Baaghi TV

سود ، بے حیائی ، فحاشی اور شرک کے اڈے ختم کیئے جائیں ۔ڈاکٹر سبیل اکرام

subiyal

مسلسل اور شدید دھند کی وجہ سے رگوں میں خون جمادینے والی سردی پڑ رہی ہے ۔ جس وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہورہے اور بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔ بارش کیلئے اجتماعی طور پر توبہ واستغفار کی جائے اور نماز استسقیٰ ادا کی جائے ۔ سود ، بے حیائی ، فحاشی اور شرک کے اڈے ختم کیئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے کیا ۔ انھوں نے کہا بارشوں کا نہ ہونا اور موسم بہتر نہ ہونا ہماری شامت اعمال کی وجہ سے ہے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ، بارشیں کم ہورہی ہیں اور بیماریاں عام ہورہی ہیں ۔ یہ سب اس لئے ہے کہ ہمارے ملک میں سود عام ہے، جگہ جگہ فحاشی اور بے حیائی کے اڈے کھلے ہوئے ہیں ، ٹمبر مافیا جنگلات تیزی کے ساتھ کاٹ رہا ہے ۔ خاطر خواہ نئی شجر کاری نہیں کی جارہی ۔ سود اللہ کے ساتھ کھلی جنگ ہے جب ہم اللہ کے ساتھ جنگ کریں گے تو اس کی رحمت اور برکت سے محروم ہوجائیں گے ۔یہی وجہ ہے کہ آج ہمار املک دیگر مشکلات کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے ۔گرمی ہو یا سردی دونوں کی حدت وشدت بے حد بڑھ چکی ہے جبکہ بارشیں کم ہو رہی ہیں اور آبی ذخائر بھی خوفناک حد تک کم ہوتے جارہے ہیں جس وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہورہے ہیں بچوں کی تعلیم اور صحت برباد ہورہی ہے ۔ فصلوں کے متاثر ہونے کا بھی شدید خطرہ ہے ۔ اس وقت بارشوں کی بے حد ضرورت ہے بارشیں نہ ہوئیں توزندگی مشکل ترہوجائے گی ۔ پانی کے بغیر زندگی کا تصور بھی محال ہے ۔موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے دھواں پھیلانے والی فیکٹریاں ، گاڑیاں اور کارخانے بند کئے جائیں۔ اب بھی وقت ہے کہ ہم اللہ کی طرف رجوع کریں، نماز استسقی اور اجتماعی توبہ واستغفار کا اہتمام کریں ۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ اللہ کی بغاوت اور سرکشی کے تمام اڈے ختم کئے جائیں تاکہ ہمارے مسائل ومصائب کا خاتمہ ہو ملک پر اللہ کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوں آمین !

More posts