Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • کشمور:اوکاڑہ کے 12 افراد کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا سے بچ گئے

    کشمور:اوکاڑہ کے 12 افراد کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا سے بچ گئے

    کشمور(باغی ٹی وی رپورٹ)کشمور پولیس نے ایک کامیاب آپریشن میں اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے 12 افراد کو اغوا ہونے سے بچا لیا ہے۔

    ایس ایس پی بشیر بروھی کے مطابق ڈاکوؤں کا ایک گروہ ان افراد کو لکڑیاں کاٹنے کے بہانے کچے کے ایک دور دراز علاقے میں لے جا رہا تھا تاکہ انہیں اغوا کیا جا سکے۔ خوش قسمتی سے پولیس کو اس سازش کی اطلاع مل گئی اور وقت پر کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو آزاد کروا لیا گیا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اغوا ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • اوکاڑہ جمخانہ کے انتخابات میں وقار فیض بھاری اکثریت سے جنرل سیکٹری منتخب

    اوکاڑہ جمخانہ کے انتخابات میں وقار فیض بھاری اکثریت سے جنرل سیکٹری منتخب

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر): اوکاڑہ جمخانہ کے انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس میں وقار فیض نے بھاری اکثریت سے جنرل سیکٹری کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

    انتخابات کے نتائج کے مطابق، وقار فیض کو 350 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل رائے احمد حسن 192 ووٹوں پر ہی اکتفا کر سکیے۔

    بورڈ آف گورنرز میں چار امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میں عمار اجمل 167 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، بلال آشرف خان 160 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر، رضا شاہد 129 ووٹوں کے ساتھ اور ڈاکٹر اویس اکرم 82 ووٹوں کے ساتھ شامل ہیں۔

    یہ انتخابات جمخانہ کے ارکان کے لیے بہت اہمیت کے حامل تھے کیونکہ نئے منتخب ہونے والے عہدیدار اگلے چند سالوں کے لیے جمخانہ کی کارکردگی کو متاثر کریں گے۔

  • اوکاڑہ میں 7 ڈاکو گرفتار، لاکھوں روپے کا مال برآمد

    اوکاڑہ میں 7 ڈاکو گرفتار، لاکھوں روپے کا مال برآمد

    وکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر): اوکاڑہ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو خطرناک ڈاکو گینگ کے 7 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ایک انتہائی مطلوب اشتہاری کو بھی گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ڈاکوؤں سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد ہوا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، پولیس تھانہ شیرگڑھ نے خطرناک شہبازی ڈاکو گینگ کے سرغنہ شہباز عرف شہبازی سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا ہے۔ ان ڈاکوؤں کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے 4 موٹر سائیکل، 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے 8 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    اسی طرح، پولیس تھانہ شیرگڑھ نے ایک انتہائی مطلوب اے کیٹیگری کا اشتہاری حنیف عرف حنیفی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ پولیس تھانہ حویلی لکھا نے عظیم بلوچ ڈاکو گینگ کے سرغنہ عظیم بلوچ اور اس کے ساتھی عالم شیخ کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے، 2 موٹر سائیکل، 4 لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ان ملزمان نے بھی 10 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے اور امید ہے کہ مزید مال مسروقہ برآمد ہوگا۔ ڈی پی او اوکاڑہ محمد ارشد ہدایت نے پولیس ٹیموں کو اس کامیابی پر شاباش دی ہے۔

  • اوکاڑہ : 18 سالہ خاتون سے زیادتی، دو ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ : 18 سالہ خاتون سے زیادتی، دو ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر): اوکاڑہ کے علاقے گہلن روڈ میں ایک 18 سالہ طلاق یافتہ خاتون سے زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے میں ملوث مرکزی ملزم شہزاد اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔

    متاثرہ خاتون گھر سے اپنے روزمرہ کے کام کے لیے نکلی تھی کہ راستے میں ملزم شہزاد نے اسے دھمکایا اور زبردستی ایک فصل جوار میں لے گیا جہاں اس نے خاتون سے زیادتی کی۔ ملزم کا ایک اور ساتھی اس دوران پہرہ دیتا رہا۔ دونوں ملزم موقع سے فرار ہو گئے۔

    متاثرہ خاتون کی والدہ کی شکایت پر تھانہ بصیرپور میں مقدمہ نمبر 1145/24 درج کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او محمد راشد نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے کم وقت میں ہی دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور ان سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • اوکاڑہ میں انسداد پولیو مہم کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

    اوکاڑہ میں انسداد پولیو مہم کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگارملک ظفر): ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے کہا ہے کہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں 6 لاکھ 52 ہزار 255 پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز، رضاکاروں اور فیلڈ ورکرز کو خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔

    ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلث نے بتایا کہ اس مہم میں 66 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 2716 پولیو ٹیمیں کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد پولیو کے خاتمے کے لیے عوام میں آگاہی پھیلانا اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انہیں اس بیماری سے بچانا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا ریونیو افسران کو سرکاری واجبات کی وصولی میں تیزی لانے کا حکم

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا ریونیو افسران کو سرکاری واجبات کی وصولی میں تیزی لانے کا حکم

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی نامہ نگارملک ظفر) ڈپٹی کمشنر کا ریونیو افسران کو سرکاری واجبات کی وصولی میں تیزی لانے کا حکم

    تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنراوکاڑہ کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے ریونیو افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے اپنی کاوشوں میں تیزی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے احکامات کی روشنی میں ریونیو افسران کو آبیانہ، مالیانہ، زرعی انتقالات سمیت دیگر معاملات میں بھرپور اقدامات کر کے سو فیصد ریکوری کو یقینی بنانا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے یہ باتیں ریونیو افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ اس اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر ریونیو افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کامران بشیر ڈوگر نے اجلاس میں سرکاری واجبات کی وصولی اور دیگر ریونیو سے متعلق معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ریونیو افسران کو سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو افسران اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہیں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: پولیس کی ذمہ داری شہریوں نے نبھائی،2 ڈاکو پکڑکر چھترول کے بعد پولیس کے حوالے

    اوکاڑہ: پولیس کی ذمہ داری شہریوں نے نبھائی،2 ڈاکو پکڑکر چھترول کے بعد پولیس کے حوالے

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر): اوکاڑہ میں ڈکیتی کی واردات کرتے دو ڈاکوؤں کو راہگیروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ یہ واقعہ چکنمبر 22/4L کے قریب پیش آیا جب ڈاکو ایک کار سوار کو لوٹ رہے تھے۔

    راہگیروں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلح ڈاکوؤں کو قابو کرلیا، ان کا اسلحہ چھین لیا اور ان کی خوب پٹائی کی۔ بعد ازاں انہیں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    پکڑے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت رمضان عرف جانی (چکنمبر 15/4L) اور وحید بلوچ (ساہیوال) کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ دونوں ڈاکو ریکارڈ یافتہ ہیں اور ایک ہفتہ قبل ضمانت پر جیل سے رہا ہوئے تھے۔

  • اوکاڑہ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے.ریاض الحق جج

    اوکاڑہ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے.ریاض الحق جج

    اوکاڑہ (باغی ٹی نامہ نگار ملک ظفر)ضلع کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ضلع اوکاڑہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن کمیٹی و ممبر قومی اسمبلی ریاض الحق جج نے کہا کہ حکومت پنجاب کا نصب العین عوامی خدمت ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع اوکاڑہ میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں ایک نئی غلہ منڈی کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جس سے کسانوں کو بہت سہولت ہوگی۔ اس کے علاوہ ضلع میں کوڑا کرکٹ کے مسئلے کے حل کے لیے ڈمپنگ سائٹس بھی بنائی جا رہی ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کیپٹن ر فرخ عتیق خان نے کہا کہ ضلع کونسل کی جانب سے تینوں تحصیلوں میں صحت، تعلیم اور انفرااسٹرکچر کے شعبے میں مختلف ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دواؤں کی کمی کو دور کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    ممبر قومی اسمبلی ریاض الحق جج نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کریں۔

    مقامی لوگوں نے ان ترقیاتی منصوبوں کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان سے ضلع کی مجموعی ترقی میں مدد ملے گی۔ ایک مقامی رہائشی محمد علی نے کہا، "نئی غلہ منڈی بننے سے کسانوں کو اپنی فصل بیچنے میں بہت آسانی ہوگی۔”

    ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ ان منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ضلع میں دیگر ترقیاتی کاموں کے لیے بھی نئے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ ہے۔

  • اوکاڑہ: سوشل میڈیا پر سردار شیر علی گورچانی کے خلاف مہم کی مذمت کرتے ہیں،ملک غلام شبیر بھوہڑ

    اوکاڑہ: سوشل میڈیا پر سردار شیر علی گورچانی کے خلاف مہم کی مذمت کرتے ہیں،ملک غلام شبیر بھوہڑ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) سوشل میڈیا پر سردار شیر علی گورچانی کے خلاف مہم کی مذمت کرتے ہیں،ملک غلام شبیر بھوہڑ

    تفصیل کے مطابق آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے صدر ملک غلام شبیر بھوہڑ نے صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی کے خلاف سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے بے بنیاد پروپیگنڈے کی شدید مذمت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سردار شیر علی گورچانی ایک شریف النفس اور عوام دوست لیڈر ہیں،سوشل میڈیا پر راجن پور کے عوام کے محبوب لیڈر سردار شیر علی گورچانی کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں

    ملک غلام شبیر بھوہڑ نے کہا کہ صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی سیاسی حریفوں کے نشانہ بن گئے ہیں،وہ راجن پور کے عوام کے مسیحا ہیں ،عوام دوست لیڈر ہیں جنہوں نے راجن پور میں بہت سے ترقیاتی کام کروائے ہیں،ان کے خلاف سوشل میڈیا پر بے بنیاد مہم چلائی جا رہی ہے۔ آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک سازش ہے۔

    واضح رہے کہ وزیرمعدنیات شیرعلی گورچانی کی ٹیلی فون پر بات کرنے کی مبینہ ویڈیو سامنے آئی تھی وزیر معدنیات نے فون پر کان عباد کو دینے کی یقین دہانی کروائی اور کہا آپ کو معدنیات کا بلاک نیلامی کے ذریعے دیا جائے گا، آپ کے لئے نیلامی کا راستہ نکالا ہے ، عباد نے سوال کیا آپ نیلامی کس طرح کریں گے ؟ شیر علی گورچانی بولے ہم چپ کر کے آپ کو پلاٹ دے دیں گے ، جو پلاٹ آپ نے کہے ہیں وہی آپ کو دیں گے ، اتوار کو لاہور آرہا ہوں پیر کو آپ سے ملاقات ہوگی آپ سے مل کر ہمیں خوشی ہوتی ہے ۔

    اس مبینہ ویڈیو کے سامنے آنے پروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر معدنیات شیر علی گورچانی سے متعلق وائرل ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے شیر علی گورچانی سے جواب طلب کر لیا۔

  • اوکاڑہ :پنجاب سیٹیز پروگرام کے تحت کئی اہم منصوبوں پر کام جاری ہے

    اوکاڑہ :پنجاب سیٹیز پروگرام کے تحت کئی اہم منصوبوں پر کام جاری ہے

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں :پنجاب سیٹیز پروگرام کے تحت کئی اہم منصوبوں پر کام جاری ہے

    ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان کی زیر صدارت پنجاب سیٹیز پروگرام کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سید جمیل حیدر شاہ، میونسپل کمیٹی، واپڈا، ہائی وے، ایریگیشن سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سید جمیل حیدر شاہ اور میونسپل آفیسر انفرا سٹرکچر طلعت حسین نے ضلع میں جاری پی پی پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اوکاڑہ سٹی کی مکمل سیوریج سکیم، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت دیگر پی سی پی منصوبے زیر عمل ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ یہ عوامی سہولت کے منصوبے اپنی مثال آپ ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور ساتھ ہی ساتھ میٹریل کی کوالٹی بہترین ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ افسران منصوبوں میں استعمال ہونے والے مٹیریل کی جانچ کریں تاکہ یہ منصوبے دیر پا ہو سکیں اور عوام ان منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔