Baaghi TV

اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہوئے تو ملک نہیں چلے گا: خواجہ آصف

khawaja asif

لاہور: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں، اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہے، جب تک اختیارات عوام کے قریب نہیں آئیں گے ملک مؤثر انداز میں نہیں چل سکے گا۔ مقامی سطح پر اختیار اور ذمہ داری دینے سے نہ صرف گورننس بہتر ہوتی ہے بلکہ ٹیکس وصولی میں بھی نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام جاری تین روزہ تھنک فیسٹ کے دوسرے روز ’تاریخی اور تقابلی تناظر میں عالمی عدم مساوات‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک میں معاشی اور سماجی عدم مساوات کی بڑی وجہ یہ ہے کہ فیصلے اور وسائل مرکز میں مرتکز رہتے ہیں، جس سے نچلی سطح پر مسائل جوں کے توں رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کا سب سے بڑا نعرہ اور مقصد اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی تھا، تاہم عملی طور پر اس وژن پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ خواجہ آصف کے مطابق اگر صوبے اور ضلعی حکومتیں مضبوط ہوں، لوکل گورنمنٹ کا نظام فعال ہو اور عوامی نمائندوں کو حقیقی اختیارات دیے جائیں تو نہ صرف مسائل کا حل تیز ہوگا بلکہ ریاست اور شہری کے درمیان اعتماد بھی بحال ہوگا۔

وفاقی وزیر دفاع نے سیاسی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ سیاسی برادری لوکل گورنمنٹ سسٹم سے اتنی خائف کیوں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط مقامی حکومتیں کسی کے لیے خطرہ نہیں بلکہ ریاستی نظام کے استحکام کی ضمانت ہوتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔

More posts