پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے عید الاضحیٰ کے دوران صوبے بھر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی ہیٹ ویو متوقع ہے، جبکہ بعض اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ نے بتایا کہ بالائی اور وسطی سندھ کے اضلاع سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ اس کے علاوہ بدین، سجاول، ٹھٹھہ، حیدرآباد، میرپورخاص، جامشورو اور سانگھڑ میں بھی شدید گرمی کی لہر کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
الرٹ کے مطابق کراچی میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ تاہم ہوا میں نمی کے تناسب میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ عید الاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کے لیے سایہ، پانی اور مناسب دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا جائے تاکہ جانور شدید گرمی سے محفوظ رہ سکیں۔
اتھارٹی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
ڈی جی سلمان شاہ کے مطابق پی ڈی ایم اے کا عملہ ہائی الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہریوں کو بھی غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سندھ میں عید کے دوران شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
