بھارتی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے بھارت میں جہیز کے مطالبات اور شادی شدہ خواتین پر بڑھتے تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کو شادی سے پہلے مالی اور پیشہ ورانہ طور پر خودمختار بننے کا مشورہ دیا ہے۔
کنگنا رناوت نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ روزانہ ایسی افسوسناک خبریں سامنے آتی ہیں جن میں نوجوان اور تعلیم یافتہ خواتین شادی کے بعد ظلم، ہراسانی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی لڑکیاں اپنے والدین سے مدد کی اپیل کرتی ہیں لیکن معاشرے میں اکثر شادی شدہ بیٹیوں کو واپس قبول نہیں کیا جاتا، جس کے باعث وہ شدید مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔
اداکارہ نے نوجوان خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا، فیشن، میک اپ اور ویڈنگ انڈسٹری کبھی یہ نہیں بتاتی کہ زندگی میں سب سے اہم چیز عورت کی اپنی شناخت اور کیرئیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو پہلے خودمختار بننا چاہیے اور اس کے بعد ہی شادی کے فیصلے پر غور کرنا چاہیے۔
کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ خواتین کو اپنی زندگی کی ہیرو خود بننا ہوگا کیونکہ مشکل وقت میں کوئی دوسرا انہیں بچانے نہیں آئے گا۔ ان کے مطابق عورت کی اصل پہچان اس کے کام، قابلیت اور شخصیت سے ہونی چاہیے نہ کہ صرف اس کی شادی سے۔
اداکارہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں جہیز کے تنازعات اور شادی شدہ خواتین پر تشدد کے واقعات مسلسل خبروں کا حصہ بن رہے ہیں۔ حال ہی میں نوئیڈا سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ اداکارہ تویشا شرما بھوپال میں اپنے شوہر کے گھر مردہ پائی گئی تھیں۔ پولیس نے تویشا شرما کے شوہر اور ساس کے خلاف جہیز کے لیے ہراسانی اور خودکشی پر اکسانے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کنگنا رناوت کا خواتین کو شادی سے پہلے خودمختار بننے کا مشورہ
