Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان کیلئے نئی مراعات، بلیو پاسپورٹ اور ٹول ٹیکس سے استثنیٰ کی سفارش

    خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان کیلئے نئی مراعات، بلیو پاسپورٹ اور ٹول ٹیکس سے استثنیٰ کی سفارش

    پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے تین ماہ قبل منظور کیے گئے اراکین اسمبلی کی مراعات، تنخواہوں اور الاؤنسز سے متعلق ترمیمی ایکٹ 2026 کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے تحت صوبائی اسمبلی کے ارکان کو متعدد نئی مراعات دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    ترمیمی ایکٹ کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان کو صوبے بھر میں تمام ٹول ٹیکسوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جبکہ وفاقی حکومت کو سفارش کی جائے گی کہ ارکان اسمبلی اور ان کی شریک حیات کو تاحیات سرکاری (بلیو) پاسپورٹ جاری کیے جائیں۔قانون کے تحت ارکان اسمبلی کے لیے غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں کی تعداد آٹھ مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ارکان اسمبلی کو سرکٹ ہاؤس، ریسٹ ہاؤس یا کسی بھی سرکاری رہائش گاہ میں تین روز تک مفت قیام کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ترمیمی ایکٹ میں ارکان کی سکیورٹی سے متعلق بھی نئی شقیں شامل کی گئی ہیں، جن کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ ہر رکن کو حالات اور ضرورت کے مطابق اے یا بی کیٹیگری سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کرے گا۔

    قانون میں ارکان کی حاضری اور نظم و ضبط کے حوالے سے بھی واضح شرائط رکھی گئی ہیں۔ ایکٹ کے مطابق اگر کوئی رکن کسی مہینے کے دوران اسمبلی اجلاسوں میں تین چوتھائی سے زیادہ غیر حاضر رہتا ہے تو اس کی تنخواہ روک دی جائے گی۔ اسی طرح کسی جرم میں سزا یافتہ قرار پانے والے رکن اسمبلی کی تنخواہ بھی معطل کردی جائے گی۔ترمیمی ایکٹ کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد سیاسی اور عوامی حلقوں میں ان نئی مراعات پر بحث کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں ایک طرف اسے منتخب نمائندوں کے لیے سہولیات قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب مالی بوجھ اور عوامی مفاد کے تناظر میں بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

  • فیفا ورلڈ کپ: کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل

    فیفا ورلڈ کپ: کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل

    فیفاورلڈ کپ کے 23 ویں ایڈیشن کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، جہاں مراکش، ناروے اور سوئٹزرلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر متوقع طور پر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنا لی۔

    وینکوور میں کھیلے گئے آخری پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے کولمبیا کو شکست دے کر نہ صرف کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی بلکہ ایونٹ کے اگلے مرحلے کی تمام ٹیموں کا تعین بھی ہوگیا۔میگا ایونٹ میں اب دنیا کی آٹھ مضبوط ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ دو روز کے وقفے کے بعد کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز جمعے کی شب ہوگا، جہاں فرانس اور مراکش کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔ مراکش کی ٹیم اپنی متاثر کن فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور بڑا اپ سیٹ کرنے کے لیے پرعزم ہوگی، جبکہ فرانس سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

    دوسرے کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ بیلجئم سے ہوگا، جبکہ تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ اور ناروے کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ ناروے نے ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ماہرین کی توقعات کے برعکس آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔آخری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کا سامنا دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا، جہاں ارجنٹینا اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا، جبکہ سوئٹزرلینڈ ایک اور حیران کن کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

    تمام کوارٹر فائنل مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق جمعے کی شب سے شروع ہوں گے، جبکہ باقی میچز ہفتے کی شب اور اتوار کی صبح کھیلے جائیں گے۔ شائقین کو توقع ہے کہ ایونٹ کے اس مرحلے میں سنسنی خیز اور سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، کیونکہ ہر ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔

  • امریکا کا ایران پر نیا حملہ،ایران کا امریکی ڈرون گرانے کا دعویٰ،بحرین،کویت میں ہائی الرٹ

    امریکا کا ایران پر نیا حملہ،ایران کا امریکی ڈرون گرانے کا دعویٰ،بحرین،کویت میں ہائی الرٹ

    ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا کہ اس نے ایران کے خلاف "طاقتور حملوں” کا آغاز کیا ہے۔ امریکی بیان کے مطابق یہ کارروائیاں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر ایران کے مبینہ حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔ سینٹکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام، ساحلی سرویلنس سسٹم، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، اینٹی شپ کروز میزائل اور ڈرون تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق بندرعباس، قشم جزیرے اور جنوبی ساحلی شہر سرک میں متعدد دھماکے سنے گئے۔ بندرعباس میں ایک فشنگ جیٹی پر حملے کے نتیجے میں ماہی گیروں کی کئی کشتیوں میں آگ لگ گئی، جبکہ سرک کے کمرشل پورٹ پر میزائل کے ٹکڑے گرنے سے متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے جنوبی ایران میں امریکی ایم کیو-9 (MQ-9) ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ بحرین اور کویت میں ممکنہ فضائی حملوں کے خدشے کے باعث ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکی افواج نے ایران کے جنوبی علاقوں میں نئی فضائی کارروائیوں کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد خطے میں جنگ کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کے فضائی دفاعی نظام نے صوبہ بوشہر کے شہر خورموج کی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے امریکی ایم کیو-9 ڈرون کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کے مطابق ڈرون ایرانی فضائی حدود کی نگرانی کر رہا تھا، تاہم امریکا کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

    ادھر کویت کی مسلح افواج نے ملک بھر میں شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی دفاعی نظام آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو مؤثر انداز میں تباہ کر رہا ہے۔ فوج کے مطابق مختلف علاقوں میں سنائی دینے والے دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں، اس لیے عوام خوفزدہ ہونے کے بجائے سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

    بحرین میں بھی ممکنہ فضائی حملے کے خطرے کے پیش نظر سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ بحرینی وزارت دفاع نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

    اس سے قبل ایران نے امریکی حملوں کا "تباہ کن جواب” دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے جنوبی ایران میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز، اینٹی شپ کروز میزائل تنصیبات، ڈرون لانچنگ سائٹس اور پاسدارانِ انقلاب کی بحری تنصیبات شامل ہیں۔پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی مشترکہ فوجی کمان نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ امریکا نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے اور ایران اس کا بھرپور جواب دے گا۔ ایرانی فوجی قیادت نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام میں کسی بھی امریکی مداخلت کو قبول نہیں کیا جائے گا اور تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں کی آمدورفت سے متعلق فیصلے ایران کی پالیسی کے مطابق ہوں گے۔

    اسی دوران ایران نے قطر سے منسلک ایل این جی ٹینکر پر حملے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے اور کسی تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کی پالیسی نہیں رکھتا۔

    ادھر برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان یا تیل کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی۔

  • امریکا کی ایک بار پھر ایران کےتیل فروخت کرنے پر پابندی

    امریکا کی ایک بار پھر ایران کےتیل فروخت کرنے پر پابندی

    امریکا نے ایران کے تیل بیچنے پر پھر پابندی لگا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز میں کمرشل جہازوں کو نشانہ بنانے پر ایران کو مورد الزام ٹھہرایا اور تیل بیچنے پر پھر پابندی لگا دی ہے،امریکا ایران مفاہمتی یادداشت کے بعد امریکا نے 21 اگست تک ایران کو تیل بیچنے کی اجازت دی تھی تاہم اب امریکی محکمہ خزانہ نے نئی پاپندی لگا کر اس مدت کو 17جولائی تک محدود کر دیا ۔

    امریکی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ایران نے امریکی پابندیاں مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قراردے دی،ایران کی وزارت خارجہ نےکہا کہ اپنے مفادات اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ایران امریکی اقدام کا مناسب جواب دے گا۔ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی ہے اور اس صورتحال کا ذمہ دار امریکا ہے ،یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے ایران کو خام تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی ترسیل کی اجازت دی تھی۔

  • آٹے کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانےکیلئے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کی جائے،وزیراعلیٰ سندھ

    آٹے کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانےکیلئے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کی جائے،وزیراعلیٰ سندھ

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آٹے کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے محکمہ خوراک میں اصلاحات اور گندم کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کی دستیابی، ذخیرہ اندوزی، محکمہ خوراک میں اصلاحات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کو رواں مالی سال کے دوران تقریباً 15 لاکھ 90 ہزار ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہے۔ اس صورتحال پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔اجلاس میں محکمہ خوراک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ وزیراعلیٰ نے گندم کی خریداری، ذخیرہ اور ترسیل کے تمام مراحل کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کی ہدایت دی، جبکہ سندھ حکومت نے شفافیت اور مؤثر نگرانی کے لیے انٹیگریٹڈ ویٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ اجلاس میں وفاق کی مجوزہ قومی گندم پالیسی 2026ء تا 2030ء کے مسودے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس پالیسی کا تفصیلی مطالعہ کرنے کے لیے ایک کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو مقررہ مدت کے اندر اپنی سفارشات تیار کرکے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کرے گی۔

  • کرغزستان میں صدر آصف علی زرداری کا شاندار سرکاری استقبال، گارڈ آف آنر پیش

    کرغزستان میں صدر آصف علی زرداری کا شاندار سرکاری استقبال، گارڈ آف آنر پیش

    چولپون آتا: صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں کرغزستان کے شہر چولپون آتا کے معروف "رخ اوردو” ثقافتی کمپلیکس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں کرغزستان کے صدر سادیر جیاپاروف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ صدر آصف علی زرداری کو کرغز افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔صدر مملکت نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور تقریب کے دوران دونوں ممالک کے سربراہان نے اپنے اپنے وفود کا ایک دوسرے سے تعارف بھی کرایا۔یہ تقریب پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کی علامت قرار دی جا رہی ہے، جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • مردوں میں بانجھ پن کی بڑی وجہ سامنے آ گئی

    مردوں میں بانجھ پن کی بڑی وجہ سامنے آ گئی

    واشنگٹن: جدید دور میں بانجھ پن کا مسئلہ دنیا بھر میں تیزی سے بڑھ رہا ہے، خصوصاً مردوں میں اس کی شرح تشویشناک حد تک بڑھنے لگی ہے۔ اب امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق نے اس اضافے کی ایک اہم ممکنہ وجہ فضائی آلودگی کو قرار دیا ہے۔

    امریکا کی میساچوسٹس یونیورسٹی کے محققین کی تحقیق کے مطابق فضائی آلودگی مردوں کے ان جینز کو متاثر کرتی ہے جو صحت مند اسپرم بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ آلودہ فضا کے باعث ڈی این اے میں کیمیائی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، جو جینز کے افعال کو بند کر دیتی ہیں اور نتیجتاً اسپرم بننے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ فضائی آلودگی صرف پھیپھڑوں یا دل ہی نہیں بلکہ مردوں کی تولیدی صحت کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق مزید تحقیقات کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آلودگی کس حد تک بانجھ پن کے خطرے میں اضافہ کرتی ہے۔تحقیق میں 2 ہزار سے زائد مردوں کو شامل کیا گیا، جن کی چھ ماہ تک تولیدی صحت اور ڈی این اے میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ اوزون، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور فضائی آلودگی کے ننھے ذرات ڈی این اے میں 39 اہم تبدیلیاں پیدا کرتے ہیں، جو بانجھ پن کے امکانات میں اضافہ کر سکتی ہیں۔تحقیق کے نتائج طبی جریدے ہیومین ری پروڈکشن میں شائع ہوئے ہیں۔

    اس سے قبل برٹش میڈیکل جرنل میں ستمبر 2024 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ فضائی آلودگی کے باریک ذرات کی طویل مدت تک زد میں رہنے سے 30 سے 45 سال کی عمر کے مردوں میں بانجھ پن کا خطرہ 24 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔اس تحقیق میں 5 لاکھ 26 ہزار سے زائد مردوں اور 3 لاکھ 77 ہزار خواتین کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا تھا۔ نتائج کے مطابق فضائی آلودگی مردوں کی تولیدی صحت پر نمایاں منفی اثرات مرتب کرتی ہے، جبکہ خواتین میں فضائی آلودگی کے بجائے ٹریفک کا شور زیادہ مؤثر عنصر ثابت ہوا۔محققین نے بتایا کہ اگرچہ موجودہ نتائج اہم ہیں، تاہم یہ ایک مشاہداتی تحقیق ہے، اس لیے فضائی آلودگی اور بانجھ پن کے درمیان براہِ راست تعلق کی مکمل تصدیق کے لیے مزید سائنسی تحقیق کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب عالمی ادارۂ صحت کی اپریل 2023 کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 17.5 فیصد بالغ افراد اپنی زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر بانجھ پن کا سامنا کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ مسئلہ امیر، متوسط اور غریب تمام ممالک میں یکساں طور پر موجود ہے، جو اسے عالمی سطح پر ایک اہم طبی چیلنج بناتا ہے۔

  • آن لائن فرینڈ شپ کلب،پہلے دوستی،پھر لوٹ مار،خواتین سمیت 5 رکنی گینگ گرفتار

    آن لائن فرینڈ شپ کلب،پہلے دوستی،پھر لوٹ مار،خواتین سمیت 5 رکنی گینگ گرفتار

    نوئیڈا: آن لائن فرینڈشپ کلب کے نام پر لوگوں کو دوستی کا جھانسہ دے کر سنسان مقامات پر بلا کر لوٹنے والے ایک منظم گینگ کا پردہ فاش کر دیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار جبکہ ایک نابالغ کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی فورچونر گاڑی، واردات میں استعمال ہونے والی دو کاریں اور ایک چاقو بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈی سی پی منیشا سنگھ نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر سیکٹر-54 کے کھیل گاؤں پارک کے قریب ناکہ بندی کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد میں اومویر یادو، منجیش یادو، ندھی یادو، پرینکا یادو اور کاجل عرف ریا یادو شامل ہیں، جبکہ ایک نابالغ بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ایک جعلی آن لائن فرینڈشپ کلب بنا رکھا تھا۔ گروہ کے ارکان مختلف ذرائع سے لوگوں کے موبائل نمبر حاصل کرتے، پھر خواتین متاثرہ افراد سے رابطہ کر کے دوستی کی پیشکش کرتیں اور اعتماد حاصل کرنے کے بعد ملاقات کے لیے دہلی، نوئیڈا یا این سی آر کے سنسان علاقوں میں بلاتیں۔متاثرہ شخص کے پہنچنے پر خاتون اسے اپنی گاڑی میں بٹھا کر کسی ویران مقام پر لے جاتی، جہاں پہلے سے موجود گروہ کے دیگر افراد پہنچ جاتے۔ اس کے بعد متاثرہ شخص کو دھمکیاں دے کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا اور اس سے نقدی، موبائل فون، گاڑی اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا جاتا۔

    پولیس کے مطابق گینگ واردات کے دوران دو الگ الگ گاڑیاں استعمال کرتا تھا۔ ایک گاڑی میں خاتون اور چند ساتھی موجود ہوتے، جبکہ دوسری گاڑی کچھ فاصلے پر کھڑی رہ کر نگرانی کرتی۔ واردات مکمل ہونے کے بعد دونوں گاڑیاں مختلف راستوں سے فرار ہو جاتیں تاکہ پولیس ان کا سراغ نہ لگا سکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ گروہ اس سے قبل بھی نوئیڈا اور این سی آر کے مختلف علاقوں میں اسی نوعیت کی دیگر وارداتوں میں ملوث رہا ہے یا نہیں۔ تفتیش کی روشنی میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

  • بوائے فرینڈ سے ملنے جانے پر نوجوان خاتون قتل، تین ماہ بعد ماں اور بھائی گرفتار

    بوائے فرینڈ سے ملنے جانے پر نوجوان خاتون قتل، تین ماہ بعد ماں اور بھائی گرفتار

    اندور: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں غیرت کے نام پر قتل (آنر کلنگ) کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 26 سالہ نوجوان خاتون کو مبینہ طور پر اس کے بھائی نے قتل کر دیا، جبکہ پولیس کے مطابق اس جرم میں ماں نے بھی بیٹے کا ساتھ دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ جیوتی اگروال آن لائن کاروبار سے وابستہ تھی اور اسی دوران اس کی ایک ساتھی نوجوان سے دوستی اور تعلق قائم ہوگیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان کا تعلق دوسری ذات سے تھا، جس پر گھر والوں کو شدید اعتراض تھا اور اسی معاملے پر اکثر گھریلو تنازعات ہوتے رہتے تھے۔پولیس کے مطابق 2 اپریل کو جیوتی اپنے دوست سے ملنے کے لیے گھر سے نکلنے کی تیاری کر رہی تھی کہ اس دوران اس کی اپنے بھائی پرکاش اگروال سے تلخ کلامی ہوگئی۔ الزام ہے کہ جھگڑا شدت اختیار کرنے پر بھائی نے بہن کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کا سر دیوار سے دے مارا، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہوگئی۔

    تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ زخمی حالت میں جیوتی کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ملزم نے واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مبینہ طور پر اس کے منہ میں زہر بھی ڈال دیا۔ جیوتی 3 اپریل کو دورانِ علاج دم توڑ گئی۔ابتدائی طور پر اہل خانہ نے واقعے کو خودکشی قرار دیا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کان کے پیچھے گہری چوٹ اور جسم پر تشدد کے 14 نشانات سامنے آنے کے بعد پولیس نے قتل کے شبہے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔پولیس نے تقریباً تین ماہ تک شواہد اکٹھے کیے، جس کے بعد ماں اور بھائی سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے دورانِ تفتیش قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا، جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • انسٹاگرام ریلز نے دلہن کو جیل پہنچا دیا

    انسٹاگرام ریلز نے دلہن کو جیل پہنچا دیا

    میرٹھ: بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ڈکیتی کے ایک سنسنی خیز مقدمے میں پولیس نے مبینہ طور پر ایک خاتون سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں سوشل میڈیا پر سرگرم دلہن جیوتی چودھری بھی شامل ہے، جسے پولیس نے ہنی مون کے دوران گرفتار کیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیوتی چودھری نے مبینہ طور پر پہلی شادی ختم کرنے کے بعد دوسری شادی کی اور شوہر کے ساتھ ہری دوار میں ہنی مون منا رہی تھی۔ اسی دوران وہ انسٹاگرام پر مسلسل ریلز اور ویڈیوز شیئر کر رہی تھی، جن کی مدد سے پولیس نے اس کی لوکیشن کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی 12 جون کو پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات کی تحقیقات کے دوران عمل میں آئی۔ واقعے میں پے ٹی ایم کمپنی کے ایک ٹیم لیڈر آکاش شرما کو راستے میں روک کر ان سے موٹر سائیکل اور موبائل فون چھین لیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر مقدمہ لوٹ مار کا درج کیا گیا، تاہم پانچ ملزمان کے ملوث ہونے کے باعث بعد ازاں ڈکیتی کی دفعات بھی شامل کر دی گئیں۔

    تحقیقات کے دوران گرفتار ملزمان نے جیوتی چودھری کا نام لیا، جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیوتی نے مبینہ طور پر ایک جرائم پیشہ گروہ سے تعلق قائم کیا اور مختلف وارداتوں میں شریک رہی۔تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ جیوتی نے 23 جون کو موہت نگر نامی شخص سے دوسری شادی کی، جس کے بعد دونوں ہری دوار چلے گئے تھے، جہاں سے پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق جیوتی چودھری کا نام ماضی میں ہنی ٹریپ کے ایک مقدمے اور ایک مبینہ گینگسٹر سے تعلقات کے حوالے سے بھی سامنے آ چکا ہے۔ پولیس اس کے مبینہ مجرمانہ ریکارڈ کی مزید چھان بین کر رہی ہے۔ادھر پولیس نے اس کیس میں دیگر ملزمان انکت شرما، گورو شرما، شنی عرف شیوم اور دیگر کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایک ملزم پہلے ہی کسی دوسرے مقدمے میں جیل میں موجود ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور گروہ سے متعلق مزید انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔