Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • اسحاق ڈار اور سعودی وزیر داخلہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ،ایران امریکا کشیدگی پر اظہار تشویش

    اسحاق ڈار اور سعودی وزیر داخلہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ،ایران امریکا کشیدگی پر اظہار تشویش

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے-

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے باوجود خطے میں دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا،دونوں رہنماؤں نے کہا کہ تنازع کا دوبارہ شدت اختیار کرنا کسی کے مفاد میں نہیں اور اس سے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔

    سعودی وزیر خارجہ نے جاری سفارتی کوششوں سے متعلق سعودی عرب کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے اس مؤقف کا اعادہ کیاکہ تمام فریق زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ثالثی کی کوششوں کو کامیاب اور پرامن نتیجے تک پہنچانے کے لیے ضروری وقت اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال کے تناظر میں ایک دوسرے سے قریبی رابطے میں رہنے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

  • آبنائے ہرمز کے حوالے سے اہم بات چیت،عباس عراقچی مسقط پہنچ گئے

    آبنائے ہرمز کے حوالے سے اہم بات چیت،عباس عراقچی مسقط پہنچ گئے

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی ہفتے کے روز عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنے ہم منصب سے آبنائے ہرمز کے حوالے سے اہم بات چیت کریں گے۔

    ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس دورے کے بارے میں بتایا کہ وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ خطے کی صورتحال، خاص طور پر آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایران اور عمان کے درمیان جاری باہمی مشوروں کا حصہ ہے دونوں وزرائے خارجہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کے محفوظ گزرنے کو یقینی بنا نے کے لیے مناسب طریقے بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے.

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں یہ اعلان کیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والا پرانا معاہدہ اب ختم ہو چکا ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا.

    دوسری طرف امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کو امید ہے کہ تہران آنے والے چند دنوں میں سب کے سامنے ایک عوامی بیان جاری کرے گا کہ آبنا ئے ہرمز کا راستہ کھلا ہے اور وہاں سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کوئی حملہ نہیں کیا جائے گا.

    ایران کے بڑے مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے جمعہ کے روز ایک سخت بیان دیا انہوں نے کہا کہ ہم امریکیوں پر بالکل بھروسہ نہیں کرتے، اور مذاکرات کے دوران میں نے امریکی نائب صدر پر واضح کر دیا تھا کہ ہمیں آپ پر کوئی اعتماد نہیں ہے.

    واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کا یہ سمندری راستہ ایران اور عمان کے درمیان واقع ہےیہ راستہ اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان لڑائی کی سب سے بڑی وجہ بن چکا ہے کیونکہ ایران اس پر اپنا کنٹرول جتا رہا ہے اور اس نے پچھلے دنوں مبینہ طور پر وہاں جہازوں پر حملے بھی کیے تھے، جس کے جواب میں امریکا نے ایران کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی-

  • آپریشن شعبان:سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری، مزید  7  خارجی دہشتگرد ہلاک

    آپریشن شعبان:سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری، مزید 7 خارجی دہشتگرد ہلاک

    پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ ’آپریشن شعبان‘ بھرپور انداز میں جاری ہے، تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جب کہ آج کیے جانے والے 3 آپریشنز میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہاڑوں میں چھپے ہوئے ان دہشت گردوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے زمین پر موجود دستوں کے ساتھ ساتھ ہوا سے بھی کارروائی کی گئی ہے، یعنی ہیلی کاپٹرز اور فضائیہ کی مدد سے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور بلوچستان پولیس نے مل کر صوبے کے مشکل اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں امن دشمن عناصر کے خلاف ایک بہت بڑا اور مربوط مشترکہ آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کا نام ’آپریشن شعبان‘ رکھا گیا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، آج کی جانے والی 3 کارروائیوں کے دوران مزید 21 دہشت گر مارے گئے پہلی کارروائی کے دوران 9، دوسری کارروائی کے دوران 5 جب کہ تیسری کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 64 ہوچکی ہے جب کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 104 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ جب تک بلوچستان کی دھرتی سے آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، تب تک یہ آپریشن شعبان اسی طرح پوری طاقت سے جاری رہے گا۔

  • شہید علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لے کر رہیں گے،ایرانی سپریم لیڈر

    شہید علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لے کر رہیں گے،ایرانی سپریم لیڈر

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد اور سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لے کر رہیں گے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے ٹیلیگرام پیغام میں کہا کہ میرے شہید والد کے خون کا بدلہ لینا قوم کا مطالبہ ہے اور یہ ضرور لیا جائے گا،ان کا یہ بیان مشہد میں رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد سامنے آیا جس میں لاکھوں سوگواروں نے شرکت کرکے اپنے قائد کو عقیدت اور احترام کے ساتھ الوداع کہا آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہوئے تھے۔

    انہوں نے “ایران اور عراق، خصوصاً تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں لوگوں” کو شہید خامنہ ای کے جنازے میں شریک ہو نے پر “دل کی گہرائیوں سے” شکریہ ادا کیا،اور اپنے والد کے ساتھ ساتھ انہوں نے “حالیہ دونوں جنگوں کے تمام شہدا” کے خون کا بدلے لینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    والد کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خامنہ ای نے کہا کہ ہمارے شہید قائد کے مجرم اور رسوا قاتل، جن کے نام اوپر سے نیچے تک مکمل طور پر ریکارڈ پر موجود ہیں، اپنے بستر پر پُرسکون موت مرنے کا خواب کبھی پورا نہیں کر سکیں گے بلکہ یہی خواب اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ ایرانی قیادت اس سے پہلے بھی کئی مواقع پر اپنے سابق سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کر چکی ہے۔

  • بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کاخطرہ ، الرٹ جاری

    بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کاخطرہ ، الرٹ جاری

    پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ملک کے بالائی علاقوں، خصوصاً گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں آئندہ ہفتے متوقع نئی مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرے سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔

    ہفتہ کے روز جاری کیے گئے الرٹ میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کی گلیشیائی وادیوں میں جزوی سے مکمل ابر آلود موسم کے ساتھ معتدل سے شدید بارش اور گرج چمک کا امکان ہے ان علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ زیادہ درجہ حرارت اور بارشوں کا امتزاج برف اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا سبب بن سکتا ہے۔

    برف اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بلند رہ سکتی ہے، موجودہ گلیشیائی جھیلیں مزید پھیل سکتی ہیں جبکہ پگھلتے ہو ئے پانی کی بڑی مقدار کے باعث نئی گلیشیائی جھیلیں بھی وجود میں آ سکتی ہیں محکمہ موسمیات نے خبردار کیاکہ دریاؤں کے کنارے آباد نشیبی علاقے اور زیریں بستیاں اچانک سیلابی صورتحال کا شکار ہو سکتی ہیں، جبکہ حساس مقامات پر فلیش فلڈ کا بھی نمایاں خطرہ موجود ہے۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلیشیائی جھیلوں کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث قدرتی برفانی یا مورین ڈیم غیر مستحکم ہو سکتے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات رونما ہونے کا خدشہ ہےمستقل منجمد زمین (پرما فراسٹ) کے پگھلنے اور سطحی پانی کی زیادتی کے باعث پہاڑی ڈھلوانوں سے مٹی اور ملبے کے بڑے ریلے بھی آ سکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے برف پوش اور گلیشیائی وادیوں میں رہنے والے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور مقامی برساتی نالوں کے کناروں سے دور رہیں اور پانی کی سطح میں اچانک یا بتدریج ہونے والی تبدیلیوں پر مسلسل نظر رکھیں۔

    ادارے نے مشورہ دیا کہ پیش گوئی کے دوران دریاؤں، ندیوں، گلیشیائی جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب کیمپنگ، ٹریکنگ یا قیام سے گریز کیا جائے، جبکہ ایسی غیر مستحکم ڈھلوانوں سے بھی دور رہا جائے جہاں برف پگھلنے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ یا ملبے کے ریلوں کا خطرہ ہو رہائشیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے جانے والے موسم کی پیش گوئیوں اور انتباہات پر مسلسل نظر رکھیں محکمہ موسمیات نے قومی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 24 گھنٹے الرٹ رہیں اور تمام ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں۔

    پاکستان میں 13 ہزار 32 سے زیادہ گلیشیئرز موجود ہیں، جو قطبی خطوں کے بعد دنیا میں گلیشیئرز کا سب سے بڑا ذخیرہ سمجھے جاتے ہیں تاہم ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے چترال اور گلگت بلتستان کے قریباً 10 ہزار گلیشیئرز سکڑنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

    گلوف سے مراد گلیشیائی جھیل سے پانی اور ملبے کا اچانک اخراج ہے، جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں انسانی جانوں، املاک اور لوگوں کے روزگار کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں 71 لاکھ سے زیادہ افراد اس خطرے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

  • سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ

    ہفتہ کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 1 ہزار 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 30 روپے بڑھ کر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق ہفتہ کے روز فی تولہ سونے کی قیمت 1 ہزار 100 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 33 ہزار 536 روپے ہو گئی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 71 ہزار 687 روپے تک پہنچ گئی،جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 11 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 111 ڈالر فی اونس ہو گئی، جس میں 20 ڈالر پریمیم بھی شامل ہے عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ اوپر گئے۔

    دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، فی تولہ چاندی 30 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 462 روپے کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

  • آپریشن شعبان: مزید 5 خارجی دہشتگرد ہلاک،تعداد 95 ہو گئی

    آپریشن شعبان: مزید 5 خارجی دہشتگرد ہلاک،تعداد 95 ہو گئی

    پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے مشترکہ آپریشن شعبان کے نتیجے میں مزید 5 خارجی دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں بلوچستان کے پہاڑوں میں چھپے خارجیوں کو فضائی اور زمینی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، آپریشن شعبان میں ہلاک خارجی دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 57 ہو گئی 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگرکارروائیو ں میں 95 خارجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری رکھنے کا اعلا ن کیا ہے۔

    گزشتہ روز سکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، ذرائع کے مطابق 6 اور 7 جولائی کو بھی مختلف کاررو ائیو ں میں 26 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے، جس سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو نمایاں نقصان پہنچا آپریشن میں جدید انٹیلی جنس، فضائی نگرانی اور زمینی دستو ں کی مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کی گئیں۔ پہاڑی علاقوں میں دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

    گزشتہ روز خضدار کے زیدی علاقے میں دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن پر کیے گئے حملے کو بھی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا-

  • ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع

    ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع

    کراچی: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کردی۔

    پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کی ریگولر فیس کے ساتھ رجسٹریشن اب 13 جولائی تک ہوگی اس کے علاوہ لیٹ فیس کے ساتھ ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 18 جولائی ہے پی ایم ڈی سی نے طلب علموں کو مقررہ تاریخ سے قبل رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • قومی اسمبلی سے استعفےکے بعد اختر مینگل کو ملنے والی تمام مراعات واپس

    قومی اسمبلی سے استعفےکے بعد اختر مینگل کو ملنے والی تمام مراعات واپس

    سردار اختر مینگل کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کے بعد انہیں والی تمام مراعات واپس لےلی گئیں۔

    سردار اخترمینگل نقومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو 78 لاکھ 92 ہزار روپے کا چیک بھجوادیا سردار اختر مینگل نے 3 ستمبر 2024 کو این اے 256 خضدار سے استعفی دیا تھا، اسپیکرقومی اسمبلی نے استعفی 11فروری 2026کو منظورکرکے اسے 3 ستمبر 2اختر مینگل024 سے مؤ ثر قرار دیا،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بھی رقم چیک کی صور ت میں وصول ہونے کی تصدیق کردی۔استعفیٰ مؤثر ہونے کے بعد انہیں بطور رکن قومی اسمبلی ملنے والی تمام مالی مراعات اور سہولیات واپس لے لی گئی ہیں۔

  • آسٹریلیا کا بھارت کو یورینیم فروخت کرنے کا فیصلہ

    آسٹریلیا کا بھارت کو یورینیم فروخت کرنے کا فیصلہ

    آسٹریلیا نے بھارت کو یورینیم فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے –

    خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو میلبورن میں ملاقات کے بعد یورینیم کی برآمدات سے متعلق انتظامی معاہدے کا اعلان کیادونوں رہنماؤں نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ آسٹریلیا بھارت کو کتنی مقدار میں یورینیم فراہم کرے گا اور برآمدات کب شروع ہوں گی۔

    آسٹریلیا کی جانب سے بھارت کو یورینیم کی فراہمی کا عمل 2014 میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے باوجود رک گیا تھا، کیونکہ خدشات ظاہر کیے گئے تھے کہ یہ مواد جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔

    آسٹریلیا کے پاس دنیا میں یورینیم کے سب سے بڑے معلوم ذخائر موجود ہیں تاہم آسٹریلیا خود نہ جوہری توانائی استعمال کرتا ہے اور نہ ہی جوہری ہتھیار رکھتا ہے بلکہ اس کے تمام یورینیم ذخائر برآمد کیے جاتے ہیں جبکہ بھارت 2047 تک 100 گیگاواٹ جوہری توانائی پیدا کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔

    بھارت جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کا دستخط کنندہ ملک نہیں ہے اور آسٹریلیا این پی ٹی کا رکن ہونے کے باعث ایسے ممالک کو یورینیم فروخت کرنے سے انکار کرتا رہا ہے جو اس معاہدے کے دستخط کنندہ نہیں ہیں۔