وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی، وزیراعظم نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ساتھ ہی شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا،وزیراعظم
شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشتگردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف خیبرپختونخوا کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے، دہشتگردی سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ خیبر پختونخوا حکومت کھڑی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہدا کے خاندانوں کو صبر کی تلقین کی اور شہدا کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔صدرِ مملکت نےواقعے میں مقامی افراد کے گھروں کو پہنچنے والے نقصان پر اظہارِ افسوس کیا،صدرِ مملکت نے صوبے اور وفاق کو زخمیوں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی اور کہا کہ دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنائے جائیں گے، قوم فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،امن کیلئے کوشاں پاکستان کو بھارتی پشت پناہی پر پلنے والے دہشتگرد طالبان رجیم کی پناہ گاہوں سے نشانہ بنا رہے ہیں،پاکستان عالمی امن کی کوششوں میں بھی کامیاب ہوگا اور ہم دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو بھی شکست دیں گے،ہم دہشتگردوں کوہی نہیں بلکہ ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی نشانہ بنائیں گے.
علاوہ ازیں گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا واقعے پر کہنا تھا کہ دہشتگرد صوبے کے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، خیبرپختونخوا پولیس بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے فتح خیل میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نمازِ جنازہ بنوں پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ حکام، پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ .
