نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے روکے گئے بحری جہازوں سے 11 پاکستانیوں اور 20 ایرانی شہریوں کی بحفاظت واپسی ممکن بنا لی گئی ہے۔
اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حفاظت اور فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق تمام پاکستانی اور ایرانی شہری سنگاپور سے بینکاک پہنچ چکے ہیں اور پاکستانی شہری اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جبکہ ایرانی شہریوں کی وطن واپسی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے اس کامیاب آپریشن میں تعاون پر سنگاپور، ایران، امریکا اور تھائی لینڈ کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور متعلقہ سفارتی مشنز کی بروقت اور مؤثر کوششوں کے باعث یہ کامیاب آپریشن ممکن ہوا۔
نائب وزیراعظم نے خصوصی طور پر سنگاپور کے وزیر خارجہ ووِوین بالا اور وہاں کی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد کے بغیر یہ عمل اتنی تیزی سے مکمل نہیں ہو سکتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے اور سفارتی تعاون کے نتیجے میں مجموعی طور پر 31 پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی رہائی اور واپسی ممکن بنائی گئی۔
اسحاق ڈار نے تھائی لینڈ حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے بینکاک میں ٹرانزٹ سہولیات فراہم کیں تاکہ متاثرہ شہریوں کی محفوظ منتقلی ممکن ہو سکے۔
امریکا کی جانب سے روکے گئے جہازوں سے 11 پاکستانیوں کی واپسی ممکن بنا دی گئی، اسحاق ڈار
