Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • قادرپور: تیز رفتار موٹرسائیکل دینگڑو واہ میں جا گری، دو سوار محفوظ

    قادرپور: تیز رفتار موٹرسائیکل دینگڑو واہ میں جا گری، دو سوار محفوظ

    گہوٹکی باغی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری
    گھوٹکی، قادرپور: قادرپور پولیس چوکی کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک موٹرسائیکل بے قابو ہو کر دینگڑو واہ میں جا گری، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار دو لڑکے پانی میں پھنس گئے۔ قریب موجود مقامی افراد نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت دونوں کو بحفاظت پانی سے باہر نکال لیا، یوں ایک ممکنہ بڑا سانحہ بروقت امداد کے باعث ٹل گیا۔

    واقعے نے علاقے میں تیز رفتاری، کم عمر افراد کی موٹرسائیکل ڈرائیونگ اور خطرناک آبی گزرگاہوں کے اطراف حفاظتی انتظامات کی کمی پر تشویش پیدا کر دی ہے۔علاقہ مکینوں نے ایس ایس پی گھوٹکی، متعلقہ پولیس افسران، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کم عمر افراد کی موٹرسائیکل ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کی جائے اور والدین و سرپرستوں کو بھی اپنی ذمہ داری کا پابند بنایا جائے۔
    شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف حادثے کے بعد کارروائی کافی نہیں، بلکہ خطرناک مقامات کی نشاندہی کرکے حفاظتی ریلنگ، مضبوط بیریئرز، وارننگ سائن بورڈز، ریفلیکٹرز اور رات کے وقت مناسب روشنی سمیت ضروری حفاظتی اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔علاقہ مکینوں نے محکمہ آبپاشی اور متعلقہ بلدیاتی و انتظامی اداروں سے دینگڑو واہ سمیت دیگر خطرناک مقامات کا سروے کرانے اور جہاں ضرورت ہو وہاں مستقل حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔شہریوں نے واضح کیا کہ کسی بڑے جانی نقصان کے بعد جاگنے کے بجائے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ پولیس اور انتظامیہ واقعے کی وجوہات، سڑک کی صورتحال اور مقام پر موجود حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کریں۔

  • 9 مئی کیس، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا  کے ملوث ہونے کی پولیس رپورٹ عدالت میں پیش

    9 مئی کیس، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ملوث ہونے کی پولیس رپورٹ عدالت میں پیش

    پشاور: 9 مئی کیس کے ریڈیو پاکستان واقعے سے متعلق مقدمہ نمبر 221 کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC-III) پشاور میں ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے پولیس رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

    ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ریڈیو پاکستان کیس میں ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس بھی پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کر دی گئی ہیں۔ پولیس رپورٹ جمع کرانے میں تاخیر ہوئی تاہم اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔عدالت میں آئندہ سماعت کے دوران دیگر سرکاری محکموں کی رپورٹس اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں تمام فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔عدالت نے پولیس رپورٹ پر فریقین کے دلائل کے لیے سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

  • پاکستان کی  سعودی عرب کے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی مذمت

    پاکستان کی سعودی عرب کے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں پائپ لائن کو ڈرون حملوں سے نقصان پہنچا جبکہ حملوں کے نتیجے میں شہری بھی زخمی ہوئے۔ سعودی عرب میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈرون حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں، جبکہ ایسے حملے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

  • صوبوں بارے بحث پارلیمنٹ میں آئے گی تو ن لیگ اپنا پالیسی بیان دے گی، رانا ثناء اللّٰہ

    صوبوں بارے بحث پارلیمنٹ میں آئے گی تو ن لیگ اپنا پالیسی بیان دے گی، رانا ثناء اللّٰہ

    مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ صوبوں سے متعلق بحث کا معاملہ جب پارلیمنٹ میں آئے گا تو مسلم لیگ ن اپنا پالیسی بیان دے گی۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے خواہاں ہیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا، تاہم عوام کی خواہش کا معاملہ پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا اور وہیں اس پر فیصلہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے پارلیمنٹ میں صوبوں سے متعلق ایسی کوئی بات نہیں کی، جبکہ نئے صوبوں کے معاملے پر بحث پارلیمنٹ میں ہی نتیجہ خیز ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق اکنامک فورم یا سیمینار میں صوبوں کے قیام پر بحث نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوگی۔رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں نئے صوبوں سے متعلق مؤقف پر مشاورت جاری ہے۔ پارٹی ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کی سطح پر کارکنوں کی سوچ اور رائے کو بھی مدنظر رکھے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبے بننے یا نہ بننے کا معاملہ پارلیمنٹ نے طے کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خواہش اور اس سے متعلق فیصلہ بھی پارلیمانی عمل کے ذریعے ہی ہوگا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان تلخیاں کم ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی سے ملاقات کے دوران بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنا لانگ مارچ ایک، دو ہفتے مؤخر کردیں۔

  • گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں الوؤں کے جوڑے کی دہشت، متعداد افراد پر حملہ

    گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں الوؤں کے جوڑے کی دہشت، متعداد افراد پر حملہ

    بھارت کے گریٹر نوئیڈا ویسٹ کی لا ریزیڈینشیا سوسائٹی میں الوؤں کے ایک جوڑے نے رہائشیوں کو خوف زدہ کر دیا، جہاں سوسائٹی کے مکینوں نے 5 سے 6 افراد پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

    رہائشیوں کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے الوؤں کا یہ جوڑا سوسائٹی کی سڑکوں، درختوں اور اسٹریٹ لائٹس کے قریب موجود رہتا ہے اور رات کے وقت وہاں سے گزرنے والے افراد پر اچانک اوپر سے جھپٹ پڑتا ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ بعض افراد کو ان واقعات کے دوران سر اور جسم پر خراشیں بھی آئی ہیں، جس کے باعث سوسائٹی میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ متعدد افراد نے رات کے وقت اکیلے آمدورفت سے گریز شروع کر دیا ہے، جبکہ بچوں، بزرگوں اور رات گئے ڈیوٹی سے واپس آنے والے افراد کی سلامتی کے حوالے سے بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔رہائشیوں نے معاملے کی شکایت محکمہ جنگلات کے حکام سے کرتے ہوئے ضلعی جنگلات افسر (ڈی ایف او) سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ الوؤں کے جوڑے کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر محفوظ طریقے سے ریسکیو کرکے مناسب قدرتی ماحول میں منتقل کیا جائے۔

    مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ پرندوں کو مارنے یا نقصان پہنچانے کے حق میں نہیں، تاہم مسلسل حملوں کے باعث انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے محکمہ جنگلات کی فوری کارروائی ضروری ہے۔رہائشیوں نے لوگوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ رات کے وقت درختوں اور اسٹریٹ لائٹس کے قریب سے گزرتے ہوئے احتیاط برتیں اور الوؤں کو چھیڑنے یا ان کے قریب جانے سے گریز کریں۔

  • بھارتی اداکارہ کے گھر چوری،گھریلو ملازمہ گرفتار

    بھارتی اداکارہ کے گھر چوری،گھریلو ملازمہ گرفتار

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے گھر سے مبینہ طور پر تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات چوری ہوگئے، پولیس نے چوری کے الزام میں گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیشا پٹیل کا گھر ممبئی کے چرچ گیٹ کے علاقے میں واقع ہے، جہاں ان کے والدین رہائش پذیر ہیں۔ پولیس کے مطابق گھر سے قیمتی زیورات غائب ہونے کی اطلاع کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں۔پولیس نے بتایا کہ چوری کے الزام میں گرفتار ملزمہ کی شناخت 40 سالہ سیما گھاٹے کے نام سے ہوئی ہے، جو تقریباً ڈیڑھ سال سے امیشا پٹیل کے والدین کے گھر میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔امیشا پٹیل کی والدہ آشا پٹیل کی شکایت پر میرین ڈرائیو پولیس نے مبینہ چوری کی تحقیقات شروع کیں اور سیما گھاٹے کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق آشا پٹیل کو سیما گھاٹے پر چوری میں ملوث ہونے کا شبہ تھا اور وہ تقریباً 5 سے 6 ماہ تک مبینہ طور پر اس سے چوری کا اعتراف کرنے اور زیورات واپس کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں، تاہم زیورات واپس نہ کیے جانے پر انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔سیما گھاٹے کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزمہ کو 15 ستمبر تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔

  • امریکا ناکہ بندی اور جارحیت ختم کرے، آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی، ایرانی صدر

    امریکا ناکہ بندی اور جارحیت ختم کرے، آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی، ایرانی صدر

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکا ناکہ بندی اور جارحیت ختم کردے تو ایران آبنائے ہرمز کھول دے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا کو ناکہ بندی اور پابندیاں ختم کرنی چاہئیں۔

    بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا تو اس نے ناکہ بندی کا راستہ اختیار کیا۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ سمندری راستہ ایسا نہیں جس پر ایران کی زندگی کا مکمل انحصار ہو، امریکا ناکہ بندی کے ذریعے بھی اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔
    مسعود پزشکیان نے بتایا کہ پیر کے روز مسقط میں ایران اور عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا، جس میں ان ممالک کی موجودگی میں آبنائے ہرمز میں مشترکہ راستے سے متعلق عمان اور ایران کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ معاہدے کے بارے میں بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ایرانی صدر کے مطابق اجلاس میں وہی ممالک شریک ہوں گے جن کی سرزمین سے ایران پر حملہ کیا گیا تھا۔

  • بے ہوش خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی،ملزم کا اعتراف جرم

    بے ہوش خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی،ملزم کا اعتراف جرم

    شمالی لندن سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ شخص ڈیرن کونوے نے آن لائن فورم کے ارکان کو نشہ آور ادویات کے زیر اثر یا سوئی ہوئی خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر اکسانے کے مقدمے میں جرم قبول کرلیا۔

    برطانوی میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق پولیس نے اکتوبر 2025 میں ایسے آن لائن فورم کا سراغ لگایا تھا، جس کے بعد نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کی قیادت میں تحقیقات کے لیے قومی سطح پر رابطہ گروپ تشکیل دیا گیا۔تحقیقات کے دوران پولیس نے اینفیلڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیرن کونوے کو فورم کے ارکان میں شامل پایا۔ 30 جولائی کو پولیس نے اس کے گھر پر چھاپہ مار کر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لیے اور اسے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ضبط کیے گئے آلات سے ملنے والے پیغامات سے معلوم ہوا کہ کونوے فورم کے دیگر ارکان کو نشہ آور ادویات کے زیر اثر یا سوئی ہوئی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے پر اکساتا تھا اور بعد ازاں مبینہ طور پر حملوں کی تصاویر چیٹ میں شیئر کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا تھا۔میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق کونوے نے چیٹ روم کے ذریعے 10 سے زائد مرتبہ سوئی ہوئی خواتین کو دیکھا۔میٹ پولیس کمانڈر اینڈی ڈے نے کہا کہ کونوے کے اقدامات انتہائی چونکا دینے والے تھے، کیونکہ اس نے بے ہوش، سوئی ہوئی یا مدہوش خواتین کے خلاف جنسی جرائم کی ترغیب دے کر انہیں اپنے ہی گھروں میں سنگین نقصان کے خطرے سے دوچار کیا اور یہ سب مبینہ طور پر اپنی جنسی تسکین کے لیے کیا۔

    کونوے نے جمعہ کو لندن کی وُڈ گرین کراؤن کورٹ میں پیش ہوکر جرم قبول کیا۔ اس نے جرم میں معاونت یا دوسروں کو جرم پر اکسانے کے 9 الزامات کے علاوہ جاسوسی (Voyeurism) اور انتہائی فحش تصویر رکھنے کے ایک ایک الزام میں بھی اعترافِ جرم کیا۔عدالت میں کونوے نے سرمئی رنگ کا ٹریک سوٹ پہن رکھا تھا اور نام کی تصدیق اور اعترافِ جرم کے علاوہ کوئی بات نہیں کی۔

    برطانوی حکام کے مطابق یہ کیس ایسے آن لائن فورمز کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے جہاں مجرمان ایک دوسرے کو نشہ آور اشیا استعمال کرکے بے ہوش متاثرین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، حملوں کو منظم کرنے اور ان کی تصاویر یا معلومات شیئر کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ریپ کرائسز انگلینڈ اینڈ ویلز کی چیف ایگزیکٹو سیارا برگ مین نے آن لائن فورمز پر منظم اور نشہ آور ادویات کے ذریعے جنسی زیادتی کے واقعات کے پیمانے کو انتہائی تشویشناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعات خواتین کے خلاف تشدد اور انہیں محض جنسی شے سمجھنے والی سوچ سے جڑے ہوئے ہیں۔

    فرانس میں جیزیل پیلی کوٹ کیس کے بعد بھی یورپ بھر میں ایسے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔ پیلی کوٹ کے سابق شوہر کو اپنی بے ہوش بیوی کے ساتھ زیادتی کے لیے درجنوں اجنبی افراد کو اکسانے کے جرم میں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق ایسے کئی واقعات میں متاثرہ خواتین کو اس وقت تک معلوم نہیں ہوتا کہ ان کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے جب تک پولیس ان سے رابطہ نہیں کرتی۔کونوے کے اعترافِ جرم کے بعد پولیس ضبط کیے گئے آلات سے ملنے والی ویڈیوز میں نظر آنے والے دیگر افراد اور ممکنہ متاثرین کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق متاثرین میں سے متعدد کے برطانیہ میں ہونے کا امکان ہے، تاہم کچھ متاثرین بیرون ملک بھی مقیم ہوسکتی ہیں۔

    چیف پراسیکیوٹر ٹریسی ایسٹن نے کونوے کے اقدامات کو خواتین کے خلاف ان کے اپنے گھروں میں کیے جانے والے انتہائی گھناؤنے جرائم قرار دیتے ہوئے کہا کہ منظم اور نشہ آور ادویات کے ذریعے جنسی زیادتی ناقابل قبول ہے اور حکام ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کونوے کے اعترافِ جرم سے ان افراد کو حوصلہ ملے گا جو سمجھتے ہیں کہ وہ بھی اسی نوعیت کے جنسی استحصال کا شکار ہوئے ہیں اور وہ سامنے آکر حکام کو آگاہ کریں گے۔

  • نوجوان ججز بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

    نوجوان ججز بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

    چیف جسٹس آف سپریم کورٹ جسٹس یحیٰی آفریدی کا کہنا ہے عوام کے اعتماد کے لیے ماتحت عدلیہ کے ججز کو بااختیار بنانا عدلیہ کا مقصد ہے۔

    اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا انصاف کی بروقت فراہمی ضروری ہے اور ضلعی عدالتیں نظام انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں، نوجوان ججز بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں، ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹ کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط کرنا ہوگا، ہم نے عدالتی کوڈ آف کنڈکٹ میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں، ججز ایماندارانہ انداز میں اپنے فرائض انجام دیں،عدالتوں کو سولر نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، عدلیہ کو انٹرنیٹ کی بہترین سہولت اور ای لائبریریز کی سہولت فراہم کی جائےگی، بلوچستان کی تمام تحصیلوں اور اضلاع میں سولر سمیت بنیادی ضروریات پر کام جاری ہے، بلوچستان کے 18 اضلاع میں بھی سولر، پانی اور انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، جو اضلاع رہ گئے ہیں، وہاں ایک ماہ میں سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ماتحت عدلیہ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل افسران کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے، ججز کو بیرونی دباؤ سے آزاد کرنے کے لیےکوڈ آف کنڈکٹ میں تبدیلی کی گئی، جج کو بیرونی دباؤ سے آزاد کرنے کے لیے پوری عدلیہ ساتھ ہے،عوام کے اعتماد کے لیے ماتحت عدلیہ کے ججز کو بااختیار بنانا عدلیہ کا مقصد ہے، ماتحت عدلیہ کے ججز مشکلات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں، ماتحت عدلیہ میں سولر، انٹرنیٹ اور صاف پانی کی سہولیات کی فراہمی میں صوبائی حکومت کے تعاون پر مشکور ہیں،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے دوران خطاب شرکاء کو تالیاں بجانے سے روک دیا اور کہا کہ اس چھت کے نیچے ہم سب یہاں ججز ہیں، ہمیں ججز کی طرح پیش آنا چاہیے

  • ٹرمپ آئرلینڈ پہنچ گئے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات، بڑے پیمانے پر آپریشن

    ٹرمپ آئرلینڈ پہنچ گئے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات، بڑے پیمانے پر آپریشن

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ دورے پر آئرلینڈ پہنچ گئے، جہاں ان کے استقبال اور دورے کے دوران سیکیورٹی کے لیے ملک کی تاریخ کے بڑے پولیس آپریشنز میں سے ایک شروع کردیا گیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا ڈبلن ایئرپورٹ پہنچنے پر آئرلینڈ کے نائب وزیراعظم سائمن ہیرس نے استقبال کیا۔ امریکی صدر دارالحکومت ڈبلن کے علاوہ کاؤنٹی کلیئر میں اپنے گالف ریزورٹ ڈون بیگ کا بھی دورہ کریں گے، جہاں آئرش اوپن گالف ٹورنامنٹ جاری ہے۔آئرش وزیراعظم مائیکل مارٹن نے امریکی صدر کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت اور آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان مضبوط اقتصادی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔

    دورے کے دوران امریکی سفیر کی آئرلینڈ میں رہائش گاہ ڈیرفیلڈ میں ڈونلڈ ٹرمپ مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وہ آئرلینڈ کی صدر کیتھرین کونولی سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے، جس کے بعد آئرش وزیراعظم سے فارم لی اسٹیٹ میں ملاقات متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق کیتھرین کونولی ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی طویل عرصے سے ناقد رہی ہیں اور ان کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھی شرکت کرچکی ہیں۔دوسری جانب ٹرمپ کے دورے کے خلاف ڈبلن، ڈون بیگ اور شینن ایئرپورٹ پر احتجاج کی کالز بھی دی گئی ہیں۔ آئرش پولیس کے کمشنر جسٹن کیلی نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کی ہر ممکن اجازت دی جائے گی تاہم امن و امان میں خلل ڈالنے یا امریکی صدر کی اہم نقل و حرکت متاثر کرنے کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔پولیس حکام کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے دوران ڈبلن ایئرپورٹ، شہر کے مختلف علاقوں، کاؤنٹی کلیئر اور شینن ایئرپورٹ کے اطراف اہم سڑکیں بند اور ٹریفک میں نمایاں خلل کا امکان ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ہونے والے ایک سروے میں 70 فیصد آئرش شہریوں نے امریکی صدر کے دورہ آئرلینڈ کی مخالفت کی تھی۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ نے اس رائے کو ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مقیم آئرش نژاد افراد ان کے والد اور ان کے کام کو بہت پسند کرتے ہیں۔کاؤنٹی کلیئر کے بعض رہائشیوں نے سیاسی اختلافات کے باوجود ڈون بیگ کی مقامی معیشت میں ٹرمپ کی سرمایہ کاری کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔