Baaghi TV

وادی تیراہ میں شدید برف باری، پاک فوج کا بھرپور ریلیف آپریشن جاری

وادی تیراہ میں شدید اور مسلسل برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ شدید سردی اور برفانی طوفان کے نتیجے میں کئی علاقے زمینی رابطوں سے منقطع ہو گئے جبکہ روزمرہ سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔ اس صورتحال میں پاک فوج نے مقامی انتظامیہ کے تعاون سے بڑے پیمانے پر ریلیف آپریشن شروع کر رکھا ہے جو بلا تعطل جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کے ازالے اور زندگی کو معمول پر لانے کے لیے پاک فوج کے دستے متحرک ہیں۔ شدید برف باری کے دوران برف میں پھنسنے والی متعدد گاڑیوں کو نکال کر محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا، جس سے مسافروں اور مقامی افراد کو فوری ریلیف ملا۔ریلیف آپریشن کی نگرانی پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے افسران اور جوان خود کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیاء، کمبل اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ ہنگامی طبی امداد کی سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں اشیائے ضروریہ کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پیشہ ورانہ حکمتِ عملی اور منظم اقدامات کے باعث متعدد علاقوں میں زمینی رابطے بحال کر دیے گئے ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئی ہے۔مقامی شہریوں نے مشکل حالات میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ برفانی موسم میں یہ اقدامات ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب تک حالات مکمل طور پر بہتر نہیں ہو جاتے، ریلیف آپریشن اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

More posts