ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان ائیر بیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی موجود تھے۔
صدر مرزائیوف کے خصوصی طیارے سے باہر اترنے پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے ان سے پرجوش مصافحہ اور معانقہ کیا۔ وزیر اعظم سے ان کا خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ روایتی اور ثقافتی لباس میں ملبوس بچوں نے گلدستے پیش کیے اور دونوں ملکوں کے قومی پرچم تھامے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعظم نے کابینہ ارکان کو بھی معزز مہمان کا تعارف کرایا۔
Author: Aqsa Younas Rana

ازبک صدر شوکت مرزائیوف کا پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد آمد

حکومت کا بہترین ایتھلیٹس کے لیے "ایتھلیٹ آف دی ایئر” ایوارڈ متعارف
حکومت نے ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں میں کارکردگی کو فروغ دینے کے لیے "ایتھلیٹ آف دی ایئر ایوارڈ” متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ ایوارڈ ہر سال بہترین کارکردگی دکھانے والے مرد اور خاتون ایتھلیٹس کو علیحدہ علیحدہ دیا جائے گا تاکہ قومی کھلاڑیوں میں کھیلوں کے معیار کو بلند کرنے کی ترغیب ملے۔
ایوارڈ کے ساتھ ہر فاتح کو 25 لاکھ روپے کا کیش انعام بھی دیا جائے گا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی مالی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے شعبے میں مستقل محنت کو سراہنا ہے۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) سے منظوری حاصل کر لی ہے اور ایوارڈ کی تقریب ہر سال کے اختتام پر منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں قومی ایتھلیٹس کو ان کی کارکردگی، کامیابیوں اور کھیل کے شعبے میں نمایاں خدمات کے لیے اعزاز دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ ایوارڈ ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں میں حوصلہ پیدا کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
بسنت کے باعث لاہور میں فضائی سرگرمیوں کیلئے نوٹم جاری
لاہور میں دو دہائیوں بعد بسنت منائے جانے کے موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی تحفظ کے پیشِ نظر نوٹم جاری کر دیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے 6 سے 8 فروری تک شہر بھر میں پتنگ اڑانے کی اجازت دی گئی ہے، جس کے باعث پائلٹس کو ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز کے مطابق نوٹم تین روز کے لیے جاری کیا گیا ہے تاکہ لاہور کی فضائی حدود میں پروازوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
امریکا کی سعودی عرب کو F-15 طیاروں کے پرزہ جات فروخت کرنے کی منظوری
امریکا نے سعودی عرب کو ایف۔15 لڑاکا طیاروں کے پرزہ جات فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 3 ارب ڈالر ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق اس ممکنہ معاہدے کے تحت سعودی عرب میں محدود تعداد میں امریکی شہری کنٹریکٹرز یا فوجی عملہ طویل مدت کے لیے تعینات کیا جا سکتا ہے تاکہ پرزہ جات کی تنصیب، مرمت اور تربیت کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ منظوری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب امریکا تین روز قبل سعودی عرب کو تقریباً 9 ارب ڈالر مالیت کے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی فروخت کی اجازت بھی دے چکا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ امریکا خلیجی اتحادیوں کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے سنجیدہ ہے۔
العربیہ کے مطابق سعودی عرب نے اس ڈیل کے تحت ایف۔15 طیاروں کے اسپیئر پارٹس اور مرمتی پرزہ جات، قابل استعمال سامان اور اضافی لوازمات، مرمت اور واپسی کی معاونت، زمینی اور عملے سے متعلق آلات، خفیہ اور غیر خفیہ سافٹ ویئر اور اس کی معاونت، تکنیکی دستاویزات، تربیتی سہولیات، اور امریکی حکومت و کنٹریکٹرز کی جانب سے انجینئرنگ، تکنیکی اور لاجسٹک خدمات کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔
پینٹاگون کے مطابق یہ فروخت امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کے لیے اہم ہے کیونکہ اس سے خلیجی خطے میں ایک بڑے غیر نیٹو اتحادی کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جو خطے میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ ایف۔15 جنگی طیاروں سے متعلق یہ فروخت سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کی ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گی، زمینی افواج کے تحفظ میں مدد دے گی اور سینٹ کام کے خطے میں سعودی عرب کے مربوط فضائی اور میزائل دفاعی نظام میں اس کے کردار کو نمایاں طور پر مستحکم کرے گی۔

بے قابو کار کی حلوہ پوری کے اسٹال سے ٹکر، 4 ملازمین زخمی
کراچی میں ایک بے قابو کار حلوہ پوری کے اسٹال سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اسٹال کے 4 ملازمین زخمی ہو گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی ہے، جس میں کار کے اسٹال سے ٹکرانے کا منظر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
لیسکو نے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے ایکسپورٹ ریٹ میں کمی کردی
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے نئی بلنگ پالیسی جاری کرتے ہوئے ایکسپورٹ ریٹ میں کمی کردی ہے۔ اس کے تحت فی یونٹ ایکسپورٹ ریٹ 25.98 روپے سے کم ہو کر 25.32 روپے مقرر کیا گیا ہے، یعنی 66 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔
لیسکو کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی بلنگ پالیسی جنوری 2026 کے بلنگ سائیکل سے نافذ العمل ہوگی۔ منظور شدہ ڈی جی کپیسٹی سے زائد ایکسپورٹ یونٹس پر پابندی عائد ہوگی اور اضافی ایکسپورٹ یونٹس کو ڈی جی کپیسٹی کے تناسب سے محدود کیا جائے گا۔
مزید برآں، سی پی 22 کے تحت ایکسپورٹ یونٹس کی ایڈجسٹمنٹ جاری رہے گی اور نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے ایکسپورٹ ایم ڈی آئی کا درست اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے: سفیر احمد فاروق
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں بریفنگ دیتے ہوئے سفیر نے بتایا کہ سعودی عرب اور پاکستان دفاعی شعبے سمیت مختلف میدانوں میں تعاون بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک–سعودی دفاعی معاہدے نے تعلقات کو نئی جہت دی ہے اور اس کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔
سفیر نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور ٹیکسٹائل سمیت 8 شعبوں میں معاہدے کریں گے۔
احمد فاروق نے کہا کہ پاکستانی برآمدات سعودی عرب میں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں، 2025 میں 5 لاکھ پاکستانی ورکرز سعودی عرب آئے اور اس وقت تقریباً 30 لاکھ پاکستانی وہاں کام کر رہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر: ادھمپور میں بھارتی فوج کی کارروائی، 2 کشمیری نوجوان شہید
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور میں قابض بھارتی فوج نے تازہ کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج اور پیرا اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے مجلتا کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دونوں نوجوانوں کو شہید کیا۔
ایک بھارتی افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی آپریشن تاحال جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، سی آر پی ایف اور اسپیشل آپریشن گروپ نے مجلتا میں تلاشی آپریشن گزشتہ روز شروع کیا تھا، جو آج بھی جاری رہا۔
بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ آپریشن کے دوران نامعلوم افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی۔
پی ٹی آئی کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں، وزیر داخلہ سندھ
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شاہراہیں بند کرنا کسی کو جائز نہیں، اور اگر زبردستی دکانیں بند کروائی گئیں تو قانون حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شارع فیصل بند کرکے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، اور اس معاملے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی جانی چاہئیں، تاکہ آئندہ کسی کی ہمت نہ ہو کہ وہ سڑکیں بند کرے۔
ضیا لنجار نے کہا کہ حافظ نعیم کو پیغام پہنچایا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی سڑکیں بند نہ کریں، احتجاج کرنا ہو تو مرکزی سڑک کے بجائے سروس روڈ یا پریس کلب کے باہر کریں۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے 14 فروری کو کراچی میں دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
شعور سے پیٹ نہیں بھرتا، کے پی حکومت عوام کا حق کھا رہی ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت جب ترقی کا حوالہ دیتی ہے تو کہتی ہے کہ ہم نے آپ کو شعور دیا، لیکن کیا شعور کسی کا پیٹ بھر سکتا ہے؟ کیا لوگ روٹی کی جگہ شعور کھائیں گے؟
انہوں نے کہا کہ ورکر اور ووٹر کے بچے جیل میں ہیں جبکہ اپنے بچے برطانیہ میں ہیں، اور جیل میں بیٹھا شخص کہتا ہے کہ بچوں پاکستان نہ آئیں تاکہ انہیں گرم ہوا نہ لگے۔
راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو عوام کے حقوق اور ترقی کو کھا جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت میں عام ورکرز اور حکمرانوں کے بچوں کے لیے شعور مختلف ہے، اور جب تک عوام اپنے حکمرانوں سے سوال نہیں کریں گے، وہ ناکامی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی پر بھی تنقید کی کہ وہ اپنے بچوں کو برطانیہ بھیج کر پاکستان نہ آنے کی تلقین کرتے ہیں، جبکہ ورکرز کے بچوں کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جہاز لے کر منصوبوں کا افتتاح کرتے ہیں، لیکن یہ جہاز عوام کے لیے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفاد کے لیے ہیں، کیونکہ اڈیالا میں کبھی جہاز نہیں اترتے۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا افتتاح کیا۔









