سرجانی پولیس نے ایک جعلی پولیس افسر ظفر خان کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ملزم نہ اپنی تعیناتی بتا سکا اور نہ سروس کارڈ پیش کر سکا، جس سے اس کی جعلیت سامنے آئی۔
ملزم نے بیان دیا کہ اس کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ وہ ایک جرائم پیشہ شخص ہے جو شوقیہ طور پر پولیس یونیفارم پہنتا رہا اور لوگوں کو ڈرانے کے لیے اس کا استعمال کرتا رہا۔ پولیس نے جب اس کا ریکارڈ چیک کیا تو مزید کرمنل ریکارڈ سامنے آیا، جس میں اس کے خلاف 2021 سے 2023 تک چھ مقدمات درج تھے۔
ان مقدمات میں اقدام قتل، نارکوٹکس ایکٹ، ڈکیتی، پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحے کے جرائم شامل ہیں۔ سرجانی تھانے میں اس کے خلاف ساتواں مقدمہ یونیفارم پہن کر دھوکا دینے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اس کے ممکنہ جرائم کا مکمل سراغ لگایا جا سکے۔
جعلی پولیس افسر گرفتار ، سنسنی خیز انکشافات
