Baaghi TV

Category: لاہور

  • پنجاب حکومت کا بڑا ریلیف: نادار افراد کے لیے 47 ارب روپے  کا   نگہبان پیکیج منظور

    پنجاب حکومت کا بڑا ریلیف: نادار افراد کے لیے 47 ارب روپے کا نگہبان پیکیج منظور

    لاہور:پنجاب حکومت نے نادار افراد کے لیے 47 ارب روپے مالیت کا رمضان ریلیف پیکیج منظور کرلیا، مستحق افراد کو نگہبان کارڈز فراہم کیے جائیں گے-

    لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت رمضان المبارک کی پیشگی تیاریوں اور عوامی ریلیف سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے مستحق افراد کیلئے بڑے امدادی پیکج کی منظوری دی گئی،اجلاس میں پنجاب حکومت نے ایک کروڑ سے زائد افراد کیلئے 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکج کی باضابطہ منظوری دے دی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پیکج کے تحت پنجاب بھر کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی خاندان 10 ہزار روپے کی نقد امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ رمضان المبارک کے دوران اپنی بنیادی ضروریات باوقار اندازمیں پوری کر سکیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ امداد کی فراہمی کا عمل شفاف، تیزاور بلا تعطل ہونا چاہیے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستحق افراد کو رمضان نگہبان کارڈ جاری کیے جائیں گے، جو ضلعی انتظامیہ کے ذریعے گھرگھرجا کرفراہم کئے جائیں گے تاکہ بزرگوں، خواتین اورمعذورافراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے نگہبان کارڈ کے ذریعے مستحقین بینک آف پنجاب کے مقررہ دکانداروں سے اشیائے ضروریہ خرید سکیں گےرمضان نگہبان کارڈ کو بینک آف پنجاب کی اے ٹی ایم مشینوں پر بھی ایکٹیویٹ کیا جا سکے گا، جس کے ذریعے نقد رقم حاصل کرنا ممکن ہوگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ رمضان نگہبان پیکج کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • کرکٹرز کے ساتھ 7 ارب کے فراڈ کی تحقیقات ہونی چاہیے.جاوید بدر

    کرکٹرز کے ساتھ 7 ارب کے فراڈ کی تحقیقات ہونی چاہیے.جاوید بدر

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹرجاوید بدر نے کہا ہے کہ پاکستانی موجودہ و سابق کرکٹرز کے ساتھ 7 ارب کے فراڈ کی تحقیقات ہونی چاہیے.

    جاوید بدر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل ایسی خبر کا آنا سازش بھی ہوسکتی ہے،پی سی پی اور ایف آئی اے کو مل کر اصل حقائق سامنے لانے چاہیے،اس خبر سے مُلک کی جگ ہنسائی ہورہی ہے ،اتنی بڑی رقم مُلک سے باہر کس طرح گئی،اس خبر کا فائدہ ہندستان اُٹھا کر بدنام کر سکتا ہے ،بہتر ہے کہ پاکستان خود اصل حقائق سامنے لاۓ ،میں نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو تفشیش کے لیے درخواست دے دی ہے،قومی ہیروز کا پیسہ محفوظ نہیں تو عام آدمی کیا سنوائی ہوگی،جو بھی غیر قانونی کام میں ملوث پایا گیا تو اُسے سزا ملنی چاہیے،مُتاثرہ کرکٹرز بابر اعظم انضمام الحق کو خود سامنے آنا چاہیے ،قومی ہیروز کے ساتھ مُلک کی عزت جُڑی ہے،چئیرمین بورڈ مُحسن نقوی کو خود کرکٹرز سے بات کرنی چاہیے ،ایف آئی اے کے پاس خبر پر ایکشن لینے کا اختیار بھی ہے،میرے علم کے مُطابق معاملے کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے،ایف آئی اے نے میری درخواست تفشیش کے لیے این سی سی آئی اے کو بھیج دی ہے

  • یوٹیوبر رجب بٹ ،ندیم مبارک کی  ضمانت میں توسیع

    یوٹیوبر رجب بٹ ،ندیم مبارک کی ضمانت میں توسیع

    لاہور کی سیشن کورٹ نے آن لائن جوئے کی تشہیر کے مقدمے میں نامزد معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم مبارک کی عبوری ضمانت میں 16 فروری تک توسیع کردی۔

    ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے کیس کی سماعت کی، جس میں عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر دونوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد رجب بٹ اور ندیم مبارک کی عبوری ضمانت میں توسیع کا حکم جاری کیا۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ تفتیشی افسر کو کیس سے متعلق ریکارڈ جمع کروانے کے لیے پہلے ہی مہلت دی جاچکی ہے، تاہم مقررہ وقت میں مکمل ریکارڈ پیش نہیں کیا جاسکا۔ اس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو مزید مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    استغاثہ کے مطابق ملزمان پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آن لائن جوئے کی تشہیر کرنے کا الزام ہے، جو کہ ملکی قوانین کے تحت قابلِ تعزیر جرم ہے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

    ملزمان کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ رجب بٹ اور ندیم مبارک بے گناہ ہیں اور انہیں سوشل میڈیا پر کیے گئے مواد کی بنیاد پر بلاجواز مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، جبکہ کیس میں مزید تفتیش درکار ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو عبوری ضمانت پر برقرار رکھا۔

  • وزیر داخلہ محسن نقوی کا ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا، انہوں نے پاسپورٹس درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام کا افتتاح کردیا۔

    وزیر داخلہ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سینٹر فعال کردیا، محسن نقوی کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکیومنٹ نظام کو بھی ڈیجیٹل کردیا گیا۔وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم، کال سینٹر، فارنزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان پاسپورٹ سسٹم کو عالمی نظام کے مطابق ڈھال دیا گیا، نئے نظام سے پاسپورٹ درخواستوں، ڈیلیوری کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو عالمی معیار کی تیز اور محفوظ خدمات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں، پاسپورٹ کے سیکیورٹی فیچرز کو آئی سی اے او اسٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ جدید جرمن مشینوں سے محکمے کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے، آٹومیٹک مشینوں سے پاسپورٹ پرنٹنگ پراسیس سے انسانی مداخلت کو مکمل ختم کردیا گیا ہے۔

  • چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کے بھائی  انتقال کر گئے

    چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کے بھائی انتقال کر گئے

    لاہور:چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کے بھائی عبدالرؤف لنگڑیال انتقال کر گئے۔

    لاہور سے اہلِ خانہ نے عبدالرؤف لنگڑیال کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سابق صوبائی سیکرٹری عبدالرؤف لنگڑیال کی نمازِ جنازہ کل پیر کو بعد نمازِ ظہر لاہور میں ادا کی جائے گی،عبدالرؤف لنگڑیا کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں اور سرکاری افسران نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

  • پنجاب:  بسنت، ہارس اینڈ کیٹل شو، میلہ چراغاں، بسنت اور مختلف مذہبی تہواروں کی بحالی کا فیصلہ

    پنجاب: بسنت، ہارس اینڈ کیٹل شو، میلہ چراغاں، بسنت اور مختلف مذہبی تہواروں کی بحالی کا فیصلہ

    حکومت پنجاب نے بسنت، ہارس اینڈ کیٹل شو، میلہ چراغاں، بسنت اور مختلف مذہبی تہواروں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے-

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بسنت ایک 800 پرانا تہوار ہے جو پچھلے کئی سالوں سے نہیں منایا گیا، بسنت بہار کی آمد اور نئی شروعات کی علامت ہے حکومت پہلی بار سرکاری سطح پر بسنت کا انعقاد کرے گی، جو 6، 7 اور 8 فروری کو منعقد ہوگا۔

    مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ہارس اینڈ کیٹل شو، میلہ چراغاں، رمضان کی تقریبات ہوں یا عید کی خوشیاں، کرسمس اور ہولی سمیت دیگر تہوار بھی جوش و خروش سے منائے جاتے ہیں۔ پنجاب کو ہر کسی کا صوبہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں ہر مذہب، عقیدے اور فرقے کے لوگوں کو برابر کا حصہ ملتا ہے اور ان کے تہواروں کو بھی عزت و وقار کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بسنت کا سلسلہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بند تھا، مگر اس تہوار کی تاریخ تقریباً 800 سال پر محیط ہے اور اسے بسنت پنچمی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے،یہ صرف ایک تہوار نہیں بلکہ بہار کے آغاز، زندگی کی تازگی اور تجدید کی علامت ہے، پنجابی ثقافت نہ صرف پنجاب بلکہ دنیا بھر میں اپنی رنگینی اور خوشی کے جشن کے طور پر پہچانی جاتی ہے، اور اسی ثقافتی ورثے کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے حکومت نے بسنت کے دوبارہ منانے کا فیصلہ کیا ہے،ہر شہری کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ وہ اس دھرتی کا اہم حصہ ہے۔

  • فلموں سے متاثر ہوکر وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار

    فلموں سے متاثر ہوکر وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور میں فلموں سے متاثر ہو کر وارداتیں کرنے والا 2 رکنی نقب زن گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ایس ایچ او فیصل ٹاؤن نے ٹیم کے ہمراہ گروہ کو پھول نگر سے ٹریس کیا ڈی آئی جی آپریشنز نے اے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو اسپیشل ٹاسک دیا تھاسی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ملزم کو فلمی انداز میں گھر میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان نے اعتراف کیا کہ فلموں میں متاثرہ ہوکر وارداتیں کرنا شروع کی تھیں۔

    گروہ نے چند روز قبل تھانہ فیصل ٹاؤن کے علاقے میں گھر میں نقب زنی کی تھی، ملزمان سے چوری شدہ 7 موبائل فون، نقدی اور پستول برآمد کر لی گئی، ملزمان وقاص اور عظیم چوری، ڈکیتی سمیت متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے،ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے ایس ایچ او فیصل ٹاؤن افضال روف اور ٹیم کو شاباش دی۔

  • اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہوئے تو ملک نہیں چلے گا: خواجہ آصف

    اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہوئے تو ملک نہیں چلے گا: خواجہ آصف

    لاہور: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں، اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہے، جب تک اختیارات عوام کے قریب نہیں آئیں گے ملک مؤثر انداز میں نہیں چل سکے گا۔ مقامی سطح پر اختیار اور ذمہ داری دینے سے نہ صرف گورننس بہتر ہوتی ہے بلکہ ٹیکس وصولی میں بھی نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

    لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام جاری تین روزہ تھنک فیسٹ کے دوسرے روز ’تاریخی اور تقابلی تناظر میں عالمی عدم مساوات‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک میں معاشی اور سماجی عدم مساوات کی بڑی وجہ یہ ہے کہ فیصلے اور وسائل مرکز میں مرتکز رہتے ہیں، جس سے نچلی سطح پر مسائل جوں کے توں رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کا سب سے بڑا نعرہ اور مقصد اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی تھا، تاہم عملی طور پر اس وژن پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ خواجہ آصف کے مطابق اگر صوبے اور ضلعی حکومتیں مضبوط ہوں، لوکل گورنمنٹ کا نظام فعال ہو اور عوامی نمائندوں کو حقیقی اختیارات دیے جائیں تو نہ صرف مسائل کا حل تیز ہوگا بلکہ ریاست اور شہری کے درمیان اعتماد بھی بحال ہوگا۔

    وفاقی وزیر دفاع نے سیاسی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ سیاسی برادری لوکل گورنمنٹ سسٹم سے اتنی خائف کیوں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط مقامی حکومتیں کسی کے لیے خطرہ نہیں بلکہ ریاستی نظام کے استحکام کی ضمانت ہوتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔

  • گلبرگ کے ہوٹل میں آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی

    گلبرگ کے ہوٹل میں آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی

    ‎لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ایک ہوٹل میں آگ لگنے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہوگئی، جبکہ امدادی اور ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں لاپتہ وینڈر ریاض کی تلاش میں مصروف ہیں۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ہوٹل میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے ساڑھے تین گھنٹے سے کوششیں جاری ہیں۔ آگ لگنے کے بعد ہوٹل میں موجود 200 سے زائد افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
    ‎ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

  • لاہور: گلبرگ کے ہوٹل میں آتشزدگی، ایک جاں بحق، 6 افراد زخمی

    لاہور: گلبرگ کے ہوٹل میں آتشزدگی، ایک جاں بحق، 6 افراد زخمی

    لاہور کے علاقے گلبرگ کے ہوٹل کی بیسمنٹ میں اچانک آگ لگنے کے نتیجے میں ایک جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت ہوٹل میں نجی کالج کی تقریب جاری تھی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ ہوٹل کے تہہ خانے میں گیس لیکج کے باعث لگی،گلبرگ کے ہوٹل سے 180افرادکوریسکیوکر لیا گیا ہے-

    چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ آگ ہوٹل کے بیسمنٹ میں لگی، بجھانے کا کام جاری ہےبلڈنگ میں اس وقت کوئی موجود نہیں، آگ کے باعث ایک شخص زخمی ہوا جس کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ہوٹل کے بیسمنٹ میں لگی آگ پر جلد قابوپا لیا جائے گا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک جھلسنے والے 6 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے، متاثرین میں سے ایک شخص 35 سے 40 فیصد جھلس گیا ہے آتشزدگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہوگئی، متاثرہ افراد میں 28 سال کی خاتون بھی شامل ہے، آگ لگنے سے الیکٹریشن مبین کا جسم چالیس فیصد جھلس گیا، باقی افراد کی حالت دھویں کی وجہ سے غیر ہوئی، گلبرگ ہوٹل سے ایک لاش نکالی گئی، جاں بحق شخص کی شناخت ہو چکی ہے وہ لانڈری ملازم تھا۔