Baaghi TV

Tag: امریکا

  • ایران سے متعلق کسی بھی معاہدے میں اسرائیل فریق نہیں بنے گا،نیتن یاہو

    ایران سے متعلق کسی بھی معاہدے میں اسرائیل فریق نہیں بنے گا،نیتن یاہو

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے واضح کیا ہے کہ ایران سے متعلق کسی بھی ممکنہ بین الاقوامی معاہدے یا مفاہمت میں اسرائیل فریق نہیں بنے گا اور اپنی قومی سلامتی سے متعلق فیصلے خود کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے اور سفارتی پیش رفت کے تناظر میں اسرائیل پر زور دے رہا ہے کہ وہ لبنان میں اپنی فوجی کارروائیوں کو محدود کرے یا انہیں روک دے لبنان میں کشیدگی میں کمی سے خطے میں سفارتی ماحول بہتر ہوگا اور ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

    تاہم اس معاملے پر واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان اختلافات موجود ہیں اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ حزب اللہ اور دیگر ممکنہ خطرات کے خلاف کارروائی اس کی قومی سلامتی کا معاملہ ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا نیتن یاہو نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اسرائیل اپنی سکیورٹی پالیسی کسی دوسر ے ملک کی خواہشات کے مطابق ترتیب نہیں دے گا اور اپنے دفاع کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گاایران سے متعلق کسی عالمی معاہدے کا حصہ بننا اسرائیل کے لیے لازمی نہیں اسرائیل اپنی قومی سلامتی سے متعلق فیصلے خود کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

  • میکسیکو میں 5.22 شدت کا زلزلہ

    میکسیکو میں 5.22 شدت کا زلزلہ

    میکسیکو میں 5.22 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

    رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی، مقامی حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں کی نگرانی جاری ہے۔

    جرمن ریسرچ سینٹر برائے ارضیاتی علوم کے مطابق زلزلے کی شدت 5.22 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی زمین میں 10 کلومیٹر تھی کم گہرائی کے باعث زلزلے کے جھٹکے نسبتاً زیادہ شدت سے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

    حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے، زلزلے کے بعد کسی ممکنہ آفٹر شاک کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

  • ایران امریکا  معاہدہ خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کا باعث بننا چاہیئے،برطانوی وزیراعظم

    ایران امریکا معاہدہ خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کا باعث بننا چاہیئے،برطانوی وزیراعظم

    برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کا باعث بننا چاہیے۔

    برطانوی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ایران سے متعلق کسی بھی مفاہمتی معاہدے کا مقصد صرف فوری کشیدگی کا خاتمہ نہیں بلکہ ایک ایسا فریم ورک ہونا چاہیے جو مستقبل میں بھی امن اور استحکام کو یقینی بنا سکے،برطانیہ کسی بھی ممکنہ امن معاہدے پر عمل درآمد میں تعاون کے لیے تیار ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ معاہدے کی کامیابی اور خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

    برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال، ایران کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں اور عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی مکمل بحالی ضروری ہے انہوں نے آئندہ دنوں میں بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دعویٰ کر چکے ہیں کہ کل بروز اتوار ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے-

  • کینیڈی سینٹر سے ٹرمپ کا نام ہٹا دیا گیا

    کینیڈی سینٹر سے ٹرمپ کا نام ہٹا دیا گیا

    امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں جان ایف کینیڈی سینٹر فار دی پرفارمنگ آرٹس کی عمارت سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام ہٹا دیا گیا۔

    یہ اقدام ایک وفاقی جج کے اس فیصلے کے بعد کیا گیا جس میں قرار دیا گیا تھا کہ ادارے کا نام تبدیل کرنا غیر قانونی تھا عدالتی دستاویزات میں کینیڈی سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ ادارے نے کینیڈی سینٹر کی عمارت اور اس کے احاطے میں موجود تمام جسمانی سائن بورڈز سے ٹرمپ کا نام ہٹا دیا ہے۔

    واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے قریب عمارت کے بیرونی حصے پر نصب سائن بورڈ اب بھی ایک سفید ترپال سے ڈھکا ہوا تھا، جبکہ کارکن ٹرمپ کا نام ہٹانے کے لیے کام میں مصروف تھے،یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب جج نے کینیڈی سینٹر کے بورڈ کی جانب سے ٹرمپ کا نام ہٹانے کا عمل روکنے کی آخری لمحے کی درخواست مسترد کردی۔

    یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کی اس وسیع تر کوشش کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت وہ وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد سرکاری مقامات پر اپنا نام اور تصویر نمایاں کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جو امریکی سیاسی روایت سے ایک غیر معمولی انحراف سمجھا جا رہا ہے جمعہ کی رات آرٹس سینٹر کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی تھی، جو کارکنوں کی جانب سے سائن بورڈ اتارنے کے لیے نصب کیے جانے والے ڈھانچوں کو دیکھ کر وقتاً فوقتاً خوشی کا اظہار کررہی تھی،ہزاروں افراد نے لائیو اسٹریم کے ذریعے بھی اس منظر کو دیکھا اور اس لمحے کے منتظر رہے جب ٹرمپ کا نام دیوار سے ہٹا دیا جائے گا۔

    امریکی ضلعی جج نے گزشتہ ماہ اپنے فیصلے میں حکم دیا تھا کہ واشنگٹن میں واقع اس تاریخی عمارت سے جمعے تک ٹرمپ کا نام ہٹا دیا جائےم29 مئی کو جاری اپنے فیصلے میں جج نے کہا تھا کہ جان ایف کینیڈی سینٹر فار دی پرفارمنگ آرٹس کا نام ٹرمپ کے نام پر رکھنا غیر قانونی تھا اور ادارے کا نام تبدیل کرنے کا اختیار صرف کانگریس کو حاصل ہے انہوں نے انتظامیہ کو 14 روز کی مہلت دی تھی تاکہ سنگ مرمر سے بنی عمارت کے بیرونی حصے اور ادارے سے متعلق تمام مواد سے ٹرمپ کا نام ہٹا دیا جائے کینیڈی سینٹر نے اسی ہفتے اپنے ادارے کی ویب سائٹ سے بھی ٹرمپ کا نام حذف کر دیا تھا۔

    جمعے کے روز جج نے کینیڈی سینٹر کے بورڈ کی جانب سے فیصلے پر عملدرآمد روکنے کی آخری اپیل مسترد کر دی، جس کے بعد ادارے نے سائن بورڈ ہٹانے کی مقررہ مدت میں 12 گھنٹے کی توسیع کی درخواست کی تاہم جج نے یہ درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مفاد شاذ و نادر ہی غیر قانونی حکومتی اقدامات کو برقرار رکھنے میں ہوتا ہے۔

    جج نے ٹرمپ کی اس ہدایت پر بھی عارضی پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے تحت وہ جولائی سے کینیڈی سینٹر کو 2 سال کے لیے تزئین و آرائش کے نام پر بند کرنا چاہتے تھےاس فیصلے پر برہم صدر ٹرمپ نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ وہ اس مقام کا کنٹرول چھوڑ رہے ہیں، جس پر انہوں نے گزشتہ سال اپنی دوسری صدارتی مدت کے آغاز پر خود کو چیئرمین مقرر کر کے قبضہ حاصل کیا تھا۔

    کینیڈی سینٹر کے گورننگ بورڈ، جس میں ٹرمپ نے اپنے وفادار افراد کو شامل کیا تھا، نے دسمبر میں ادارے کا نام تبدیل کرکے ٹرمپ کینیڈی سینٹر رکھنے کے حق میں ووٹ دیا تھا، جس کے بعد کینیڈی کے نام کے اوپر بڑے حروف میں ریپبلکن صدر کا مکمل نام عمارت کے بیرونی حصے پر نصب کر دیا گیا تھا اس اقدام کے بعد متعدد فنکاروں نے اپنے طے شدہ پروگرام منسوخ کر دیے تھے۔

    اب بند ہو چکے یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس کا نام بھی ٹرمپ کے نام سے منسوب کیا گیا، جبکہ محکمہ انصاف اور محکمہ زراعت کی عمارتوں کے باہر نصب بڑے بینرز پر بھی ان کی تصاویر نمایاں کی گئیں ٹرمپ انتظامیہ ملک کی برطانیہ سے آزادی کے اعلان کی 250ویں سالگرہ کی مناسبت سے 250 ڈالر کے نوٹ پر بھی ٹرمپ کی تصویر شامل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

  • تجارتی جہازوں کو امریکی افواج کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا ،امریکی وزیر خارجہ کا بھارتی ہم منصب کو پیغام

    تجارتی جہازوں کو امریکی افواج کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا ،امریکی وزیر خارجہ کا بھارتی ہم منصب کو پیغام

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ہدایات یا آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے آبنائے ہرمز کی صورتحال اور خطے میں بحری سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا مارکو روبیو نے گفتگو کے دوران کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ہدایات یا ناکہ بندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی تجارتی جہازوں کو امریکی افواج کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا امریکی فوج خطے میں امن اور بحری سلامتی برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ ایرانی تیل کی مبینہ غیر قانونی ترسیل بھی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور اس پر سخت ردعمل دیا جائے گا۔

    دوسری جانب بھارتی ذرائع کے مطابق ایک آئل ٹینکر پر مبینہ امریکی کارروائی کے بعد بھارت نے سینئر امریکی سفارت کار کو طلب کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ رابطہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہوا ہے-

  • اتوار کو ایران کیساتھ معاہدہ  طے پاتے ہی ’آبنائے ہرمز‘ کو فوری طور پر کھول دیا جائے گا،ٹرمپ

    اتوار کو ایران کیساتھ معاہدہ طے پاتے ہی ’آبنائے ہرمز‘ کو فوری طور پر کھول دیا جائے گا،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے پر اتوار کے روز دستخط ہونے جا رہے ہیں،اس معاہدے کے طے پاتے ہی ’آبنائے ہرمز‘ کو فوری طور پر کھول دیا جائے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والا معاہدے پر اتوار کے روز دستخط ہوں گے انہوں نے سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور میں ہونے والے جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ معاہدہ ایران کے لیے جوہری ہتھیار تک پہنچنے کا ایک آسان راستہ تھا ہمارا ایران کے ساتھ معاہدہ اس کے برعکس ہے اور یہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے ایک دیوار کی حیثیت رکھتا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران اب جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہش مند نہیں ہے اور وہ اب ان ہتھیاروں کی خریداری، تیاری یا کسی اور ذریعے سے حاصل کرنے کی کوشش بھی نہیں کر سکے گا، اتوار کو ایران کے ساتھ طے شدہ معاہدے پر دستخط کے فوراً بعد آبنائے ہرمز کو سب کے لیے کھول دیا جائے گا میری انتظامیہ کے ماضی کی امریکی حکومتوں کے مقابلے میں ایران کے ساتھ زیادہ بہتر تعلقات ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے بیان میں اوباما انتظامیہ کے اُس فیصلے پر بھی کڑی تنقید کی جس کے تحت معاہدے کے وقت ایران کو اربوں ڈالر کے فنڈز واپس کیے گئے تھے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ممکنہ معاہدے کے تحت ایران کو کسی قسم کی مالی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔

    امریکی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مناسب وقت آنے پر اسے محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے گا ’حالات معمول پر آنے کے بعد امریکا ایران کے پہاڑوں میں دفن جوہری مواد تک رسائی حاصل کرے گا اور اسے بی ٹو بمبار طیاروں اور ماہر پائلٹس کی مدد سے باہر نکال کر ایران یا امریکا میں مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔

    صدر ٹرمپ نےکہا کہ وہ ایران اور پورے مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ عمل تیزی کے ساتھ شروع ہوگا تاہم انہوں نے ایران کو دبے لفظوں میں ایٹمی حملے کی دھمکی ہوئے کہا کہ ’اگر ایسا نہ ہوا تو امریکا کے پاس آخری متبادل موجود ہے، جسے وہ دوبارہ استعمال ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے لے کر ممکنہ امن معاہدے تک، پاکستان نے مرکزی ثالث کے طور پر بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اس پورے عمل میں خاص طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر متحرک نظر آئے، جنہوں نے خود بھی ایران کے دورے کیے اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی پیغام رسانی کے لیے استعمال کیا۔

    ٹرمپ کے اس بیان سے قبل ہی وزیراعظم شہباز شریف امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ کے حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں اس معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی شہباز شریف کے اس بیان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر شیئر کیا تھا جب کہ عرب میڈیا نے عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد کی اتوار کو پاکستان آمد کا بھی دعویٰ کیا ہے جو ممکنہ طور پر اس معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوگا۔

  • ایران کی ایم او یو پر دستخط کے حوالے سے جاری خبروں پر وضاحت جاری

    ایران کی ایم او یو پر دستخط کے حوالے سے جاری خبروں پر وضاحت جاری

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یادداشتِ مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کے حوالے سے جاری خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دستاویز پر دستخط کا اصل وقت کل نہیں ہوگا۔

    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض اطلاعات کے برعکس ایم او یو پردستخط فوری طور پرمتوقع نہیں، تاہم آنے والے دنوں میں اسلام آباد میں یادداشتِ مفاہمت پردستخط کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور پر رابطے اورمشاورت جاری ہے اوراس حوالے سے مناسب وقت پر پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔

    ایرانی ترجمان کے بیان کے بعد ایم او یو پر دستخط کی متوقع تاریخ کے حوالے سے پائی جانے والی قیاس آرائیوں کو نئی جہت مل گئی ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی روابط پر بھی توجہ مرکوز ہو گئی ہے۔

  • ملک کی سر بلندی اور حتمی فتح تک اپنے موقف پر قائم رہیں گے،ایرانی اسپیکر

    ملک کی سر بلندی اور حتمی فتح تک اپنے موقف پر قائم رہیں گے،ایرانی اسپیکر

    ایرانی پارلیمان کے اسپیکر اور سربراہ مذاکرات کمیٹی محمد باقر قالیباف نےکہا کہ اپنے شہدا کے مشن کو جاری رکھیں گے اور کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق باقر قالیباف نے گزشتہ برس کی 12 روزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو جنگ کے دوران عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا نے گزشتہ برس 12 روزہ جنگ کے دوران بھی معصوم بچوں تک کو قتل کیا اور کسی جرم یا ظلم سے گریز نہیں کیا یہ کیسی بہادری تھی جو نہتے بچوں پر دکھائی گئی ہم اپنے شہدا کی قربانیوں سے حوصلہ حاصل کرتے ہوئے ملک کی سر بلندی اور حتمی فتح تک اپنے موقف پر قائم رہیں گے اور کبھی اپنی منزل یا مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے حزب اللہ اور حماس کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکا کی مدد سے ایران پر گزشتہ برس جون میں شدید حملے کیے تھے جس میں ملکی ایٹمی سائنسدانوں، اہم کمانڈرز اور سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنایا تھا۔

  • ٹرمپ کی  جی 7 اجلاس کے دوران اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں طے

    ٹرمپ کی جی 7 اجلاس کے دوران اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں طے

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ جی 7 اجلاس کے دوران اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مصروف رہیں گے۔

    شیڈول کے مطابق ٹرمپ یوکرینی صدرولودیمیرزیلنسکی کے ساتھ جی 7 کے ورکنگ سیشن میں شرکت کریں گے، جس میں یوکرین جنگ اور یورپی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہےاس کے علاوہ وہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ خصوصی عشائیے میں بھی شریک ہوں گے، جو پیرس کے ایک میوزیم میں منعقد کیا جائے گا۔

    امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ کی ملاقاتوں میں متحدہ عرب امارات اورقطرسمیت مشرق وسطیٰ کے دیگراہم رہنماؤں سے بھی بات چیت شامل ہے، جس میں خطے کی سیکیورٹی، توانائی اور سفارتی تعاون زیرغورآئے گا ٹرمپ فرانس اورمصر کے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن کا مقصد عالمی سطح پر جاری کشیدگی، اقتصادی تعاون اور علاقائی تنازعات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

  • امید ہے  ایک یا دو روز میں ایران امریکا کے درمیان معاہدہ طے پا جائےگا،خواجہ آصف

    امید ہے ایک یا دو روز میں ایران امریکا کے درمیان معاہدہ طے پا جائےگا،خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امید ہے کہ ایک یا دو روز میں امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا جائےگا۔

    نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ اطلاعات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے امکانات روشن ہو چکے ہیں اور دونوں فریق ایک سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے یہ بات بھی سامنے آ رہی ہے کہ اس معاہدے کو اسلام آباد معاہدہ کے نام سے پیش کیا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہاکہ پاکستان اور خطے کی تاریخ میں اس نوعیت کی کوئی مثال نہیں ملتی دنیا میں کسی ایسے ملک کی مثال کم ہی ملتی ہے جس نے اتنی بڑی جنگ اور ممکنہ تباہی کو روکنے میں کردار ادا کیا ہو،پاکستان نے مسلسل مزاج اور سنجیدگی کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا یہ مذاکرات طویل عرصے تک جاری رہے اور اس دوران کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، پاکستان نے دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر برقرار رکھنے کی کوشش کی تاکہ گفت و شنید کا سلسلہ منقطع نہ ہو۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ مختلف مراحل پر اسرائیل نے منفی اور تباہ کن کردار ادا کیا لبنان میں اسرائیل نے بے گناہ بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنایا اسرائیل کی خواہش یہی تھی کہ خطے میں تنازع برقرار رہے اور امریکا اس خطے میں مسلسل الجھا رہے، تاہم ان کے خیال میں امریکی انتظامیہ نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے، عالمی قیادت سے جس طرزِ عمل کی توقع کی جاتی ہے، امریکا نے اس کی مثال قائم کی ہے۔

    انہوں نے کہاکہ ایرانی قوم کی ہزاروں سال پر محیط تاریخ ہے اور ایران نے بہادری اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ اپنا دفاع کیا، دونوں ممالک نے دانشمندی کا ثبوت دیا، جبکہ خلیجی ممالک نے بھی انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، یہ ایک مسلمان ملک پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ صلح کرانے کا یہ کردار اس کے حصے میں آیا۔

    خواجہ آصف نے کہاکہ یہ معاہدہ خطے میں امن کے قیام اور اسرائیل کی شکست کے تناظر میں اہم کردار ادا کرے گا فطرت کا قانون یہی ہے کہ بالآخر امن قائم ہونا ہوتا ہے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکلتا ہےآزاد کشمیر میں بھی جلد امن کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے تمام مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت میں پوشیدہ ہے۔