Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: چک 22 جی ڈی اور 7 نمبر چونگی میں گرینڈ آپریشن، پختہ تجاوزات مسمار

    اوکاڑہ: چک 22 جی ڈی اور 7 نمبر چونگی میں گرینڈ آپریشن، پختہ تجاوزات مسمار

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میم ممتاز کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔ 7 نمبر چونگی اور نواحی علاقے چک نمبر 22 جی ڈی میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں نے بھاری مشینری کے ذریعے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ تجاوزات مافیا کو ہرگز رعایت نہیں دی جائے گی، اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل صفایا یقینی بنایا جائے گا۔

    علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ سڑکیں اور بازار کھلے ہونے سے آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی، جو کہ عوامی مفاد میں ایک اہم قدم ہے۔

  • اوکاڑہ: سرکاری کتابوں کی فروخت پر ڈپٹی کمشنر کا سخت ایکشن

    اوکاڑہ: سرکاری کتابوں کی فروخت پر ڈپٹی کمشنر کا سخت ایکشن

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر)سرکاری سکولوں کی مفت کتابوں کی دکان پر فروخت کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف نے ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے کتابوں کی فروخت میں ملوث دکاندار کے خلاف ایکشن لیا۔

    شوکت بک ڈپو (بلمقابل پوسٹ گریجویٹ کالج) کے مالک کے خلاف ڈپٹی ڈی ایجوکیشن آفیسر وحید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے 75 سرکاری کتابیں برآمد کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری کا حکم بھی جاری کر دیا۔

    احمد عثمان جاوید نے کہا کہ مفت سرکاری کتابوں کی فروخت میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا، اور اگر سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت ثابت ہوئی تو انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کا افتتاح

    اوکاڑہ: ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کا افتتاح

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی صفائی مہم کے تحت ضلع کونسل اوکاڑہ میں ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی (SWSSC) کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج اور کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز حافظ محمد عمر طیب اور چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز، پروجیکٹ مینیجر رانا ساجد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عاصم وٹو، سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر، صدر بار ایسوسی ایشن محمد اصغر خان، صدر انجمن تاجران شیخ ریاض انور، دیگر افسران، میڈیا، سول سوسائٹی، شہری، اور صفائی عملہ شریک ہوا۔

    پروجیکٹ مینیجر نے صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی "ستھرا پنجاب” مہم صحت مند پنجاب کی عکاس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار صاف ماحول کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں، اور عوام کو خوشگوار ماحول دینے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

    کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ صاف ماحول صحت مند زندگی کی ضمانت ہے، لیکن اس کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ اوکاڑہ پنجاب کا پہلا ضلع ہے جہاں جدید مشینری سے 20 یونین کونسلز کو زیرو ویسٹ بنایا گیا۔ اب پرائیویٹ کمپنی کے ذریعے ضلع بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے امور سرانجام دیے جائیں گے، اور پورے ضلع کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کی حمایت درکار ہے۔

    بعدازاں، ایم این اے، کمشنر، اور ڈپٹی کمشنر نے SWSSC کی مشینری و گاڑیوں کا معائنہ کیا اور شجرکاری مہم کے تحت ضلع کونسل کے لان میں پودے لگائے۔

  • اوکاڑہ :صفائی کے لیے انقلابی قدم، زیرو ویسٹ مشن کا آغاز

    اوکاڑہ :صفائی کے لیے انقلابی قدم، زیرو ویسٹ مشن کا آغاز

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے ایک اہم مشن کے تحت ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں صفائی و ستھرائی کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کیا گیا۔

    اس افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر نسیم، کمپنی کے کنٹریکٹرز اور صفائی کے عملے کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کو کمپنی کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان، جدید مشینری اور افرادی قوت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کمشنر شعیب اقبال سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جو شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی۔

    انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس منصوبے پر اعتماد اور فراخدلانہ فنڈنگ کو حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسی کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اربوں روپے کے فنڈز اس لیے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو صحت مند، صاف اور خوشگوار ماحول میسر آسکے۔

    کمپنی کی جانب سے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 7 کمپیکٹرز، 15 ڈمپرز، 80 لوڈر رکشے، 25 ٹرالیاں، 5 ایکسکویٹرز اور ڈرین کلینرز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، شہر بھر میں صفائی کے کام کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے 944 ورکرز، جن میں سپروائزرز اور سینیٹری سٹاف شامل ہیں، اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

    کمشنر شعیب اقبال سید نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی کا یہ مشن صرف شہری علاقوں تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ دیہی علاقوں میں بھی ویسٹ مینجمنٹ اور صفائی کے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے صفائی کے محنتی ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔

    انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا صرف ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ اس میں ہر شہری کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات بھی چلائی جائیں گی تاکہ صفائی کو ایک اجتماعی ذمہ داری اور معاشرتی شعار بنایا جا سکے۔

    تقریب کے اختتام پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے دیگر افسران کے ہمراہ "پلانٹ فار پاکستان” مہم کے تحت پودے لگائے اور ماحول دوست اقدامات کا عملی مظاہرہ کیا۔

  • اوکاڑہ: مہندی کے فنکشن میں آنے والی اسٹیج ڈانسر جنسی زیادتی کے بعد قتل

    اوکاڑہ: مہندی کے فنکشن میں آنے والی اسٹیج ڈانسر جنسی زیادتی کے بعد قتل

    پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں اسٹیج ڈانسر چندہ علی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔

    باغی ٹی وی : رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ تھانہ گوگیرا کی حدود 34 جیڑی سے خاتون کی نعش برآمد ہوئی، معاملہ کا ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے واقعہ کا نوٹس لیا۔

    قتل ہونے والی لڑکی کا نام چندہ علی تھا جو سٹیج ڈانسر تھی اور کل عارف والا سے مہندی کا فنکشن کرنے اوکاڑہ آئی تھی خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد رات گئے نامعلوم ملزمان لاش کو قریبی کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوئے۔

    13 سالہ لڑکے کے ساتھ زیادتی کرنیوالا ملزم گرفتار

    لواحقین کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے جب کہ حکام نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے،ترجمان پولیس عرفان سندھو کے مطابق اطلاع پر تھانہ گوگیرہ پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کی اسپتال منتقل کیا۔

    ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو 12 اپریل کو پلاٹ دوں گا،گورنر سندھ

    ترجمان پولیس نے کہا کہ مزید تحقیقات جاری ہے، ڈی پی او اوکاڑہ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے متعلقہ ایس ایچ او کو ہدایت جاری کردی ہےلاش کی شناخت نہ ہونے پر پہلے ہی پولیس کی مدعیت میں ایف ائی آر درج کی جا چکی ہے، پولیس ایپ کی مدد سے خاتون کی شناخت کی گئی، قتل کی گئی خاتون کا تعلق ضلع پاک پتن سے ہے۔

    قصور: فارم ہاؤس پر چھاپہ، ڈانس پارٹی میں30 مرد 25 لڑکیاں گرفتار

  • اوکاڑہ : والدین کی غفلت، تین بچے آگ کی لپیٹ میں آکر جاں بحق

    اوکاڑہ : والدین کی غفلت، تین بچے آگ کی لپیٹ میں آکر جاں بحق

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) والدین کی غفلت، تین بچے آگ کی لپیٹ میں آکر جاں بحق

    اوکاڑہ کے نواحی قصبے 31 جی ڈی میں ایک دلخراش واقعے میں، والدین کی غفلت کے باعث گھر میں آتشزدگی سے 2 کمسن بھائی اور ان کی بہن جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق قصبہ 31 جی ڈی کے رہائشی زاہرے خان کے 3 کمسن بچے ایک ہی چارپائی پر چادر اوڑھے سو رہے تھے اور گھر والوں نے مچھر سے بچاؤ کے لیے چارپائی کے قریب اُپلے جلا رکھے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اُپلوں کی آگ بستر کی چادر کو لگی جس نے تینوں بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ سے 4 سالہ شیزہ اور 2 سالہ قمر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئےجبکہ 7 سالہ عبداللہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ بھی جانبر نہ ہو سکا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کے احکامات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب اور اسسٹنٹ کمشنر ممتاز سوگوار خاندان کے گھر پہنچے۔ ضلعی انتظامیہ نے جاں بحق بچوں کی تدفین کے اخراجات اٹھائے اور اپنی نگرانی میں بچوں کو سپرد خاک کیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ آتشزدگی سے جھلس کر فوت ہونے والے بچوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے فوت ہونے والے بچوں کے والدین کی مالی امداد کے لیے فوری درخواست کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سول ڈیفنس کو آتشزدگی کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے موثر عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلباء کو فائر سیفٹی اقدامات سے آگاہ کرنے پر زور دیا۔

  • اوکاڑہ،گھر میں آگ لگنے سے تین کمسن بچوں کی موت

    اوکاڑہ،گھر میں آگ لگنے سے تین کمسن بچوں کی موت

    اوکاڑہ کے نواحی قصبے 31 جی ڈی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گھر میں لگی آگ کی وجہ سے تین بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

    پولیس کے مطابق قصبہ 31 جی ڈی کے رہائشی زاہرے خان کے تین کمسن بچے ایک ہی چارپائی پر چادر اوڑھے سو رہے تھے۔ گھر والوں نے مچھر سے بچاؤ کے لیے چارپائی کے قریب اُپلے جلا رکھے تھے، جس سے اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔پولیس کے مطابق اُپلوں کی آگ نے بستر کی چادر کو پکڑ لیا، اور اس چادر نے تینوں بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فوراً آگ نے پورے بستر کو جلا دیا اور بچے بری طرح جھلس گئے۔ آگ کی شدت کے باعث 4 سالہ شیزہ اور 2 سالہ قمر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 7 سالہ عبداللہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ بدقسمتی سے، عبداللہ بھی جانبر نہ ہو سکا اور وہ بھی اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    یہ افسوسناک حادثہ اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں پیش آیا جس کے بعد مقامی افراد اور علاقے کے لوگ غم کی لہر میں ڈوب گئے۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ انہوں نے واقعے کے حوالے سے کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی دل دہلا دینے والا واقعہ ہے اور حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ واقعے کی تحقیقات مکمل کی جائیں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔

    اس واقعے نے نہ صرف علاقے کے افراد کو غمگین کیا بلکہ پورے صوبے میں ایک سنجیدہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ مچھر سے بچاؤ کے لیے اُپلوں کا استعمال کتنی حد تک محفوظ ہے، اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

  • اوکاڑہ:عید ملن پارٹی سابق صدر بار سے وفد کی ملاقات، پاکستان کی ترقی کے لیے دعائیں

    اوکاڑہ:عید ملن پارٹی سابق صدر بار سے وفد کی ملاقات، پاکستان کی ترقی کے لیے دعائیں

    اوکاڑہ(نامہ نگار، ملک ظفر) عید ملن پارٹی سابق صدر بار سے وفد کی ملاقات، پاکستان کی ترقی کے لیے دعائیں

    اوکاڑہ میں عید ملن پارٹی کے پرمسرت موقع پر آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے ایک معزز وفد نے سابق صدر بار اوکاڑہ ملک مقبول حسین شاکر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد شریک ہوئے، جنہوں نے نہ صرف عید کی خوشیاں بانٹیں بلکہ وطن عزیز کی ترقی اور استحکام کے لیے اجتماعی عزم کا اظہار بھی کیا۔

    ملاقات میں شریک اہم شخصیات میں ملک ریاض احمد (ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ)، ملک سعید الرحمن (پاک آرمی)، سینئر ایڈیٹر ملک اکمل عارف، سماجی کارکن حلقہ این اے 136 ملک خالد یعقوب، ڈاکٹر ملک محمد احمد طلحہ، ملک عامر ذوالفقار ایڈووکیٹ، انسپکٹر ملک لیاقت علی بھوہڑ، ملک یسین آف حاصل پور، طالب علم رہنما ملک سرمد ریاض، ملک اسد وقاص ایڈووکیٹ، ملک ضیاء مانک ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور سینئر صحافی و کالم نگار ملک ظفر اقبال شامل تھے۔ ان تمام افراد نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور اس موقع پر ان کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔

    اس موقع پر حاضرین نے مل کر پاکستان کی سربلندی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا مانگی۔ دعائیہ کلمات کے دوران جذباتی لمحات دیکھنے میں آئے جب شرکاء نے وطن کے روشن مستقبل کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    سابق صدر بار اوکاڑہ ملک مقبول حسین شاکر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آج پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں معاشی مسائل، سماجی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام جیسے موضوعات شامل ہیں۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللہ آنے والا دور پاکستان کے لیے خوشحالی، ترقی اور استحکام کا دور ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ "ہم سب کو مل کر ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔”

    خاص طور پر نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ "نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ انہیں اپنے بہتر کل کے لیے مثبت سوچ اپنانے اور کردار سازی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تعلیم، محنت اور ایمانداری کے ساتھ وہ نہ صرف اپنی زندگیاں سنوار سکتے ہیں بلکہ ملک کی تقدیر بھی بدل سکتے ہیں۔” ان کے یہ الفاظ حاضرین کے لیے ایک عظیم پیغام ثابت ہوئے اور انہوں نے اسے خوب سراہا۔

    تقریب کے دوران شرکاء نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے ایک دوسرے سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا ،گلے ملےاور مستقبل میں بھی اس طرح کے اجتماعات کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وفد نے سابق صدر بار کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا، جنہوں نے ہمیشہ معاشرتی بہتری کے لیے کام کیا۔

    یہ عید ملن پارٹی نہ صرف ایک سماجی تقریب تھی بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی ثابت ہوئی جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مل کر وطن کی ترقی اور نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس ملاقات نے یہ پیغام دیا کہ اتحاد، مثبت سوچ اور اجتماعی کوششوں سے ہی پاکستان اپنے روشن مستقبل کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔

  • اوکاڑہ:عوامی فلاح و بہبود کے لیے گڈ گورننس ضروری، ڈپٹی کمشنر

    اوکاڑہ:عوامی فلاح و بہبود کے لیے گڈ گورننس ضروری، ڈپٹی کمشنر

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات ہی عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی کے ضامن ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پنجاب کی گائیڈ لائنز کے مطابق ان تمام اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے تمام امور کی موثر انداز میں نگرانی کرنے کی بھی تاکید کی۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے یہ باتیں وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ احسن ممتاز گوندل، اسسٹنٹ کمشنر یو ٹی رب دینو میتلو، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ایس این اے افضال حسین بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی، عوامی شکایات کے ازالے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام افسران خدمت کے جذبے کے تحت کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ:ریونیو افسران کو اہداف حاصل کرنے کا حکم

    اوکاڑہ:ریونیو افسران کو اہداف حاصل کرنے کا حکم

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب کی زیر صدارت ریونیو افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ریونیو افسران نے شرکت کی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سرکاری واجبات کی وصولی ریونیو افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دیے گئے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے محنت سے کام کریں تاکہ تمام سرکاری واجبات کی وصولی بروقت یقینی بنائی جا سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آبیانہ، مالیانہ، زرعی انکم ٹیکس سمیت مختلف کھاتہ جات میں سرکاری واجبات کی وصولی جلد از جلد ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے افسران کو خبردار کیا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔