سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شاہراہ بھٹو کا جلد افتتاح کیا جائے گا جبکہ کراچی میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر شہریوں کیلئے سب سے بڑا مسئلہ مکس ٹریفک ہے، تاہم بی آر ٹی منصوبہ اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور ٹریفک مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں کئی میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے، جن میں جدید اسپتال، یونیورسٹیاں، اسپورٹس گراؤنڈز، سڑکیں اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق سندھ حکومت عوام کی سہولت اور فائدے کیلئے یہ منصوبے مکمل کر رہی ہے، اگرچہ تعمیراتی کاموں کے دوران شہریوں کو وقتی مشکلات اور پریشانی کا سامنا ضرور کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پوری ٹیم مختلف منصوبوں کا دورہ کر رہی ہے، جبکہ کراچی میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکمے بھی ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں۔
منشیات کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ منشیات ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور حکومت سندھ صوبے سے اس ناسور کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انمول عرف پنکی سے منشیات خریدنے والوں کی پگڑیاں اچھالنا مقصد نہیں، بلکہ اصل ہدف پورے منشیات نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ منشیات فروش نیٹ ورکس کے خاتمے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی تاکہ نوجوان نسل کو اس تباہ کن لعنت سے بچایا جا سکے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اہم سمجھے جا رہے ہیں، تاہم ٹریفک اور تعمیراتی مسائل عوام کیلئے بدستور ایک بڑا چیلنج ہیں۔
شاہراہ بھٹو کا جلد افتتاح ہوگا، کراچی میں بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے: شرجیل میمن
