پی ایس ایل فائنل کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے، دوسری جانب بادل کےسائے بھی منڈلانے لگے ہیں، جس سے کرکٹ شائقین کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے اس سنسنی خیز مقابلے کے دوران بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے باعث میچ کا وقت تبدیل کرکے 7بجے سے 8بجے کردیا گیا ہے،ڈائریکٹر فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن علیم الحسن کے مطابق شہر میں شام 4 بجے سے رات 10 بجے کے دوران بارش ہونے کا 60 فیصد امکان ہے، جو میچ کے اوقات پر براہِ راست اثر انداز ہو سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا اور بارش کا سلسلہ شام کے وقت شروع ہو سکتا ہے، جو کھیل میں خلل ڈالنے کا باعث بن سکتا ہے،پی ایس ایل 11 کا یہ فیصلہ کن معرکہ جہاں دونوں ٹیمین میدان مارنے کو بیتاب ہیں، وہیں موسمی حالات اسے مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔
فائنل میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہر کپتان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹرافی اپنے نام کرے اور وہ بھی اسی عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگز کے کپتان مارنش لبوشین نے کہا کہ ٹیم نے سخت مقابلے کھیل کر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اور فیصلہ کن میچ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فائنل کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں ہدایت کی گئی کہ شائقین کرکٹ کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور ایونٹ کو ہر لحاظ سے کامیاب بنایا جائےمحسن نقوی نے شائقین کو مشورہ دیا کہ اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لیے شام 6 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں۔
