Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ایران، شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات،تعزیتی اجتماع جاری

    ایران، شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات،تعزیتی اجتماع جاری

    تہران: ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے تعزیتی اجتماع اور نمازِ جنازہ کے لیے ملک بھر میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف اسلامی اور علاقائی ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود بھی تہران پہنچ رہے ہیں۔

    ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق وزارتِ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین اور شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر ملک بھر کے 5 ہزار سرکاری اسکول عارضی رہائش کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ ان اسکولوں میں تقریباً 40 سے 50 ہزار کلاس رومز کو قیام، آرام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختص کیا گیا ہے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام کو توقع ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں 100 سے زائد ممالک کے سرکاری اور غیر سرکاری نمائندے شرکت کریں گے، جبکہ مجموعی شرکاء کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر سکتی ہے، جس کے باعث تہران اور دیگر شہروں میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    تعزیتی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی ایران کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں وہ تعزیتی اجتماع میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے، جہاں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے انہیں الوداع کیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق مختلف ممالک اور تنظیموں کے نمائندے بھی تعزیتی اجتماع میں شریک ہوئے، جن میں سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ ولید بن عبد الکریم الخریجی کی قیادت میں وفد، افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر، وزیر خارجہ امیر خان متقی، طالبان مخالف افغان رہنما احمد مسعود اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا اعلیٰ سطحی وفد شامل تھا۔حماس کے وفد میں اسماعیل درویش، موسیٰ ابو مرزوق، ظاہر جبارین، باسم نعیم اور ڈاکٹر خالد قدومی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے، جنہوں نے تہران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    روس کی سلامتی کونسل کے سربراہ دیمتری میدودیف تہران پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم امریکا کیخلاف جدوجہد میں فاتح بن کر ابھرے گی، یہ کسی بھی دوسرے ملک کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔دیمتری میدودیف کا کہنا تھا کہ علی خامنہ ای کی شہادت پر روس بھی دوست ملک کے دکھ میں شریک ہے۔روسی وفد نے دورے کے دوران صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی ہے۔

    جمعے کی دوپہر کو مسلح افواج کی قیادت نے الوداعی ہال میں حاضر ہوکر مجاہد عظیم، سپریم کمانڈر، رہبر شہید کو سلام اور خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر خاتم الانبیا (ص) سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی، اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی، پولیس کے کمانڈر ان چیف بریگیڈیئر جنرل احمدرضا رادان، وزارت دفاع کے سرپرست، فوج کے چیف کوآرڈینیٹر افسر اور متعدد دیگر افسروں اور کمانڈروں نے الوداعی ہال میں حاضر ہوکر آيت اللہ العظمی شہید سید علی خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش کیا،فوجی قیادت نے اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کے خون سے سینچے گئے راستے پر گامزن رہنے کا عہد اور ملک اور انقلاب کی حفاظت کے لیے مکمل تیاری کا اعلان کیا۔

    ایرانی حکام کے مطابق تعزیتی تقریبات اور نمازِ جنازہ کے موقع پر غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی، رہائش اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔تہران کے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں ہزاروں ایرانی مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے، ایران میں ایک ہفتے پر مشتمل تدفینی تقریبات جاری ، حکام کے مطابق میت کو قم، نجف اور کربلا لے جانے کے بعد 9 جولائی کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا

    علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایران میں شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کی، پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ شہید علی خامنہ ای کی قیادت اور بصیرت کو نسلیں یاد رکھیں گی، ایران سے اظہار یکجہتی کیلئے میرے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی گیا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شامل تھے، بلاول بھٹو زرداری، اسپیکر ایاز صادق سمیت سینئر ارکان پارلیمنٹ بھی ساتھ تھے، سینئر وفاقی وزراء اور حکومتی اہلکار بھی پاکستان کے وفد کاحصہ تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

  • بلوچستان بس حادثہ، ٹرانسپورٹ کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج، کمپنی سیل

    بلوچستان بس حادثہ، ٹرانسپورٹ کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج، کمپنی سیل

    دھانہ سر میں پیش آنے والے المناک بس حادثے کے بعد پولیس نے تھانہ شیرانی میں ٹرانسپورٹ کمپنی اور کوچ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر غفلت، لاپرواہی، غیر ذمہ داری اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ کوچ کمپنی کو سیل کر دیا ہے، جبکہ حادثے کی جامع تحقیقات کی ذمہ داری سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو سونپ دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران ٹرانسپورٹ کمپنی کی قانونی حیثیت، کوچ کی فٹنس، ڈرائیور کی اہلیت، حفاظتی اقدامات اور حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد تحقیقات کی رپورٹ وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کی جائے گی، جس کی روشنی میں مزید قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو نامعلوم افراد کی شناخت کے لیے نادرا سے رابطہ کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر تمام جاں بحق افراد کی میتیں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

  • جائیداد کی نیلامی،بحریہ ٹاؤن نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے خط میں اپیل کر دی

    جائیداد کی نیلامی،بحریہ ٹاؤن نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے خط میں اپیل کر دی

    اسلام آباد: بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کو خط ارسال کرتے ہوئے اپنی قیمتی جائیدادوں کی مبینہ طور پر کم قیمت پر نیلامی کے خلاف مداخلت کی اپیل کی ہے۔

    بحریہ ٹاؤن کے وائس چیف ایگزیکٹو کموڈور (ر) محمد الیاس کی جانب سے لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کی اربوں روپے مالیت کی زمینیں اور دیگر املاک ان کی اصل مارکیٹ ویلیو سے کہیں کم قیمت پر نیلام کی جا رہی ہیں، جس سے نیلامی کے عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات جنم لے رہے ہیں۔خط کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے مختلف منصوبوں میں اوورسیز پاکستانیوں، بیواؤں، عام شہریوں اور دیگر سرمایہ کاروں سمیت لاکھوں خاندانوں کی 372 ارب روپے سے زائد کی عمر بھر کی جمع پونجی سرمایہ کاری کی صورت میں موجود ہے، جو موجودہ صورتحال میں شدید خطرے سے دوچار ہے۔بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی آزادانہ، غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک املاک کی نیلامی کا عمل فوری طور پر روک دیا جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن خود کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھتا اور وہ اپنے تمام دیرینہ قانونی تنازعات کو قانون، باہمی بات چیت اور ثالثی کے ذریعے حل کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔انتظامیہ نے مزید واضح کیا کہ اگر کسی قانونی کارروائی کے نتیجے میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف کسی ذمہ داری یا خلاف ورزی کا تعین ہوتا ہے تو ادارہ قانون کے مطابق تمام واجبات اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے بھی تیار ہوگا۔

  • زیر علاج بیٹی کے وارڈ سے زبردستی نکالے جانےپروالد کی ہسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ

    زیر علاج بیٹی کے وارڈ سے زبردستی نکالے جانےپروالد کی ہسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ

    لاہور میں واقع چلڈرن اسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ لگانے والا 28 سالہ شخص شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق زخمی شخص کی شناخت عمران صابر کے نام سے ہوئی ہے، جس کی کمسن بیٹی چلڈرن اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اسپتال کے سیکیورٹی گارڈز نے مبینہ طور پر عمران کو زبردستی وارڈ سے باہر نکال دیا، جس پر وہ شدید ذہنی دباؤ اور دل برداشتگی کا شکار ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ عمران نے اسی حالت میں اسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔واقعے کے فوراً بعد زخمی شخص کو جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے سرجیکل ایمرجنسی میں داخل کر کے علاج شروع کر دیا گیا۔

    جنرل اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق عمران صابر کی حالت پہلے سے بہتر ہے اور اسے ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ اسپتال میں پیش آنے والے حالات اور سیکیورٹی عملے کے مبینہ رویے نے واقعے میں کس حد تک کردار ادا کیا۔

  • مجھے برہنہ کیا، میں روتی رہی،  مجھے تھپڑ مارے ،متعدد بار زیادتی کی گئی، غیر ملکی خاتون کا بیان آ گیا

    مجھے برہنہ کیا، میں روتی رہی، مجھے تھپڑ مارے ،متعدد بار زیادتی کی گئی، غیر ملکی خاتون کا بیان آ گیا

    لاہور میں غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی کے کیس میں غیر ملکی خاتون اسٹرڈ گیبریلا روبنسن کا مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کروائے گئے بیان کا کچھ حصہ منظرِ عام پر آ گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر ملکی خاتون اسٹرڈ گیبریلا روبنسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میری عمر 40 سال ہے اور میں اسپین کے شہر ہنڈاس دی لاس کی رہائشی ہوں اور حلف لے کر اپنا بیان ریکارڈ کروا رہی ہوں،غیر ملکی خاتون کا کہنا ہے کہ میری کہانی ویسی ہی ہے جیسے اسٹیفنی نے بتایا، اس گھر میں قیام کے دوران میرا تجربہ مختلف تھا، پہلی رات 4 لوگ اسلحے کے ساتھ آئے اور ہمیں باندھ دیا، ایک شخص جس نے کالے کپڑے پہن رکھے تھے، اُس نے میرے جسم کے مخصوص حصوں کو چھوا، انہوں نے میرے چہرے پر متعدد گھونسے مارے، رضا ڈار آیا اور اس نے مجھ سے کمپیوٹر اور پیسوں کے بارے میں پوچھا،میں نے بتایا دونوں چیزیں سبز بیگ میں پڑی ہوئی ہیں، اس دوران اسٹیفنی کو واپس لایا گیا اور ہم دونوں سے پاس ورڈ اور کمپیوٹر کے بارے میں پوچھتے رہے، انہوں نے میرے سر پر بہت زور سے پسٹل کا بٹ مارا،وہاں ایک اور شخص موجود تھا جو بہت اچھی انگلش بول رہا تھا جس سے میں نے پوچھا کہ کیا تم لوگ ہمیں مار دو گے، جس پر اس نے کہا کہ اگر تم نے ہمیں پیسے نہ دیے تو زندہ نہیں جاؤ گی۔
    کچھ دیر بعد یہ شخص نیچے چلا گیا اور 3 لوگ بیڈ روم میں آ گئے، ایک بڑی عمر کا شخص رائفل کے ساتھ تھا جس نے 2 لوگوں کو میرے پاس رکنے کا کہا، وہ صرف اردو بول رہے تھے اور زور زور سے ہنس رہے تھے۔

    غیر ملکی خاتون اسٹرڈ گیبریلا روبنسن کے مطابق انہوں نے مجھے جنسی تعلق کا کہا جس کا میں نے متعدد بار انکار کیا، مگر کالے کپڑوں میں ملبوس شخص مجھے دوسرے فلور پر لے گیا اور مجھے برہنہ کیا، میں روتی رہی، اس نے مجھے تھپڑ مارے اور منہ بند کرنے کا کہا،میرے ساتھ متعدد بار زیادتی کی گئی، میرے شور مچانے پر وہ رک گیا اور مجھے دوبارہ کپڑے پہنا دیے اور مجھے دوبارہ اس کمرے میں لے جایا گیا جہاں دیگر لوگ موجود تھے۔

  • اسلام آباد، جامعہ حفصہ کے ہاسٹل سے 18 سالہ طالبہ کی لاش برآمد، تحقیقات شروع

    اسلام آباد، جامعہ حفصہ کے ہاسٹل سے 18 سالہ طالبہ کی لاش برآمد، تحقیقات شروع

    اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں واقع لال مسجد سے ملحقہ جامعہ حفصہ کے ہاسٹل سے 18 سالہ طالبہ کی پراسرار حالات میں لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    پولیس کے مطابق متوفیہ کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع اَپر دیر سے تھا اور وہ جامعہ حفصہ میں زیرِ تعلیم تھی۔ طالبہ ہاسٹل میں مردہ حالت میں پائی گئی، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا، جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ ابتدائی معائنے کے دوران طالبہ کے جسم پر کسی قسم کے تشدد یا ظاہری زخم کے نشانات نہیں پائے گئے۔تفتیشی حکام نے مدرسے کے ہاسٹل میں رہائش پذیر دیگر طالبات کے بیانات بھی قلمبند کر لیے ہیں تاکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

    تھانہ آبپارہ پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی سامنے آ سکے گی، جبکہ تمام ممکنہ پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق فی الحال موت کی وجہ کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

  • بھارت: بیوی نے شوہر کو قتل کرکے باتھ روم میں دفن کر دیا

    بھارت: بیوی نے شوہر کو قتل کرکے باتھ روم میں دفن کر دیا

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں پولیس نے ایک خاتون کو اپنے شوہر کے مبینہ قتل اور اس کی لاش گھر کے باتھ روم میں دفن کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول سریندر شرما گزشتہ 45 روز سے لاپتہ تھا۔ اس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی ملزمہ روبی نے خود پولیس کو درج کرائی تھی اور دورانِ تفتیش وہ پولیس کے ساتھ شوہر کی تلاش کا ڈرامہ بھی کرتی رہی۔ اہلِ محلہ کے سامنے بھی وہ خود کو غم زدہ ظاہر کرتی رہی تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔پولیس کے مطابق تحقیقات میں اس وقت اہم پیش رفت ہوئی جب مقتول کے بھائی نے ملزمہ کے بیانات پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا، جس کے بعد روبی سے سخت پوچھ گچھ کی گئی۔تفتیش کے دوران ملزمہ کے انکشاف پر پولیس نے مزدوروں کی مدد سے گھر کے باتھ روم کا فرش تڑوایا، جہاں سے سریندر شرما کی لاش برآمد کر لی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ قتل اور لاش چھپانے میں کسی اور شخص کا بھی کردار تھا یا نہیں۔

  • کراچی: اینکر مرید عباس قتل کیس، فیصلہ محفوظ، 9 جولائی کو سنائے جانے کا امکان

    کراچی: اینکر مرید عباس قتل کیس، فیصلہ محفوظ، 9 جولائی کو سنائے جانے کا امکان

    کراچی میں معروف ٹی وی اینکر مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    عدالتی ذرائع کے مطابق مقدمے کا فیصلہ 9 جولائی کو سنائے جانے کا امکان ہے۔ یہ کیس گزشتہ سات برس سے زیرِ سماعت ہے اور اب اپنے منطقی انجام کے قریب پہنچ گیا ہے۔استغاثہ کے مطابق مقدمے کا مرکزی ملزم عاطف زمان اس وقت جیل میں قید ہے، جبکہ شریک ملزم عادل زمان تاحال مفرور ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہے۔

    واضح رہے کہ ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کو 9 جولائی 2019ء کو کراچی میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔

  • حکومت کا پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ

    حکومت کا پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ

    حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ نئی شرح کے مطابق پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر عائد 5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔

    ماہرین کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں اس ردوبدل سے حکومت کو محصولات میں توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ صارفین کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ اثرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کی نمایاں کامیابیاں

    وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کی نمایاں کامیابیاں

    وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کی نمایاں کامیابیاں سامنے آئی ہیں

    وزیراعظم کی ٹاسک فورس کے تحت اصلاحاتی عملدرآمد کمیٹی دسمبر2024 میں قائم کی گئی تھی،اصلاحاتی عملدرآمد کمیٹی میں وزارتِ دفاع،بحری اور لاجسٹکس شعبوں، این ایل سی کے ماہرین شامل تھے،ٹاسک فورس نے بحری شعبے میں مجموعی طور پر 99 اصلاحات کی سفارشات پیش کی تھیں،کمیٹی نے بندرگاہوں کے ماسٹر پلان، جہاز رانی، جہاز سازی، اور ماہی گیری سے متعلق اصلاحات پر عملدرآمد کا آغاز کیا،ڈیڑھ سال کے قلیل عرصے میں اصلاحاتی عملدرآمد کمیٹی نے 99 میں سے 85 ایکشن پوائنٹس مکمل کر لیے ہیں،دیگر 14 نکات میں سے 11 تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ 3 پر طویل المدتی حکمتِ عملی کے تحت کام جاری ہے

    اصلاحات میں بندرگاہوں کی استعداد میں اضافہ، اقتصادی زونز کی نگرانی کیلئے جدید نظام شامل ہے،اصلاحات میں کراچی پورٹ کی اراضی سے تجاوزات کا خاتمہ بھی شامل ہے،اصلاحات میں ٹرانس شپمنٹ اور بنکرنگ کیلئے کسٹم رولز کو فروغ دینا بھی شامل ہے، اصلاحات میں مقامی جہاز سازی و مرمت کے نظام کو فروغ دینا بھی شامل ہے،صوبائی سطح پر ماہی گیری کے فروغ کیلئے 5سالہ منصوبہ کو حتمی شکل دی گئی ،8 سال بعد جہازوں کی ری سائیکلنگ بھی شروع کر دی گئی ہے،اصلاحات کے باعث بندرگاہوں کی ڈریجنگ میں خود انحصاری کی جانب اہم قدم کے طور پر نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز کا قیام عمل میں لایا گیا،