Baaghi TV


دریائے چناب میں پانی کی آمد میں نمایاں کمی، واپڈا کے اعدادوشمار جاری

‎واپڈا کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی کی آمد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے آبی صورتحال پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
‎اعدادوشمار کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد کم ہو کر 9 ہزار کیوسک رہ گئی ہے، جبکہ پانی کا اخراج صرف 1 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ یہ کمی گزشتہ روز کے مقابلے میں تقریباً 11 ہزار 900 کیوسک کم ہے، جو ایک بڑی گراوٹ سمجھی جا رہی ہے۔
‎واپڈا کے مطابق گزشتہ روز اسی مقام پر پانی کی آمد 20 ہزار 900 کیوسک تھی جبکہ اخراج 13 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح یکم مئی کو بھی پانی کی آمد 20 ہزار 900 کیوسک رہی، جبکہ 30 اپریل کو یہ مقدار 25 ہزار 200 کیوسک تک تھی اور اخراج 17 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کیا گیا تھا۔
‎ماہرین کے مطابق پانی کی اس اچانک کمی سے نہ صرف زرعی شعبے بلکہ آبی ذخائر پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ دریاؤں میں پانی کی روانی کا انحصار بالائی علاقوں میں پانی چھوڑنے پر ہوتا ہے، اس لیے ایسے حالات میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
‎یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے دیگر دریاؤں، خصوصاً ستلج اور جہلم میں پانی کے بہاؤ میں تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث فلڈ الرٹس اور آبی خدشات پیدا ہوئے تھے۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں پانی کے مسائل پہلے ہی حساس نوعیت کے حامل ہیں، اس لیے کسی بھی غیر معمولی کمی یا اضافے کو سنجیدگی سے دیکھنا ضروری ہے۔

More posts