Baaghi TV

Category: شوبز

  • شکارپور میں معروف گلوکارہ صنم سندھو اور اُن کی ٹیم پر مبینہ تشدد،معاوضہ بھی نہ ملا

    شکارپور میں معروف گلوکارہ صنم سندھو اور اُن کی ٹیم پر مبینہ تشدد،معاوضہ بھی نہ ملا

    سندھ کی معروف گلوکارہ صنم سندھو نے الزام عائد کیا ہے کہ شکارپور میں ایک شادی کی تقریب کے دوران اُن اور اُن کی ٹیم پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    صنم سندھو کے مطابق انہیں لکھ برادری کی جانب سے نیو فوجداری تھانے کی حدود میں واقع میرانی علاقے میں ایک شادی کی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔گلوکارہ نے بتایا کہ تقریب کے دوران بعض افراد نشے کی حالت میں تھے اور انہوں نے بدتمیزی شروع کر دی۔ صنم سندھو کا کہنا تھا کہ میزبان بھی نشے میں غیر اخلاقی حرکات کرتا رہا۔انہوں نے الزام لگایا کہ تقریب کے دوران اُن پر حملہ کیا گیا جبکہ اُن کی پوری ٹیم، بشمول اُن کے چھوٹے بھائی، کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔صنم سندھو کے مطابق اس واقعے کے باعث اُن کی ٹیم میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تمام افراد شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے۔

    گلوکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں اور اُن کی ٹیم کو کئی گھنٹوں تک یرغمال بنا کر رکھا گیا جبکہ اُن کا موسیقی کا سامان بھی چھین لیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرفارمنس کے لیے طے شدہ معاوضہ بھی ادا نہیں کیا گیا۔صنم سندھو نے صوبائی وزیر ثقافت، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی اور فنکاروں کو تقریبات میں تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب ایس ایس پی کلیم ملک نے بتایا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور شکایت میں نامزد افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس واقعے کے بعد سندھ میں نجی تقریبات میں پرفارم کرنے والے فنکاروں اور ثقافتی شخصیات کی سکیورٹی کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔

  • ثاقب چدھڑ کی اہلیہ نے مومنہ کو کیا بتایا ؟ نئی پیش رفت

    ثاقب چدھڑ کی اہلیہ نے مومنہ کو کیا بتایا ؟ نئی پیش رفت

    پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکنِ اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازع میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر مزید ہلچل مچا دی۔

    رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا تھا کہ ثاقب چدھڑ انہیں ہراساں کر رہے اور دھمکیاں دے رہے ہیں، دونوں ماضی میں ایک دوسرے کے قریب تھے اور شادی کا ارادہ بھی رکھتے تھے، تاہم اداکارہ نے یہ تعلق اُس وقت ختم کر دیا جب انہیں معلوم ہوا کہ ثاقب چدھڑ پہلے سے شادی شدہ ہیں،نجی ٹی وی کے مطابق اس معاملے میں ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرہ خان کا کردار بھی سامنے آیا ہے، مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کے مطابق سمیرہ خان ہی وہ شخصیت تھیں جنہوں نے مومنہ کو فون کر کے بتایا کہ ثاقب پہلے سے شادی شدہ ہیں، رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس انکشاف کے بعد مومنہ اقبال نے فوری طور پر تعلق ختم کر دیا تھا، جبکہ بعد ازاں سمیرہ خان اور مومنہ کے درمیان متعدد ویڈیو کالز پر بات چیت بھی ہوئی، ابتداء میں مومنہ اقبال نے سمیرہ خان کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا کیونکہ وہ خود کو بھی اسی صورتِ حال کا متاثرہ فریق سمجھتی تھیں، تاہم اب معاملات مزید کشیدہ ہو چکے ہیں،رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سمیرہ خان نے مبینہ طور پر مومنہ اقبال کے سسرال والوں سے بھی رابطہ کیا اور ان کی نئی زندگی متاثر کرنے کی کوشش کی۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس معاملے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں جبکہ تاحال ثاقب چدھڑ کی جانب سے ان تمام الزامات پر کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے،

  • خلیل الرحمان قمر کی” لِیو اِن ریلیشن شپ” کلچر پر شدید تنقید

    خلیل الرحمان قمر کی” لِیو اِن ریلیشن شپ” کلچر پر شدید تنقید

    پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے اداکارہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ سے متعلق جاری تنازع پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے معاشرتی اقدار اور نوجوان نسل کے رویّوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ گفتگو کے دوران خلیل الرحمٰن قمر نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے “لِیو اِن ریلیشن شپ” کلچر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی طرزِ زندگی معمول بن گیا تو پھر پاکستان کے نام سے “اسلامی جمہوریہ” کا لفظ ہٹا دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معاشرہ اسلامی اور خاندانی روایات پر قائم ہے، اس لیے نوجوان نسل کو غلط راستہ دکھانے کے بجائے شادی جیسے مضبوط اور باوقار رشتے کو فروغ دینا ضروری ہے، اس قسم کے تعلقات صرف جذباتی نوعیت کے نہیں ہوتے بلکہ اکثر ان میں مالی مفادات بھی شامل ہوتے ہیں۔ اگر واقعی دونوں افراد کے درمیان کوئی تعلق موجود تھا تو اسے عزت، وقار اور سمجھداری کے ساتھ ختم کیا جانا چاہیے تھا، جبکہ اگر معاملہ مالی لین دین کا تھا تو اسے نجی سطح پر حل کرنا زیادہ مناسب تھا۔

    ڈرامہ نگار نے ثاقب چدھڑ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع میں دونوں فریق برابر کے ذمے دار دکھائی دیتے ہیں اور ذاتی معاملات کو سوشل میڈیا اور عوامی سطح پر لانا غیر سنجیدہ اور بچگانہ رویہ ہے۔

    خلیل الرحمٰن قمر نے اس موقع پر شوبز شخصیات کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فنکار معاشرے کے لیے رول ماڈل سمجھے جاتے ہیں، اس لیے انہیں اپنے رویّوں اور نجی معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ سے متعلق مبینہ آڈیو اور ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ شوبز انڈسٹری سمیت عوامی حلقوں میں بھی شدید بحث کا موضوع بن گیا تھا، جبکہ مختلف صارفین اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں،مومنہ اقبال نے ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے اورثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کے شوہر کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے

  • رنویر سنگھ پر فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی لگ گئی

    رنویر سنگھ پر فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی لگ گئی

    بھارتی اداکار رنویر سنگھ پر فلم ڈان 3 سے اچانک علیحدگی کے تنازع پر فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز کی جانب سے پابندی لگا دی گئی۔

    فیڈریشن کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ جب تک رنویر سنگھ ہدایتکار فرحان اختر کے ساتھ مبینہ 45 کروڑ روپے کے نقصان کا معاملہ حل نہیں کرتے، اس وقت تک کوئی بھی پروڈکشن ہاؤس ان کے ساتھ کام نہیں کرے گا۔

    یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب فرحان اختر کی کمپنی ایکسل انٹرٹینمنٹ نے الزام عائد کیا کہ رنویر سنگھ نے تین فلموں کا معاہدہ کرنے کے باوجود آخری وقت پر ڈان 3 سے علیحدگی اختیار کر لی پروڈیوسرز نے مطالبہ کیا ہے کہ رنویر سنگھ تمام پری پروڈکشن اخراجات کی ذمے داری قبول کریں، تاہم فیڈریشن کی ثا لثی کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں رنویر سنگھ نے مؤقف اپنایا کہ یہ معاملہ کسی ’مناسب قانونی فورم‘ پر حل کیا جانا چاہیے۔

    فیڈریشن نے اپنے مؤقف میں کہا کہ فلمی صنعت ایک مشترکہ خاندان کی مانند ہے جہاں اچانک علیحدگیاں پورے نظام کو متاثر کرتی ہیں، اس لیے ایسے رویوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا چیف ایڈوائزر اشوک پنڈت نے بھی واضح کیا کہ آئندہ اس نوعیت کے معاملات پر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

    پابندی کے اعلان کے بعد رنویر سنگھ کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے فلمی انڈسٹری اور ڈان فرنچائز سے وابستہ تمام افراد کا احترام کرنے کی بات کی ہے۔

    ان کے ترجمان کے مطابق رنویر سنگھ نے ڈان 3 سے متعلق تنازع کے دوران جان بوجھ کر خاموشی اختیار کی کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پیشہ ورانہ معاملات کو وقار اور باہمی احترام کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ مختلف قیاس آرائیوں کے باوجود اداکار نے کبھی عوامی سطح پر جواب دینے کو مناسب نہیں سمجھا اور ان کی توجہ مکمل طور پر اپنے آئندہ پروجیکٹس پر ہے۔

    دوسری جانب فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ متعدد نوٹسز کے باوجود رنویر سنگھ کی جانب سے تعاون نہیں کیا گیا، جس کے بعد نان کوآپریشن ڈائریکٹو جاری کیا گیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کے رویے اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ڈان فرنچائز میں اس سے قبل شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے رہے ہیں، جبکہ 2023 میں رنویر سنگھ کو ڈان 3 کے لیے سائن کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ان کی علیحدگی کے بعد معاملہ شدت اختیار کرگیا اور اب یہ تنازع انڈسٹری کے مختلف فورمز تک پہنچ چکا ہے۔

  • ہراسانی کا الزام،ارسلان بٹ نے مامیا شاہ جعفر کو قانونی نوٹس بھجوا دیا

    ہراسانی کا الزام،ارسلان بٹ نے مامیا شاہ جعفر کو قانونی نوٹس بھجوا دیا

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار ارسلان بٹ نے ساتھی اداکارہ مامیا شاہ جعفر کو ہراسانی کے الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

    ارسلان بٹ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے قانونی نوٹس کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے مامیا شاہ جعفر کے الزامات کو جھوٹا اور ہتک آمیز قرار دیا،اداکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ “جھوٹے پر اللّٰہ کی لعنت ہو” جبکہ مزید کہا کہ یہ قانونی نوٹس جھوٹے اور ہتکِ عزت پر مبنی ریمارکس کے خلاف بھیجا گیا ہے،ارسلان بٹ نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت کے اندر معافی نہ مانگنے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل مامیا شاہ جعفر نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں ارسلان بٹ پر شوٹنگ کے دوران ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اداکارہ کے مطابق سیٹ پر صلح کی کوشش کے دوران ارسلان بٹ نے انہیں گلے لگانے کی کوشش کی اور انکار پر ناراضی کا اظہار بھی کیا،دوسری جانب ارسلان بٹ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے قانونی راستہ اختیار کر لیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • 
اداکارہ مومنہ اقبال نے حمزہ حبیب سے نکاح کرلیا

    
اداکارہ مومنہ اقبال نے حمزہ حبیب سے نکاح کرلیا

    ‎پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے حمزہ حبیب کے ساتھ نکاح کر لیا ہے، جس کی تصدیق خود حمزہ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
    ‎لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر حمزہ حبیب نے کہا کہ وہ مومنہ اقبال کے صرف منگیتر نہیں بلکہ شوہر بن چکے ہیں کیونکہ ان کا نکاح دو روز قبل انجام پا چکا ہے۔
    ‎حمزہ حبیب نے گفتگو کے دوران کہا کہ “الحمدللہ مومنہ اقبال اب میری قانونی بیوی ہیں”۔
    ‎دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ حبیب کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں یکم جون تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق جھنگ پولیس نے حمزہ حبیب کے خلاف ثاقب چڈھر نامی شخص کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
    ‎عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ حبیب نے مقدمے کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ثاقب چڈھر نے مقدمہ درج کروانے سے پہلے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
    ‎حمزہ حبیب نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں مومنہ اقبال سے علیحدگی اختیار کرنے کے بدلے مالی لالچ بھی دی گئی۔
    ‎انہوں نے کہا کہ “مجھے کہا گیا کہ مومنہ اقبال سے پیچھے ہٹ جاؤ، تمہیں بہت دولت دی جائے گی”۔
    ‎یاد رہے کہ مومنہ اقبال حالیہ دنوں ذاتی زندگی سے متعلق خبروں کے باعث سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

  • عائشہ ثنا امریکا میں کس حال میں ہیں؟ ڈاکٹر عمر عادل کے حیران کن انکشافات

    عائشہ ثنا امریکا میں کس حال میں ہیں؟ ڈاکٹر عمر عادل کے حیران کن انکشافات

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان اور اداکارہ عائشہ ثنا سے متعلق حیران کن انکشافات سامنے آگئے۔

    عائشہ ثناء کے حوالے سے ڈاکٹر عمر عادل نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ و میزبان مالی مشکلات اور جان کے خطرات کے باعث پاکستان چھوڑنے پر مجبور ہوئیں جبکہ وہ اس وقت امریکا میں مختلف ملازمتیں کرکے زندگی گزار رہی ہیں یہ معاملہ 2018-19 کے دوران پیش آیا، جب عائشہ ثنا شدید مشکلات کا شکار تھیں اداکارہ نے متعدد بار ان سے کہا کہ ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ انہوں نے کچھ رقم ایک جگہ سرمایہ کاری کی تھی جس میں مسئلہ پیدا ہوگیا تھا اور متعلقہ لوگ ان کے پیچھے پڑ گئے تھے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ انہی دنوں عائشہ ثنا نے انہیں ایک کمیٹی میں شامل ہونے کا مشورہ دیا تھا ڈاکٹر عمر عادل کے مطابق 24 دسمبر 2018 کو ان کی کمیٹی نکلنی تھی اور عائشہ ثنا نے کہا تھا کہ وہ رقم لے کر ان کے پاس آرہی ہیں تاہم وہ رقم انہیں کبھی موصول نہ ہوسکی،عائشہ ثنا اس وقت سالٹ لیک سٹی میں مقیم ہیں اور یہ شہر میں ان کی پہلی نہیں بلکہ چوتھی رہائش گاہ ہے، اگرچہ ان کے پاس عائشہ ثنا کا رابطہ نمبر بھی موجود ہے، لیکن وہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ نہیں کرنا چاہتے۔

    انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا میں قیام کے دوران عائشہ ثنا پہلے ایک بھارتی اسٹور اور پھر ایک گیس اسٹیشن پر ملازمت کرچکی ہیں جبکہ اب وہ ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ہوسٹس یا ویٹریس کے طور پر کام کر رہی ہیں جب وہ امریکا جائیں گے تو اسی ہوٹل میں قیام کریں گے تاکہ عائشہ ثنا سے ملاقات کر سکیں۔

  • مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ کے خلاف ڈیجیٹل شواہد فراہم کر دیئے

    مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ کے خلاف ڈیجیٹل شواہد فراہم کر دیئے

    اداکارہ مومنہ اقبال نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف ہراسانی کی شکایت پر قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو باضابطہ طور پر ڈیجیٹل شواہد فراہم کر دیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اداکارہ کی عوامی اپیل کے بعد ایجنسی نے انکوائری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

    اداکارہ کے وکیل کی این سی سی آئی اے کو پیش کردہ تفصیلات کے مطابق یہ تنازع ایک دیرینہ ذاتی معاملے سے جڑا ہے۔ مبینہ طور پر ایم پی اے ثاقب چدھڑ نے 2022 میں اداکارہ کو اپنی تیسری بیوی بننے کے لیے شادی کا باضابطہ پیغام بھیجا۔ رکن اسمبلی کی ازدواجی حیثیت معلوم ہونے پر اداکارہ نے رابطہ ختم کردیا،تاہم مبینہ طور پر ہراسانی کا سلسلہ تب شروع ہوا جب اداکارہ کی کسی اور سے منگنی کا اعلان ہوا،اداکارہ کے وکیل کی جانب سے چیٹ ہسٹری، ڈیجیٹل ریکارڈ اور مبینہ طور پر دھمکی آمیز پیغامات تفتیشی حکام کے حوالے کیے گئے ہیں،مومنہ اقبال نے کئی گھنٹوں تک اپنا بیان تفتیشی حکام کو ریکارڈ کروایا جبکہ ایم پی اے ثاقب چدھڑ بھی این سی سی آئی اے میں پیش ہوئے،این سی سی آئی اے کی تفتیشی ٹیم شواہد کا جائزہ لے رہی ہے۔ دھمکیوں اور سائبر ہراسانی کے الزامات ثابت ہونے پر معاملہ فوجداری کارروائی کے لیے پولیس کو بھیج دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر بیانات میں کہا تھا انہیں اور ان کے اہل خانہ کو حکمران جماعت کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے،بیان میں کہا گیا کہ ملزم کے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے ایف آئی اے، پنجاب پولیس اور این سی سی آئی اے نے ان کی درخواستوں پر توجہ نہیں دی، تاہم سوشل میڈیا پر پوسٹس وائرل ہونے کے بعد ان کی شکایات پر کارروائی کا آغاز ہوا ہے۔

  • اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تاریخ طے

    اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تاریخ طے

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تاریخ سامنے آ گئی ہے

    گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر مومنہ اقبال کی شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں اور اب اداکارہ کی بہن رمشا اقبال نے ان خبروں کی تصدیق کر دی ہے،شادی سے قبل اداکارہ مومنہ اقبال اس وقت اپنی زندگی کے ایک مشکل وقت کا سامنا کر رہی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے اُنہیں اور ان کی فیملی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں،مومنہ اقبال نے اس حوالے سے ایک انسٹا اسٹوری بھی شیئر کی تھی جس کے بعد محکمۂ پولیس نے فوری کارروائی کی اور اب امید ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

    مومنہ اقبال کے کیس کی پیروی ان کی بہن رمشا اقبال کر رہی ہیں جو کہ پیشے سے وکیل ہیں،حال ہی میں رمشا اقبال نے کیس میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کی شادی کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ کیس میں کارروائی کے دوران جواب مثبت تھا، حمایت کرنے پر میڈیا کا شکریہ، ہم نے تمام ثبوت فراہم کر دیے ہیں، ایم پی اے کو بھی بلایا گیا ہے، ہم اس معاملے کو میڈیا پر زیادہ اجاگر نہیں کرنا چاہتے، ہم نے مشکلات کا سامنا کیا لیکن حمایت بھی حاصل ہوئی اور حکومت کی طرف سے سیکیورٹی بھی ملی،مومنہ اقبال کے سسرال والوں کو بھی سیکیورٹی فراہم کی گئی، کیونکہ اُنہیں بھی دھمکیاں دی گئی ہیں، مومنہ کی شادی محمد حمزہ حبیبی سے ہو رہی ہے اور نکاح یکم جون کو ہو گا، یہ شادی خاندان کی رضا مندی سے طے ہوئی ہے اور مومنہ کے ہونے والے شوہر ہمارے رشتے دار نہیں ہیں،مومنہ اقبال کا کیس میں لڑوں گی، میں نے بیرونِ ملک سے وکالت کی ڈگری مکمل کی ہے اور مجھے پاکستان میں قانون کا تجربہ بھی ہے۔

  • 
کنگنا رناوت کا خواتین کو شادی سے پہلے خودمختار بننے کا مشورہ

    
کنگنا رناوت کا خواتین کو شادی سے پہلے خودمختار بننے کا مشورہ

    ‎بھارتی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے بھارت میں جہیز کے مطالبات اور شادی شدہ خواتین پر بڑھتے تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کو شادی سے پہلے مالی اور پیشہ ورانہ طور پر خودمختار بننے کا مشورہ دیا ہے۔
    ‎کنگنا رناوت نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ روزانہ ایسی افسوسناک خبریں سامنے آتی ہیں جن میں نوجوان اور تعلیم یافتہ خواتین شادی کے بعد ظلم، ہراسانی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی لڑکیاں اپنے والدین سے مدد کی اپیل کرتی ہیں لیکن معاشرے میں اکثر شادی شدہ بیٹیوں کو واپس قبول نہیں کیا جاتا، جس کے باعث وہ شدید مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔
    ‎اداکارہ نے نوجوان خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا، فیشن، میک اپ اور ویڈنگ انڈسٹری کبھی یہ نہیں بتاتی کہ زندگی میں سب سے اہم چیز عورت کی اپنی شناخت اور کیرئیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو پہلے خودمختار بننا چاہیے اور اس کے بعد ہی شادی کے فیصلے پر غور کرنا چاہیے۔
    ‎کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ خواتین کو اپنی زندگی کی ہیرو خود بننا ہوگا کیونکہ مشکل وقت میں کوئی دوسرا انہیں بچانے نہیں آئے گا۔ ان کے مطابق عورت کی اصل پہچان اس کے کام، قابلیت اور شخصیت سے ہونی چاہیے نہ کہ صرف اس کی شادی سے۔
    ‎اداکارہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں جہیز کے تنازعات اور شادی شدہ خواتین پر تشدد کے واقعات مسلسل خبروں کا حصہ بن رہے ہیں۔ حال ہی میں نوئیڈا سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ اداکارہ تویشا شرما بھوپال میں اپنے شوہر کے گھر مردہ پائی گئی تھیں۔ پولیس نے تویشا شرما کے شوہر اور ساس کے خلاف جہیز کے لیے ہراسانی اور خودکشی پر اکسانے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔