Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • گوجرانوالہ:9 سالہ بچے کے اندھے قتل کا معمہ 8 گھنٹوں میں حل،دادا  گرفتار

    گوجرانوالہ:9 سالہ بچے کے اندھے قتل کا معمہ 8 گھنٹوں میں حل،دادا گرفتار

    گوجرانوالہ کے تھانہ واہنڈو کی حدود میں 9 سالہ بچے کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے محض 8 گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے مقتول کے دادا کو گرفتار کر لیا۔

    نامعلوم ملزموں نے دس سالہ شعب کے پیٹ کو چاک کر دیاتھا ، آنتڑیاں باہر آگئیں تھیں، بچے کی لاش سیج کالر گورنمنٹ سکول کے قریب سے برآمد ہوئی۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کے اعلیٰ حکام بھاری نفری سمیت موقع پر پہنچ گئے، امدادی ٹیمیوں کو بھی طلب کر لیا گیا پولیس کے مطابق سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کے نوٹس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں-

    ان کا کہنا تھا کہ بچے کو بے دردی سے قتل کرنے والوں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی انہیں کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے، انہو ں نے جدید تفتیش اور شواہد کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم عبدالرحمان، جو مقتول کا دادا ہے، نے قتل کی منصوبہ بندی اپنے مخالفین کو جھوٹا پھنسانے کے لیے کی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے واردات کو گمراہ کن رخ دینے کے لیے بچے کے پیٹ پر بھی وار کیے تاکہ واقعے کو کسی اور انداز میں پیش کیا جا سکے۔

    ایس پی صدر کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیمیں واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں، جبکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا ہے کہ مضبوط تفتیش، ٹھوس شواہد اور مؤثر پیروی کے ذریعے ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی-

  • افغانستان کے سابق فاسٹ بولر  انتقال کر گئے

    افغانستان کے سابق فاسٹ بولر انتقال کر گئے

    افغانستان کے سابق انٹرنیشنل فاسٹ بولر شپور زادران طویل علالت کے بعد 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شپور زادران نے اپنی 39 ویں سالگرہ سے ایک دن قبل 7 جولائی کو بھارت کے شہر نئی دہلی میں اس دار فانی سے کوچ کیا،وہ نئی دہلی کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں ہیموفاگوسائٹک لیمفو ہسٹیوسائٹوسس نامی سنگین مدافعتی عارضہ سے لڑ رہے تھے، 6 فٹ سے زائد طویل قامت والے شپور زادران اپنی جارحانہ بولنگ، لمبے اور لہراتے بالوں کی وجہ سے بہت مشہور تھےوہ افغانستان کرکٹ کے ابتدائی عروج کے دور میں اہم بولر تصور کیے جاتے تھے۔

    مہاجر کی حیثیت سے پاکستان کے شہر پشاور میں مقیم رہنے والے شپور زادران نے ابتدائی کرکٹ کا آغاز پشاور ہی سے کیا۔ ان کے ابتدائی ساتھی کھلاڑیوں میں معروف انٹرنیشنل کرکٹرز محمد نبی، اصغر اور دولت زادران بھی شامل تھے انہوں نے 2009 سے 2020 کے درمیان 44 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی میچز میں افغانستان کی نمائندگی کی۔

  • خیبرپختونخوا پولیس کی رواں سال کے پہلے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری

    خیبرپختونخوا پولیس کی رواں سال کے پہلے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری

    پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے رواں سال کے پہلے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔

    سینٹرل پولیس آفس خیبرپختونخوا میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس ذوالفقار حمید کی زیر صدارت امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی-

    رپورٹ کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران دہشت گردوں کے خلاف 2 ہزار 4 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جس میں 182 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 504 کو گرفتار کیا گیا گرفتار ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کے 14 اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں-

    رپورٹ کے مطابق پولیس پر 294 حملے کیے گئے تاہم مؤثر حکمت عملی کے ذریعے 161 حملے ناکام بنا دیئے گئے۔ جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے د ہشت گردوں کے 341 ڈرون حملے بھی ناکام بنائے گئے جبکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پولیس کے یو اے وی (ڈرون) ڈویژن کا قیام عمل میں لایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران 2 خودکش جیکٹس، 1771 کلوگرام بارودی مواد اور دیگر دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرائض کی انجام دہی کے دوران 122 پولیس افسران اور اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

    رپورٹ کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 10 ہزار 718 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ گزشتہ 6 ماہ میں 10 ہزار 173 اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے گئے آپریشنز میں 10 ہزار 540 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم 8 ہزار 125 افغان باشندوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا ملک دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اور امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    آئی جی پولیس نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کے 50 ہزار اہلکاروں نے بہترین انداز میں سیکیورٹی فرائض سرانجام دے کر پرامن ماحول یقینی بنایا، انہوں نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

  • چین میں رشوت لینے والے سرکاری افسر کو سزائے موت سنا دی گئی

    چین میں رشوت لینے والے سرکاری افسر کو سزائے موت سنا دی گئی

    چین کی ایک عدالت نے 2.21 ارب یوان (قریباً 325 ملین امریکی ڈالر) سے زائد رشوت وصول کرنے کے جرم میں سابق سرکاری افسر یانگ یولن کو سزائے موت سنا دی۔

    چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق 69 سالہ یانگ یولن، مشرقی شہر نانجنگ کے ایک اقتصادی زون کے سابق نائب ڈائریکٹر تھے عدالت نے قرار دیا کہ انہوں نے 2013 سے 2023 کے درمیان بھاری رشوت وصول کی، لوگوں کو انجینئرنگ کے ٹھیکے، زمین کی منتقلی اور مالی سہولتیں دلوانے کے بدلے بھاری رقوم اور قیمتی تحائف وصول کیے۔

    جیانگ سو صوبے کی چانگ ژو انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ نے یانگ یولن کو رشوت ستانی کے علاوہ سرکاری فنڈز میں خرد برد، اختیارات کے ناجائز استعمال اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں بھی مجرم قرار دیا عدالت کے مطابق ملزم کے جرائم غیر معمولی سنگین نوعیت کے تھے، جن کے باعث ریاست کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔

    رپورٹ کے مطابق یانگ یولن کے خلاف تحقیقات صدر شی جن پنگ کی بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کے دوران کی گئیں، جو سرکاری اور فوجی ادارو ں میں کرپشن کے خاتمے کے لیےکئی برسوں سے جاری ہےچین میں مالی بدعنوانی کےمقدمات میں سزائے موت نسبتاً کم سنائی جاتی ہے،تاہم بہت بڑے مالیاتی جرائم میں عدالتیں یہ سزا دے سکتی ہیں، خاص طور پر جب رشوت یا خرد برد کی رقم ایک ارب یوان سے زیادہ ہو حالیہ برسوں میں بڑے مالیا تی جرائم میں ملوث بعض اعلیٰ عہدیداروں کو بھی سخت سزائیں دی جا چکی ہیں۔

    اس سے قبل سابق مالیاتی ادارے کے سربراہ لائی شیاؤ من کو 2021 میں تقریباً 1.8 ارب یوان رشوت لینے کے جرم میں سزائے موت دے کر پھانسی دی گئی تھی اسی طرح اندرونی منگولیا کے سابق سرکاری افسر لی جیان پنگ کو 2024 میں تین ارب یوان سے زائد کی خرد برد اور رشوت کے جرم میں سزا ئے موت پر عمل درآمد کیا گیا تھا۔

    چین میں ایسے کئی مقدمات میں عدالتیں عمر قید یا معطل سزائے موت بھی سناتی ہیں، جو مقررہ مدت کے بعد عمر قید میں تبدیل ہو جاتی ہے بعض مقدما ت میں اگر ملزم دوسرے مجرموں کے بارے میں معلومات فراہم کرے تو سزا میں کمی بھی کی جاتی ہے۔

    عدالت کے مطابق یانگ یولن نے بھی تفتیش کے دوران حکام سے تعاون کیا، لیکن ان کے جرائم اتنے سنگین تھے کہ یہ تعاون سزا میں نرمی کے لیے کافی نہیں سمجھا گیا چینی سرکاری میڈیا کے مطابق یانگ یولن نے عدالت میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور اپنے آخری بیان میں ندامت کا اظہار بھی کیا۔

    یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے چینی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے ایک بار پھر بدعنوانی کے خلاف مہم جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا انہوں نے کہا تھا کہ کمیونسٹ پارٹی ان تمام جراثیم کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے جو پارٹی اور ریاستی اداروں کو کمزور کرتے ہیں، اور کرپشن کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

  • اسپین سے شکست،پرتگال ٹورنامنٹ سے باہر،رونالڈو آنسو نہ روک سکے

    اسپین سے شکست،پرتگال ٹورنامنٹ سے باہر،رونالڈو آنسو نہ روک سکے

    فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ اس شکست کے ساتھ ہی پرتگال کے مایہ ناز اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ کیریئر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔

    میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول اضافی وقت کے پہلے منٹ میں میکل میرینو نے کیا فاؤل ملنے کے بعد انہوں نے فوری فری کک لی، خود آگے بڑھے اور فیران ٹوریس کے پاس پر گول کیپر ڈیوگو کوسٹا کو شکست دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی،جبکہ اسپین نے مسلسل 35 واں میچ بھی بغیر شکست کے مکمل کیا اس فتح کے ساتھ اسپین نے 2010 میں جنوبی افریقہ میں اپنا واحد عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے، جہاں اسپین کا مقابلہ جمعے کو لاس اینجلس اسٹیڈیم میں بیلجیم سے ہوگا،میرینو کو میچ کے 85ویں منٹ میں میدان میں اتارا گیا، مگر انہوں نے مختصر وقت میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن گول کر دیا۔

    دوسری جانب 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کو مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچانے کے خواہاں تھے،تاہم وہ اپنے کیریئر کے آخری ورلڈ کپ میں پرتگال کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے،اسپین کے ہاتھوں پرتگال کی شکست کے بعد کرسٹیانو رونالڈو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے، بعد ازاں انہوں نے ڈلاس اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی جانب بڑھ کر تالیاں بجائیں اور ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

    میچ کے بعد رونالڈو نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے ملک کے لیے بھرپور کوشش کی اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ پرتگال کے ساتھ تین بڑے ٹائٹل جیت چکے ہیں یہ ان کے ورلڈ کپ کیریئر کا آخری میچ بھی ثابت ہوا،رونالڈو بین الاقوامی فٹبال میں 146 گولز اور 233 میچز کے ساتھ تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

    کوارٹر فائنل میں اب اسپین اور بیلجیئم کی مضبوط ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں دونوں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی۔

  • آبنائے ہرمز میں  تیل بردار بحری جہاز پر حملہ ،آگ بھڑک اٹھی

    آبنائے ہرمز میں تیل بردار بحری جہاز پر حملہ ،آگ بھڑک اٹھی

    ایران اور عمان کے درمیان سمندری حدود یعنی آبنائے ہرمز میں ایک بار پھر حالات کشیدہ ہو گئے ہیں، جہاں ایک تیل بردار بحری جہاز (آئل ٹینکر) پر نامعلوم پوجیکٹائل سے حملہ کیا گیا ہے جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی۔

    یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق واقعہ عمان کے علاقے لیماہ سے تقریباً 8 بحری میل مشرق میں پیش آیا، ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جنوب کی جانب سفر کرنے والے ایک آئل ٹینکر کے بائیں جانب نامعلوم پروجیکٹائل لگا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    یو کے ایم ٹی او نے بحری جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں،تاہم اس واقعے کے فوری بعد امریکی حکام نے اس حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے۔

    ادھر امریکی خبر رساں ادارے ایگزیوس نے 2 نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے کم از کم 2 تجارتی بحری جہازوں پر میزائل داغے،ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ایک دوسرے جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا جسے نمایاں نقصان پہنچا۔

    تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اس رپورٹ کی آزادانہ تصدیق نہیں کی، جبکہ امریکی محکمہ دفاع یعنی پینٹاگون نے بھی فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    دوسری طرف، ایران کے سرکاری ادارے ’آئی آر آئی بی‘ نے گمنام ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ تیل کا جہاز امریکی بحریہ کی مدد اور تحفظ کے ساتھ آبنائے ہرمز میں عمان والے راستے سے گزرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا، اور بار بار ملنے والی انتباہی وارننگ کو نظر انداز کرنے پر اس جہاز کو حملے کا نشانہ بنایا گیا تاہم، سرکاری ٹی وی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی تک کسی بھی ایرانی عہدیدار نے باضابطہ طور پر اس رپورٹ کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران پہلے ہی تمام جہازوں کو خبردار کر چکا ہے کہ وہ عمانی سمندر کے جنوبی راستے سے نہ گزریں اور اس کا اصرار ہے کہ اس سمندری راستے سے گزرنے والے ہر جہاز کو ایرانی فوج کے ساتھ تال میل یعنی رابطہ کرنا ہوگا یہ تازہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب چند دن پہلے ہی امریکا اور ایران نے سمندر میں جہازوں پر ہونے والے حملوں کے جواب میں ایک دوسرے پر جوابی حملے کیے تھے۔

    آبنائے ہرمز خلیجی ممالک سے ایشیا سمیت عالمی منڈیوں تک تیل اور توانائی کی ترسیل کے لیے سب سے اہم بحری راستہ تصور کی جاتی ہے،امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 2024 کے دوران روزانہ تقریباً 2 کروڑ بیرل خام تیل اس آبی گزرگاہ سے منتقل کیا گیا، جو عالمی خام تیل کی مجموعی ترسیل کا تقریباً 5واں حصہ بنتا ہے۔

  • حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 27 واں یوم شہادت، پاک فوج کا خراجِ عقیدت

    حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 27 واں یوم شہادت، پاک فوج کا خراجِ عقیدت

    حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کی آج 27 ویں برسی منائی جارہی ہے۔

    حوالدار لالک جان شہید کی 27 ویں برسی کے موقع پر شہید کے مزار پر پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق برسی کے موقع پر افواج پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج نے حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

    7 جولائی 1999 کو کارگل کے معرکے کے دوران حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود اپنی چوکی کا جرات و استقامت سے دفاع کیا اور شدید زخمی ہونے کے باوجود حوالدار لالک جان نے انخلا سے انکار کیاآخری سانس تک اپنے ساتھیوں کی قیادت کرتے ہوئے لالک جان نے دشمن کا مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیاحوالدار لالک جان شہید کی لازوال قربانی بہادری، ثابت قدمی اور بے لوث خدمت کی روشن علامت ہے۔

    صدر آصف علی زرداری نے نشانِ حیدر پانے والے حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر ان کی عظیم قربانی اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے کہا کہ شہداء کا خون پاکستان کے محفوظ، مضبوط اور باوقار مستقبل کی ضمانت ہےشہداء کی عظیم روایات ہماری قومی شناخت کا ایک قابلِ فخر اثاثہ ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ عزت، احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھے گی۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی حوالدار لالک جان شہید کو ان کے یومِ شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ کارگل کے معرکے میں حوالدار لالک جان شہید کی شجاعت، بہادری اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے سامنے ڈٹے رہنا ان کے بے مثال جذبۂ حب الوطنی کا ثبوت ہےقوم اپنے اس عظیم سپوت اور تمام شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

  • فتنہ الخوارج کا گروپ کیپٹن عاصم طارق کو شہید کرنے کادعوی، خواجہ آصف کا ردعمل

    فتنہ الخوارج کا گروپ کیپٹن عاصم طارق کو شہید کرنے کادعوی، خواجہ آصف کا ردعمل

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے گمراہ کن دعویٰ پر فتنہ الخوارج کے اوچھے ہتھکنڈوں کو بے نقاب کر دیا۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے فتنہ الخوارج کی جانب سے گروپ کیپٹن عاصم کی شہادت پر جھوٹے پراپیگنڈے پر سخت تنقید کی ہے،انہوں نے ایکس پر فتنہ الخوارج کا دعویٰ بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں گروپ کیپٹن عاصم طارق کے ایک بہیمانہ قتل کی ذمہ داری طالبان قبول کر رہے ہیں ، فتنہ الخوارج کا کوئی اعتبار نہیں، کل کو شاید پاکستان میں چوری، ڈکیتی اور عام جرائم کا کریڈٹ بھی لینا شروع کر دیں،فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا مقصد صرف کریڈٹ لینا ہے، حقیقت، اخلاقیات اور ذمہ داری سے انہیں کوئی غرض نہیں۔

    واضح رہے کہ اتوار کے روز ائیرفورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئے تھے ، واقعہ اسلام آباد کے نائنتھ ایوینیو پر پیش آیاگروپ کیپٹن عاصم نےموٹرسائیکل پرسوار شخص کو ایک خاتون کا ہاتھ کھینچتے دیکھا،گروپ کیپٹن عاصم موٹرسائیکل کے قریب رکے تو خاتون گاڑی کی دوسری طر ف بھاگ گئی-

    اسی دوران مبینہ ملزم نے گروپ کیپٹن عاصم سے بدکلامی کی اور ان پر فائرنگ کر دی،گروپ کیپٹن عاصم زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے شہید ہوگئے، ملزم موقع سے فرار ہوگیا،خاتون کےمطابق ملزم ان کادفتری ساتھی ہےجس نےساتھ کام پرجانےکی پیشکش کی تھی،ملزم راستہ بدل کراسےکہیں اور لے جانا چاہتا تھا،گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کر کے مجھے بچایا،گروپ کیپٹن عاصم شہید نے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور بیٹا چھوڑے۔

    بعدازاں آئی جی اسلام آباد نے پریس کانفرنس کر کے اعلان کیا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کے قاتل کو واقعے کے بعد 9 گھنٹے میں گرفتار کر لیا گیا اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس میں گرفتار ملزم کو شناختی پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا۔

  • کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام،کالعدم بی ایل اے کے 2 دہشتگرد گرفتار

    کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام،کالعدم بی ایل اے کے 2 دہشتگرد گرفتار

    کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے دو تربیت یافتہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکر شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام بارود ی مواد، ڈیٹونیٹرز، پرائما کارڈ اور بال بیرنگ برآمد کیے گئےابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں ملزمان نے بی ایل اے کے تربیتی کیمپ میں ریکی، کمیونیکیشن اور دیگر تخریبی سرگرمیوں کی باقاعدہ تربیت حاصل کر رکھی تھی، ملزمان تنظیم کے کمانڈر ساجد بلوچ اور بشیر زیب کی ہدایات پر کراچی میں مقیم تھے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد شہر کی حساس تنصیبات کی معلومات جمع کرکے اپنی تنظیم کو فراہم کرتے تھے، جبکہ وہ قانون نافذ کرنے والے ادارو ں کے خلاف دہشت گردی کا نیٹ ورک قائم کرنے کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقا مات پر کارروائیاں جاری ہیں۔

  • ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان

    ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان

    ملک کے شمالی حصوں میں آج سے فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا، آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش متوقع ہے۔

    آج سے دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پوٹھوہاراور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش متوقع ہے اسی طرح گلگت بلتستان اورشمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافے کاامکان ہے ، دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔

    موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں،پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر اضافہ متوقع ہے،حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے،شہری علاقوں میں سیلاب اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے ،اسی طرح خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، وہیں کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی، بجلی کی فراہمی میں تعطل اور حادثات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    سندھ کے ضلع تھرپارکر میں مون سون کی پہلی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا ننگرپارکر، اسلام کوٹ، تھرکول، مٹھی، عمرکوٹ اور ڈانو دھاندل سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقے میں بارش کے بعد لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

    ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں جی ٹی روڈ سمیت مختلف علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پشاور میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ریسکیو ترجمان کے مطابق مختلف مقامات پر دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے بارش سے پشاور کے مضافاتی علاقے فقیر کلے، پخہ غلام، چغلپورہ، شاہ عالم پل اور یوسف آباد زیادہ متاثر ہوئے۔

    اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت میں آج رات اور منگل کے روز مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ اور کرک میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

    محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالا، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔