Baaghi TV

Tag: پاکستان

  • پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے نیک نیتی پر مبنی کوششیں کی ہیں،ترجمان

    پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے نیک نیتی پر مبنی کوششیں کی ہیں،ترجمان

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے مؤقف پر بدستور قائم ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ اختلافات کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے حالیہ دنوں میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے چین، برطانیہ، یورپی یونین اور دیگر اہم عالمی شراکت داروں کے ساتھ بھرپور سفارتی رابطے کیے ہیں، جن کا مقصد علاقائی امن، عالمی تعاون اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنا ہے وزیراعظم پاکستان نے 23 سے 26 مئی کے دوران چین کا اہم دورہ کیا جس میں چینی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے چین سے واپسی پر اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی فورم میں شرکت کی اور عالمی حکمرانی میں اصلاحات اور مشترکہ عالمی مسائل کے حل پر مختلف ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں پرتگال، کولمبیا، کوسٹا ریکا، کیوبا اور انڈونیشیا سمیت متعدد مما لک شامل تھے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ امریکی حکام کے ساتھ بھی اہم رابطے ہوئے جن میں امریکی وزیر خارجہ اور قومی سلامتی مشیر سے ملاقات شامل ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا امریکی قیادت نے خطے میں امن کی کوششوں خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے نیک نیتی پر مبنی کوششیں کی ہیں اور مختلف دوست ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دیا جا رہا ہے،پاکستان کا موقف واضح ہے کہ خطے کا استحکام مشترکہ ذمہ داری ہے اور تمام فریقین کو تحمل اور مذاکر ات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے حالیہ دنوں میں مصر، ویتنام، ایران اور یورپی یونین کے اعلیٰ حکام کے ساتھ بھی ٹیلیفونک رابطے ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقا ت اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا آٹھواں دور بھی منعقد ہوا جس میں تعاون کے مختلف شعبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا،جبکہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور نے کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈائیلاگ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان منظم اور اعلیٰ سطحی سیاسی رابطوں کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

    ترجمان کے مطابق اس اجلاس میں دونوں فریقین نے باہمی تعلقات میں پیش رفت، تعاون کے فروغ اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا یہ ڈائیلاگ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطحی سیاسی روابط کو برقرار رکھنے اور مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہےاجلاس کے دوران خطے کی صورتحال، بالخصوص مشرق وسطیٰ کے معاملات پر بھی غور کیا گیا اس موقع پر متعدد علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا۔

    مشترکہ بیان میں اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کے تقدس کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی، جبکہ مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی تاریخی، قانونی اور آبادیاتی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کیا گیا۔ بیان میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے اشتعال انگیزی اور مقدس مقامات کی حیثیت متاثر کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی بیان میں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا گیا جس کا دارالحکومت القدس ہو، اور اس مؤقف کو بین الاقوامی قانون اور دو ریاستی حل کے مطابق قرار دیا گیا۔

  • موسماتی تبدیلیوں کے خطرات،چار بڑے ڈیموں کے تعمیر ی کام کو تیز کر دیاگیا

    موسماتی تبدیلیوں کے خطرات،چار بڑے ڈیموں کے تعمیر ی کام کو تیز کر دیاگیا

    حکومتِ پاکستان اور واپڈا (WAPDA) نے پانی کے بڑھتے ہوئے بحران اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے ملک بھر میں بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کی رفتار تیز کر دی ہے۔ ان منصوبوں سے مجموعی طور پر 8 ملین ایکڑ فٹ (MAF) سے زائد پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش حاصل ہوگی۔

    پاکستان میں اس وقت بارشوں کے بدلتے ہوئے نظام اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کی وجہ سے پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اور حکام نے بارہا خبردار کیا ہے کہ ملک میں پانی کی مانگ اور سپلائی میں فرق بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نئے ڈیم بنانا قومی ترجیح بن چکا ہے تاہم موسماتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے چار بڑے ڈیموں کی تعمیر کے کام کو تیز کر دیا ہے جس سے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 80 لاکھ ایکڑ فٹ سے زیادہ کا اضافہ ہوگا.

    سرکاری خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ان منصوبوں میں دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، کرم تنگی ڈیم اور نئی گاج ڈیم شامل ہیں ان ڈیموں کی تعمیر سے نا صرف پانی کی دستیابی میں بہتری آئے گی بلکہ سیلاب کی روک تھام اور سستی بجلی پیدا کرنےکی صلا حیت میں بھی بڑا اضافہ ہوگا اس وقت چار اہم منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی مجموعی طور پر پانی ذخیرہ کرنے کی زندہ صلاحیت 8.136 ملین ایکڑ فٹ ہے.

    رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں میں سب سے اہم دیامر بھاشا ڈیم (دریائے سندھ)ہے یہ دنیا کا سب سے بڑا کنکریٹ کا ڈیم ہوگا جو اکیلا ہی 6.4 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گا، تقریباً 4,800 میگاواٹ سستی بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرے گا۔

    مہمند ڈیم (دریائے سوات) یہ 0.676 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گا اور کثیر المقاصد ڈیم سیلاب کی روک تھام اور زراعت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گاجبکہ کرم تنگی ڈیم 0.90 ملین ایکڑ فٹ اور نئی گاج ڈیم 0.16 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گا.

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان کے پاس پانی ذخیرہ کرنے کے تین بڑے ذخائر موجود ہیں جن میں تربیلا ڈیم، منگلا ڈیم اور چشمہ بیراج شامل ہیں واپڈا نے موجودہ دور کو ڈیموں کی دہائی قرار دیا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی مانگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے،واپڈا نے دریاؤں کے بہاؤ، سرحد پار سے آنے والے پانی، ڈیموں کی صورتحال اور بارشوں کا بروقت ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے اپنے مانیٹرنگ اور ٹیلی میٹری سسٹم کو بھی وسیع کر دیا ہے.

    رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مستقبل کے لیے مزید کئی ڈیموں کی منصوبہ بندی اور ڈیزائننگ پر کام ہو رہا ہے جن کی مجموعی صلاحیت 15 ملین ایکڑ فٹ سے زیادہ ہے، جن میں سندھ بیراج (2.0 ملین ایکڑ فٹ)، شیوک کثیر المقاصد ڈیم منصوبہ (5.5 ملین ایکڑ فٹ)، اکھوری ڈیم (7.0 ملین ایکڑ فٹ)، چنیوٹ ڈیم (0.93 ملین ایکڑ فٹ) اور مرنج ڈیم (0.45 ملین ایکڑ فٹ) شامل ہیں۔

    حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے اور پانی کو محفوظ کرنے کے لیے دریائے چناب پر 4 نئے ڈیموں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہےان ڈیموں کی مجموعی مالیت تقریباً 300 ارب روپے ہے،ان کی تعمیر سے 45 لاکھ ایکڑ فٹ اضافی پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا اور 330 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، ان میں چنیوٹ اور شاہ جیوانہ کے مقامات پر ڈیمز شامل ہیں ان تمام ڈیموں کی بروقت تکمیل کے لیے حکومت فنڈز کے اجراء اور مقامی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

    اس سے قبل حکومت نے بتایا تھا کہ پاکستان کے پاس صرف 90 دنوں کی ضرورت کے برابر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے،جبکہ گزشتہ سال وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد ہنگامی بنیادوں پر نئے ڈیم اور آبی ذخائر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کو سیلا ب کی تباہ کاریوں سے بچانے اور زرعی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے نئے ذخائر کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے.

  • صدر مملکت کی اطالوی قومی دن پر اٹلی کی قیادت اور عوام  کو  مبارکباد

    صدر مملکت کی اطالوی قومی دن پر اٹلی کی قیادت اور عوام کو مبارکباد

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹلی کے صدر سرجیو میتاریلا اور اٹلی کے عوام کو یومِ جمہوریہ پر مبارکباد دی ہے-

    ​ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق ​صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو کہ باہمی اعتماد، تعاون اور امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں یہ دوطرفہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

    ​صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے روابط کو بہت اہمیت دیتا ہے اور بین الاقوامی تعاون، مذاکرات اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے یورپی یونین میں اٹلی کے تعمیری کردار کو انتہائی سراہتا ہے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

    دوسری جانب وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بھی اٹلی کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    اپنے بیان میں محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اٹلی پاکستان کا ایک اہم یورپی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں پاکستان اٹلی کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافتی روابط کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اطالوی قومی دن دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے مزید فروغ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

    انہوں نے اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ برادری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان اٹلی کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور عوامی سطح کے روابط کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جو مشترکہ ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے مضبوط تعلقات باہمی مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ دیرینہ دوستی مستقبل میں مزید مضبوط اور نتیجہ خیز شراکت داری میں تبدیل ہوگی، انہوں نے اطالوی قومی دن پر پاکستان اور اٹلی کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ اٹلی کا یومِ جمہوریہ ہر سال 2 جون کو منایا جاتا ہے یہ دن 1946 میں ہونے والے اس تاریخی ریفرنڈم کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس میں اطالوی عوام نے بادشاہت کو ختم کر کے جمہوری نظامِ حکومت کا انتخاب کیا تھا مرکزی تقریب دارالحکومت روم میں منعقد ہوتی ہے، جہاں اطالوی صدر کی جانب سے ‘تومبے دی آلتارے’ (Altar of the Fatherland) پر پھولوں کی چادر چڑھائی جاتی ہے، اس موقع پر ایک شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے اور اطالوی فضائیہ کے جیٹ طیارے آسمان پر اٹلی کے پرچم کے رنگ (سرخ، سفید اور سبز) بکھیرتے ہوئے کرتب دکھاتے ہیں-

  • ایران اورپاکستان کی مذمت، ٹرمپ کی اظہار برہمی کے بعد نیتن یاہو نے لبنان پر حملے روک دیے

    ایران اورپاکستان کی مذمت، ٹرمپ کی اظہار برہمی کے بعد نیتن یاہو نے لبنان پر حملے روک دیے

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابلِ افسوس اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیاں نہ صرف انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں، انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

    پاکستانی مندوب نے کہا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور لبنان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

    عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام صرف مذاکرات، سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے، انہوں نےفریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی اپیل کی،پاکستان کے مستقل مندوب نے اس عزم کا اعاد ہ کیا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔

    اسی دوران، سفارتی کوششوں کے سلسلے میں ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر را بطہ کیا ہےایرانی وزیر خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کی اسرائیلی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتےہوئے سفارتکاری میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا، انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان سے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی درخواست کی.

    اس گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ کو موجودہ صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیااسحاق ڈار نے جنگ بندی برقرار رکھنے اور موجودہ مفاہمت کو محفوظ بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کا تسلسل خطے میں مزید کشیدگی اور بحران سے بچنے کے لیے انتہائی ضروری ہے.

    اس معاملے پر ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی بھی اپنے ملک کا مؤقف سامنے لائے ہیں،انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ جنگ بندی معاہدے میں لبنان بھی شامل ہے، کسی ایک محاذ پر کارروائی تمام محاذوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی ،ایرانی وزیرخارجہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر نتائج کی ذمہ داری امریکا اور اسرائیل پر عائد ہوگی.

    دوسری جانب، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ سخت رویہ اپنانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے.

    امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر انتہائی تلخ لہجے میں بات کی اور انہیں پاگل کے ساتھ ساتھ ناشکرا بھی قرار دیا، صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر بیروت پر حملے کیے تو اسرائیل دنیا میں مزید تنہا ہوجائے گا.

    ٹرمپ نے نیتن یاہو سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ میں نہ ہوتا تو تم جیل میں ہوتے، میں تمہاری چمڑی بچا رہا ہوں اور ہر شخص اب تم سے نفرت کرتا ہے، ہر شخص اسرائیل سے نفرت کرتا ہےاس گفتگو کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا کے سامنے ایک مختلف اور پرامید بیان دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو سے بڑی مثبت بات چیت ہوئی ہے، اب کوئی فوج بیروت نہیں جارہی، اور جو فوجی راستے میں تھے انہیں واپس بھیج دیا گیا ہے،میں نے اپنے نما ئندوں کے ذریعے حزب اللہ سے بھی بہت اچھی گفتگو کی، حزب اللہ بھی تمام تر فائر بندی پر راضی ہے، اب نہ اسرائیل ان پر حملہ کرے گا، نہ وہ اسرائیل پر حملہ کریں گے.

    پیر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ایک انتہائی مفید ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، جس میں لبنان کی صورت حال اور جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدر ٹرمپ کے مطابق اس گفتگو کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اسرائیلی فوج بیروت میں داخل نہیں ہوگی اور جو فوجی دستے روانہ ہوچکے تھے انہیں انہیں بھی واپس بلا لیا گیا ہے اعلیٰ سطح کے نمائندوں کے ذریعے ان کا حزب اللہ کے ساتھ بھی بہت اچھا رابطہ ہوا، جس میں فائرنگ بندی پر اتفاق کیا گیا ہے اس مفاہمت کے تحت اسرائیل حزب اللہ پر حملہ نہیں کرے گا اور حزب اللہ بھی اسرائیل کو نشانہ نہیں بنائے گا۔

    امریکی صدر نے اپنے بیان میں اس پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم اسرائیلی حکومت، حزب اللہ یا دیگر متعلقہ فریقوں کی جانب سے اس دعوے کی فوری طور پر کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

  • کنزہ ہاشمی کا گھریلو ملازمین اور مداحوں کی جانب سے ہراسانی کا انکشاف

    کنزہ ہاشمی کا گھریلو ملازمین اور مداحوں کی جانب سے ہراسانی کا انکشاف

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ کنزہ ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں شدید سیکیورٹی خطرات اور ہراسگی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد لوگوں پر اعتماد کرنا ان کے لیے مشکل ہو گیا۔

    اداکارہ کنزہ ہاشمی نے ایک یوٹیوب انٹرویو میں کہا کہ ان کے ساتھ کئی ایسے واقعات ہوئے ہیں جنہوں نے انہیں خوف میں مبتلا کردیا تھا اداکارہ نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم ایک خاتون مداح ان کا غیر محسوس طریقے سے تعاقب کرتی تھی حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس خاتون نے ان کے گھر کے ملازمین کو پیسوں کا لالچ دے کر اپنے ساتھ ملا لیا تھا۔

    کنزہ کے مطابق گھر کے بعض ملازمین نے خفیہ طور پر ان کے گھر، ذاتی اشیاء اور روزمرہ استعمال کی چیزوں کی تصاویر لے کر اس شخص کو بھیجنا شروع کر دیں جب مجھے اس سارے معاملے کا علم ہوا تو میں ان کے موبائل فون چیک کیے وہاں میری تمام تصاویر موجود تھیں، اس کی وجہ سے ہم سب ڈر گئے ہم نے ایکشن لینے کی کوشش کی لیکن بیرون ملک مقیم ہونے کی وجہ سے ہم ان کے خلاف کچھ نہ کرسکے۔

    اداکارہ نے کہا کہ جب انہیں اس معاملے کا علم ہوا تو وہ شدید صدمے میں آ گئیں کیونکہ مذکورہ ملازمین کئی برسوں سے ان کے ساتھ کام کر رہے تھے اور ان کا اعتماد جیت چکے تھے وہ ملازمین گزشتہ سات سال سے میرے ساتھ تھےلیکن پھر بھی انہوں نے میرے گھر کی نجی تصاویر اس باہر بیٹھے شخص کو بھیجیں انہوں نے میری چیزوں سے لے کر میری ادویات تک کی عجیب و غریب تصاویر اس شخص کو فراہم کیں میں یہ سب دیکھ کر بالکل دنگ رہ گئی اور اس واقعے کے بعد سے میں اب کسی پر بھی بھروسہ نہیں کر پا رہی ہوں۔

    ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ حال ہی میں ایک شخص ان کا پیچھا کرتے ہوئے ان کے ڈرامے کے سیٹ پر پہنچ گیا اور بات یہا ں تک بڑھ گئی کہ وہ شخص ان کے گھر کی عمارت تک بھی پہنچ گیا خوش قسمتی سے اسے اداکارہ کے اپارٹمنٹ کا نمبر معلوم نہیں تھا جس کی وجہ سے وہ ان تک رسائی حاصل نہ کر سکااس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے سیٹ پر موجود عملے کی مدد لینا پڑی تب کہیں جا کر اس مداح سےان کی جان چھوٹی-

    اداکارہ نے کہا کہ ایسے معاملات میں انسان شدید مایوسی کا شکار ہو جاتا ہے کیونکہ آپ کچھ کر نہیں پاتے اور نہ ہی اس طرح کی چیزوں کے خلاف کوئی باقا عدہ یا سرکاری شکایت درج کروا پاتے ہیں-

    کنزہ ہاشمی کے اس انکشاف نے شوبز شخصیات کی نجی زندگی اور ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جہاں بظاہر نظر آنے والے وفادار ملازمین اور حد سے بڑھے ہوئے مداح فنکاروں کی ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا باعث بن جاتے ہیں۔

  • سربیا کے صدر کی بھارتی ایس-400 دفاعی نظام سے متعلق پاکستانی مؤقف کی تصدیق

    سربیا کے صدر کی بھارتی ایس-400 دفاعی نظام سے متعلق پاکستانی مؤقف کی تصدیق

    وسطی یورپ کے ملک سربیا کے صدر نے بھارتی ایس-400 دفاعی نظام سے متعلق پاکستانی مؤقف کی تصدیق کر دی ہے۔

    آپریشن سندور کے دوران بھارت کی نام نہاد دفاعی برتری اور اس سے متعلق کیے جانے والے دعوؤں پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں،سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بطور غیر جانبدار تجزیہ کار زمینی شواہد اور دستیاب ڈیٹا کی بنیاد پر اپنے خیالات کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران چینی ساختہ ہتھیاروں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    سربیا کے صدر کے مطابق بھارتی ایس-400 دفاعی نظام کے ریڈار کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا چینی سیٹلائٹس کے ذریعے یہ دیکھا جا سکتا تھا کہ فرانسیسی ریڈار کہاں تباہ ہوا اور ایس- 400 کے ریڈار نظام کو کہاں نشانہ بنایا گیا، بھارتی تردید کے باوجود دستیاب رپورٹس ایس- 400 ریڈار سسٹم کے متاثر ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں، بھارت کی جانب سے اس دعوے کی تردید کے باوجود دستیاب رپورٹس اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ایس-400 ریڈار سسٹم متاثر ہوا تھا۔

  • پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی

    پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی

    رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی کر دی۔

    رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026ء کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے عموماً چاند کی عمر 18 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان وقفہ بھی رویت ہلال کے لیے اہم ہوتا ہے، 15 جون کی شام کراچی میں یہ فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ ہوگا، تاہم چاند کی کم عمر کے باعث رویت کے امکانات موجود نہیں ہوں گے چاند کی عمر 18 گھنٹوں سے کم ہونے کی وجہ سے مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی 15 جون کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ، دوربین یا حتیٰ کہ ٹیلی سکوپ کے ذریعے بھی ممکن نہیں ہوگی۔

    رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026ء کو ہوگی تاہم انہوں نے واضع کیا کہ نئے اسلامی سال کے آغاز یعنی محرم الحرام کے چاند کی رویت کا شرعی اور حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کونسل کرے گا۔

  • سری لنکا نے پاکستان سمیت 40 ممالک کے شہریوں کیلئے ویزا فیس ختم کر دی

    سری لنکا نے پاکستان سمیت 40 ممالک کے شہریوں کیلئے ویزا فیس ختم کر دی

    سری لنکا نے پاکستان سمیت 40 ممالک کے شہریوں کو ویزا فیس سے استثنیٰ قرار دے دیا ہے-

    ان 40 ممالک کے شہریوں کو ویزا فیس سے استثنیٰ قرار دے دیا ہے، اب بغیر فیس وہ ویزا حاصل کر سکیں گے،ان ممالک میں پاکستان ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان ، قطر، ترکی، آسٹریلیا، آسٹریا، بحرین، بیلاروس، بیلجیئم، کینیڈا، چین، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، انڈیا، انڈونیشیا، ایران، اسرائیل، اٹلی، جاپان، قازقستان، کویت، ملائیشیا، نیپال، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، سپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، تھائی لینڈ، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔

    ان ممالک کے شہری نئی سکیم کے تحت مفت ای ٹی اے حاصل کرنے کے اہل ہیں ،اب 40 ممالک کے شہری سری لنکا کے لیے مفت الیکٹرا نک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے) حاصل کر سکتے ہیں، اس کے تحت وہ 30 دن تک سفر کر سکیں گے،محکمہ امیگریشن سری لنکا کا کہنا ہے کہ اگرچہ اب کوئی فیس ادا نہیں کرنا پڑے گی لیکن ملک میں داخل ہونے کیلئے ان ممالک کے شہریوں کو ای ٹی اے کے لیے درخواست دینا اور ا سے حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

  • کسی کا متبادل نہیں بننا چاہتا، اپنی الگ شناخت بنانا چاہتا ہوں،عرفات منہاس

    کسی کا متبادل نہیں بننا چاہتا، اپنی الگ شناخت بنانا چاہتا ہوں،عرفات منہاس

    عرفات منہاس کا کہنا ہےکہ میں کسی کا متبادل نہیں بننا چاہتا، اپنی الگ شناخت بنانا چاہتا ہوں-

    پاکستانی نوجوان باؤلر عرفات منہاس ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئےراولپنڈی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عرفات منہاس کا کہنا تھا کہ ڈیبیو میچ میں ٹیم کو جیت دلانے کی خوشی ہے،گرمی کافی تھی اور پچ خشک ہونے کی وجہ سے اسپنرز کو مدد ملی،کنڈیشنز اسپنرز کے لیے سازگار تھیں اسی وجہ سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا-

    عرفات منہاس نے کہا کہ ڈیبیو پر دباؤ ضرور ہوتا ہے لیکن مجھے بالکل بھی پریشر محسوس نہیں ہوامیرے والدین نے بہت سپورٹ کیا، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہو یا انڈر19 میں ہر سطح پر اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے کوشاں رہا ہوں، میں کسی کا متبادل نہیں بننا چاہتا، اپنی الگ شناخت بنانا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ میں ٹیم کا مستقل رکن بننے کا خواہش مند ہوں۔

  • پہلا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    پہلا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایک-صفر کی برتری حاصل کر لی ہے،ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،آسٹریلیا نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا ، نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے بھی ’ڈریم ڈیبیو‘ کیا ہے اور ون ڈے کیریئر کے پہلے میچ میں 5وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    عرفات منہاس نے پہلے آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کو 13 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا اس کے بعد انہوں نے مارنس لبوشین اور کیمرون گرین کو بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس بھیج کر آسٹریلوی ٹیم پر دباؤ بڑھا دیاستائیسویں اوور میں نصف سنچری بنانے کے بعد اوپنر میتھیو شارٹ بھی عرفات منہاس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے اس کے بعد 145 رنز کے مجموعی اسکور پر سلمان آغا نے اولیور پیک کو آؤٹ کیا جب کہ ابرار احمد نے میٹ رینشا کی وکٹ لے کر ٹیم کے لیے ساتو یں وکٹ لی،میچ کے تینتالیسویں اوور میں عرفات منہاس پھر نیتھن ایلس کو بولڈ کرکے ون ڈیبیو پر پانچ وکٹیں حاصل کرنے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں،200 رنز کے مجموعی اسکور پر تنویر سانگھا اور میتھیو کوہنیمن بھی آؤٹ ہوگئے۔

    پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس کے علاوہ ابرار احمد نے 2، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی،آسٹریلیا کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 43ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

    بابر اعظم اور غازی غوری نے نصف سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ بابر اعظم 69 رنز جب کہ غازی غوری 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،عرفات منہاس نے آخری گیند پر چھکا لگا کر پاکستان کی جیت پر مہر لگائی اور بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

    میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم نے عرفات منہاس کو ڈیبیو کیپ پیش کی ،اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف نے نوجوان کرکٹر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا شاہین آفریدی کا کہنا تھا پاکستانی ٹیم ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں آج اپنا ہزارواں میچ کھیل رہی ہے، پاکستان کیلئے ہزارویں میچ میں شرکت اور کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے، پوری ٹیم کیلئے یہ تاریخی موقع ہے، کوشش کریں گے کہ عمدہ پرفارمنس پیش کریں اور میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

    قومی ٹیم میں شاہین آفریدی کپتان، صاحبزادہ فرحان، معاذصداقت، بابراعظم، غازی غوری وکٹ کیپر، سلمان علی آغا اور عبد الصمد شاداب خان، عرفات منہا س، حارث رؤف اور ابراراحمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں،نوجوان کھلاڑی عرفات منہاس اپنا ون ڈے ڈیبیو کررہے ہیں۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے کرکٹ میں مجموعی طور پر 111 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں آسٹریلیا کو واضح برتری حاصل ہے، آسٹریلیا نے 71 جبکہ پاکستان نے 36 میچز جیتے ہیں، جبکہ تین میچز بے نتیجہ اور ایک ٹائی ہوا، حالیہ فارم کے لحاظ سے دونوں ٹیمیں تقریباً ایک جیسی کارکردگی کے ساتھ میدان میں اتری ہیں اور اپنی آخری پانچ میچز میں تین، تین فتوحات حاصل کر چکی ہیں۔