امریکا میں جنسی جرائم کے مقدمات میں مجرم قرار دیے گئے سرمایہ کار جیفری ایپسٹین سے متعلق نئی دستاویزات نے ایک اور متنازع پہلو سامنے لا دیا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کی گئی ای میلز سے معلوم ہوا ہے کہ ماضی میں اسے پینٹاگون اور ایف بی آئی سے وابستہ عمارتوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی تھی۔
جاری ریکارڈ کے مطابق 2016 میں ایپسٹین کو ایک ایسے بڑے تعمیراتی کمپلیکس میں حصہ خریدنے کی تجویز دی گئی جو امریکی محکمہ دفاع سے منسلک تھا۔ تاہم دستاویزات میں اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ یہ معاہدہ عملی طور پر مکمل ہوا یا سرمایہ کاری انجام تک پہنچی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کمپلیکس ریاست ورجینیا کے شہر آرلنگٹن میں واقع ہے اور پینٹاگون سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر قائم ہے۔ عمارت کا مجموعی رقبہ تقریباً 84 ہزار 710 مربع میٹر بتایا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت ایپسٹین شریک مالک بنتا اور عملاً امریکی حکومت کے لیے مالک مکان کی حیثیت اختیار کر سکتا تھا۔
دستاویزات میں مجوزہ خریداری کی مالیت تقریباً 116 ملین ڈالر درج ہے۔ سرمایہ کاری کی اس پیشکش کا مقصد سرکاری اداروں کو لیز پر دی جانے والی جائیداد میں نجی شراکت داری قائم کرنا تھا۔
گزشتہ ماہ منظر عام پر آنے والی لاکھوں ای میلز میں ایک ایف بی آئی مخبر کی یادداشت بھی شامل ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایپسٹین اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے وابستہ تھا۔ یادداشت میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کے اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایہود باراک سے قریبی روابط تھے اور اسی دائرے میں اسے مبینہ طور پر تربیت ملی۔ تاہم ان دعوؤں کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔
پینٹاگون سے متعلق مجوزہ معاہدے کی تفصیلات تین بنیادی دستاویزات پر مشتمل تھیں، جن میں ایک ای میل، سرمایہ کاروں کے لیے تیار کردہ پریزنٹیشن اور ڈیل کا خلاصہ شامل تھا۔ یہ پیشکش کاروباری شخصیت ڈیوڈ اسٹرن نے آگے بڑھائی، جو خود کو ایپسٹین کا قریبی ساتھی قرار دیتا تھا۔
دستاویزات کے مطابق اسٹرن ماضی میں برطانوی شاہی خاندان کے رکن شہزادہ اینڈریو کے قریبی معاون بھی رہے۔ انہیں حال ہی میں سرکاری عہدے کے مبینہ غلط استعمال کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ریکارڈ سے یہ بھی سامنے آیا کہ 2015 میں اسٹرن نے ایپسٹین کو ایک الگ تجویز دی تھی جس میں رچمنڈ اور بالٹی مور میں ایف بی آئی کے دو فیلڈ دفاتر اور عدالتوں کی عمارتوں میں سرمایہ کاری کی بات کی گئی تھی۔ ان جائیدادوں کو سرمایہ کاروں کے لیے “پرکشش اثاثے” قرار دیا گیا تھا۔
منصوبے کے ابتدائی مرحلے کے لیے تقریباً 25 ملین ڈالر درکار تھے، جبکہ بعد میں مزید 80 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا۔ دستاویزات کے مطابق ملکیت کا ڈھانچہ کیمن آئی لینڈز میں قائم ایک آف شور کمپنی کے ذریعے ترتیب دینے کی تجویز دی گئی تھی۔
Author: Aqsa Younas Rana

جیفری ایپسٹین کو پینٹاگون اور ایف بی آئی سے منسلک عمارتوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کا انکشاف

بیوٹی فلٹر ہٹتے ہی چینی انفلوئنسر کے ڈیڑھ لاکھ فالوورز نے ساتھ چھوڑ دیا
ایک چینی سوشل میڈیا انفلوئنسر اس وقت خبروں کی زینت بن گئیں جب لائیو اسٹریمنگ کے دوران اچانک ان کے چہرے سے بیوٹی فلٹر ہٹ گیا، جس کے بعد بڑی تعداد میں فالوورز نے انہیں ان فالو کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق خاتون لائیو ویڈیو کے ذریعے اپنے مداحوں سے بات چیت کر رہی تھیں کہ تکنیکی خرابی کے باعث چند لمحوں کے لیے چہرے پر لگا ڈیجیٹل فلٹر غائب ہوگیا۔ فلٹر ہٹتے ہی ناظرین ان کی اصل شکل دیکھ کر حیران رہ گئے۔
رپورٹس کے مطابق صارفین نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیا اور الزام لگایا کہ انفلوئنسر اپنی حقیقی شکل کے بجائے حد سے زیادہ فلٹرز استعمال کرکے مداحوں کو گمراہ کر رہی تھیں۔ اسی ردعمل کے نتیجے میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد نے انہیں ان فالو کر دیا۔
صرف چار سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو کلپ چند گھنٹوں میں دنیا بھر میں وائرل ہوگئی اور آن لائن خوب زیرِ بحث رہی، جہاں صارفین نے سوشل میڈیا پر فلٹرز کے بڑھتے استعمال اور حقیقت و دکھاوے کے فرق پر نئی بحث چھیڑ دی۔
واٹس ایپ ویب پر آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف
میٹا کی جانب سے آخرکار واٹس ایپ کے ویب ورژن میں آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف کرانے کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین اب براہِ راست ویب براؤزر کے ذریعے بھی کالز کرسکیں گے۔
اس سے قبل واٹس ایپ پر کالنگ کی سہولت صرف موبائل فون یا کمپیوٹر کی ڈیسک ٹاپ ایپ تک محدود تھی، تاہم نئے فیچر کے بعد صارفین کو الگ ایپ انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ ویب ورژن پر ہی کال کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر مرحلہ وار صارفین کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر صرف ون آن ون چیٹس میں آڈیو اور ویڈیو کالز ممکن ہوں گی، جبکہ گروپ کالنگ بعد میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
کال کرنے کے لیے صارف کو کسی بھی چیٹ کو اوپن کرکے اوپر کانٹیکٹ کے نام کے ساتھ موجود کال آئیکون پر کلک کرنا ہوگا، جہاں آڈیو اور ویڈیو کال دونوں آپشن دستیاب ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق ویب کالنگ فیچر کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا اور اس کے لیے سگنل پروٹوکول استعمال کیا جائے گا، جس سے صارفین کی گفتگو محفوظ رہے گی۔ اس کے علاوہ ویب ورژن میں اسکرین شیئرنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جو آن لائن میٹنگز اور پیشہ ورانہ استعمال کو مزید آسان بنائے گی۔
افغانستان میں نئی فضائی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں نئی فضائی کارروائی کرنے سے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا اگر سرحد پار سے امن کی ضمانت فراہم نہ کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے پاکستان کی سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملک میں ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملے کابل میں قائم طالبان حکومت اور بھارت کی مبینہ ملی بھگت کے تحت جاری ایک پراکسی جنگ کا حصہ ہیں۔
وزیر دفاع کے مطابق پاکستان کو مسلسل سرحد پار سے خطرات کا سامنا ہے، اور جب تک افغانستان کی جانب سے واضح طور پر امن کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی، پاکستان اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیاں جاری رہیں تو پاکستان افغانستان کے اندر فضائی کارروائی سمیت سخت اقدامات کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستانی حکومت کا مؤقف ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کو افغانستان میں موجود طالبان حکومت کی حمایت حاصل ہے اور اسی وجہ سے پاکستان میں شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
امریکا کا شام سے فوجی انخلا کا فیصلہ، برسوں پر محیط موجودگی ختم کرنے کی تیاری
امریکا نے شام میں کئی برسوں سے جاری اپنی فوجی موجودگی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آئندہ چند ماہ کے دوران امریکی افواج کی بڑی تعداد کو واپس بلانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک سینیئر اہلکار اور امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق شام میں تعینات امریکی فوجیوں کے مرحلہ وار انخلا کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ رپورٹ میں تین اعلیٰ امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شام میں موجود تقریباً ایک ہزار امریکی فوجیوں کو واپس بلایا جائے گا اور انخلا کا عمل آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل ہونے کی توقع ہے۔
امریکی افواج 2015 سے انسدادِ دہشت گردی مہم کے تحت شام میں موجود تھیں، جہاں ان کا بنیادی مقصد شدت پسند تنظیم داعش کے اثر و رسوخ کو روکنا اور مقامی فورسز کی معاونت کرنا تھا۔ ایک سینیئر امریکی اہلکار نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا کہ اس فیصلے کی اہم وجہ شامی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی ذمہ داری خود سنبھالنے کی یقین دہانی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شامی حکومت نے اپنی سرحدوں کے اندر سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کی قیادت کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے بعد امریکا کو وہاں بڑے پیمانے پر فوجی موجودگی برقرار رکھنے کی ضرورت کم محسوس ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے 2015 میں داعش کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر شام میں اپنی فوجیں تعینات کی تھیں۔ بدلتی ہوئی زمینی صورتحال کے بعد واشنگٹن اب اپنی طویل فوجی موجودگی سمیٹنے کی جانب بڑھ رہا ہے، جسے خطے کی سکیورٹی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی
بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، اور لندن برینٹ خام تیل 70 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے سبب بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً ساڑھے چار فیصد اضافہ ہوا۔ خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق لندن برینٹ خام تیل دو ڈالر 86 سینٹ اضافے کے بعد 70 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل پر پہنچ گیا۔
اسی دوران ویسٹ ٹیکساس خام تیل چار ڈالر 59 سینٹ مہنگا ہوا اور اس کی قیمت 65 ڈالر 19 سینٹ ہوگئی۔ دونوں گریڈز کی قیمتیں اس سال تقریباً 15 فیصد بڑھ چکی ہیں، جو پچھلے تین سال کے مسلسل کمی کے بعد جیوپولیٹیکل خطرات کی واپسی کو ظاہر کرتی ہیں، حالانکہ عالمی سطح پر تیل کی فراہمی میں اضافہ ہوا ہے۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کی وجہ سے تیل کی ترسیل رک گئی تھی، جبکہ اسرائیل نے امریکا کے ایران پر ممکنہ حملے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
گولڈمین سیکس کے تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ اس وجہ سے ہوا کہ عالمی سطح پر اضافی تیل زیادہ تر “سینکشن شدہ خام” کی صورت میں سمندر میں موجود ہے، جبکہ اہم تجارتی مراکز میں ذخائر مستحکم ہیں۔
نیویارک کے روزویلٹ ہوٹل کی بحالی: پاکستان اور امریکا کا باضابطہ معاہدہ
پاکستان اور امریکا نے نیویارک میں واقع تاریخی روزویلٹ ہوٹل کی تجدید نو، آپریشن اور ترقی کے لیے باضابطہ تعاون کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان کی وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلان کے مطابق، روزویلٹ ہوٹل منصوبے پر دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے ہیں۔
یہ دستخط پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن (جی ایس اے) کے ایڈمنسٹریٹر ایڈورڈ سی فورسٹ نے کیے، جبکہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف بھی موجود تھے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ہوٹل کی مرمت، دیکھ بھال اور دوبارہ تعمیر پر جامع فریم ورک طے کرتا ہے، جو پاک-امریکا اقتصادی روابط میں نئی پیش رفت لائے گا۔
روزویلٹ ہوٹل، جو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ملکیت ہے، مین ہٹن کے گرینڈ سنٹرل ٹرمینل کے قریب واقع ہے اور اس کی مالیت ایک ارب ڈالر سے زائد ہے۔ یہ ایم او یو پاکستان کی نجکاری اور اثاثہ جاتی اصلاحات کا حصہ ہے، جو ہوٹل کی قدر بڑھانے اور شفاف تعاون کو یقینی بنائے گا۔ صدر ٹرمپ کی قیادت میں یہ اقدام دونوں ممالک کی تجارتی شراکت کو مضبوط کرے گا۔
طالبان حکومت کا نیا فوجداری ضابطہ: خواتین اور بچوں پر مشروط جسمانی تشدد قانونی قرار
افغانستان میں طالبان حکومت نے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی منظوری کے ساتھ ایک نیا فوجداری ضابطہ نافذ کر دیا ہے، جو مجموعی طور پر 90 صفحات پر مشتمل ہے۔
اس نئے قانون کے تحت 2009 میں سابقہ حکومت کے دور میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے بنائے گئے قوانین منسوخ کر دیے گئے ہیں، اور خواتین اور بچوں پر مشروط گھریلو تشدد کو قانونی حیثیت دی گئی ہے۔ طالبان حکومت کے ضابطے کے مطابق شوہر کو اپنی بیوی اور بچوں پر جسمانی تشدد کرنے کی اجازت حاصل ہے، بشرطیکہ تشدد کے نتیجے میں ہڈی نہ ٹوٹے یا کوئی کھلا زخم نہ آئے۔
قانون میں تشدد کی حد سے زیادہ ہونے کی صورت میں، اگر ہڈی ٹوٹ جائے یا فریکچر ہو تو شوہر کو زیادہ سے زیادہ 15 دن قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ متاثرہ خاتون کو عدالت میں تشدد ثابت کرنے کے لیے اپنے زخم جج کے سامنے دکھانے ہوں گے، جبکہ یہ عمل مکمل پردے میں ہونا چاہیے اور عدالت میں شوہر یا کسی مرد سرپرست کی موجودگی لازمی ہے۔
مزید یہ کہ، اگر شادی شدہ خاتون شوہر کی اجازت کے بغیر اپنے رشتہ داروں سے ملتی ہے تو اسے تین ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
نئے ضابطے کے آرٹیکل 9 کے مطابق افغان معاشرے کو چار طبقات میں تقسیم کیا گیا ہے: علماء، اشرافیہ، متوسط طبقہ اور نچلا طبقہ۔ اسی طرح ایک ہی جرم کی سزا ملزم کی سماجی حیثیت پر منحصر ہوگی، اور سنگین جرائم کی جسمانی سزائیں دینے کا اختیار اصلاحی اداروں کے بجائے مذہبی علماء کے پاس ہوگا۔
جعلی پولیس افسر گرفتار ، سنسنی خیز انکشافات
سرجانی پولیس نے ایک جعلی پولیس افسر ظفر خان کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ملزم نہ اپنی تعیناتی بتا سکا اور نہ سروس کارڈ پیش کر سکا، جس سے اس کی جعلیت سامنے آئی۔
ملزم نے بیان دیا کہ اس کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ وہ ایک جرائم پیشہ شخص ہے جو شوقیہ طور پر پولیس یونیفارم پہنتا رہا اور لوگوں کو ڈرانے کے لیے اس کا استعمال کرتا رہا۔ پولیس نے جب اس کا ریکارڈ چیک کیا تو مزید کرمنل ریکارڈ سامنے آیا، جس میں اس کے خلاف 2021 سے 2023 تک چھ مقدمات درج تھے۔
ان مقدمات میں اقدام قتل، نارکوٹکس ایکٹ، ڈکیتی، پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحے کے جرائم شامل ہیں۔ سرجانی تھانے میں اس کے خلاف ساتواں مقدمہ یونیفارم پہن کر دھوکا دینے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اس کے ممکنہ جرائم کا مکمل سراغ لگایا جا سکے۔
راہل گاندھی کا مودی حکومت پر تنقیدی حملہ، اے آئی سمٹ کو تشہیری تماشا قرار دے دیا
بھارتی اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بھارت میں جاری اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کو تماشا بنا دیا ہے۔ ایکس پر ان کے بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے سمٹ کے پلیٹ فارم سے ہندوستانی ٹیلنٹ اور ڈیٹا کو فائدہ پہنچانے کے بجائے اسے اپنی تشہیر کے لیے استعمال کیا، اور اب چین اس کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ اس سمٹ سے ہندوستانی ٹیلنٹ کو فائدہ ہونا چاہیے تھا، لیکن حکومت نے اس کو بے ہنگم کر کے پورے اجلاس کو رابطہ عامہ کا تماشا بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی مصنوعات کی نمائش کی جا رہی ہے اور عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اس نمائش میں ناقص انتظامات، بدانتظامی اور سیکیورٹی مسائل نے شرکا کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ اس دوران بل گیٹس نے بھی چند گھنٹے قبل اپنے طے شدہ خطاب سے دستبرداری اختیار کی، جس سے سمٹ کے بد انتظامی کے حوالے سے تنقید میں مزید اضافہ ہوا۔









