Baaghi TV

Category: لاہور

  • چھوٹے سے چھوٹا جرم بھی جرم ہے، اسے روکنا ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب

    چھوٹے سے چھوٹا جرم بھی جرم ہے، اسے روکنا ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا جرائم کی شرح میں اچانک اضافے پرنوٹس، ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جرائم کے واقعات کی ویڈیوز خود شئیر کرکے شرکا کو دیکھا کر سخت اظہار برہمی کیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ پولیس افسروں سے باز پرس کی،جرائم روکنے کے لئے پیشگی اقدامات پر کام کرنے کا ہدف مقرر کر دیا،شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم کنٹرول نہ ہونے پر متعلقہ افسران کی سرزنش کی،آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو سی سی ڈی سے بھرپور تعاون کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نےآر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے ویڈیو لنک خطاب کیا اور کہا کہ جرائم کی شرح میں اچانک اضافے کا رجحان شرمناک اور فکر انگیز ہے۔ اتنی محنت کے بعد پنجاب کو سیف سٹی اور جرائم سے پاک کیا،اب پھر سستی کی گنجائش نہیں۔قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے واقعات کا تسلسل اور بڑھنا قطعاً برداشت نہیں۔چھوٹے سے چھوٹا جرم بھی جرم ہے، اسے روکنا ہوگا۔ پولیس کو ہر قسم کی مداخلت سے پاک کر دیا، اب ڈیلیور کر کے دکھانا ہوگا۔ 100فیصد میرٹ پولیسنگ کی وجہ سے اپنے پرائے سب کی ناراضگی موڑ لی۔ پچھلے دور میں سیاسی وابستگیوں سے تعیناتیاں ہوتی تھیں، اب سیاسی مداخلت بالکل صفر ہے۔پولیس افسروں کا فائنل انٹرویو خود کرتی ہوں، من چاہا بجٹ دیا، اسلحہ، آلات اور گاڑیاں بھی دیں۔عوام کو تحفظ اور سکون کا احساس دینے چاہتے ہیں۔امن و امان میں بہتری کے لئے جو کرنا پڑاکروں گی، سختی برتنا پڑی تو سختی بھی برتیں گے۔ گلبرگ میں گاڑی کی بیٹری چوری ہونے کی ویڈیوشرمناک ہے،گجرات میں کرائم کا برا حال ہے،بس روک کر بیگ چھینے گئے، ایسے واقعات خوف وہراس پید کرتے ہیں،ڈکیتی ہوسکتی ہے تو قتل بھی ہوسکتا ہے۔صوبہ بھر میں سیف سٹی قائم ہونے کے باوجودجرائم سرزد ہونا قابل فکر ہے،منشیات کے واقعات کے اعداد شمار دیکھ کر شرم آتی ہے۔سپیڈو بس کے کنڈیکٹر نے بچی کو مارا، اگر قانون کا خوف ہوتو ایسے واقعات نہیں ہوسکتے۔پولیس کو دو سال میں مجموعی طور پر 527 ارب روپے کا ریکارڈ بجٹ دیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

  • خاتون ٹک ٹاکر کی پیرا فورس کی گاڑی پر چڑھ کر ماڈلنگ

    خاتون ٹک ٹاکر کی پیرا فورس کی گاڑی پر چڑھ کر ماڈلنگ

    لاہور: خاتون ٹک ٹاکر کی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی سرکاری گاڑی پر چڑھ کر ماڈلنگ کرنے کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ٹک ٹاکر پیرا فورس کی گاڑی پر چڑھ کر ویڈیو بنا رہی ہیں اور مختلف انداز میں پوز دے رہی ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سرکاری املاک کے استعمال اور سیکیورٹی انتظامات سے متعلق سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔اس معاملے پر ترجمان پیرا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ گاڑی ایک پارکنگ ایریا میں کھڑی تھی، اسی دوران لڑکی نے گاڑی پر چڑھ کر ٹک ٹاک ویڈیو بنائی۔ ترجمان کے مطابق ویڈیو بنائے جانے کے وقت گاڑی کے قریب کوئی افسر یا اہلکار موجود نہیں تھا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ویڈیو بنانے والی خاتون کون ہے اور وہ وہاں کیسے پہنچی۔ واقعے کی مزید جانچ جاری ہے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے واقعے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری گاڑیوں اور اداروں کی امیج کو نقصان پہنچانے والے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہییں۔ بعض صارفین نے اسے سیکیورٹی غفلت قرار دیا ہے جبکہ کچھ افراد نے اسے صرف سوشل میڈیا اسٹنٹ قرار دیا۔

  • شاہدرہ کے علاقہ میں سکول ٹیچر بیوی کو قتل کرنیوالا سفاک شوہر گرفتار

    شاہدرہ کے علاقہ میں سکول ٹیچر بیوی کو قتل کرنیوالا سفاک شوہر گرفتار

    شاہدرہ کے علاقہ میں سکول ٹیچر بیوی کو قتل کرنیوالا سفاک شوہر گرفتار کر لیا گیا

    ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے قتل کی اس سنگین واردات کا نوٹس لیا تھا،ایس پی سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں پولیس ٹیم کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا،انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شاہدرہ انسپکٹر اختر علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا،ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کا کہنا تھا کہ ملزم نے گھریلو ناچاکی پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو بےدردی سےقتل کر دیا تھا،ملزم قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا، ملزم کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزم اب پولیس کی گرفت میں ہیں مضبوط چالان مرتب کروا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی،خواتین کو قتل کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،

    دوسری جانب بچی پر تشدد کرنے والا بس کنڈکٹر گرفتارکر لیا گیا،چوہنگ پولیس نے کارروائی کی،​ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا، سپیڈو بس کے کنڈیکٹر سجاد علی کو گرفتار کیا گیا،​دورانِ سفر لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا،ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا

  • متنازع مفتی قوی کی ایک اور ویڈیو”لیک” سب حدیں عبور کر لیں

    متنازع مفتی قوی کی ایک اور ویڈیو”لیک” سب حدیں عبور کر لیں

    معروف اور متنازع مذہبی اسکالر مفتی عبدالقوی کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں مفتی عبدالقوی کو ایک ریو پارٹی میں دیکھا گیا ہے۔ ریو پارٹی سے مراد ایسی تقریب ہوتی ہے جہاں بلند آواز موسیقی، ڈی جے اور رقص کا اہتمام کیا جاتا ہے،وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں مفتی عبدالقوی ٹوپی پہنے موجود ہیں،مفتی عبدالقوی نے شلوار قمیض پہن رکھی ہے جبکہ چادر بھی اوڑھی ہوئی ہے،ویڈیو دیکھ کر ایسے لگتا ہے جیسے مفتی عبدالقوی مہمان خاص ہوں، مفتی عبدالقوی کے بالکل سامنے رقص جاری ہے، ایک نائٹ کلب نما ماحول ہے،اردگرد موجود افراد موسیقی پر رقص کر رہے ہیں۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ مفتی عبدالقوی تنازعات کی زد میں آئے ہوں۔ اس سے قبل بھی وہ مختلف نوعیت کے اسکینڈلز اور تنازعات کے باعث خبروں میں رہ چکے ہیں، جن میں قندیل بلوچ کیس اور ٹک ٹاکر حریم شاہ سے متعلق معاملات بھی شامل رہے ہیں۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

  • عظمیٰ بخاری کی مبینہ فیک ویڈیو کیس،فلک جاوید کی ضمانت منظور

    عظمیٰ بخاری کی مبینہ فیک ویڈیو کیس،فلک جاوید کی ضمانت منظور

    لاہور ہائیکورٹ نے عظمیٰ بخاری کی مبینہ فیک ویڈیو کیس میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ،پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید کی ضمانت منظور کرلی ۔

    لاہور ہائیکورٹ میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی مبینہ فیک ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کی ضمانت منظور کر لی۔عدالت نے ملزمہ کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی، کیس کی سماعت جسٹس شہرام سرور چوہدری نے کی، جبکہ ملزمہ کی جانب سے بیرسٹر میاں علی اشفاق پیش ہوئے،این سی سی آئی اے کی جانب سے عظمیٰ بخاری کی مبینہ فیک ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں فلک جاوید سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، فلک جاوید اس مقدمے میں 24 ستمبر 2025 سے زیر حراست ہے

  • 
پنجاب میں آٹا مزید مہنگا، عوام پریشان

    
پنجاب میں آٹا مزید مہنگا، عوام پریشان

    ‎لاہور: پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
    ‎تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے گندم کی سرکاری قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت اس سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے اور فی کلو 88 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس فرق کے باعث آٹے کی قیمتوں پر بھی براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔
    ‎مارکیٹ ذرائع کے مطابق نجی کمپنیوں کی جانب سے آٹا تقریباً 180 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ 40 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 7200 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ اس تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمت نے عام شہریوں کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے، خاص طور پر متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق گندم کی پسائی پر فی من تقریباً 400 سے 500 روپے تک لاگت آتی ہے، جس کے بعد آٹے کی مجموعی قیمت تقریباً 4000 روپے فی من بنتی ہے۔ تاہم مارکیٹ میں اس سے کہیں زیادہ قیمت وصول کی جا رہی ہے، جس پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
    ‎شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں مسلسل اضافہ ان کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے اور حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔
    ‎دوسری جانب حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • مری میں اسکائی گلاس برج اور بڑے سیاحتی منصوبوں کی منظوری: مریم نواز

    مری میں اسکائی گلاس برج اور بڑے سیاحتی منصوبوں کی منظوری: مریم نواز

    ‎لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری اور اس کے نواحی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی ہے، جن میں کوٹلی ستیاں میں صوبے کا پہلا اسکائی گلاس برج بنانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
    ‎پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں مری کے تحفظ اور بحالی کے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں لینڈ سلائیڈنگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
    ‎وزیراعلیٰ نے چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل اور جھیکا گلی سمیت مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ مری میں تین نئے ہاسپٹلٹی زونز قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جہاں نجی شعبے کے تعاون سے عالمی معیار کے ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے۔
    ‎اجلاس میں مری کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے اہم سڑکوں کی توسیع کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا، جس کے تحت جھیکا گلی روڈ اور ریچ بل روڈ کو وسیع کیا جائے گا۔ مزید برآں مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کا آغاز ایک ماہ میں کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
    ‎سیاحت کے فروغ کے لیے تین نئے پارکس، ایک جدید زولوجیکل گارڈن، ایکوزون، برج کراسنگ اور جدید کانفرنس روم بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بیئر اور ٹائیگر ہاؤسز کے قیام کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
    ‎چیوڑاہل کے مقام پر مری کا پہلا گلیمینگ پوڈ ویلج بھی قائم کیا جائے گا، جسے جدید سیاحتی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا اور اس کا انتظام نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔

  • 
لاہور میں گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد، پولیس اہلکار معطل

    
لاہور میں گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد، پولیس اہلکار معطل

    تھانہ ڈیفنس اے میں گھریلو ملازمہ اور اس کے بھائی پر مبینہ پولیس تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ حکام نے فوری کارروائی کی ہے۔
    ‎تفصیلات کے مطابق 18 سالہ گھریلو ملازمہ پر ایک گھر سے انگوٹھی چوری کرنے کا الزام لگایا گیا، جس پر پولیس نے بغیر ٹھوس شواہد کے اسے اور اس کے بھائی کو حراست میں لے لیا۔ متاثرین کے مطابق دورانِ حراست انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کی ویڈیوز سامنے آنے پر معاملہ سنگین ہو گیا۔
    ‎ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت ایکشن لیا اور ایس ایچ او ڈیفنس اے سمیت تھانے کے تمام عملے کو معطل کر کے کلوز لائن کر دیا۔ اس کے ساتھ متعلقہ ایس ڈی پی او کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔
    ‎پولیس حکام کے مطابق تشدد میں ملوث دو اہلکاروں، کانسٹیبل حفصہ اور کانسٹیبل ساجد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کی انکوائری ایس پی کینٹ کے سپرد کی گئی ہے اور 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔
    ‎ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ پولیس حراست میں کسی بھی قسم کا تشدد یا اختیارات کا ناجائز استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ قانون اور احترام کے مطابق سلوک یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
    ‎دوسری جانب متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی اور ذمہ دار اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • یکم ذیقعد 19 اپریل بروز اتوار کو ہوگی

    یکم ذیقعد 19 اپریل بروز اتوار کو ہوگی

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں ذیقعد کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

    چاند دیکھنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے کی،مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ذیقعد کا چاند نظر آچکا ہے۔ یکم ذیقعد 1447 ہجری کل، یعنی 19 اپریل بروز اتوار کو ہوگی اس موقع پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    اس سے قبل پاکستان کے قومی خلائی ادارے ‘سپارکو’ نے ماہِ ذوالقعد 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے اہم پیش گوئی کی تھی اسپارکو نے بتایا تھا کہ پاکستان میں ذوالقعد کا چاند 18 اپریل کی شام ملک بھر میں نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

  • روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی حج پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے روانہ

    روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی حج پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے روانہ

    لاہور – روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی حج پرواز SV-5735 مقررہ وقت صبح 10:30 کے بجائے صبح 10:54 پر روانہ ہوئی۔

    اس موقع پر ایئرپورٹ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مولانا طاہر اشرفی اور مملکت سعودی عرب کے سفیر عزت مآب نواف بن سعید نے شرکت کی۔ دیگر معزز شرکاء میں انجینئر جفن بن خلف علی الشمر، جناب ابرار احمد مرزا (وفاقی سیکرٹری مذہبی امور)، میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابہ، جناب خواجہ سلمان رفیق (صوبائی وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر)، اور جناب سردار محمد یوسف (وفاقی وزیر مذہبی امور) شامل تھے۔ ایئرپورٹ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جن میں ائیرپورٹمینیجر، ڈپٹی ائیرپورٹ مینیجر، سٹیشن مینیجر، ٹرمینل مینیجرز ڈیپارچرز اینڈ ارائیولز، مینیجر ائیرسائیڈ، آفیسر انچارج پی ایس ایس، چیف سیکیورٹی آفیسر اے ایس ایف، اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن شامل ہیں۔ پرواز کی روانگی کے دوران دیگر تمام ائیرپورٹ آپریشنز معمول کے مطابق جاری رہے۔

    قبل ازیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے ایئرسیال کی پہلی حج پرواز PF-7700 ایک سو ساٹھ 160 عازمینِ حج کو لے کر سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیر مملکت برائے اوقاف اور صوبائی وزیر مذہبی امور نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر، ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے افسران بھی موجود تھے۔ معزز مہمانوں نے عازمینِ حج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ معزز مہمانوں نے روٹ ٹو مکہ سہولت کے تحت فراہم کردہ انتظامات کا بھی جائزہ لیا، جس میں سعودی امیگریشن کاؤنٹرز شامل ہیں۔ انہوں نے ان سہولیات کو سراہتے ہوئے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ایئرسیال کی پرواز PF-7700 علی الصبح 2:05 بجے روانہ ہوئی، جو کراچی سے پری حج آپریشنز کا آغاز ہے۔

    علاوہ ازیں ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پری حج آپریشنز 2026 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ائیربلو کی پرواز PA-876 کے ذریعے 151 عازمینِ حج کو مدینہ منورہ روانہ کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں میاں محمد کاظم پیرزادہ (صوبائی وزیر آبپاشی)، رانا عبد المنان ساجد (رکن صوبائی اسمبلی)، اور بیگم مقصودہ انصاری (رکن صوبائی اسمبلی) شامل تھے۔اس موقع پر سی او او/اے پی ایم ایم انور ضیاء، ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر، ڈائریکٹر ٹرمینل آپریشنز ایئر بلیو کنور یاسر، ڈائریکٹر کمرشل ایئر بلیو ایم شفیق، جبکہ اے ایس ایف، ایف آئی اے اور اے این ایف کے افسران بھی موجود تھے۔مہمانِ خصوصی نے ایئرپورٹ انتظامیہ اور ڈائریکٹوریٹ حج کی جانب سے عازمینِ حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور حج کے مقدس سفر کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے عازمینِ حج کو پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔