کراچی سی ٹی ڈی پولیس نے منگھوپیرروڈ پرکارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن کے اہم دہشتگرد کوگرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی پولیس نے منگھوپیرروڈ پرکارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن کے اہم دہشتگرد آصف بھایا کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے اسکے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم دہشتگردی ،قتل اور اقدام قتل سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ سی ٹی ڈی نے دہشتگردی کے مقدمات میں مفرورواشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
Category: کراچی
-

پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل کراچی میں ہوگا
پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل(منگل)6اپریل صبح ساڑھے 11 بجے کراچی ہیڈ آفس میں ہوگا،نئے جہازوں کی خریداری،ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم اورپی آئی اے میں ہونے والے اصلاحات اور مالی معاملات بورڈ آف ڈائریکٹر اجلاس کا حصہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے کراچی ہیڈ آفس میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طیارہ حادثہ کے شہداء کے لوحقین کو معاوضہ کی فوری ادائیگی اور نئے جہازوں کی خریداری کا معامل بھی زیرغور آئے گا۔ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم وی ایس ایس سے متعلق بھی بورڈ کو آگاہی دی جائے گی جبکہ پی آئی اے میں ہونے والی اصلاحات اور مالی معاملات بھی بورڈآف ڈائریکٹرزاجلاس کا حصہ ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ قومی ایئرلائن کے 6جہازوں کی لیز ختم ہونے پر پی آئی اے نے متبادل انتظامات شروع کردیئے ہیں ۔ قومی ایئرلائن نے فیضائی بیڑے میں8نئے طیارے شامل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ذرائع کے مطابق نئے فضائی بیڑے کے لیے پی آئی اے ایئربس320اوربوئنگ373طیارے حاصل کرے گی ۔
-

کراچی میں شجرکاری، درختوں کے تحفظ کیلئے قانون ضروری ہے
شجر کاری کے ماہرین نے کہا ہے کہ کراچی میں کوئی بھی شجرکاری مہم اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک حکومت درختوں کے تحفظ اور پودے لگانے سے متعلق کوئی قانون سازی نہیں کرتی۔ کراچی میں سبزہ کو بہتر بنانے کے لیے شروع ہونے والی شجرکاری مہم کے بارے میں ماہرین نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔کراچی یو نیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمنٹل اسٹڈیز میں استاد اور محقق ڈاکٹر ظفر اقبال شمس نے کہا کہ عارضی یا غیر سائنسی طریقہ کار کے ساتھ کبھی بھی مثبت اور پائیدار نتائج سامنے نہیں آسکتے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر شجرکاری کے لیے مکمل منصوبہ بندی پر عمل کرنا چاہیے جس کا مطلب ہے کہ زمین اور مٹی کی خصوصیات کا مطالعہ اور سائٹ شہری نظام کے بنیادی ڈھانچے اور زیر زمین نظام کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنا۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اس مقصد کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سمیت عوام کی شرکت ضروری ہے جو پودے لگانے کی پائیداری کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ان عوامل کو نظرانداز کردیا گیا تو پودے یا تو جلد ہی مرجائیں گے یا غیر مستحکم نمو سے دوچار ہوں گے اس طرح پیسہ، وقت اور توانائی ضائع ہوں گے۔
کراچی میں سبزے کے بارے میں پوچھے جانے پر جامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ کے پروفیسر جمیل کاظمی نے بتایا کہ شہر کا سبزہ 1998 میں 500 مربع کلومیٹر سے بڑھ کر 2008 میں 570 مربع کلومیٹر تک پھیل گیا جس کی وجہ سے کوناکارپس اور مینگروز کی کاشت کاری اور زراعت کے شعبے میں توسیع تھی۔انہوں نے بتایا کہ جو 2018 اور 2019 میں (شہر کے اندر) گھٹ کر 260 مربع کلومیٹر رہ گیا تھا جو تقریباً 50 فیصد بنتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زمینی سطح پر پانی کی کمی، ندی کے کنارے سے ریت اور کنکر کے بڑے پیمانے پر نکالنے کی وجہ سے زرعی رقبے میں کمی ہوئی۔پروفیسر جمیل کاظمی نے بتایا کہ شہر میں سبزہ صرف ماحول دوست رویہ کے ساتھ ہی بڑھ سکتا تھا اگر درختوں کو قانون کے تحت محفوظ کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے ہزاروں درخت کاٹ دیے جاتے ہیں اور متبادل کے طور پر چند سو پودے لگائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یا تو غیر ملکی نسل کی پودوں کو دیکھتے ہیں یا ایسی نسلیں جو کسی خاص زمین کے لیے موزوں نہیں ہیں اور اس کا نتیجہ مایوس کن ہوتا ہے۔اس سلسلے میں پروفیسر جمیل کاظمی نے حال ہی میں حکومت سندھ کی جانب سے یونیورسٹی روڈ پر کھجور کے درخت لگانے کا حوالہ دیا جو 90 فیصد درخت مرجھا چکے ہیں۔ کھجور کے یہ درخت خیرپور سے لائے گئے تھے.ڈاکٹر ظفر اقبال شمس نے بتایا کہ کوناکارپس اور یوکلپٹس کو مناسب منصوبہ بندی اور دیکھ بھال کے ساتھ لگائے جائیں یہ علاقے میں مٹی سے متعلق مسائل کو بہتر بنانے میں مدد کرسکتے ہیں۔ -

اب مساجد بھی چوروں سے محفوظ نہ رہیں
شہر قائد میں مساجد بھی چوروں سے محفوظ نہ رہ سکیں ۔کراچی میں مسجد کے چندہ بکس سے بھاری رقم چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق مسجد کے چندہ بکس سے ایک لاکھ روپے چوری کرنے والے ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم کی نشاندہی پر منشیات فروش کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ملزم احمد 30 جنوری 2021 کو شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود میں مسجد کے چندہ بکس کا تالا توڑ کر ایک لاکھ روپے سے زائد کی رقم چوری کر کے فرار ہو گیا تھا۔پولیس نے مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے 2 ماہ بعد ملزم کو گرفتار کر لیا اور ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف جرم کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نشے کا عادی ہے اور اس نے مسجد سے چوری کردہ رقم سے منشیات خریدی تھی۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر منشیات فروس عبدالجبار کو بھی گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 3 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی منشیات اور 40 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے۔
-

سندھ کا بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے بعد ٹرین اور ہوائی سفر بھی بند کرنے کا مطالبہ
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر صوبہ سندھ نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے بعد ٹرین اور ہوائی سفر بھی بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ کے بارڈر پر لوگوں کی اسکریننگ کرنا مشکل کام ہوگا ، لوگ آتے جاتے رہیں گے تو وائرس لوگوں کو نقصان پہنچائے گا ، ا س لیے ضروری ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ، ٹرین اور ہوائی سفر بند کیا جائے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے ماہرین کی رائے لیتے ہیں ، کورونا صورتحال پر سندھ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا والے حالات نہیں ، تاہم روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ سندھ آتے اورجاتے ہیں ، اگر لوگ ایسے ہی آتے جاتے رہیں گے تو وائرس لوگوں کو نقصان پہنچائے گا ، اور اگر صحیح اقدام نہ کیے گئے تو خدشہ ہے کہ سندھ میں بھی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔ -

لیاری کے گینگسٹر عزیر بلوچ کو 2 گواہوں نے پولیس اسٹیشن حملہ کیس میں شناخت کرلیا
پیر 5اپریل کو کراچی کی مقامی عدالت میں لیاری کے گینگسٹر عزیر بلوچ کے خلاف 2012 میں چاکیواڑہ تھانہ پر راکٹ سے حملہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔واقعہ میں پولیس اہلکار محمد آصف اور نثار جاں بحق ہوگئے تھے۔عدالت میں دونوں گواہوں کے بیانات قلمبند کرکے سماعت ملتوی کر دی گئی۔ عزیر بلوچ کو ناکافی ثبوت پر اب تک 14 مقدمات پر بری کیا جا چکا ہے۔ بیشتر مقدمات میں 2012 سے 2013 تک ہونے والے جرائم شامل ہیں۔عزیر بلوچ کو رینجرز نے 30 جنوری 2016ء کو حراست میں لیا تھا۔ رینجرز نے اپریل 2017ء میں عزیر بلوچ کو جاسوسی اور غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو معلومات فراہم کرنے کے الزامات پر پاک فوج کے حوالے کر دیا تھا، کور 5 نے عزیر بلوچ کو تین سال بعد 6 اپریل 2020ء کو پولیس کے سپرد کر دیا تھا
-

وزیر تعلیم سعید غنی کی تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے پریس کانفرنس
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کی۔ اور کہا کہ کل ہم نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا کہ صوبہ سندھ میں آٹھویں جماعت تک کی حاضری کو بند کیا جائے لیکن آن لائن کلاسز جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی بندش سے تعلیم کا عمل ضرور متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دو دن سے میں نے میڈیا پر جو کچھ دیکھا ، مختلف چینلز نے مختلف خبریں چلائی ہیں ان کی وضاحت بہت ضروری ہے۔ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف لوگوں نے مختلف آراء دی تھیں کی اسکولوں کو 15 دن کے لئے بند کر دیا جائے کچھ لوگوں کی آراء تھیں کہ آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کو آف کیا جائے ہم نے یہ آراء حکومت سندھ کو پیش کیں اور پھر فیصلہ کیا کہ آٹھویں جماعت تک کے اسکول آف کئے جائیں۔ ہم نے وفاق کو درخواست کی ہے کہ پنجاب اور خیبر پختون خواہ کی پبلک ٹرانسپورٹ کا داخلہ سندھ میں بند کیا جائے لیکن وفاق نے ابھی تک کوئیفیصلہ نہیں کیا ہم نے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اگر ہم نے مناسب اقدامات نہیں کئے تو کراچی میں بہت تیزی سے کرونا کی شرح میں اضافہ ہو گا ۔
-

کلفٹن کے معروف نجی اسکول میں ڈکیتی کا واقعہ
کلفٹن کے معروف نجی اسکول میں رات گئے ڈکیتی کی واردات پیش آئی، ڈکیت چوکیدار کو یرغمال بنا کر اسکول کی الیکٹرونکس اشیا لے اڑے۔ پولیس کے مطابق تین مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر اسکول میں داخل ہوکر چوکیدار کو یرغمال بنایا۔ چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد کلاس روم میں بند کرکے اس سے اسلحہ بھی چھین لیا۔ ملزمان نے اسکول کی کلاسز سے7 کمپیوٹرلوٹے۔ ملزمان اسکول میں لگا اے سی اسپلٹ اور جنریٹر بھی لے گئے۔ زخمی سیکیورٹی گارڈ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کی جارہی ہے
-

سندھ حکومت نے اداکارہ نائلہ جعفری کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کر دیا
سندھ حکومت نے کینسر کی شکار سینیئر اداکارہ نائلہ جعفری کی مدد کی اپیل کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کردیا۔ نائلہ جعفری 2016 سے بیمار ہیں اور ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی۔ہسپتال میں کچھ عرصہ زیر علاج رہنے کے بعد نائلہ جعفری گلگت بلتستان چلی گئی تھیں، جہاں 2020 کے وسط میں ان کے کرائے کے گھر پر پتھروں سے مبینہ طور پر حملہ کیا گیا تھا اور بعد ازاں ان کا مختلف شہروں اور ہسپتالوں میں علاج ہوتا رہا۔حال ہی میں نائلہ جفری کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے ٹی وی مالکان، ڈراما سازوں اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی تھی۔سید سردار شاہ نے اداکارہ کی ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ محکمہ ثقافت نائلہ جعفری کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گا اور ساتھ ہی وزیر ثقافت نے فرقان صدیقی سے اداکارہ سے رابطے کرنے کے لیے فون نمبر اور دیگر ضروری معلومات بھی فراہم کرنے کی اپیل کی۔سندھ کے وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے نائلہ جعفری کی ویڈیو شیئر کرنے والے اداکار و ٹی وی اسٹار فرقان صدیقی کی ٹوئٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سندھ حکومت اداکارہ کی تمام مالی معاونت کرے گی.
-

نامور فنکار منور سعید کو آرٹس کونسل پاکستان کراچی کا نائب صدر منتخب کر لیا
آرٹس کونسل آف پاکستان کی گورننگ باڈی نے دستور میں حاصل اختیارات کے تحت اتفاق رائے سے فلم و ٹی وی کے نامور فن کار منور سعید کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا نائب صدر منتخب کیا ہے، واضح رہے کہ معروف ڈرامہ نویس حسینہ معین کے انتقال کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا تھا۔ گورننگ باڈی کا اجلاس صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ گورننگ باڈی نے حسینہ معین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال ملک کا بڑا نقصان ہے تاہم آرٹس کونسل سمجھتی ہے کہ یہ آرٹس کونسل کا ناقابل تلافی نقصان ہے، اجلاس میں حسینہ معین کے تذکرے پر صدر محمد احمد شاہ سمیت گورننگ باڈی کے ممبران، قدسیہ اکبر، منور سعید، کاشف گرامی، محترمہ نورالہدی شاہ، اقبال لطیف اور دیگر آبدیدہ ہو گئے۔
