Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • پاکستان نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے مسترد کر دیئے

    پاکستان نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے مسترد کر دیئے

    پاکستان نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے مسترد کردیئے اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی تکمیل کا وعدہ پورا کرے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد ضروری ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت کے نام نہاد نقشوں اور خودمختاری کے دعوؤں کا کشمیر کی حیثیت پر کوئی اثر نہیں پڑیگا۔

    پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور غیر قانونی قبضہ کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے،مقبوضہ جموں و کشمیر تنازع سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب تنازعات میں شامل ہے،حتمی فیصلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہونا ہے،کشمیری عوام کی خواہشات کا اظہار آزادانہ و غیر جانب دارانہ استصواب رائے سے ہوگا،اقوام متحدہ کے نقشوں میں جموں و کشمیر کو متنازع خطہ ظاہر کیا گیا ہے۔

  • بنوں اسپتال کے یورولوجی وارڈ میں آتشزدگی

    بنوں اسپتال کے یورولوجی وارڈ میں آتشزدگی

    بنوں: خلیفہ گل نواز ہسپتال کے یورالوجی وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی-

    ترجمان ایم ٹی آئی بنوں کے مطابق ہسپتال عملے اور ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پا لیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مریضوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا-

    ریسکیو 1122 کے مطابق ہنگامی اطلاع ملنے کے تقریباً 5 منٹ بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے اسپتال عملے کے ساتھ مل کر آگ بجھانے اور مر یضوں کے انخلا کا عمل شروع کیا، آگ پر تقریباً 10 منٹ میں قابو پالیا گیا جبکہ وارڈ میں موجود تمام مریضوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

    اسپتال کے ترجمان محمد نعمان کے مطابق آگ صبح تقریباً 10 بجے لگی اور ابتدائی معلومات کے مطابق اس کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ یا برقی چنگاری معلوم ہوتی ہے اسپتال عملے اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر وارڈ میں موجود مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کردیں بروقت اقدامات کے باعث آگ کو دوسرے حصوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ بجلی کا اسپارک بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین مزید جائزے کے بعد ہی ہو سکے گا۔ بروقت کارروائی کے باعث آگ کو ہسپتال کے دیگر حصوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا-

    بنوں کا یہ واقعہ اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد پیش آیا ہے، جہاں آگ لگنے سے 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھےواقعے کے بعد ملک بھر میں اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات بہتر بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کیے گئے۔

    اسی سلسلے میں لاہور کے جنرل اسپتال کی گائنی وارڈ میں اور ہفتے کے روز پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں شیخ زاید میڈیکل کالج اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں بھی دورانِ جراحی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا،ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ بجلی کی ناقص وائرنگ کے باعث لگی، جس کے بعد ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے فوری طور پر آپریشن روک کر مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

  • نئی دہلی: ہاسٹل کی چھت گرنے سے 7 طلبہ ہلاک،50 سے زائد ملبے تلے دب گئے

    نئی دہلی: ہاسٹل کی چھت گرنے سے 7 طلبہ ہلاک،50 سے زائد ملبے تلے دب گئے

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نجی ہاسٹل کی 5 منزلہ عمارت گرنے سے 7 طلبہ ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی حکام کے مطابق جنوبی دلی میں نجی ہاسٹل کی عمارت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران مزید 2لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد7 ہوگئی،ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 11 افراد کو بچا لیا گیا ہے جب کہ تقریباً 30 سے 50 طلبہ کے ملبے کے نیچے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جن کی تلاش جاری ہے ۔

     

    بھارتی میڈیا کے مطابق عمارت میں زیادہ تر طلبہ رہائش پذیر تھے، جبکہ ملبے تلے 25 سے 30 بچوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، منہدم ہونے والی خستہ حال عمارت تقریباً 50 سال پرانی تھی متاثرین کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ عمارت حکام کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث منہدم ہوئی حادثے کے بعد ملحقہ عمارت کو بھی منہدم ہونے کے خدشے کے پیش نظر خالی کرا لیا گیا ہے۔

    بھارتی حکام کے مطابق عمارت کے تہہ خانے میں پانی جمع ہونے اور وہاں مرمتی کام حادثے کی وجہ بنا،دوسری جانب سوشل میڈیا پر ہاسٹل کی عمارت گرنے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے جس میں ایک دکاندار کو عمارت کے گرنے کے بعد فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

  • جرمنی: ریاستی انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی تاریخی کامیابی

    جرمنی: ریاستی انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی تاریخی کامیابی

    جرمنی کی مشرقی ریاست سیکسنی انہالٹ کے ریاستی انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت آلٹرنیٹو فار جرمنی (اے ایف ڈی) نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرلیے ہیں۔

    اتوار کو جاری کیے گئے ایگزٹ پولز کے مطابق اے ایف ڈی نے 44.2 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ چانسلر فریڈرک مرز کی قیادت میں حکمران جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) صرف 17.4 فیصد ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہی۔

    تازہ انتخابی تخمینوں کے مطابق 83 رکنی ریاستی پارلیمنٹ میں اے ایف ڈی کو 39 نشستیں ملنے کا امکان ہے، تاہم حکومت بنانے کے لیے اسے 42 نشستوں کی ضرورت ہے،اس طرح واضح برتری کے باوجود اے ایف ڈی کو حکومت سازی کے لیے اتحادیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

    اے ایف ڈی نہ جرمنی کی 16 ریاستوں میں سے کسی کی حکومت کا حصہ رہی ہے اور نہ ہی وفاقی حکومت میں شامل ہوئی ہےسی ڈی یو کے ریاستی رہنما اور موجودہ وزیر اعلیٰ سوین شولز نے اے ایف ڈی کی کامیابی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کو انتخابی نتائج کے ساتھ جینا ہوگا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اے ایف ڈی کے ساتھ تعاون کا ارادہ نہیں رکھتے۔

    اے ایف ڈی کی کامیابی کو مشرقی جرمنی میں پائی جانے والی سیاسی بے چینی، معاشی عدم مساوات اور سابق مشرقی جرمنی سے وابستہ جذبات سے بھی جوڑا جا رہا ہےجماعت نے انتخابی مہم میں غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری، سخت امیگریشن پالیسی اور روایتی اقدار کے فروغ جیسے نکات کو نمایاں کیا۔

    سیکسنی انہالٹ کی اے ایف ڈی شاخ کو ریاستی داخلی انٹیلیجنس ادارے نے ’دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیم‘ قرار دے رکھا ہے، تاہم جماعت اس الزام کو سیاسی بنیادوں پر کیا گیا اقدام قرار دے کر مسترد کرتی ہے انتخابی نتائج کو چانسلر فریڈرک مرز کے لیے بھی ایک بڑا سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ان کی حکومت کو جرمنی کی کمزور معاشی شرح نمو بحال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    اے ایف ڈی کی تاریخی کامیابی نے ملک میں دائیں بازو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور روایتی سیاسی جماعتوں کے لیے درپیش چیلنج کو مزید نمایاں کردیا ہے۔

  • پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا معاملہ، وفاقی آئینی عدالت میں جلد سماعت کی درخواست

    پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا معاملہ، وفاقی آئینی عدالت میں جلد سماعت کی درخواست

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر وفاقی آئینی عدالت میں کیس کی جلد سماعت کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔

    ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق کیس کو رواں ہفتے ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہیں، جبکہ حالات معمول پر آنے کے باوجود پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جا رہی۔

    درخواست گزار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں کے اثرات براہِ راست عام آدمی پر پڑ رہے ہیں اور اس کے باعث اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے،عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر رواں ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

  • کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے ،اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے،عظمیٰ بخاری

    کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے ،اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے،عظمیٰ بخاری

    وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کر رکھا ہے اور پنجاب کے تمام محکموں سے بدعنوانی کا خاتمہ ان کا مشن ہے،کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے اور اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے-

    اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 54 افسران اور اہلکار معطل یا ملازمت سے برخاست کیے جاچکے ہیں، صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران و اہلکار گرفتار کیے گئے، جبکہ 6 ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا گیا اور 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی جاری ہے۔

    عظمیٰ بخاری کے مطابق وکٹوریہ اسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو اسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ منسوخ کردیا گیا ہے،کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے اور اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے، کسی کو بھی سیاسی یا ذاتی بنیاد پر نشانہ نہیں بنایا جائے گا،عوام کرپشن کے خاتمے کے لیے مریم نواز کے ساتھ ہیں اور پنجاب میں جاری کریک ڈاؤن کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد یقینی بنایا ہے، انہوں نے کبھی تنقید اور منفی پروپیگنڈے کی پرواہ نہیں کی،جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور کرنے کے بجائے چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔

  • ورک ویزوں کے نام پر لاکھوں روپے بٹورنے والا نیٹ ورک بے نقاب

    ورک ویزوں کے نام پر لاکھوں روپے بٹورنے والا نیٹ ورک بے نقاب

    یورپی و وسطی ایشیائی ممالک کے ورک ویزوں کے نام پر لاکھوں روپے بٹورنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا، 2 ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل امیگریشن نعمان صدیقی کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی ویزا کاروبار کے خلاف خصوصی کارروائی کرتے ہوئے ناروے، چیک ریپبلک، ازبکستان اور دیگر ممالک کے ورک ویزوں کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق خفیہ شکایت موصول ہونے پر ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ملتان کی ٹیم نے سبزہ زار میٹرو اسٹیشن ملتان کے قریب واقع OAAIDDAT Trading & Services کے دفتر پر چھاپہ مارا، جہاں مبینہ طور پر ازبکستان میں “پیکنگ ہیلپرز” کی ملازمتوں کے اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیا جا رہا تھا۔

    کارروائی کے دوران کاروبار کے مالک رانا محمد احسن اور اس کے ساتھی محمد زبیر کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ دفتر کی تلاشی کے دوران ازبکستان کے ویزوں والے پاسپورٹس، دیگر پاسپورٹس، اصل تعلیمی اسناد، چیک بکس، رسیدی کتابیں اور ریکارڈ رجسٹر قبضے میں لے لیے گئے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ناروے کے ورک ویزے کے لیے ایک شہری سے 24 لاکھ روپے جبکہ چیک ریپبلک کے ورک ویزوں کے لیے دو الگ شہریوں سے 15، 15 لاکھ روپے وصول کرنے کے معاہدے بھی برآمد ہوئے، ملزم کے موبائل فون سے مزید پانچ پاسپورٹس کی تفصیلات سامنے آئیں جبکہ ابتدائی تحقیقات میں ازبکستان کے ورک ویزوں کے نام پر مختلف شہریوں سے رقوم وصول کرنے کا بھی انکشاف ہوا۔

    ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے مبینہ نیٹ ورک کے مزید ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں۔ ایف آئی اے نے امیگریشن آرڈیننس 1979 اور پاسپو رٹ ایکٹ 1974 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ نیٹ ورک سے متاثر ہونے والے مزید شہریوں اور اس کے دیگر سہولت کاروں کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا۔

  • یوم فضائیہ کے موقع پر پاکستان ائیر فورس کیجانب سےنیا نغمہ ریلیز

    یوم فضائیہ کے موقع پر پاکستان ائیر فورس کیجانب سےنیا نغمہ ریلیز

    یومِ فضائیہ پر جاری کیا گیا نغمہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرأت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔

    نغمہ میں وطن کی حفاظت کیلئے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو نہایت خوبصورت انداز میں فلمایا گیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے وطن کی حفاظت میں قربانیاں دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملائے،شاہینوں کی بے مثال جرات نے ہر محاذ پر دشمن کو للکارا اور پاکستان کی فضائی حدود کو محفوظ رکھانغمہ میں پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں کی مہارت سے دی گئی فیصلہ کن شکست کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

    وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کی قربانیاں پاکستان کی فضائی طاقت اور عزم کی مثال ہیں،نغمہ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کا ہر لمحہ مادر وطن کے دفاع کیلئے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کا عزم اجاگر کیا گیا۔

  • یومِ فضائیہ: صدر مملکت اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت

    یومِ فضائیہ: صدر مملکت اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلکاروں کی شاندار کارکردگی اور بے مثال بہادری کو سراہا ہے۔

    اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا، جبکہ معرکۂ حق میں بھی پاک فضائیہ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا،پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی جرأت مندانہ قیادت، بہترین منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے،تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاک فضائیہ نے بھرپور مقابلہ کرنے کی اپنی روایت برقرار رکھی۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، وہ ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ہر موقع پر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور ملکی فضائی حدود کے دفاع میں اس کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے ہر مشکل اور جنگی صورتحال میں اپنی صلاحیتوں کا بارہا لوہا منوایا۔

    7 ستمبر کو یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ قا بلیت، مہارت اور برتری ثابت کی ہے، پاک فضائیہ ایک قابلِ فخر ادارہ ہے جس کی تاریخ قربانی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے عبارت ہے،‘اس ادارے نے جب بھی قوم نے پکارا، غیر معمولی حوصلے اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔’

    وزیراعظم نے ستمبر 1965 کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے ہوا بازوں نے ملکی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے غیر معمولی جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے آسمان کی وسعتوں میں اپنے عزم اور جذبے سے کامیابی حاصل کی۔

    انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا قومی اعزاز ہے،وزیراعظم نے مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ ہونے والے معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ کے کردار کو بھی اجاگر کیاانہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دیگر مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کا ایک بار پھر بھرپور مظاہرہ کیا۔

  • فلسطینیوں کی جبری بے دخلی :پاکستان سمیت 8مسلم ممالک کی اسرائیلی وزرا کے بیانات کی شدید مذمت

    فلسطینیوں کی جبری بے دخلی :پاکستان سمیت 8مسلم ممالک کی اسرائیلی وزرا کے بیانات کی شدید مذمت

    پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی وزرائے دفاع و قومی سلامتی کے فلسطینیو ں کو غزہ سے بے دخل کرنے سے متعلق بیانات اور تجاویز کی شدید مذمت کی ہے۔

    مشترکہ بیان میں آٹھوں ممالک نے اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے ان بیانات کو مسترد کیا جن میں غزہ سے فلسطینیوں کی منتقلی یا بے دخلی کے منصوبوں اور طریقہ کار کی بات کی گئی ہے۔

    وزرائے خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق اشتعال انگیز بیانات اور تجاویز بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور فلسطینی عوام کے جائز اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔

    مشترکہ بیان میں واضح کیا گیا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش یا منصوبے کو، خواہ یہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے اندر ہو یا ان سے باہر، کسی بھی جواز یا بہانے کے تحت قبول نہیں کیا جائے گا، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو سرکاری پالیسی یا عملی اقدامات کی شکل دینے سے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور اس سے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر رہنے اور اپنے جائز حقوق کے حصول کا حق حاصل ہے جبکہ جبری بے دخلی خطے میں دیرپا امن کے قیام کی کوششوں کو مزید پیچیدہ کر سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے غزہ کے فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر منتقلی یا نام نہاد ’’رضاکارانہ ہجرت‘‘ کے منصوبوں کی حمایت کی تھی، اس صورتحال پر امریکا کے اسرائیل میں سفیر مائیک ہکابی نے بھی کہا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ سے زبردستی نکالنے کے لیے امریکا کا حمایت یافتہ کوئی منصوبہ موجود نہیں۔

    پاکستان سمیت آٹھ ممالک اس سے قبل بھی فلسطینیوں کی جبری بے دخلی، اسرائیلی آبادکاری اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے الحاق کی کوششوں کو مسترد کرتے رہے ہیں،اگست 2026 میں بھی انہی آٹھ ممالک نے اسرائیل کے E1 آبادکاری منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی کارروائیاں دو ریاستی حل اور فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔