Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ

    عید الاضحیٰ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق مویشی منڈیاں ضیاء مسجد، آئی-12، بارہ کہو، لہتراڑ روڈ سلطانہ فاؤنڈیشن، سنگجانی اور جاپان روڈ پر قائم کی جائیں گی، جبکہ ان منڈیوں کا قیام 10 مئی سے عمل میں لایا جائے گا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ اداروں کو پارکنگ، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے، ڈی سی اسلام آباد کے مطابق منڈیوں میں نوٹیفائیڈ ریٹ سے زائد فیس وصول کرنے کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

    ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ ہر مویشی منڈی میں ایک مجسٹریٹ ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود ہوگا تاکہ انتظامی امور کی نگرانی یقینی بنائی جاسکے ڈی سی اسلام آباد نے ٹریفک پولیس کے ساتھ خصوصی حکمت عملی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ منڈیوں سے متصل شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے،مقررہ مویشی منڈیوں کے علاوہ شہر کے کسی بھی مقام پر جانوروں کی خرید و فروخت کی سختی سے ممانعت ہوگی۔

  • مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

    مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پرسندھ اسمبلی پہنچ گئے-

    مرتضیٰ وہاب کے ایم سی ہیڈ آفس سے میٹنگ کے لیے سندھ اسمبلی الیکٹرک بائیک پر پہنچے جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ گیٹ پر پہنچے تو ایک پولیس والے نے انہیں پہچانا نہیں اور مرکزی دروازہ بند کرنے کی کوشش کی جس پر میئر کے ساتھ آئے اہلکاروں نے پولیس والے سے دروازہ کھلوایا۔

    انہوں ںے کہا کہ کے ایم سی ملازمین کو 20 الیکٹرک بائیکس دی ہیں، ملازمین کو مزید الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، پہلی بار موٹر سائیکل چلائی ہے تاہم سائیکل چلاتا رہا ہوں میں موٹر سائیکل پر اسمبلی آیا اور واپس اپنی نجی گاڑی میں جا رہا ہوں،مجھ سے بائیک چلانے کے لائسنس کا سوال پوچھا گیا مجھے نہیں پتا موٹر سائیکل اور کار کے الگ الگ ڈرائیونگ لائسنس ہوتے ہیں۔

    دوسری جانب بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے بائیک چلانے پر صارفین مرتضیٰ وہاب پر برس پڑے،ایک صارف نے لکھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صاحب نے بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے قانون ساز ادارے سندھ اسمبلی تک اسکوٹی چلا کر اچھا کیا یا عوام کو غلط پیغام دیا؟ایک صارف نے لکھا کہ مرتضی وہاب کے آس پاس موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن رکھے ہیں لیکن وہ کھلم کھلا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،ایک صارف نے لکھا کہ قانون بنانے والے ہی جب قانون توڑنے لگیں تو ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں صرف غریب کو قانون کی لاٹھی سے ہانکتے ہیں ان کے لئے واقعی پیرس ہے۔

  • ایرانی بحریہ کا  خلیج عمان میں’اوشن کوئی‘ نامی آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کا دعویٰ

    ایرانی بحریہ کا خلیج عمان میں’اوشن کوئی‘ نامی آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کا دعویٰ

    ایران کی بحریہ نے خلیج عمان میں ایک کارروائی کے دوران ’اوشن کوئی‘ نامی آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا-

    ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی قرارداد اور عدالتی حکم کے تحت خلیج عمان میں خصوصی آپریشن کیا گیا۔

    بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ نے خلیج عمان میں خصوصی آپریشن کرتے ہوئے ’اوشن کوئے‘ نامی ٹینکر کو قبضے میں لیا، جو ایرانی تیل کی کھیپ لے جا رہا تھا مذکورہ ٹینکر خطے کی صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران کی تیل برآمدات اور ایرانی قوم کے مفادات کو نقصان پہنچانے اور ان میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہا تھا۔

    ایرانی بحریہ کے مطابق آپریشن میں بحری کمانڈوز اور میرین اہلکاروں نے حصہ لیا اور ٹینکر کو ایران کے جنوبی ساحلوں تک منتقل کرکے عدالتی حکام کے حوا لے کردیا، ایرانی بحریہ ملک کے علاقائی پانیوں میں ایران کے مفادات اور اثاثوں کے دفاع کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی اور کسی بھی خلا ف ورزی یا جارحیت پر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی-

  • کراچی: ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق

    کراچی: ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق

    کراچی میں گرفتار ہونے والا ملزم پُراسرار طور پر پولیس کی حراست میں جاں بحق ہوگیا۔

    پاک کالونی تھانے کی پولیس کی حراست میں گرفتار ملزم پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لے جائی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ شاہ زیب کے نام سے کی گئی پولیس کے مطابق ملزم کی وجہ موت کا فوری طور پر تعین نہیں ہوسکا۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ زون اسد رضا نے پاک کالونی پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ،انہوں نے اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کیماڑی سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

    اُدھر پاک کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص مبینہ طور پر نشے کا عادی تھا جسے جمعرات کی صبح گرفتار کر کے لاک اپ میں رکھا گیا تھا اور دوران حراست اس کی طبیعت خراب ہونے پر اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا۔

  • وزیراعظم آزادکشمیر نے چوہدری رشید کو وزارت سے برطرف کر دیا

    وزیراعظم آزادکشمیر نے چوہدری رشید کو وزارت سے برطرف کر دیا

    وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اپنی کابینہ کے اہم رکن چوہدری محمد رشید کو عہدے سے برطرف کردیا۔

    یہ سخت فیصلہ چوہدری رشید کی مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، چوہدری محمد رشید کے پاس پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارتیں تھیں،برطرفی کا فیصلہ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر فوری طور پر نافذ کر دیا گیا.

    چوہدری محمد رشید نے آج سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے ہمراہ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی تھی، ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں چوہدری رشید اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان معاملات طے پاچکے ہیں اور وہ جلد ہی باقاعدہ طور پر ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کرنے والے ہیں-

    چوہدری رشید کی ان سیاسی سرگرمیوں کو وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی تصور کرتے ہوئے انہیں وزارت سے فارغ کرنے کا حکم جاری کر دیا،،چوہدری محمد رشید کی وزارت ختم کرکے محکموں کے نئے قلمدانوں پر مشاورت جاری ہے۔

    دوسری جانب آزاد کشمیر میں عام انتخابات سے قبل گہما گہمی عروج پر ہے اور سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا ہے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کل (8 مئی) لاہور میں ن لیگ آزاد کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس مسلم لیگ ن کے سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں کل دن 11 بجے طلب کیا ہے-

    نواز شریف پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے بعد ٹکٹ کے لیے درخواستیں دینے والے لیگی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے،اس سے قبل نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس مظفرآباد میں طلب کیا تھا، تاہم اچانک دورہ منسوخ کرکے لیگی قیادت کو لاہور بلا لیا گیا۔

  • ایران امریکی تجویز کے بارے میں  کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا ،اسماعیل بقائی

    ایران امریکی تجویز کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا ،اسماعیل بقائی

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران ابھی تک امریکی تجویز پر کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا اور معاملہ تاحال زیر غور ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران امریکی تجویز کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کے مرحلے میں نہیں پہنچا اس وقت تہران کی جانب سے امریکا کو کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا گیا ہے اور معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے جب ایران کسی حتمی فیصلے پر پہنچے گا تو اس سے متعلق پیغامات ثالثی کے ذریعے متعلقہ فریقین تک پہنچا دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پیغامات کے تبادلے کے نتائج کی بنیاد پر آئندہ کے اقدامات کا تعین کیا جائے گا سفارتی سطح پر رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور ایران اپنی قومی پالیسی اور مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا ایران اس معاملے پر تفصیلی غورکر رہا ہے اورحتمی مؤقف بعد میں سامنے لایا جائے گا،ایران اپنے فیصلے سے پاکستان کو آگاہ کرے گا، جو اس عمل میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔

    بدھ کے روز اسماعیل بقائی نے ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ مذاکرات کا تصور کم از کم اس بات کا متقاضی ہے کہ تنازع کے حل کے لیے حقیقی نیت کے ساتھ بات چیت کی جائے، جیسا کہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے 1 اپریل 2011 کے فیصلے (پیرا 157) میں بھی کہا گیا ہے، مذاکرات کے لیے نیک نیتی ضروری ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ مذاکرات محض بحث و تکرار نہیں ہوتے اور نہ ہی انہیں حکم مسلط کرنے، دھوکا دہی، بلیک میلنگ یا جبر کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ بدھ کے روز بھی ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا تھا کہ تہران امریکا کی اس تجویز کا جائزہ لے رہا ہے جس کا مقصد دو ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کا خاتمہ ہے وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایرانی خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایران اپنی رائے ثالث ملک پاکستان کو پہنچائے گا-

  • اپنے الوداع کہنے کا وقت خود چن سکنا بھی ایک انعام ہے،جیفری ایپسٹین کا سوسائیڈ نوٹ منظرعام پر

    اپنے الوداع کہنے کا وقت خود چن سکنا بھی ایک انعام ہے،جیفری ایپسٹین کا سوسائیڈ نوٹ منظرعام پر

    بدنام زمانہ سرمایہ کار اور جنسی جرائم کے ملزم جیفری ایپسٹین سے منسوب ایک مبینہ خفیہ ہاتھ سے لکھی گئی تحریر انٹر نیٹ پر گردش کر رہی ہے-

    امریکا میں ایک وفاقی جج نے بدنام زمانہ سرمایہ کار اور جنسی جرائم کے ملزم جیفری ایپسٹین سے منسوب ایک مبینہ خفیہ ہاتھ سے لکھی گئی تحریر منظر عام پر لانے کا حکم دے دیا ہے جو ان کی موت سے تقریباً ایک ماہ قبل لکھی گئی تھی۔

    جولائی 2019 کی اس تحریر میں دعویٰ کیا گیا کہ کئی ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات میں ان کے خلاف کچھ نہیں مل جبکہ نوٹ میں ایک جملہ خاص طور پر توجہ کا مرکز بن گیا جو یہ تھا ’اپنے الوداع کہنے کا وقت خود چن سکنا بھی ایک انعام ہے، تم چاہتے ہو میں پھوٹ پھوٹ کر روؤں؟ کوئی فائدہ نہیں، یہ اس کے قابل نہیں‘۔

    امریکی اخباردی نیویارک ٹائمز نے عدالت سے نوٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی مؤقف اختیار کیا گیا کہ اب اس دستاویز کو خفیہ رکھنے کی کوئی قانونی وجہ باقی نہیں رہی،جج نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ اس نوٹ کو منظر عام پر لانا شفافیت اور احتساب کے اصولوں کے مطابق ہے اور اس سے عدالتی نظام پر عوامی اعتماد برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

    یہ نوٹ ایپسٹین کے سابق سیل میٹ نکولس ٹارٹاگلیونے کے مطابق ایک کتاب کے اندر چھپا ہوا ملا تھا ٹارٹاگلیونے کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ تحریر جولائی 2019 میں ایپسٹین کی پہلی مبینہ خودکشی کی کوشش کے بعد دریافت کی۔

    ٹارٹاگلیو ایک سابق پولیس افسر اور 4 افراد کے قتل میں سزا یافتہ مجرم ہیں وہ پہلے بھی اس نوٹ کا ذکر ایک پوڈکاسٹ میں کرچکے ہیں اگرچہ ایپسٹین نے کبھی ان پر جیل سیل میں حملے کا الزام لگایا تھا تاہم ٹارٹاگلیونے نے اس الزام کی تردید کی تھی۔

    عدالت کے مطابق یہ دستاویز پہلے ٹارٹاگلیونے کے مجرمانہ مقدمے کے باعث خفیہ رکھی گئی تھی تاہم اب جج نے اسے جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے،امریکی حکام اور میڈیا اداروں نے اب تک اس نوٹ کی تحریر یا اس کی مکمل صداقت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

    واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین اگست 2019 میں نیویارک کی جیل میں مردہ پائے گئے تھے جہاں وہ کم عمر لڑکیوں کی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کے مقدما ت کا سامنا کر رہے تھےامریکی حکام نے ان کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا تاہم اس واقعے کے بعد سے متعدد سازشی نظریات اور سوالات زیرِ گردش رہے ہیں۔

  • پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو اسپاٹ کارگوز کیلئے بولیاں موصول

    پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو اسپاٹ کارگوز کیلئے بولیاں موصول

    پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کو ایل این جی اسپاٹ کارگوز کی خریداری کیلئے مختلف کمپنیوں کی جانب سے بولیاں موصول ہوگئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی ایل ایل کو 16.98 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک کی کم ترین بولی موصول ہوئی، جو ٹوٹل انرجیز گیس اینڈ پاور کی جانب سے 24 سے 26 مئی کی ڈیلیوری کیلئے جمع کرائی گئی مجموعی طور پر 6 کمپنیوں نے اسپاٹ کارگوز کیلئے بولیاں جمع کرائیں اس کے علاوہ 12 سے 14 مئی کے عرصے کیلئے بھی پی ایل ایل کو 17.28 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی موصول ہوئی ہے اور ٹوٹل انرجیزگیس اینڈ پاور نے 24 سے 26 مئی کے لیے سب سے کم بولی جمع کرائی ہے موصول ہونے والی بولیوں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ پی ایل ایل بورڈ کی جا نب سے کیا جا ئے گا۔

    قبل ازیں پاکستان ایل این جی لمیٹڈ بورڈ نے اسپاٹ ایل این جی کارگو خریدنے کی منظوری دی تھی اور 27 اپریل سے 14 مئی کے دوران تین ایل این جی کارگوز کے لیے بولیاں طلب کی تھی جبکہ یکم سے 7 مئی اور 8 سے 14 مئی کے لیے آنے والی بولیوں کو منظور نہیں کیا گیا تھا پی ایل این جی کو یکم تا 7 مئی کے لیے کارگو کی بولی 18.5 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو اور 8 تا 14 مئی کے لیے 17.99 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو کی پیش کش کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد لغاری نے کہا تھا کہ ہمیں ایل این جی گیس موصول ہو چکی جس کے بعد اب بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ ہو چکا ہے کچھ روز سے عوام کو لوڈ مینجمنٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا،ہمیں ایل این جی گیس موصول ہو چکی ہے، گیس موصول ہوتے ہی اب بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

  • گجرات میں سی سی ڈی اہلکار ملزمان کی فائرنگ سے شہید

    گجرات میں سی سی ڈی اہلکار ملزمان کی فائرنگ سے شہید

    گجرات میں خطرناک ملزمان کی فائرنگ سے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے اہلکار فیاض حسین شہید ہوگئے۔

    سی سی ڈی ترجمان کے مطابق گجرات میں خطرناک ملزمان کی جانب سے ریکی کے دوران اہلکار فیاض حسین پر فائرنگ کی گئی، ملزمان کی فائرنگ سے اہلکار شدید زخمی ہوگئے،سی سی ڈی اہلکار فیاض حسین کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، پولیس کی بھاری نفری اسپتال اور موقع پر پہنچ گئی، بعد ازاں شہید اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے،سی سی ڈی فائرنگ میں ملوث ملزمان کا تعاقب کر رہی ہے۔

  • اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آئندہ ہفتے ہو گا

    اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آئندہ ہفتے ہو گا

    اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آئندہ ہفتے واشنگٹن میں ہونے جا رہا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار اور اسرائیلی ذریعے کے مطابق دونوں ممالک کے سفیروں کے درمیان ملاقاتیں جمعرات اور جمعے کو ہوں گی، جن کا مقصد جنگ بندی کو مستحکم بنانا اور ممکنہ امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے لیے مذاکرات کا نیا دور 14 اور 15 مئی کو واشنگٹن میں منعقد ہوگا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل نے گزشتہ روز بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے ایک اہم کمانڈر کو نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئندہ ہفتے جمعرات اور جمعہ کو دونوں ممالک کے درمیان اہم بات چیت ہوگی۔

    صدر ٹرمپ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون کے درمیان ایک تاریخی ملاقات کرانے کی کوششیں بھی کر رہے ہیں تاہم لبنانی صدر نے اسرائیلی حملوں کے دوران نیتن یاہو سے براہِ راست ملاقات پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔

    لبنانی صدر جوزف عون نے پیر کو کہا تھا کہ مذاکرات سے پیچھے ہٹنے کا کوئی سوال نہیں اور یہ عمل تمام لبنانی عوام کے مفاد میں ہے انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مستقل معاہدے کے لیے جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا ضروری ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپریل کے آخر میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے دوران جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع کی تھی تاہم اس دوران جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے اور اسرائیلی افواج پر حزب اللہ کی کارروائیاں جاری رہیں، جس سے جنگ بندی معاہدہ شدید دباؤ کا شکار ہے بدھ کے روز اسرائیل نے بیروت میں جنگ بندی کے بعد پہلا حملہ بھی کیا، جس کے بعد امریکی ثالثی میں ہونے والے معاہدے پر مزید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بیروت میں حزب اللہ کے خلاف حالیہ حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے دشمنوں کے لیے کہیں بھی کوئی ‘استثنیٰ نہیں ہے،حزب اللہ کی رضوان فورس کے کمانڈر احمد علی بلوط یہ سمجھتے تھے کہ وہ بیروت میں اپنے خفیہ ٹھکانے سے حملوں کی ہدایت دے سکتے ہیں، لیکن اب وہ محفوظ نہیں رہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس 2 مارچ کو ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا تھا، جس کے بعد 16 اپریل کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔

    لبنانی وزارت صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک لبنان میں 2,700 سے زائد افراد ہلاک اور 12 لاکھ کے قریب بے گھر ہوچکے ہیں لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی بڑے مذاکراتی عمل سے قبل موجودہ جنگ بندی کو مزید مستحکم کرنا ضروری ہے۔