Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بانی پی ٹی آئی کے قریبی ساتھی طارق شفیع، حامد زمان فارن فنڈنگ کیس سے بری

    بانی پی ٹی آئی کے قریبی ساتھی طارق شفیع، حامد زمان فارن فنڈنگ کیس سے بری

    بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے قریبی ساتھیوں کے خلاف فارن فنڈنگ سے متعلق مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بینکنگ کورٹ نمبر دو نے مقدمے کا تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے طارق شفیع، حامد زمان اور اسد کاکا خیل کو بری کر دیا۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق استغاثہ ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث عدالت نے تینوں ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم جاری کیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ملزمان کی جانب سے بیرسٹر میاں علی اشفاق اور عدنان طارق نے عدالت میں مفصل دلائل پیش کیے۔

    یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سال 2022 میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے انصاف ٹرسٹ کے لیے غیر ملکی فنڈنگ حاصل کی، جو ملکی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے نے عدالت میں چالان بھی جمع کرایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ تحقیقات کے دوران شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔سماعت کے دوران دفاعی وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف عائد الزامات بے بنیاد ہیں اور استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد قانونی تقاضوں پر پورا نہیں اترتے۔ وکلا نے یہ بھی مؤقف اپنایا کہ ملزمان کے کسی اقدام سے غیر قانونی فارن فنڈنگ ثابت نہیں ہوتی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ کا بغور جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سنایا کہ استغاثہ الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کے بعد بینکنگ کورٹ نمبر دو نے تینوں ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

  • ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ،کسی کو معافی نہیں ملے گی،ایس ایچ او تھانہ گوجرخان

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ،کسی کو معافی نہیں ملے گی،ایس ایچ او تھانہ گوجرخان

    گوجرخان (قمرشہزاد) خونی کھیل پتنگ بازی کے سدباب اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پولیس نے شکنجہ مزید کس دیا۔ ایس ایچ او تھانہ گوجرخان مرزا طیب ظہیر بیگ نے ٹرانسپورٹ مافیا اور سہولت کاروں کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی کے سامان کی نقل و حمل میں ملوث کسی بھی شخص کو معافی نہیں ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپنے دفتر میں گڈز ٹرانسپورٹ، کارگو سروس، کورئیر کمپنیوں اور ساؤنڈ سسٹم مالکان کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسپکٹر مرزا طیب ظہیر بیگ نے سخت ترین ہدایات جاری کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ کوئی بھی گڈز، کورئیر یا بس سروس پتنگ اور ڈور کی بلٹی بک نہیں کرے گی۔ اگر کسی بھی بس یا ویگن میں پتنگ بازی کا سامان پایا گیا تو نہ صرف سخت ترین ایف آئی آر درج ہوگی بلکہ وہ گاڑی بھی فوری طور پر بند کر دی جائے گی۔ اس موقع پر ساؤنڈ سسٹم مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی پتنگ باز کو سسٹم فراہم نہیں کریں گے۔ کسی بھی قسم کے پروگرام کے لیے پولیس سے باقاعدہ این او سی لینا لازمی ہوگا اور اس کی پیشگی اطلاع تھانے میں دینا ہوگی، بصورتِ دیگر آلات ضبط کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایچ او نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کی معاونت کرنے والے بھی برابر کے مجرم تصور ہوں گے۔ میٹنگ میں شریک تمام گڈز مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے انسپکٹر مرزا طیب ظہیر بیگ کے اقدامات کی بھرپور حمایت کی اور یقین دہانی کروائی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مشکوک پارسل کی اطلاع فوری طور پر تھانہ میں دیں گے۔

  • شرقی علاقے میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کا آہنی ہاتھ حرکت میں آ گیا

    شرقی علاقے میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کا آہنی ہاتھ حرکت میں آ گیا

    گوجرخان (قمرشہزاد) وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کے ویژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اسلام پورہ جبر اور گردونواح میں تجاوزات مافیا کے خلاف انتظامیہ کا آہنی ہاتھ حرکت میں آگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ نے پیرافورس انچارج انسپکٹر عثمان کے ہمراہ اسلام پورہ جبر کے مختلف علاقوں کا طوفانی دورہ کیا اور جاری آپریشن کا خود جائزہ لیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے اور کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر غیر قانونی تعمیرات اور تھڑوں کا صفایا کر دیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خضر ظہور گورائیہ نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ عوامی راستوں میں رکاوٹ بننے والوں کے لیے اب کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ایک بڑے کریک ڈاؤن کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام پورہ جبر تو صرف شروعات ہے، اس کے فوراً بعد بیول اور حبیب چوک میں بھی گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے اور تجاوزات مافیا کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے اس سخت موقف اور اچانک دورے سے ناجائز قابضین میں کھلبلی مچ گئی ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے اس جرات مندانہ اقدام کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔

  • 20 سے 23 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان

    20 سے 23 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان

    آج سے مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 20 سے 23 جنوری کے دوران مری گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کی پیشگوئی ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 20 سے 23 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے. لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔کمشنرز ،ڈپٹی کمشنرز و دیگر انتظامی افسران کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹورازم اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں،ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائےشہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔ سیاحوں کی سہولیات کے لیے مری میں مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سنٹرز قائم ہیں۔ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

  • سابق جج منصور علی شاہ کا دوبارہ بطور وکیل پریکٹس شروع کرنے کا اعلان

    سابق جج منصور علی شاہ کا دوبارہ بطور وکیل پریکٹس شروع کرنے کا اعلان

    سپریم کورٹ کے سابق جج منصور علی شاہ نے دوبارہ بطور وکیل پریکٹس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    جسٹس (ر) منصور کا کہنا ہےکہ اب ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا مرکز بین الاقوامی اور ملکی ثالثی، مصالحت اور اسٹریٹیجک قانونی مشاورت ہو گا، انہوں نے تدریس کے شعبے سے اپنی وابستگی برقرار رکھنے کا بھی عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی معاملات میں بھی تدریسی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

    گزشتہ روز سید منصور علی شاہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ انہوں نے اصولی بنیادوں پر سپریم کورٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا،انہوں نے دوبارہ قانونی پریکٹس میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وقت(لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز ) لمز میں’ڈسٹنگوئشڈ پروفیسر آف پریکٹس‘کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

  • عمران کو مرضی کا کھانا دیا جاتا،جیل میں سہولیات میسر ہیں، وزیر قانون

    عمران کو مرضی کا کھانا دیا جاتا،جیل میں سہولیات میسر ہیں، وزیر قانون

    وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہےکہ عمران خان کو ان کی مرضی کا کھانا دیا جاتا ہے اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

    قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کا اختیار ہوتا ہے کہ رویے کو دیکھتے ہوئے ملاقات طے کرے، وفاق کا اختیار نہیں کہ وہ ان کو ہدایت دے،اسپیکر قومی اسمبلی کو عمران خان سے متعلق رپورٹ دی گئی تھی ، ان کو ان کی مرضی کا کھانا دیا جاتا ہے،سہولیات ملتی ہیں اور ان کی صحت ٹھیک ہے، ہر ہفتے ان کی اہلیہ سے ملاقات کرائی جاتی ہے، مجرموں کو جیل مینول منع کرتا ہے کہ وہ سیاسی معاملات ڈسکس نہیں کرسکتے، یہ معاملہ عدالت اور جیل انتظامیہ کے درمیان ہے، میں اس پر رپورٹ لے کر پیش کروں گا ۔

    آن لائن فراڈ کا معاملہ قومی اسمبلی میں پہنچ گیا، اسپیکر ایاز صادق نے انکشاف کیا کہ کسی نے میری آواز میں کال کر کے لوگوں سے پیسے مانگے

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماء عامر ڈوگر کو اپنے چیمبر میں بلالیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ آپ آئیں تو ایک نوٹیفکیشن کے حوالے سے بات کرنی ہے۔واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے محمود خان اچکزئی کے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں

  • رینجرز کی جوگی موڑ ملیر میں کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث 4 خطرناک ملزمان گرفتار

    رینجرز کی جوگی موڑ ملیر میں کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث 4 خطرناک ملزمان گرفتار

    کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے رینجرز نے جوگی موڑ، ملیر کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان ایک منظم اور متحرک گینگ کا حصہ ہیں جو طویل عرصے سے ملیر، نیشنل ہائی وے اور ملحقہ علاقوں میں شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے کی وارداتوں میں سرگرم تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے 49 قیمتی موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گینگ موبائل فون اسنیچنگ کے علاوہ 70 سے 80 موٹرسائیکلیں چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ ملزمان واردات کے دوران مزاحمت کی صورت میں فائرنگ سے بھی گریز نہیں کرتے تھے، جس کے باعث متعدد شہری زخمی بھی ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے 13 جنوری کو نیشنل ہائی وے پر ایک شہری کو اسلحے کے زور پر روک کر 3 لاکھ روپے نقدی چھینی اور فرار ہوتے وقت شہری کی گاڑی پر فائرنگ بھی کی تھی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ برآمد شدہ موبائل فونز اور دیگر سامان کی شناخت کے بعد متاثرہ شہریوں کو واپس کرنے کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع قریبی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ شہر میں جرائم کے خاتمے اور امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • وفاقی وزیر داخلہ، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کا دورہ

    وفاقی وزیر داخلہ، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کا دورہ

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کا دورہ کیا، آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے وزیرِ داخلہ کا استقبال کیا۔

    دورے کے موقع پر وزیر داخلہ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کو بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، درپیش چیلنجز اور سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے مستقبل کی حکمتِ عملی پر بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ داخلہ نے اس موقع پر ایف سی بلوچستان نارتھ اور سیکورٹی اداروں کی دہشت گردی کی خلاف مسلسل کاروائیوں اور امن کے قیام کے لئے کی گئی انتھک کوششوں اور شاندار کارکردگی کو سراہا ۔

  • انڈیا، افغانستان جہاں بھی ایمان مزاری ہوگرفتار کیا جائے،عدالت

    انڈیا، افغانستان جہاں بھی ایمان مزاری ہوگرفتار کیا جائے،عدالت

    اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ایمان مزاری اور شوہر ہادی علی کیخلاف متنازع ٹویٹس کے کیس کی سماعت ہوئی، ملزمان کی عدم گرفتاری پر عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا۔

    عدالت نے پوچھا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کیوں نہیں کیا؟۔ عدالت نےڈائریکٹر ایف آئی اے کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے ملزمان کی طرف سے 342 کا جواب جمع کرادیا، این سی سی آئی اے پراسیکوٹر پیش ہوئے جبکہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ غیرحاضر رہے۔

    بعد ازاں ڈی آئی جی عدالت پیش ہو گئے،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں متنازع ٹویٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر کو پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزمان سمندر پر ہوں یا آسمان پر، گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔جج نے ڈی آئی جی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وارنٹ جاری ہوا، عمل کیوں نہیں ہوا ؟ اسلام آباد میں وارنٹ پر عمل نہ ہونا کیا ثابت کرتا ہے؟ ان کو پاکستان سے اٹھائیں، انڈیا سے یا افغانستان سے، 24 گھنٹے ہیں آپ کے پاس۔ میں دیکھتا ہوں کیسے پیش نہیں ہوتے ۔ مجھے 24 گھنٹے کے اندر وارنٹس پر عمل درآمد چاہیے

  • سود ، بے حیائی ، فحاشی اور شرک کے اڈے ختم کیئے جائیں ۔ڈاکٹر سبیل اکرام

    سود ، بے حیائی ، فحاشی اور شرک کے اڈے ختم کیئے جائیں ۔ڈاکٹر سبیل اکرام

    مسلسل اور شدید دھند کی وجہ سے رگوں میں خون جمادینے والی سردی پڑ رہی ہے ۔ جس وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہورہے اور بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔ بارش کیلئے اجتماعی طور پر توبہ واستغفار کی جائے اور نماز استسقیٰ ادا کی جائے ۔ سود ، بے حیائی ، فحاشی اور شرک کے اڈے ختم کیئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے کیا ۔ انھوں نے کہا بارشوں کا نہ ہونا اور موسم بہتر نہ ہونا ہماری شامت اعمال کی وجہ سے ہے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ، بارشیں کم ہورہی ہیں اور بیماریاں عام ہورہی ہیں ۔ یہ سب اس لئے ہے کہ ہمارے ملک میں سود عام ہے، جگہ جگہ فحاشی اور بے حیائی کے اڈے کھلے ہوئے ہیں ، ٹمبر مافیا جنگلات تیزی کے ساتھ کاٹ رہا ہے ۔ خاطر خواہ نئی شجر کاری نہیں کی جارہی ۔ سود اللہ کے ساتھ کھلی جنگ ہے جب ہم اللہ کے ساتھ جنگ کریں گے تو اس کی رحمت اور برکت سے محروم ہوجائیں گے ۔یہی وجہ ہے کہ آج ہمار املک دیگر مشکلات کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے ۔گرمی ہو یا سردی دونوں کی حدت وشدت بے حد بڑھ چکی ہے جبکہ بارشیں کم ہو رہی ہیں اور آبی ذخائر بھی خوفناک حد تک کم ہوتے جارہے ہیں جس وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہورہے ہیں بچوں کی تعلیم اور صحت برباد ہورہی ہے ۔ فصلوں کے متاثر ہونے کا بھی شدید خطرہ ہے ۔ اس وقت بارشوں کی بے حد ضرورت ہے بارشیں نہ ہوئیں توزندگی مشکل ترہوجائے گی ۔ پانی کے بغیر زندگی کا تصور بھی محال ہے ۔موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے دھواں پھیلانے والی فیکٹریاں ، گاڑیاں اور کارخانے بند کئے جائیں۔ اب بھی وقت ہے کہ ہم اللہ کی طرف رجوع کریں، نماز استسقی اور اجتماعی توبہ واستغفار کا اہتمام کریں ۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ اللہ کی بغاوت اور سرکشی کے تمام اڈے ختم کئے جائیں تاکہ ہمارے مسائل ومصائب کا خاتمہ ہو ملک پر اللہ کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوں آمین !