کو "آبنائے ہرمز” کہنے پر شہری کے خلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد،ترنول پھاٹک کو "آبنائے ہرمز” کہنے پر شہری کے خلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد کے علاقے ترنول میں سوشل میڈیا پر متنازع پوسٹ شیئر کرنے والے شہری کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق تھانہ ترنول میں درج ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق 21 اپریل 2026 کو ایس آئی شاہد اصغر کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی اطلاع ملی، جس میں ترنول پھاٹک کو بند کرنے سے متعلق اشتعال انگیز بیان دیا گیا تھا۔ پوسٹ میں ترنول پھاٹک کو “آبنائے ہرمز” سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے بند کرنے کو مسائل کا حل قرار دیا گیا تھا۔پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور مختلف افراد سے تصدیق کے بعد معلوم ہوا کہ یہ پوسٹ خرم نذیر نامی شخص نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ ملزم کو ترنول چوک سے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے موبائل فون کی جانچ پڑتال کے دوران بھی مذکورہ پوسٹ کی تصدیق ہوئی۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم کے خلاف دفعہ 188، 341 اور 511 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو سرکاری احکامات کی خلاف ورزی اور عوام کو اشتعال دلانے سے متعلق ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موجودہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت اس قسم کی سرگرمیاں قانوناً جرم ہیں۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نے مجاز اتھارٹی کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کو ترنول پھاٹک بند کرنے پر اکسانے کی کوشش کی۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے

  • پنجاب میں واٹس ایپ ہیکنگ فراڈ میں اضافہ، ہنگامی ایڈوائزری جاری

    ‎پنجاب میں واٹس ایپ ہیکنگ اور نقالی پر مبنی فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر محکمہ داخلہ نے ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں تمام سرکاری محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
    ‎ایڈوائزری کے مطابق حالیہ دنوں میں متعدد ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جن میں حاضر سروس سرکاری افسران کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے۔ اس صورتحال نے نہ صرف سیکیورٹی خدشات کو بڑھایا ہے بلکہ سرکاری نظام میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔
    ‎حکام کے مطابق سائبر مجرم ہیک شدہ اکاؤنٹس کے ذریعے افسران کے قریبی رابطوں، ساتھیوں اور ماتحت عملے کو جعلی پیغامات بھیجتے ہیں۔ ان پیغامات میں عموماً فوری مالی مدد کی درخواست کی جاتی ہے، جس سے کئی افراد دھوکہ دہی کا شکار ہو سکتے ہیں۔
    ‎مزید بتایا گیا کہ فراڈیے عوامی طور پر دستیاب معلومات جیسے نام، عہدہ اور تصاویر کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی قابلِ یقین ڈیجیٹل شناخت تیار کرتے ہیں، جس کی وجہ سے عام شہری اور سرکاری ملازمین باآسانی دھوکے میں آ جاتے ہیں۔
    ‎محکمہ داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے واقعات کی فوری نشاندہی کریں، سیکیورٹی پروٹوکولز کو مزید مضبوط بنائیں اور عوام میں بھی آگاہی پیدا کریں تاکہ اس بڑھتے ہوئے سائبر کرائم کو روکا جا سکے۔
    ‎ماہرین کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ کسی بھی مشکوک پیغام یا مالی درخواست کی تصدیق ضرور کریں اور ذاتی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں، تاکہ اس قسم کے فراڈ سے بچا جا سکے۔

  • مون سون کی پیشگی تیاری،ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے اقدامات پرجائزہ اجلاس

    مون سون کی پیشگی تیاری،ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے اقدامات پرجائزہ اجلاس

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نے مون سون کی پیشگی تیاری، موسمیاتی تغیر اور ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی.

    غیر معمولی موسمیاتی تغیر، بالخصوص گلوف سے بچاؤ کے لیے گلگت بلتستان میں نصب پیشگی وارننگ سسٹم کے مکمل طور پر فعال نہ ہونے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اظہار برہمی کیا. وزیر اعظم نے گزشتہ سال واضح ہدایات کے باوجود سسٹم کی غیر فعالیت اور متعلقہ اداروں کی غیر مؤثر کارکردگی پر انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے. اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی نااہلی اور کارکردگی میں کمی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کی سہولت، خدمت اور خطرات سے بچاؤ کے لیےاقدامات تمام اداروں کا فرض العین ہےجسکی جواب دہی ہو گی۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے نقصان دہ اثرات سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ وفاقی ادارے صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی سے پالیسی کے نفاذ میں درپیش تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پچھلے سال مون سون سیزن میں دریاؤں کی گزرگاہوں اور سیلاب کی ممکنہ راستوں میں ناجائز تجاوزات تباہی کا باعث بنی۔ اس سال، اس مسئلہ کے حل کے لئے، پیشگی مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے تمام ادارے استعداد کار کو بڑھاتے ہوئے عوام کی سہولت کے لیے وسائل سے بڑھ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیشگی وارننگ سسٹم کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے تمام ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی اور فعالیت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے. وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اور دیگر تمام متعلقہ ادارے صوبوں کی باہمی تعاون سے یکجا ہو کر موثر اقدامات دکھائیں۔

    اجلاس کو چیئرمین این۔ڈی۔ایم۔اے، چیئرمین واپڈا اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیئرمین واپڈا اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔

  • چین کے سفیر کی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات

    چین کے سفیر کی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات

    پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر، جناب جیانگ زائیڈونگ نے آج وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔

    وزیرِ اعظم نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر عزت مآب شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ چینی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ یہ تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔

    ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کے وژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور اسے نئی بلندیوں تک لے جانے کے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • سرکاری استعمال کیلیے صرف ای وی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں،وزیراعظم

    سرکاری استعمال کیلیے صرف ای وی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انرجی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کے پیشِ نظر ملک میں خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر رکھنے کے حوالے سے منصوبے پر کام جاری ہے،توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی کے لیے ذرائعِ آمد و رفت کو بتدریج ماحول دوست برقی ذرائع (EV) پر منتقل کیا جائے،مستقبل میں سرکاری استعمال کے لیے صرف بجلی سے چلنے والی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں،شمسی توانائی سے پیدا کردہ اضافی بجلی کی اسٹوریج کے لیے بیٹریوں کا حصول آسان بنانے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے

    اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ تیل اور گیس کمپنیوں کی مسلسل کوششوں سے گیس اور تیل کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے.

  • بلوچستان میں دہشتگردوں کی ہلاکت،خبر رساں ادارے کی فیک رپورٹنگ

    بلوچستان میں دہشتگردوں کی ہلاکت،خبر رساں ادارے کی فیک رپورٹنگ

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائیٹرز نے بلوچستان میں‌ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے حوالہ سے فیک رپورٹنگ شروع کر دی،

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کی نیشنل ریفائنری کمپنی کے بلوچستان کے علاقے داریگوان میں واقع سائٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔ کمپنی کے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔

    تاہم یہ رپورٹ اصل صورتحال کی عکاسی نہیں کرتی۔ این-40 شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مبینہ طور پر کالعدم تنظیم “فتنہ الخوارج ” سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد مارے گئے تھے، جسے غیر ملکی میڈیا نے ایک مائننگ سائٹ پر حملے کے طور پر پیش کیا۔رائیٹرز کی اس حوالہ سے رپورٹنگ گمراہ کن اور پروپیگنڈہ ،زمینی حقائق کے برعکس ہے،دفاعی و سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ حساس علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کی درست اور تصدیق شدہ رپورٹنگ نہایت اہم ہے، کیونکہ غلط معلومات نہ صرف عوامی رائے کو متاثر کرتی ہیں بلکہ سیکیورٹی صورتحال پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، اور حالیہ عرصے میں کئی شدت پسندوں کو ہلاک یا گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات

    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات

    اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی سے نیٹلی بیکر کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنگ بندی میں توسیع کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور عاصم منیر مسئلے کے پُرامن حل کے لیے ہر سطح پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام فریقین سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتے ہوئے پرامن حل کو موقع دیں گے تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

    اس موقع پر امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں قیام امن اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ سفارت کاری کا مظاہرہ کیا ہے، جو عالمی امن کے لیے نہایت اہم ہے۔