Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • زیارت میں  دہشت گردوں کا پولیس پر  حملہ،9 اہلکار شہید

    زیارت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ،9 اہلکار شہید

    بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر زیارت نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تمام شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال زیارت منتقل کر دیا گیا ہے کل رات سے ہی دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا اور ہمارے بہادر اہلکار رات بھر ان دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے۔

    گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے اس سے پہلے پہلا حملہ کوئٹہ کے قریبی علاقے ہنہ اوڑک میں کیا گیا تھا جہاں مقامی قبائل نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، لیکن اس حملے میں 4 مقامی لوگ جان سے گئے اور 7 افراد کو اغوا کر لیا گیا جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    اس واقعے کے خلاف علاقے کے لوگ اب بھی ایئرپورٹ روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں اور سراپا احتجاج ہیں مظاہرین اور مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ تمام افراد مانگی ڈیم کی ایک زیر تعمیر ٹینکی پر ڈیوٹی کے لیے تعینات تھے، جہاں نامعلوم مسلح افراد آئے اور انہیں اپنے ساتھ اٹھا کر لے گئے خوش قسمتی سے 5 مغوی افراد اغوا کاروں کے چنگل سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، جبکہ باقی لوگوں کو بچانے کے لیے پولیس نے علاقے میں بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • بیلجیم سے شکست، امریکا ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا

    بیلجیم سے شکست، امریکا ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا

    بیلجیم نے یکطرفہ انداز میں 1-4 سے کامیابی حاصل کر کے میزبان ٹیم امریکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

    میچ کے آغاز ہی سے بیلجیم نے جارحانہ انداز اپنایا, 8ویں منٹ میں ہی امریکی دفاع کو خطرے کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ چند ہی لمحوں بعد لیانڈرو ٹروسارڈ کی عمدہ موو پر نکولس راسکن نے گیند چارلس ڈی کیٹیلایر کو دی، جنہوں نے آسانی سے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، مالک ٹل مین نے ایک شاندار فری کک کے ذریعے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، گیند دفاع سے معمولی انحراف کے بعد گول کیپر تھیبو کورتوا کے قریب سے نکل کر جال میں جا پہنچی۔

    اس گول کے ساتھ ٹل مین ایک ہی ورلڈ کپ میں 2 براہ راست فری ککس پر گول کرنے والے تاریخ کے صرف دوسرے کھلاڑی بن گئے،بیلجیم نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دوبارہ برتری حاصل کر لی، جب ٹروسارڈ کے کراس پر ڈی کیٹیلایر نے عمدہ ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول داغ دیا۔

    دوسرے ہاف میں امریکی کوچ نے جیو رینا کو میدان میں اتار کر واپسی کی کوشش کی، مگر 57ویں منٹ میں گول کیپر میٹ فریز کی ایک سنگین غلطی نے امریکی امیدوں پر پانی پھیر دیا فریز لمبی گیند پر غیر ضروری طور پر اپنے علاقے سے باہر نکلے، گیند کو کلیئر کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا اور ہانس واناکن نے خالی گول میں گیند پہنچا کر اسکور 3-1 کردیامیچ کےآخری لمحات میں متبادل کھلاڑی رومیلو لوکاکو نےچوتھاگول کر کےامریکی واپسی کےتمام امکانات ختم کر دیے ، اس شکست کے ساتھ امریکا کی ورلڈ کپ مہم آخری 16 کے مرحلے پر اختتام پذیر ہو گئی، جبکہ بلجیئمکوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔

  • ٹیلی نار یوفون انضمام کے بعد سینکڑوں ملازمین کی برطرفی کا امکان

    ٹیلی نار یوفون انضمام کے بعد سینکڑوں ملازمین کی برطرفی کا امکان

    ٹیلی نار پاکستان اور پی ٹی سی ایل/یوفون کے انضمام کے بعد ہونے والی ورک فورس ری اسٹرکچرنگ (Workforce Restructuring) کے عمل کے تحت تقریباً 300 سے 500 ملازمین کو ملازمتوں سے کٹوتی کا سامنا ہے-

    پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ٹیلی کام انضمام، ٹیلی نار پاکستان اور یوفون کے یکجا ہونے کے بعد قائم ہونے والی نئی کمپنی ای اینڈ ایک نئے اور مشکل مرحلے میں داخل ہو گئی ہے یہ فیصلہ دونوں کمپنیوں کے انضمام کے باعث پیدا ہونے والے اضافی (Duplicate) عہدوں کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا ہے-

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملازمین کی تعداد میں کمی کی بنیادی وجہ دونوں کمپنیوں کے انضمام کے بعد مختلف شعبوں میں ایک جیسے عہدوں کا پیدا ہونا ہےسیلز، مارکیٹنگ، فنانس، ایچ آر (HR)، ٹیکنالوجی اور ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں عہدوں کو ختم کر کے ملازمین کی تعداد کم کی جا رہی ہے۔

    ملازمین کی برطرفی سے قبل ان کی قابلیت اور کارکردگی جانچنے کے لیے اندرونی جائزے (Assessments) اور انٹرویوز منعقد کیے جا رہے ہیں رپورٹس کے مطابق اس بار متاثرہ ملازمین کو ماضی کے برعکس محدود یا کم مالی پیکجز ملنے کی توقع کی جا رہی ہے، انضمام کے بعد بننے والے نئے ادارے کو گلوبل برانڈ ای اینڈ("e&” )کے تحت چلایا جائے گا-

    ذرائع کے مطابق ماضی کے ٹیلی کام انضمامات کے برعکس، متاثرہ ملازمین کو پرکشش رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کے تحت بڑے مالی پیکجز ملنے کا امکان نہیں زیر غور معاوضہ صرف چند ماہ کی تنخواہ تک محدود ہے، جبکہ اس سے قبل وارد اور موبی لنک کے انضمام کے بعد بننے والی جاز میں ملازمین کو کہیں زیادہ مراعات دی گئی تھیں،انضمام سے قبل ٹیلی نار پاکستان میں تقریباً 800 ملازمین کام کر رہے تھے، جبکہ یوفون کے تقریباً 300 ملازمین کو پہلے ہی کمپنی کے ہیڈکوارٹر 345 منتقل کیا جا چکا ہے انضمام کے عمل کے ساتھ مزید تبادلوں کی بھی توقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام کے بعد ملازمین کی مجموعی تعداد آپریشنل ضروریات سے کہیں زیادہ ہو گئی ہے، جس کے باعث اندازہ ہے کہ کمپنی اپنے عملے میں تقریباً 300 سے 500 ملازمین کی کمی کر سکتی ہے تاکہ اسے پاکستان کی سب سے بڑی موبائل کمپنی جاز کے موجودہ تقریباً 1,100 ملازمین کے مساوی سطح پر لایا جا سکے۔

    ذرائع کے مطابق تنظیمِ نو کے اثرات پہلے ہی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ حال ہی میں سیلز کے ایک سینئر عہدیدار نے نئی کمپنی میں ایک عہدے کے لیے مقابلے میں ناکامی کے بعد استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق اس عہدے کے لیے ان سمیت ایک اور امیدوار نے انٹرویوز اور جانچ کے مرا حل مکمل کیے، تاہم یہ عہدہ خواجہ شہزاد اللہ کو دے دیا گیا، جس کے بعد ناکام امیدوار وقاص امان اللہ نے استعفیٰ دے دیا۔

    ادھر ملازمین میں ملازمت کے تحفظ کے حوالے سے بے یقینی بڑھتی جا رہی ہے، ان کا خدشہ ہے کہ آئندہ ہفتوں میں بھی تنظیمِ نو کا عمل جاری رہے گا کیونکہ کمپنی اخراجات میں کمی، دہرے عہدوں کے خاتمے اور آپریشنل استعداد بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

  • حوثیوں کی سعودی عرب کیلئے آبنائے باب المندب بند کرنے کی دھمکی

    حوثیوں کی سعودی عرب کیلئے آبنائے باب المندب بند کرنے کی دھمکی

    صنعاء: یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یمنی بندرگاہوں پر بحری ٹریفک سے متعلق عائد پابندیاں اور رکاوٹیں ختم نہ کی گئیں تو سعودی بحری جہازوں کے لیے آبنائے باب المندب بند کر دی جائے گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثیوں نے سعودی عرب کو ایک ڈیڈ لائن دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یمنی بندرگاہوں پر بحری نقل و حمل میں حائل تمام رکاو ٹیں فوری طور پر ختم کی جائیں تاکہ تجارتی اور انسانی امدادی سرگرمیاں بحال ہو سکیں، اگر مقررہ مدت کے اندر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو سعود ی عرب سے وابستہ بحری جہازوں کو آبنائے باب المندب سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی وہ اس اقدام کو یمن پر عائد بحری پابندیوں کے جوا ب میں ضروری سمجھتے ہیں اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

    آبنائے باب المندب دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جو بحیرہ احمر کو خلیج عدن اور بحرِ عرب سے ملاتی ہے اس راستے سے روزانہ بڑی مقدار میں تیل، گیس اور تجارتی سامان دنیا کے مختلف حصوں تک پہنچایا جاتا ہےماہرین کے مطابق اگر اس اہم بحری راستے پر کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے یا جہازوں کی آمدورفت متاثر ہوتی ہے تو اس کے اثرات عالمی تجارت، توانائی کی سپلائی اور شپنگ انڈسٹری پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کی اس تازہ دھمکی پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس آج سہ پہر ہوگا۔

    ذرائع کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کااہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہےاجلاس میں میں قومی اہمیت کے اہم معاملات پر غور کیا جائے گا اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ داخلی امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلے توثیق کے لیے پیش کیے جائیں گے جبکہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی سمریاں بھی منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے رکھی جائیں گی، کابینہ ڈویژن نے اجلاس سے متعلق تمام وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان کو آگاہ کر دیا ہے۔

  • سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی پر حق ناقابلِ تنسیخ ہے،عطا تارڑ

    سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی پر حق ناقابلِ تنسیخ ہے،عطا تارڑ

    وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کی ناکام کوشش نہ تو قانونی حیثیت رکھتی ہے اور نہ ہی اخلاقی جواز رکھتی ہے-

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں عطا تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی پر حق ناقابلِ تنسیخ ہے اور یہ ملک کی بقا کی شہ رگ ہے جس کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کی ناکام کوشش نہ تو قانونی حیثیت رکھتی ہے اور نہ ہی اخلاقی جواز رکھتی ہے ،اس اقدام سے بھارت کو عالمی سطح پر شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا-

    انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ طرزِ عمل اقوام متحدہ کے توثیق شدہ "One Water, One Vision” اصول کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے جو آبی وسائل کے منصفانہ اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور د یتا ہے،پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن سفارتی اور قانونی اقدام جاری رکھے گا۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے-

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 24ڈالر کی کمی سے 4ہزار 150ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 400 روپے کی کمی سے 4لاکھ 37ہزار 436روپے کی سطح پر آگئی،اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 58 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 75 ہزار 30 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 37سینٹس کی کمی سے 62ڈالر کی سطح پر آگئی، جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 37روپے کی کمی سے 6ہزار 679روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 31روپے کی کمی سے 5ہزار 726روپے کی سطح پر آگئی۔

    ماہرین کے مطابق حالیہ کمی نے گزشتہ چند روز کے دوران مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے رجحان کو وقتی طور پر تبدیل کر دیا ہے عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر، عالمی معاشی صورتحال، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں یہی عوامل پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر بھی مزید کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے، تاہم اگر عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال یا جغرافیائی کشیدگی میں اضافہ ہوا تو سونا دوبارہ مہنگا ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔

  • دلجیت دوسانجھ کی فلم ‘ستلج’ پر بھارت میں پابندی لگ گئی

    دلجیت دوسانجھ کی فلم ‘ستلج’ پر بھارت میں پابندی لگ گئی

    اداکار اور گلوکار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’ستلج‘ پر بھارت میں اچانک پابندی عائد کردی گئی ہے، اور اسے اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’زی فائیو‘ سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

    انڈیا ٹوڈے کے مطابق فلم ’ستلج‘ کو 3 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا اور 5 جولائی کو اسے ہٹا دیا گیا، زی فائیو نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے فلم کو ہٹانے کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی، بلکہ صرف اتنا کہا ہے کہ موجودہ حالات اور پیشرفت کو دیکھتے ہوئے فلم کو فی الحال بھارت میں روک دیا گیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ فلم بنانے والوں اور ان کی کہانی کے ساتھ کھڑے ہیں اور قانونی طریقے سے اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ فلم کو جلد سے جلد دو بارہ ناظرین کے لیے پیش کیا جا سکے زی فائیو نے فلم کو پسند کرنے پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    اس فلم کا پرانا نام ’پنجاب 95‘ تھا اور اسے بنانے میں 3 سال سے زیادہ کا وقت لگا، جب اسے سینما میں چلانے کے لیے بھارت کے سینسر بورڈ کے پا س بھیجا گیا تو بورڈ نے فلم میں 125 سے زیادہ کٹس یعنی تبدیلیاں اور منظر ہٹانے کا مطالبہ کیا جبکہ فلم کی ٹیم نے ان تبدیلیوں کو ماننے سے انکار کر دیا، جس کی وجہ سے یہ فلم 3 سال تک سینما گھروں کی زینت نہ بن سکی بعد میں اسے انٹرنیٹ پر ریلیز کیا گیا لیکن وہاں بھی یہ زیادہ دن نہ رہ سکی۔

    فلم کے گرد گھومنے والی کہانی تنازع کی وجہ ہے یہ فلم پنجاب کے ایک انسانی حقوق کے کارکن جسونت سنگھ کھالرا کی زندگی پر مبنی ہے، جن کا کردار دلجیت دوسانجھ نے نبھایا ہے جسونت سنگھ کھالرا نے 1980 اور 90 کی دہائی میں پنجاب میں شورش کے دوران مبینہ طور پر ہزاروں لاپتہ افراد کی لاشوں کو پولیس کی جانب سے خفیہ طور پر جلائے جانے کے معاملے کو بے نقاب کیا تھا۔

    انہوں نے اس حوالے سے ثبوت جمع کیے تھے کہ جن لوگوں کو لاپتہ ظاہر کیا گیا، انہیں خاندان والوں کو بتائے بغیر ہی جلا دیا گیا اس تحقیقات کی وجہ سے دنیا بھر کی توجہ اس معاملے پر گئی، لیکن 1995 میں جسونت سنگھ کو خود اغوا کر کے قتل کر دیا گیا، جس کے الزام میں بعد میں کئی پولیس افسران کو سزا بھی ہوئی۔

  • سلمان خان کا عامرخان کی شادی سے متعلق دلچسپ بیان وائرل

    سلمان خان کا عامرخان کی شادی سے متعلق دلچسپ بیان وائرل

    بالی ووڈ اداکار عامر خان کی گوری سپراٹ سے حالیہ شادی کے بعد سلمان خان کا پرانا مگر دلچسپ بیان سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہو گیا –

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سلمان خان نے عامر خان کی “مسٹر پرفیکشنسٹ” شخصیت پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عامر خان جب تک میرج پرفیکٹ نہیں کر لے گا، وہ کرتا جائے گا سلمان خان کا یہ جملہ اس وقت حاضرین کی جانب سے قہقہوں اور تالیوں کی گونج میں خوب سراہا گیا تھا

    اب جبکہ عامر خان نے اپنی تیسری شادی گوری اسپرٹ سے کر لی ہے، یہ پرانا کلپ ایک بار پھر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے شیئر کیا جا رہا ہے اور صارفین سلمان خان کے اس تبصرے کو “پیش گوئی” قرار دیتے ہوئے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں-

    دی کپل شرما شو میں گفتگو کے دوران میزبان کپل شرما نے سلمان خان سے کہا تھا کہ عامر خان نے اپنی گرل فرینڈ سے سب کو متعارف کروا دیا ہے، جبکہ آپ ان سے صرف چھ ماہ چھوٹے ہیں، مگر وہ رُک نہیں رہے اور آپ ابھی تک شادی نہیں کر رہے اس پر سلمان خان نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’دیکھو، عامر کی بات ہی کچھ اور ہے وہ ایک بہترین شخصیت ہیں اور پوری دنیا جانتی ہے کہ وہ پرفیکشنسٹ ہیں جب تک وہ شادی کو بالکل پرفیکٹ نہیں کر لیتے، وہ شادیاں کرتے رہیں گے۔

    واضح رہے کہ عامر خان نے 5 جولائی کو ممبئی میں اپنے گھر پر گوری اسپرٹ کے ساتھ نہایت سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی۔ تقریب میں صرف اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی، جبکہ شادی خصوصی میرج ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کی گئی۔ یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔

  • اسرائیلی وزیر دفاع کی ایرانی قیادت کو مستقبل میں نشانہ بنانے کی دھمکی

    اسرائیلی وزیر دفاع کی ایرانی قیادت کو مستقبل میں نشانہ بنانے کی دھمکی

    اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نےدعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے سابق ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو اس منصوبے کی وجہ سے نشانہ بنایا جس کا مقصد اسرائیل کو تباہ کرنا تھا۔

    اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 13 کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران کے خلاف سخت بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے سابق ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو اس منصو بے کی وجہ سے نشانہ بنایا جس کا مقصد اسرائیل کو تباہ کرنا تھا اگر مستقبل میں کوئی بھی ایرانی رہنما اسی نوعیت کی پالیسی اختیار کرتا ہے تو اسرائیل اسے بھی نشانہ بنانے کے لیے تیار ہے۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیل اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اسر ائیل کسی بھی ایسے اقدام کو برداشت نہیں کرے گا جسے وہ اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کرتا ہو اور ضرورت پڑنے پر پیشگی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

    اسرائیل کاٹز نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا جب تہران میں علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور جنازے کی تقریبات جاری ہیں ایرانی حکام کی جانب سے اس بیان پر فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم حالیہ ہفتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سخت بیانات اور سفارتی کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے، جبکہ مختلف ممالک سفارتی ذرائع سے حالات کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں-