Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ریاستی اداروں پر الزامات لگانے کے مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    سول جج عباس شاہ نے کیس کی سماعت کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی مسلسل عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری برقرار رکھے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے،سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر ریاستی اداروں کے خلاف الزامات لگانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    سماعت کے دوران عدالت کو ملزم کی عدم پیشی سے متعلق آگاہ کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے وارنٹِ گرفتاری برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

  • دھاندلی پر احتجاج کا اعلان، حلف کے دن گلگت بلتستان میں یوم سیاہ منائیں گے، بیرسٹر گوہر

    دھاندلی پر احتجاج کا اعلان، حلف کے دن گلگت بلتستان میں یوم سیاہ منائیں گے، بیرسٹر گوہر

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پری پول دھاندلی کی گئی، خاص منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کو اس پورے عمل سے باہر نکالا گیا، اس وقت 70 فیصد پاکستانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں،دھاندلی پر احتجاج کا اعلان، حلف کے دن گلگت بلتستان میں یوم سیاہ منائیں گے،

    اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اپنے من پسند لوگوں کو پارلیمان تک پہنچانا لوگوں کا حق ہے اور یہی جمہوریت ہے،ووٹ میں ہیرا پھیری اور لوگوں کو اپنا حق استعمال کرنے سے روکنا جمہوریت کے خلاف سازش ہے، ان 70 فیصد لوگوں کو جمہوری عمل سے نکالا گیا، اس وقت تک ہمارے پاس 3 حلقوں کے فارم 47 موجود ہیں، ہم 8 نشستوں پر 100 فیصد جیت رہے تھے جن کا فارم 47 ملنا چاہیے تھا۔گلگت میں الیکشن نتائج کے بعد ہم ایک خاتون کی مخصوص نشست اور ایک ٹیکنوکریٹ نشست کے حقدار ہیں۔ ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں یہ سیٹیں دی جائیں۔ اس کے علاوہ ہم استور کی سیٹ پر فی الفور دوبارہ الیکشن چاہتے ہیں، 8 فروری کو جس طرح پورے پاکستان میں روکا اس طرح یہاں پر بھی روکا یہ طریقہ کار جمہوریت میں نہیں اتا مئی 2025 کے بعد ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا اگر ہمارا مینڈیٹ قبول نہیں تو پھر کچھ بھی قبول نہیں،

  • گلگت بلتستان کی عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں۔ سحر کامران

    گلگت بلتستان کی عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں۔ سحر کامران

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں تاریخی فیصلہ دے کر جمہوریت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے بیان میں سحر کامران نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عوام دوست سیاست اور وژن کو گلگت بلتستان کے عوام نے بھرپور پذیرائی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج عوام کی ترقی، حقوق اور خوشحالی کے ایجنڈے کی حمایت کا واضح پیغام ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کامیابی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات کی فتح ہے، جبکہ عوام نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرکے خدمت، ترقی اور عوامی فلاح کے سفر کا انتخاب کیا ہے۔سحر کامران کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر مزید مضبوط ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی قیادت میں اپنے روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی جھلک نظر آ رہی ہے۔ نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے پیپلز پارٹی عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔سحر کامران نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ووٹرز نے جمہوری عمل کو کامیاب بنا کر سیاسی شعور کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ یہ کامیابی عوامی اعتماد، مسلسل جدوجہد اور پیپلز پارٹی کی عوامی سیاست کا ثمر ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں ترقی، روزگار اور بہتر طرزِ حکمرانی کے نئے دور کے آغاز کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی اور خطے کی خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے،

  • خاتون پولیس افسر کی خفیہ کارروائی ،کلب کے نام پرغیر اخلاقی سرگرمیاں،متعدد گرفتار

    خاتون پولیس افسر کی خفیہ کارروائی ،کلب کے نام پرغیر اخلاقی سرگرمیاں،متعدد گرفتار

    بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے کوکٹ پلی میں ایک خاتون پولیس افسر کی خفیہ کارروائی کے نتیجے میں معروف کلب میں مبینہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون پولیس افسر نے اپنی شناخت مخفی رکھتے ہوئے کئی مرتبہ کلب کا دورہ کیا اور وہاں جاری سرگرمیوں سے متعلق شواہد اکٹھے کیے۔ بعد ازاں انہی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے کارروائی عمل میں لائی۔رپورٹس کے مطابق ڈپٹی کمشنر پولیس کوکٹ پلی ریتی راج کی ہدایت پر ’کنگز اینڈ کوئینز پب‘ المعروف ’کلب مستی‘ پر چھاپہ مارا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کلب میں مبینہ طور پر جسم فروشی، گاہکوں کو راغب کرنے کے لیے خواتین کے استعمال اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ پب مقررہ اوقات سے زیادہ دیر تک کھلا رہتا تھا، شراب اور کھانے کی فراہمی قواعد و ضوابط کے برعکس کی جا رہی تھی جبکہ ادارے کے پاس پولیس کا مطلوبہ این او سی بھی موجود نہیں تھا۔

    پولیس کارروائی کے دوران 9 ملازمین کو حراست میں لیا گیا، جن میں 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔ تمام افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق مذکورہ پب کے خلاف سال 2025 میں بھی متعدد مقدمات درج کیے گئے تھے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے مبینہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے بعد تازہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

  • گلگت بلتستان انتخابات،پیپلز پارٹی کی نمایاں کامیابی پر وزیراعظم کی مبارکباد

    گلگت بلتستان انتخابات،پیپلز پارٹی کی نمایاں کامیابی پر وزیراعظم کی مبارکباد

    وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نمایاں کامیابی پر پارٹی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جمہوری عمل کے کامیاب انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

    اپنے بیان میں وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے عوام کو پرامن انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے بھرپور سیاسی شعور کا مظاہرہ کیا اور جمہوری عمل میں فعال شرکت کرکے جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، اس کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کامیابی جمہوری عمل پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔

    شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی امیدواروں نے سخت مقابلہ کیا اور بھرپور انتخابی مہم چلائی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارکنان اور قیادت کی محنت قابل تحسین ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پرامن، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات جمہوریت کا حسن ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا، جو قابل تعریف ہے۔انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان اداروں کی مؤثر حکمت عملی اور انتھک محنت کے باعث انتخابات پرامن ماحول میں مکمل ہوئے۔

  • ٹرمپ کا ایران اور اسرائیل سے حملے روکنے کا مطالبہ

    ٹرمپ کا ایران اور اسرائیل سے حملے روکنے کا مطالبہ

    مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک سے فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ "اسرائیل اور ایران کو فوری طور پر فائرنگ اور حملے بند کر دینے چاہئیں”۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک دوسرے پر میزائل اور فضائی حملے کر چکے ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے متعدد میزائل حملے کیے گئے جنہیں اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے بڑی حد تک ناکام بنا دیا۔ دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے مختلف دفاعی اور صنعتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے جواب میں جوابی کارروائیاں کی گئیں۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق تہران میں فضائی دفاعی نظام نے ایک ڈرون کو مار گرایا جبکہ دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں۔ اس کے علاوہ تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ سے تمام پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کر دی گئی ہیں۔اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ درجنوں جنگی طیاروں نے ایران بھر میں فضائی دفاعی تنصیبات اور اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو کمزور کرنا تھا۔دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ وہ "تمام محاذوں پر وسیع پیمانے پر کارروائیوں” کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی بیرونی مداخلت کا سخت جواب دیا جائے گا۔

    ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل کی کوئی بھی بڑی فوجی کارروائی امریکہ کی مشاورت کے بغیر ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ حملوں نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی کوششوں کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے جنوب مغربی شہر ماہشہر میں واقع ایک پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ کیا گیا، جس سے تنصیب کو جزوی نقصان پہنچا۔ ادھر ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں حیفہ کے قریب اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی گروپ نے بھی اسرائیل پر میزائل حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بحیرہ احمر میں اسرائیلی جہازوں کی آمدورفت مکمل طور پر روک دی جائے گی۔ حوثیوں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

  • راولاکوٹ میں معمولاتِ زندگی بحال، عوام نے احتجاجی کال مسترد کر دی

    راولاکوٹ میں معمولاتِ زندگی بحال، عوام نے احتجاجی کال مسترد کر دی

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر کے دیگر شہروں کی طرح راولاکوٹ میں بھی معمولاتِ زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں اور تعلیمی، تجارتی و سماجی سرگرمیاں بلا تعطل رواں دواں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ شام کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ شرپسند عناصر نے راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شرپسند عناصر کو منتشر کر دیا اور علاقے میں امن و سکون بحال کر دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

    مقامی ذرائع کے مطابق راولاکوٹ کے باشعور عوام نے آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح نام نہاد احتجاجی کال کو یکسر مسترد کرتے ہوئے معمول کی سرگرمیوں کو جاری رکھا۔ شہر میں کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور دیگر عوامی مقامات معمول کے مطابق کھلے رہے جبکہ شہریوں نے امن و استحکام کے حق میں اپنا کردار ادا کیا۔انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام کے تحفظ اور خطے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

  • قابل اعتراض مواد شیئر کرنے والے 5 ہزار سے زائد اکاؤنٹس بند

    قابل اعتراض مواد شیئر کرنے والے 5 ہزار سے زائد اکاؤنٹس بند

    محرم الحرام کے پیش نظر سوشل میڈیا پر خصوصی سائبر پٹرولنگ کرتے ہوئے قابل اعتراض، اشتعال انگیز، مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا مواد شیئر کرنے پر اب تک 5 ہزار سے زائد اکاؤنٹس اور ویب سائٹس کو بلاک کیا جاچکا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق محرم الحرام کے پیش نظر سوشل میڈیا پر خصوصی سائبر پیٹرولنگ کی جارہی ہے، سائبر مانیٹرنگ ٹیمیں 24 گھنٹے متحرک، قانون شکنی پر فوری کارروائی ہوگی۔حکام کے مطابق قابل اعتراض، اشتعال انگیز، مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا مواد شیئر کرنا جرم ہے، سائبر پیٹرولنگ یونٹس نفرت انگیز تقاریر، جعلی اکاؤنٹس اور اشتعال انگیز پوسٹ کی نشاندہی کررہےہیں۔

    دوسر ی جانب محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے فوج اور رینجرز کے دستے طلب کر لئے گئے،محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا،قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کیلئے خدمات سر انجام دیں گے،مجموعی طور پر پنجاب کے 39 اضلاع میں فوج اور رینجرز کی 137 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں،پنجاب میں پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں تعینات کرنے کیلئے مراسلہ لکھا گیا،پاک فوج اور رینجرز کے دستے مختلف اضلاع کی ضرورت کے مطابق یکم سے 11 محرم کے دوران خدمات سرانجام دیں گے،وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی میں معاونت کیلئے لکھا گیا

  • لاہور: خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج، ملزمان  گرفتار نہ ہو سکے

    لاہور: خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج، ملزمان گرفتار نہ ہو سکے

    لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ایک خاتون نے تین افراد پر مبینہ اجتماعی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس کو درخواست دے دی، جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل وہ عینو بھٹیاں گاؤں سے کرول پنڈ اپنے گھر جا رہی تھی کہ راستے میں تین افراد نے اسے مبینہ طور پر زبردستی روک لیا۔ خاتون کے مطابق دو ملزمان اسے قریبی کھیت میں لے گئے جہاں انہوں نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی، جبکہ تیسرا شخص موقع پر پہرا دیتا رہا۔ خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزمان نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے واقعے کی فوری رپورٹ اس خوف سے درج نہیں کروائی کہ اس کی عزت اور ساکھ متاثر ہو سکتی ہے، تاہم بعد ازاں اس نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی، تاہم ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے اور شواہد سامنے آنے کے بعد ہی واقعے کی حقیقت کا تعین کیا جا سکے گا۔

  • وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سےایچ بی ایل کے چیئرمین کی ملاقات

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سےایچ بی ایل کے چیئرمین کی ملاقات

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی سے ایچ بی ایل کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔

    ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پشاور میں آغا خان اسپتال کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیا اور اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت آغا خان اسپتال کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کرے گی، جبکہ منصوبے پر پیش رفت کو تیز رفتار بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔ملاقات میں ڈیٹا سینٹرز، کھیلوں، معدنیات، قدرتی وسائل اور مائنز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ علاوہ ازیں صوبے میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    فریقین نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔