Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • ایران کا امریکی آبدوز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران کا امریکی آبدوز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکی آبدوز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے ایک بغیر پائلٹ، ریموٹ سے چلنے والے بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے،پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکی بغیر پائلٹ بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایک محفوظ علاقے میں دا خل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم امریکی حکام نے تاحال ایرانی دعوے کی تصدیق نہیں کی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے تین آئل ٹینکروں اور دیگر علاقوں میں موجود تین امریکی بحری جہازوں سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا گیا،ایران نے ان کارروائیوں کو امریکی افواج کی جانب سے تین ایرانی آئل ٹینکرو ں پر کیے گئے حملوں کا جواب قرار دیا ہے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی افواج نے تین ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا تھا، جن میں ایک کو جزیرہ خارگ کے قریب نشانہ بنایا گیا جو ایران کی تیل برآمدات کا اہم مرکز ہے۔

  • پنجاب: کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی، 12 اہلکارنوکری سے برخاست، 37 افسران و اہلکار معطل

    پنجاب: کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی، 12 اہلکارنوکری سے برخاست، 37 افسران و اہلکار معطل

    وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی،سول ڈیفنس پنجاب کے 12 اہلکار نوکری سے برخاست، 37 افسران و اہلکار معطل اور 7 کا تبادلہ کر دیا گیا-

    کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی پر سول ڈیفنس کے 12 اہلکار وں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا،نوکری سے برخاست ہونے والوں میں فرمان اللہ (سرگودھا)، نوید (خوشاب)، محمد ارشاد اور ناصر اقبال (ملتان)، اصغر ( لودھراں) شامل ہیں جبکہ گوجرانوالہ کے گروپ وارڈن رحمان مقبول اور حمزہ بلال بٹ نوکری سے برخاست کر دیئے گئےعلاوہ ازیں نوکری سے برخاست ہونے والوں میں امان اللہ اور فیضان (حافظ آباد)، شریف (نارووال)، بشیر احمد اور شبیر احمد (بہاولپور) شامل ہیں،عملدرآمد کیلئے ڈپٹی کمشنرز سرگودھا، خوشاب، ملتان، لودھراں، گوجرانوالہ، حافظ آباد، بہاولپور اور نارووال کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے-

    دوسری جانب کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی پر سول ڈیفنس کے 37 افسران و اہلکار وں کومعطل کر دیا گیا ہے،سول ڈیفنس آفیسر رحیم یار خان شکیب احمد ، و ہا ڑ ی، سیالکوٹ، خوشاب اور ساہیوال کے اسسٹنٹس سردار علی، ثناء اللہ، محمد کامران اور شاہ نواز معطل ہونے والوں میں شامل ہیں ،نارووال اور گوجرانوالہ کے سینئر کلرک محمد الطاف اور محمد قاسم کو معطل کیا گیا ہے-

    اسی طرح سول ڈیفنس کے 9 چیف انسٹرکٹر اور 15 انسٹرکٹر بھی معطل کیے گئے چیف انسٹرکٹرز سلیمان (ٹوبہ ٹیک سنگھ)، محمد شکور (فیصل آباد)، محمد الطاف (اوکاڑہ)، غلام ربانی (ساہیوال)، عقیل گُل (رحیم یار خان)، کاشف مسعود (وہاڑی)، حافظ محمد زکریا (نورووال)، محمد یوسف (منڈی بہاؤالدین)، بلال احسان (قصور) بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں-

    انسٹرکٹر محمد بلال (میانوالی)، چراغ دین (قصور)، محمد شاہد اور مدثر لیاقت (شیخوپورہ)، سہیل پرویز (لاہور)، آصف علی (وہاڑی)، محمد زمان (گوجرانوالہ)، محمد عرفان اور محمد مستنصر (فیصل آباد)، راحیل اجمل (سرگودھا)، عاصف علی اور محمد ابوبکر (سیالکوٹ)، مبشر علی (ساہیوال)، احمد فیضان (رحیم یار خان)، صدف ظہور (راولپنڈی) کو بھی معطل کر دیا گیا ہے-

    ریسکیو لیڈر محمد اسلم (ملتان)، ریسکیور ناصر محمود (راولپنڈی)، فرسٹ ایڈر قمر الطاف (ملتان)، ڈرائیور اشفاق احمد (ملتان)، نائب قاصد محمد وارث (جھنگ)، سینٹری ورکر سہیل مسیح (گجرات) بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں،ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پیڈا کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا،معطل کیے گئے افسران اور اہلکاروں کو سول ڈیفنس پنجاب ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے-

    طویل عرصہ تعیناتی اور انتظامی وجوہات کی بناء پر 7 سول ڈیفنس افسران کا تبادلہ بھی کیا گیا،سول ڈیفنس آفیسر مظفرگڑھ سیدہ سحرش ارشاد کو سول ڈیفنس آفیسر وہاڑی تعینات کیا گیا ،سول ڈیفنس آفیسر وہاڑی محمد ریحان کو سول ڈیفنس آفیسر بہاولنگر تعینات کیا گیا سول ڈیفنس آفیسر فیصل آباد محمد عباس کا بطور سول ڈ یفنس آفیسر ساہیوال تبادلہ کیا گیا-

    سول ڈیفنس آفیسر ساہیوال محمد عدنان قیصر، سول ڈیفنس آفیسر اوکاڑہ تعینات کئے گئے ہیں،سول ڈیفنس آفیسر اوکاڑہ محمد اقبال جاوید، سول ڈیفنس آفیسر فیصل آباد تعینات کئے گئے ہیں،اسی طرح سول ڈیفنس آفیسر (سول سیکرٹریٹ) لاہور سدرہ یاسین رانا ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس پنجاب میں چیف اسٹاف آفیسر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سول ڈیفنس آفیسر سیالکوٹ فرحانہ عزیز، سول ڈیفنس آفیسر (سول سیکرٹریٹ)، لاہور تعینات کئے گئے ہیں-

    چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام محکموں کے سربراہان کو محکمانہ احتساب کی ہدایت کی تھی،محکمہ داخلہ پنجاب کرپشن، نااہلی، بدانتظامی اور قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے

  • جسٹس (ر) روح الامین خان  نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے چیئرمین مقرر

    جسٹس (ر) روح الامین خان نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے چیئرمین مقرر

    وفاقی حکومت نے جسٹس (ر) روح الامین خان کو نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) کا چیئرمین مقرر کردیا۔

    وفاقی وزارت اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس (ر) روح الامین خان کی تقرری انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ دوہزار بارہ کے سیکشن 53 کے تحت وفاقی کابینہ کے پانچ ستمبرکے فیصلے کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے،جسٹس (ر) روح الامین خان کو فوری طور پر تین سا لہ کنٹریکٹ پر یہ عہدہ سونپا گیا ہے، جو ان کی ذمہ داری سنبھالنے کی تاریخ سے موٴثر ہوگا،تاہم یہ مدت 68سال کی عمر تک محدود ہوگی۔

  • ایران پر حملہ ہوا تو جواب پہلے سے زیادہ تیز اور دردناک ہوگا، قالیباف کی دھمکی

    ایران پر حملہ ہوا تو جواب پہلے سے زیادہ تیز اور دردناک ہوگا، قالیباف کی دھمکی

    تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ دردناک ہوگا۔

    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے امریکی فورسز پر کیے گئے خوفناک حملوں کے بعد امریکی حکام مایو س اور اپنے بے معنی اور کھوکھلے نعروں کے ساتھ میدانِ جنگ کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہے ہیں، امریکی حکام یقینی طور پر سمجھتے ہیں کہ متناسب جوابی کارروائیوں کا دور ختم ہوچکا ہے، جبکہ حالیہ کارروائیوں کے دوران امریکی اڈوں پر ایران کے حملے صرف ابتدا تھے۔

    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے مطابق اگر امریکا نے اب تک اس حقیقت کو نہیں سمجھا تو اسے بہت دیر ہونے سے پہلے یہ سمجھ لینا چاہیے کہ کھیل کے اصول تبدیل ہوچکے ہیں،اب ایران کی سیکیورٹی اور اثاثوں کی کسی بھی خلاف ورزی کا جواب پہلے سے زیادہ تیزی، شدت اور تکلیف دہ انداز میں دیا جائے گا۔

    قالیباف نے امریکی حکام کی جانب سے میدانِ جنگ سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز کے حوالے سے بھی الزام عائد کیا کہ انہیں مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیا جا رہا ہے امریکی حکام ایران کی مسلح افواج کی جانب سے امریکی فورسز پر کیے جانے والے خوفناک حملوں کے باعث مایوسی کا شکار ہیں اور اپنے بے معنی اور کھوکھلے نعروں کے ذریعے صورتِ حال کو پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    محمد باقر قالیباف نے واضح کیا کہ ایران کی حالیہ کارروائیوں کو متناسب ردعمل کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ ان کے بقول متناسب جوابی کارروائیو ں کا دور ختم ہوچکا ہے، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے یہ بیانات ایران کی مسلح افواج کی جانب سے امریکی فورسز کے خلاف حالیہ کاررو ائیوں کے تناظر میں سامنے آئے ہیں-

  • جیفری ایپسٹین خواتین کوکیسے قابو کرتا تھا، متاثرہ خاتون کی امریکی اخبار سے گفتگو

    جیفری ایپسٹین خواتین کوکیسے قابو کرتا تھا، متاثرہ خاتون کی امریکی اخبار سے گفتگو

    امریکی ارب پتی جیفری ایپسٹین کے جنسی استحصال کے اسکینڈل سے متعلق ایک متاثرہ خاتون جولیا مولچانووا پہلی مرتبہ کھل کر سامنے آگئی ہیں، جنہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایپسٹین اپنے لیے کام کرنے والی نوجوان خواتین کو قابو میں رکھنے کے لیے مختلف نفسیاتی اور مالی حربے استعمال کرتا تھا۔

    دی وال اسٹریٹ جرنل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جولیا مولچانووا نے بتایا کہ ایپسٹین اپنے گھروں میں موجود خواتین کو عام طور پر ’اسسٹنٹ‘ قرار دیتا تھا، حالانکہ ان کے بقول اس اصطلاح کے پیچھے اصل حقیقت مختلف تھی،جب کوئی مہمان آتا تو ایپسٹین انہیں اپنا اسسٹنٹ متعارف کراتا تاکہ مبینہ زیادتی اور استحصال کو چھپایا جاسکے، ’اسسٹنٹ‘ کا لفظ دراصل ایک قانونی پردہ تھا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی ایپسٹین سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ 22 سال کی تھیں اور روس سے نیویارک آئی تھیں، اس وقت وہ انگریزی زبان نہیں جانتی تھیں،ان کے بقول ایپسٹین نے سڑک پر ان سے رابطہ کیا اور بظاہر انتہائی مہربانی سے پیش آیا، جس کے باعث انہیں ابتدا میں کسی خطرے کا احساس نہیں ہوا، دونوں نے فون نمبرز کا تبادلہ کیا۔

    اگلے روز ایپسٹین نے انہیں ناشتے پر مدعو کیا اور ان کی زندگی اور دلچسپیوں کے بارے میں سوالات کیے، مولچانووا کے مطابق ایپسٹین کو معلوم ہوا کہ وہ ایک مبینہ طور پر تشدد پسند تعلق میں تھیں اور ڈیزائن و فیشن میں دلچسپی رکھتی تھیں، ایپسٹین نے دعویٰ کیا کہ فیشن انڈسٹری میں اس کے روابط ہیں اور وہ انہیں نیویارک کے فیشن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں داخلے میں مدد دے سکتا ہے۔

    مولچانووا نے بتایا کہ روس واپس جانے کے بعد مولچانووا کو دوبارہ نیویارک آنے کی دعوت دی گئی، ان کے مطابق ایپسٹین نے کہا کہ اس کا سیکریٹری انہیں ادارے کا دورہ کر انے کا انتظام کرے گا بعد ازاں ان کی ایپسٹین سے پیرس میں دوبارہ ملاقات ہوئی،اپنے بوائے فرینڈ سے ایک جھگڑے کے بعد انہو ں نے ایپسٹین سے رابطہ کیا، جس نے انہیں روس واپس بھیجنے میں مدد کی پیشکش کی۔

    تاہم، ان کے بقول، اس کے بجائے ایپسٹین نے انہیں نیویارک کے ایک اپارٹمنٹ میں منتقل کردیا جہاں پہلے ہی دیگر خواتین موجود تھیں ان کے مطابق اسی عرصے کے دوران مبینہ زیادتی کا سلسلہ شروع ہوا۔

    مولچانووا نے ایپسٹین کو انتہائی چالاک اور جوڑ توڑ کرنے والا شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تشدد کا سہارا لینے سے پہلے لوگوں پر نفسیاتی طور پر اپنا کنٹرول قائم کرتا تھا،ایپسٹین خواتین کی زندگی کے تقریباً ہر پہلو پر اثرانداز ہوتا تھا۔ وہ انہیں کریڈٹ کارڈز دیتا، لیکن اخراجات کی مکمل وضاحت اور خریداری کی رسیدوں کی تصاویر طلب کرتا تھا،خواتین کو ایسے فون اور لیپ ٹاپ بھی دیے جاتے تھے جو اس کے اکاؤنٹس سے منسلک تھے، ایپسٹین خواتین کے لباس، بالوں کے انداز حتیٰ کہ ان کے وزن کے بارے میں بھی ہدایات دیتا تھا۔

    ان کے مطابق خواتین سے یہ توقع بھی کی جاتی تھی کہ وہ ایپسٹین کی جانب سے دیے گئے تحائف یا فراہم کی گئی سہولیات پر اسے شکریہ کے پیغامات بھیجیں،انکار کی صورت میں وہ مبینہ طور پر غصے میں چیختا تھا، بعض مواقع پر خواتین کو کمروں میں رہنے اور باہر نہ نکلنے کا حکم دیا جاتا تھا،انہیں تقریباً 24 گھنٹے تک ایک کمرے میں رکھا گیا۔

    انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ ایپسٹین خواتین کو ان کے دوستوں اور خاندان سے دور رکھنے کی کوشش کرتا تھا، انہیں مبینہ زیادتی کے بارے میں بات کر نے سے روکتا اور اپنے اردگرد موجود افراد کو نئی لڑکیوں کو اس تک پہنچانے کی ترغیب دیتا تھا، انہوں نے کسی کو ایپسٹین سے متعارف کرانے سے انکار کیا، جس پر انہیں سزا کا سامنا کرنا پڑا۔

    مولچانووا نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران وہ اکثر شدید ذہنی دباؤ اور افسردگی کا شکار رہتی تھیں، تاہم جب انہوں نے ماہرِ نفسیات سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تو ایپسٹین نے مبینہ طور پر انکار کردیا ایپسٹین کی طاقت، دولت اور بااثر شخصیات سے روابط کے باعث ان کے لیے حکام سے مدد طلب کرنا بھی انتہائی مشکل تھاانہیں خدشہ تھا کہ اگر انہوں نے حکام سے رابطہ کیا تو ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، کیونکہ ایپسٹین کے سیاست دانوں اور دیگر بااثر افراد سے روابط تھے۔

    مولچانووا نے بتایا کہ 2019 کے آغاز میں انہیں اپنے نام پر ایسے کریڈٹ کارڈز اور خریداریوں کا علم ہوا جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی انہیں استعمال نہیں کیا تھا انہوں نے ایک کریڈٹ مانیٹرنگ ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے مالی ریکارڈ کی جانچ کی تو ایسے اکاؤنٹس سامنے آئے جو ان کے نام سے منسلک تھے، حالانکہ وہ ان کے استعمال سے لاعلم تھیں۔

  • شاہ ناروے کی آخری رسومات میں پاکستانی کی نمائندگی عبدالعلیم خان کریں گے

    شاہ ناروے کی آخری رسومات میں پاکستانی کی نمائندگی عبدالعلیم خان کریں گے

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شاہِ ناروے ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صدر، وزیراعظم، فیلڈ مارشل، اپنی جانب سے اور پاکستانی عوام کی طرف سے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا،نائب وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو 9 ستمبر کو اوسلو میں ہونے والی شاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے، شاہ ہیرالڈ پنجم کا انتقال 89 برس کی عمر میں ہوا تھا اور ان کی آخری رسومات 9 ستمبر کو اوسلو میں ہوں گی۔

    اسحاق ڈار اور ایسپن بارتھ ایدے نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

  • کراچی: ڈاکووں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل دم توڑ گیا

    کراچی: ڈاکووں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل دم توڑ گیا

    کورنگی کراسنگ پل پرپولیس اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں شدید زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نجی اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کوکورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی کراسنگ پل پرپولیس اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں شدید زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل28سالہ اویس تنولی ولد محمد یوسف دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نجی اسپتال میں جامِ شہادت نوش کرگئے۔

    پولیس کانسٹیبل کی شہادت پر ایڈیشنل آئی جی کراچی اور آئی جی سندھ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا،پولیس چیف نے متعلقہ افسران کو پولیس مقابلے میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ شہید اویس نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔پولیس چیف نے متعلقہ افسران کو پولیس مقابلے میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

    انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے،آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے بھی کورنگی میں فرض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہونے کے بعد شہادت پانے والے پولیس اہلکار کانسٹیبل اویس کو زبردست خراج عقیدت،اہل خانہ سے تعزیت کی۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل اویس نے جرائم پیشہ عناصر کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کی، جو سندھ پولیس کے بہادر جوانوں کی غیر معمولی جرأت اور عزم کی عکاسی ہےآئی جی سندھ کا شہید کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا، شہید کے خاندان کی ہر ممکن سرپرستی اور معاونت سندھ پولیس کی ذمہ داری ہےاللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، ان کی قربانی کو قبول فرمائے اور لواحقین کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔

  • پنجاب میں مہمان پرندوں کی آمد شروع ،وائلڈلائف رینجرز پنجاب نے  12 غیرقانونی شکاری گرفتار کر لئے

    پنجاب میں مہمان پرندوں کی آمد شروع ،وائلڈلائف رینجرز پنجاب نے 12 غیرقانونی شکاری گرفتار کر لئے

    پنجاب میں مہمان پرندوں کی آمد شروع ہوگئی ہے، جبکہ وائلڈلائف رینجرز پنجاب نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بٹیر، فاختہ، مرغابی، سانڈھے اور جنگلی خرگوش کے 12 غیر قانونی شکاری گرفتار کرلیے۔

    کارروائیوں میں بٹیر کے 13 نیٹنگ گئیرز بھی ضبط کیے گئے، جبکہ پانچ شکاریوں پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور سات کے خلاف مقد مات درج کرائے گئے، بہاولپور ریجن میں وائلڈلائف رینجرز نے چولستان پبلک وائلڈلائف ریزرو کی آبی گزرگاہوں میں نایاب کونجوں کا ایک بڑا غول دیکھا، اسی علاقے میں بکریوں کے ریوڑ کے ساتھ موجود چنکارہ کے ایک شیر خوار بچے کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    لیاقت پور میں فاختہ کے غیر قانونی شکار میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرکے ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، بہاولنگر میں بٹیر کی نیٹنگ اور سانڈھے پکڑنے کے الزام میں پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور بٹیر کے دو نیٹنگ گئیرز ضبط ہوئے منچن آباد میں بٹیر کے مبینہ شکاریوں نے وائلڈلائف رینجرز پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    راجن پور میں مرغابی کے دو شکاریوں پر مجموعی طور پر 70 ہزار روپے، جہلم میں جنگلی خرگوش کے ایک شکاری پر 60 ہزار روپے اور چکوال میں بٹیر کی غیر قا نونی نیٹنگ پر ایک شکاری کو ایک لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ ایک دوسرے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا، بھکر میں بٹیر کے دو نیٹنگ گئیر ز ضبط کرکے دو افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ مظفرگڑھ میں بٹیر کے سات نیٹنگ گئیرز ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی، خوشا ب میں کتوں کے ذریعے جنگلی خرگوش کے شکار پر ایک شخص کو 70 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، اسی علاقے میں واقع اچھالی جھیل پر تقریباً 100 نایاب فلیمنگوز بھی پہنچ چکے ہیں۔

  • جنگ کے دوران اسرائیل نے قطر کو نشانہ بنایا،اسرائیلی وزیراعظم

    جنگ کے دوران اسرائیل نے قطر کو نشانہ بنایا،اسرائیلی وزیراعظم

    اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے قطر پر حملے اور بمباری پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے دوران اسرائیل نے قطر کو نشانہ بنایا-

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے اسرائیلی نیوز چینل ’24 نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں قطر کو ’دشمن ریاست‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی پالیسی کسی دوسرے ملک کے دباؤ کے تحت نہیں چلتی، اسرائیل نے جنگ کے دوران قطر پر حملہ اور بمباری کی اور قطر نے بھی اسرائیل کو نشانہ بنایا۔

    نیتن یاہو کا یہ بیان قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کے تقریباً ایک سال بعد سامنے آیا ہے، 9 ستمبر 2025 کو ہونے والے حملے میں حماس کے 5 ارکان اور قطری سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے، یہ حملہ حماس کے رہنماؤں کے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا تھا، جس میں امریکا کی حمایت سے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز پر بات چیت جاری تھی۔

    قطر نے اس حملے کو عالمی قوانین اور ملکی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی تھی، جبکہ ایران، پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت متعدد ممالک نے بھی اسرائیلی کارروائی کی مذمت کی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

    دوسری جانب نیتن یاہو نے غزہ کو بھیجی جانے والی قطری مالی امداد سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم انسانی امداد کے لیے تھی اور اسے اسرائیلی خفیہ اداروں موساد اور شن بیت کی سفارش پر منتقل کیا گیا تھا، ان کے مطابق غزہ میں داخل ہونے والی مجموعی رقم میں قطری فنڈز کا حصہ صرف 2 فیصد تھا۔

  • پی ٹی آئی  رہنما حماد اظہر  گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر گرفتار

    پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کو گرفتار کرلیا گیا-

    پولیس ذرائع نے کہا کہ حماد اظہر کو ملتان سے گرفتار کر کے لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا، حماد اظہر 9 مئی کے واقعات میں مختلف مقدمات میں ملوث ہیں، حماد اطہر 9 مئی 2023 سے اشتہاری تھے،حماد اظہر کو آر اے بازار کے قریب سے حراست میں لیاگیا، حماد اظہر کو ان کے قریبی دوست کے گھر سے حرا ست میں لیاگیا رہنماء پی ٹی آئی حماد اظہر 9 مئی جی او آر گیٹ حملہ کیس میں مطلوب تھے۔

    انسداد دہشتگری کی عدالت نےعدم پیشی پر حماد اظہر کو اشتہاری قرار دے رکھا تھا، عدالت نے حماد اظہر کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے تھے،حماد اظہر کو انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے، حماد اظہر 9 مئی کے 50 سے زائد مقدمات میں بھی نامزد ملزم ہیں، حماد اظہر نے لاہور اور پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کےلئے رجوع کررکھا ہے،مقدمات کے اندراج کے بعد حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفی دے دیاتھا، پی ٹی آئی نے حماد اظہر کو پنجاب کے صدر کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی۔