بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آسٹریلیا کے مجوزہ دورے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے-
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی 9 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں واقع مارول اسٹیڈیم میں ایک کمیونٹی تقریب میں شرکت کرنے والے ہیں اسی تقریب سے متعلق فیس بک ایونٹ پیج پر ایک صارف کی جانب سے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق دھمکی سامنے آنے کے بعد آسٹریلیا کی قانون نافذ کرنے والی اور سکیورٹی ایجنسیوں نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیاآسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور تقریب کی سکیورٹی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے اس مقصد کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ تقریب کے شرکا اور اہم شخصیات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
سکیورٹی ماہرین کے مطابق عالمی رہنماؤں کے دوروں کے دوران سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی دھمکیوں کو معمولی نہیں سمجھا جاتا، اسی لیے متعلقہ ادارے ہر ایسے معاملے کی مکمل تحقیقات کرتے ہیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات اختیار کرتے ہیں فی الحال آسٹریلوی حکام کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور مودی کے دورے کے سکیورٹی پلان کو مزید مؤثر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے،دوسری جانب بھارتی حکام نے بھی صورتحال پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے، تاہم دھمکی دینے والے شخص کی شناخت اور اس کے ارادوں کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
