Baaghi TV

والدین کی خدمت حقیقی کامیابی کا راستہ ہے ،ڈاکٹر سبیل اکرام

subiyal

لاہور ( ) والدین کی خدمت، ان کی خوشنودی اور دعائوں کا حصول ہی حقیقی کامیابی کا وہ راستہ ہے جو انسان کو دنیا میں عزت اور آخرت میں سرخروئی عطا کرتا ہے۔ جس شخص کے سر پر ماں باپ کی دعائوں کا سایہ ہو، اللہ تعالی اس کے لیے کامیابیوں کے دروازے کھول دیتا ہے، جبکہ والدین کی نافرمانی اور دل آزاری انسان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے آج یہاں نوجوانوں کی ایک تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان کامیابی کے مختلف شارٹ کٹس تلاش کرتے ہیں، حالانکہ کامیابی کا سب سے مختصر، محفوظ اور بابرکت راستہ اللہ تعالی کی رضا اور والدین کی دعائوں میں پوشیدہ ہے۔ہر نوجوان کو چاہئے کہ وہ صبح گھر سے نکلتے وقت اپنے والدین کے پاس جائے، ان کے ہاتھ پائوں چومے، ان سے دل سے دعا کی درخواست کرے پھر اپنے روزگار، تعلیم یا دیگر مصروفیات کے لیے روانہ ہو۔ یقینا والدین کی دعائیں انسان کے لیے ایسی ڈھال بن جاتی ہیں جو مشکلات کو آسان اور منزلوں کو قریب کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھی ہے اور باپ کی رضا کو اللہ تعالی کی رضا قرار دیا ہے۔ یہ دونوں عظیم ہستیاں اللہ کی وہ نعمت ہیں جن کی قدر کرنے والا کبھی محروم نہیں رہتا۔ والدین کی خدمت صرف سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ عظیم عبادت اور بہترین سرمایہ حیات ہے۔ جو لوگ اپنے والدین کو دکھ دیتے ہیں، ان کی نافرمانی کرتے ہیں یا انہیں پریشان رکھتے ہیں، ممکن ہے وہ وقتی طور پر کامیاب ہوجائیں مگر حقیقی سکون، برکت اور دائمی کامیابی سے محروم رہتے ہیں۔ لہذا نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی مصروف زندگی میں والدین کے لیے وقت نکالیں، ان کے ساتھ محبت، احترام اور حسنِ سلوک کا رویہ اختیار کریں اور ان کی دعائوں کو اپنی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ سمجھیں کہ جس گھر میں والدین کا احترام، محبت اور خدمت کا ماحول ہوتا ہے وہاں رحمت، برکت، خوشحالی اور کامیابیاں خود راستہ بنا کر آتی ہیں اور ایسے افراد نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کے لیے بھی باعثِ فخر بن جاتے ہیں۔

More posts