واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ اوشا وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، جسے وائٹ ہاؤس کی جدید تاریخ کا ایک منفرد واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
جے ڈی وینس اور اوشا وینس نے مشترکہ بیان میں بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے الیک نیل وینس کی پیدائش اتوار کے روز ریاست میری لینڈ کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ والدہ اور نومولود دونوں مکمل طور پر صحت مند ہیں، جبکہ ان کے تینوں بڑے بچے اپنے نئے بھائی کی آمد پر بے حد خوش ہیں۔
وائٹ ہاؤس ہسٹوریکل ایسوسی ایشن کے مطابق الیک نیل وینس گزشتہ ڈیڑھ سو برس سے زائد عرصے میں کسی موجودہ امریکی نائب صدر کے ہاں پیدا ہونے والا پہلا بچہ ہے۔ اس سے قبل 1870ء میں اس وقت کے امریکی نائب صدر شوائلر کولفیکس کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔جے ڈی وینس اور اوشا وینس کی ملاقات ییل لا اسکول میں طالب علمی کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں نے 2014ء میں شادی کی۔ ان کے بڑے بیٹے ایون کی پیدائش 2017ء، دوسرے بیٹے وویک کی 2020ء جبکہ بیٹی میرا بیل کی پیدائش 2021ء میں ہوئی تھی۔ اب الیک نیل وینس کی آمد کے بعد ان کے خاندان میں بچوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ جے ڈی وینس امریکی بحریہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ امریکا میں کم ہوتی شرحِ پیدائش کے حوالے سے متعدد بار تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2025ء میں منعقد ہونے والی "مارچ فار لائف” ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکا میں زیادہ بچوں کی پیدائش اور مضبوط خاندانی نظام کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
