لاہور: گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن اسلام پورہ لاہور میں شعبہ علومِ اسلامیہ کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں معاشرتی اخلاقیات، اصلاح اور تربیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
کالج آڈیٹوریم میں منعقدہ کانفرنس کا موضوع ’’معاشرے کی اخلاقیات، اصلاح اور تربیت سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘‘ تھا۔ کانفرنس کا مقصد سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں کردار سازی، اخلاقی تربیت، معاشرتی اصلاح اور نوجوان نسل کی تربیت کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔کانفرنس سے انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز پنجاب یونیورسٹی لاہور کے سابق ڈین و ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ علومِ اسلامیہ و عربی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر و چیئرپرسن ڈاکٹر محمد فاروق حیدر اور گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج کوپر روڈ لاہور کی ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر نصرت جبیں نے خطاب کیا،مقررین نے اپنے خطابات میں سچائی، دیانتداری، انصاف، رحمدلی، رواداری اور دوسروں کے احترام جیسی اعلیٰ اخلاقی اقدار کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی معاشرتی اصلاح کا آغاز فرد کی اپنی اصلاح سے ہوتا ہے۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ ﷺ کو حکمت، صبر، عدل، رحمدلی، عفو و درگزر اور انسانی وقار کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے معاشرتی مسائل کے حل کے لیے بھی سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
مقررین نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی کامیابی کو محض تعلیمی میدان تک محدود نہ رکھیں بلکہ ذمہ دار، بااخلاق اور باشعور شہری بننے کی کوشش کریں۔ انہوں نے طالبات کو ترغیب دی کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات اور اسلامی اقدار کو اپنی ذاتی، تعلیمی، خاندانی اور معاشرتی زندگی کا حصہ بنائیں۔
تقریب کا ایک یادگار اور خوبصورت لمحہ اس وقت سامنے آیا جب یہ معلوم ہوا کہ ڈاکٹر محمد حماد لکھوی اور ڈاکٹر محمد فاروق حیدر کے ساتھ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر عابدہ بخاری بھی علمی تعلق رکھتی ہیں اور ڈاکٹر حماد لکھوی ان کے استاد رہ چکے ہیں۔ اس موقع نے استاد اور شاگرد کے دیرپا اور قابلِ احترام رشتے کی خوبصورت عکاسی کی۔کانفرنس کے دوران طالبات نے بھرپور توجہ اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل ڈاکٹر عابدہ بخاری نے مہمان مقررین کو ان کی گراں قدر علمی و تدریسی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز پیش کیں، جبکہ بعد ازاں ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نے دعا کروائی۔




