وفاقی آئینی عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عدالتوں کی جانب سے طویل عرصے تک فیصلے محفوظ رکھنا اور مقررہ مدت میں نہ سنانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے ہدایت دی ہے کہ ہائی کورٹس محفوظ شدہ فیصلے 90 دن کے اندر سنانے کی پابند ہوں گی، بصورت دیگر ایسے فیصلے کالعدم بھی قرار دیے جا سکتے ہیں۔
جسٹس عامر فاروق کی جانب سے تحریر کردہ سات صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے قواعد و ضوابط قانونی حیثیت رکھتے ہیں، اور ان کی خلاف ورزی کے نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ عدالت نے فیصلے کی نقول عملدرآمد کے لیے تمام ہائی کورٹس کو بھجوانے کا حکم دیا ہے۔
فیصلے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عدالتی فیصلوں کا قبل از وقت لیک ہونا قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اگر کسی کیس میں ایسا ہوتا ہے تو بینچ کا سربراہ ازسرنو سماعت کا حکم دے سکتا ہے، اور یہ سماعت وہی بینچ یا کوئی دوسرا بینچ بھی کر سکتا ہے۔
عدالت کے مطابق اگر ہائی کورٹ میں اس نوعیت کا معاملہ سامنے آئے تو اسے متعلقہ چیف جسٹس کے نوٹس میں لایا جائے گا، جبکہ سپریم کورٹ میں یہ معاملہ ججز کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ زیر التواء مقدمات کے بوجھ کے باوجود بروقت انصاف کی فراہمی ضروری ہے، کیونکہ تاخیر سے فریقین طویل عرصے تک اپنے حقوق کے حصول کے لیے انتظار کرتے رہتے ہیں۔
عدالت نے نشاندہی کی کہ بعض کیسز میں قانونی پیچیدگی یا ججز کے درمیان اختلاف کی وجہ سے فیصلے محفوظ کیے جاتے ہیں، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ غیر ضروری تاخیر کی جائے۔
Category: لاہور
-

محفوظ فیصلے 90 دن میں سنانا لازم، تاخیر قانون کی خلاف ورزی قرار
-
طلاق مؤثر ہونے تک بیوی خرچے کی حقدار، لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ میں طلاق اور نان و نفقہ سے متعلق ایک اہم کیس کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جب تک طلاق قانونی طور پر مؤثر نہیں ہو جاتی، بیوی خرچہ لینے کی حقدار رہتی ہے۔
عدالت میں فیصل آباد کے رہائشی سیف اللہ کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں انہوں نے ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس کے تحت انہیں طلاق کے باوجود اپنی سابقہ اہلیہ کو نان و نفقہ ادا کرنے کا پابند بنایا گیا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سیف اللہ نے 2016 میں خورشید بی بی سے شادی کی تھی، تاہم اولاد نہ ہونے کی بنیاد پر انہوں نے دوسری شادی کر لی اور 2025 میں پہلی بیوی کو طلاق دے دی، لہٰذا اب خرچہ ادا کرنے کا حکم ختم کیا جائے۔
سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے قانونی اجازت لی گئی تھی۔ عدالت نے اس نکتے پر بھی توجہ دلائی کہ محض زبانی طلاق یا نوٹس دینا کافی نہیں ہوتا۔
جسٹس کیانی نے ریمارکس دیے کہ جب تک یونین کونسل کے ذریعے طلاق کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوتا اور عدت کی مدت مکمل نہیں ہو جاتی، اس وقت تک طلاق قانونی طور پر مؤثر نہیں ہوتی۔ اس دوران شوہر پر لازم ہے کہ وہ بیوی کے اخراجات برداشت کرے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جسے بعد میں سنایا جائے گا۔ یہ کیس خاندانی قوانین اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ -

معرکہ حق، عشرہ تشکر،مرکزی مسلم لیگ نے سب کو پھر متحد کر دیا
معرکہ حق کا ایک سال،مرکزی مسلم لیگ کے عشرہ تشکر کی تقریبات جاری،لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ،گوجرانوالہ، شیخوپورہ، احمد پورشرقیہ، حیدرآباد، پشاور ،کوئٹہ، چنیوٹ، ایبٹ آباد،سیالکوٹ،پاکپتن، سمیت دیگر شہروں میں آل پارٹیز کانفرنسز ،اجلاسوں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے دفاع کی بات آئے گی تو بچہ بچہ جان قربان کرنا باعث سعادت سمجھتا ہے،معرکہ حق کی کامیابی سے بھارت آج تک دنیا بھر میں رسوا ہو رہا ہے
معرکۂ حق “بنیان المرصوص” کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر مرکزی مسلم لیگ کی ملک بھر میں عشرۂ تشکر کی تقریبات جاری ہیں۔ اسلام آباد میں مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ ،ن لیگی رہنما انجم عقیل ،سی ڈی اے مزدور یونین کے رہنما چوہدری یاسین و دیگر نے شرکت کر کے عسکری و سفارتی کامیابیوں کو سراہا۔ راولپنڈی میں آل پارٹیز کانفرنس سے مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، چیئرمین تحریک نوجوانان پاکستان عبداللہ گل، امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی عارف شیرازی،شہیر سیالوی، شیخ عبدالوحید و دیگر نے شرکت کی،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگررہنماؤں کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو جو عزت ملی یہ رب کا فضل ہے، شہدا کی قربانیوں کی بدولت، مسلح افواج کے شاندار کردار، قوم کے اتحاد کی وجہ سے پاکستان سرخرو ہوا،عشرہ تشکر کی تقریبات دس مئی تک جاری رہیں گی،پاکستان کا دفاع قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے،حیدر آباد میں جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر،مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم و دیگر نے اے پی سی سے خطاب کیا،اقلیتی ہندو کمیونٹی کے نمائندہ رہنما ڈاکٹر امریش کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندو ضرور ہیں مگر پاکستان ہمارا وطن ہے، اور ہمیں اپنی افواجِ پاکستان سے بے پناہ محبت ہے۔ ہم اپنے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،پاکستان میں تمام مذاہب اور طبقات ایک پرچم تلے متحد ہیں، پشاور ،گوجرانوالہ، چنیوٹ،ایبٹ آبا،احمد پور شرقیہ میں ،شیخوپورہ ،کوئٹہ ،سیالکوٹ ،پاکپتن،میں اے پی سیز اور اجلاسوں میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے تمام طبقات مل کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،دشمن کی جانب سے ہر سازش کے خلاف پاکستانی قوم بنیان مرصوص نظر آئے
-

لاہور لبرٹی میں زیر تعمیر پلازہ میں لفٹ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق
لاہور کے علاقے لبرٹی میں ایک زیر تعمیر پلازہ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں لفٹ گرنے کے نتیجے میں دو مزدور جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور تعمیراتی کام میں مصروف تھے اور اچانک لفٹ نیچے آ گری۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا، تاہم دونوں مزدور جانبر نہ ہو سکے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ لفٹ کے تکنیکی نقص یا حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث پیش آیا، تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر عمارتوں میں حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا جاتا، جس کے باعث اس نوعیت کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔
حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ تعمیراتی سائٹس پر حفاظتی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ -

لاہور ہائیکورٹ، میشا شفیع کی مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد
لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ مشروط طور پر معطل کردیا، مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ نے میشا شفیع کے سیشن عدالت کے 50 لاکھ ہرجانے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر میشا شفیع کو 50 لاکھ ہرجانے کا فیصلہ مشروط طور پر معطل کردیا،میشا شفیع کو جرمانےکی آدھی رقم 25لاکھ روپے کیش جمع بطور گارنٹی جمع کروانے کا حکم دے دیا،عدالت نےمیشا شفیع کو 25لاکھ روپے کی شورٹی جمع کروانے کاحکم دیتے ہوئے میشا شفیع کی اپیل پر علی ظفر کو نوٹس جاری کردیا. عدالت نے میشا شفیع کے وکیل کی ٹرائل کورٹ کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی.لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں میشا شفیع کو دوبارہ جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرنے سے روکا ہے. ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کو معطل نہیں کرسکتے. کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے.
-

پشاور زلمی بن گیا سلطان: حیدرآباد کنگز مین کو ہرا کر پی ایس ایل 11 کی ٹرافی اپنے نام کر لی
پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (PSL) کے 11ویں ایڈیشن کے سنسنی خیز فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
130 رنز کے تعاقب میں زلمی کی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار ہوئی اور جلد وکٹیں گنوانے کے بعد دباؤ میں آگئی، تاہم کھلاڑیوں نے ہمت نہ ہاری اور نپی تلی بیٹنگ کے ذریعے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
یہ فتح پشاور زلمی کے لیے ایک اور سنگ میل ثابت ہوئی ہے، جہاں انہوں نے اعصاب شکن مقابلے میں اپنی گرفت مضبوط رکھی اور فائنل جیت کر ٹرافی اٹھا لی۔ اس تاریخی جیت پر زلمی کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ -

دریائے چناب میں پانی کی آمد میں نمایاں کمی، واپڈا کے اعدادوشمار جاری
واپڈا کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی کی آمد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے آبی صورتحال پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد کم ہو کر 9 ہزار کیوسک رہ گئی ہے، جبکہ پانی کا اخراج صرف 1 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ یہ کمی گزشتہ روز کے مقابلے میں تقریباً 11 ہزار 900 کیوسک کم ہے، جو ایک بڑی گراوٹ سمجھی جا رہی ہے۔
واپڈا کے مطابق گزشتہ روز اسی مقام پر پانی کی آمد 20 ہزار 900 کیوسک تھی جبکہ اخراج 13 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح یکم مئی کو بھی پانی کی آمد 20 ہزار 900 کیوسک رہی، جبکہ 30 اپریل کو یہ مقدار 25 ہزار 200 کیوسک تک تھی اور اخراج 17 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق پانی کی اس اچانک کمی سے نہ صرف زرعی شعبے بلکہ آبی ذخائر پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ دریاؤں میں پانی کی روانی کا انحصار بالائی علاقوں میں پانی چھوڑنے پر ہوتا ہے، اس لیے ایسے حالات میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے دیگر دریاؤں، خصوصاً ستلج اور جہلم میں پانی کے بہاؤ میں تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث فلڈ الرٹس اور آبی خدشات پیدا ہوئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں پانی کے مسائل پہلے ہی حساس نوعیت کے حامل ہیں، اس لیے کسی بھی غیر معمولی کمی یا اضافے کو سنجیدگی سے دیکھنا ضروری ہے۔ -

پی ایس ایل 11: فائنل میچ کا وقت تبدیل، بادل بھی برسنےکے لیے تیار
پی ایس ایل فائنل کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے، دوسری جانب بادل کےسائے بھی منڈلانے لگے ہیں، جس سے کرکٹ شائقین کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے اس سنسنی خیز مقابلے کے دوران بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے باعث میچ کا وقت تبدیل کرکے 7بجے سے 8بجے کردیا گیا ہے،ڈائریکٹر فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن علیم الحسن کے مطابق شہر میں شام 4 بجے سے رات 10 بجے کے دوران بارش ہونے کا 60 فیصد امکان ہے، جو میچ کے اوقات پر براہِ راست اثر انداز ہو سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا اور بارش کا سلسلہ شام کے وقت شروع ہو سکتا ہے، جو کھیل میں خلل ڈالنے کا باعث بن سکتا ہے،پی ایس ایل 11 کا یہ فیصلہ کن معرکہ جہاں دونوں ٹیمین میدان مارنے کو بیتاب ہیں، وہیں موسمی حالات اسے مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔
فائنل میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہر کپتان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹرافی اپنے نام کرے اور وہ بھی اسی عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگز کے کپتان مارنش لبوشین نے کہا کہ ٹیم نے سخت مقابلے کھیل کر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اور فیصلہ کن میچ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فائنل کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں ہدایت کی گئی کہ شائقین کرکٹ کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور ایونٹ کو ہر لحاظ سے کامیاب بنایا جائےمحسن نقوی نے شائقین کو مشورہ دیا کہ اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لیے شام 6 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں۔
-

وزیراعظم کی جاتی امراء میں میاں نواز شریف سے ملاقات
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جاتی امراء میں قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی،اور ملکی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا-
سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے میاں محمد نواز شریف کو ملکی صورتحال کے حوالے بریف کیا، وزیرِ اعظم نے قائد مسلم لیگ ن کو مشرق وسطی کی صورتحال اور پاکستان کی قیام امن کیلئے کوششوں پر بھی آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور عوامی ریلیف کیلئے حکومت کے اقدامات پر بھی میاں نواز شریف کو اعتماد میں لیا، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز بھی شامل تھیں-
-

پی ایس ایل 11 کا فائنل:لاہور میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل
پاکستان سپر لیگ 11 کے فائنل کے موقع پر لاہور میں ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں-
سی ٹی او لاہور کے مطابق فائنل میچ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 8 ڈی ایس پیز، 90 ٹریفک انسپکٹرز اور 500 سے زائد وارڈنز ڈیوٹی انجام دیں گے اس کے ساتھ ساتھ غلط پارکنگ کی روک تھام کے لیے 11 لفٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
شائقین کے لیے پانچ خصوصی پارکنگ اسٹینڈز قائم کیے گئے ہیں جن میں گورنمنٹ کالج فار بوائز اور سی بی ڈی پارکنگ شامل ہیں مغل پورہ اور گڑھی شاہو سے آنے والے شہری اپنی گاڑیاں مین بلیوارڈ گلبرگ اور لبرٹی کے اطراف میں پارک کر سکیں گے مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ سمیت اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی تاکہ شہریوں کی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔
دوسری جانب سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں آئی جی پنجاب کے مطابق فائنل میچ کے دوران 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے تاکہ غیر ملکی اور ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے، اسٹیڈیم، کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں اور روٹس کے اطراف سرچ آپریشنز اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں، حساس مقامات اور بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں،تمام ادارے باہمی رابطے میں ہیں تاکہ پی ایس ایل 11 کے فائنل کا انعقاد پُرامن اور محفوظ ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔