Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • جرمنی،نیا بوئنگ 787 طیارہ حادثےکا شکار،متعدد زخمی

    جرمنی،نیا بوئنگ 787 طیارہ حادثےکا شکار،متعدد زخمی

    جرمنی کے فرینکفرٹ ائیرپورٹ پر مسافروں کی بورڈنگ سے قبل ایک نیا بوئنگ 787-9 طیارہ اچانک نوز گیئر بیٹھ جانے کے باعث زمین سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں عملے اور زمینی اسٹاف کے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق لفتھانسا ایئرلائن کا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر جمعرات کے روز فرینکفرٹ ائیرپورٹ کے برج A15 پر لاس اینجلس جانے والی پرواز LH-450 کے لیے تیار کھڑا تھا کہ اچانک اس کا اگلا لینڈنگ گیئر (نوز گیئر) گر گیا، جس سے طیارے کا اگلا حصہ دھڑام سے زمین پر آ گرا،حادثے کے وقت طیارے میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا اور بورڈنگ کا عمل شروع ہونے والا تھا۔ طیارے میں صرف کیبن کریو اور زمینی عملے کے ارکان موجود تھے۔

    لفتھانسا ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق حادثے میں متعدد افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ زخمیوں میں کیبن کریو کے دو ارکان اور گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی کے کئی ملازمین شامل ہیں، جنہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔متاثرہ بوئنگ 787-9 طیارہ صرف پانچ ماہ قبل لفتھانسا کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا اور اس نے رواں سال جنوری میں اپنی پہلی تجارتی پرواز انجام دی تھی،واقعے کے بعد ائیرپورٹ اور ایئرلائن حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ طیارے کو سروس سے عارضی طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔

  • پاکستان بارے منفی سوال،بھارتی صحافی کو روسی صدر کے سامنے منہ کی کھانا پڑی

    پاکستان بارے منفی سوال،بھارتی صحافی کو روسی صدر کے سامنے منہ کی کھانا پڑی

    روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان سے متعلق منفی سوال کرنے پر بھارتی صحافی کو لاجواب کر دیا،بھارتی صحافی کو روسی صدر کے سامنے منہ کی کھانا پڑ گئی

    سینٹ پیٹرزبرگ اکنامک فورم کے دوران بھارتی صحافی کے سوال پر روسی صدر پیوٹن نےکہا یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان چین کے زیر اثر ہے، پاکستان ایک بڑا ملک ہے اور اس کے مختلف ملکوں سے تعلقات ہیں، روس نے چین کے ساتھ ہمیشہ فوجی میدان میں تعاون کیا اور ایسا کرنا جاری رکھیں گے،

    ایران سے متعلق سوال پر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس کا ایران کے ساتھ اعتماد کا تعلق ہے، بحران حل کرنے میں مدد کرسکتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ روس نے حال ہی میں یوکرین کا 2ہزار 440 مربع کلومیٹر کا علاقہ قبضے میں لیا، ہم یوکرین کے ساتھ پرامن طریقے سے ڈیل کرنے کیلئے بھی تیار ہیں،

  • خواب لئے پھرتا ہوں….دلاورچودھری کے خواب سب کے لئے

    خواب لئے پھرتا ہوں….دلاورچودھری کے خواب سب کے لئے

    روزنامہ نوائے وقت پاکستان کی صحافتی تاریخ کا ایک معتبر اور درخشاں باب ہے، جو دو قومی نظریے کے فروغ اور قومی تشخص کے تحفظ کا علمبردار ہے،نوائے وقت اخبار مظلوم کشمیریوں کی آواز بن کر ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو اجاگر کرتا ہے۔ وطنِ عزیز کے خلاف سازشوں اور ملک دشمن عناصر کے مقابلے میں نوائے وقت ہمیشہ جرأت و استقامت کے ساتھ صف آرا رہا ہے، اس کے صفحات پر شائع ہونے والی تحریریں حب الوطنی، قومی غیرت اور پاکستان سے والہانہ محبت کی روشن ترجمانی کرتی ہیں،نوائے وقت کے چیف نیوز ایڈیٹر،ورلڈ کالمسٹ کلب کے چیئرمین،سینئر صحافی دلاور چودھری ایک ایسا معتبر اور روشن نام ہیں جنہوں نے اپنے قلم کو شعور، فکر اور آگہی کی شمع بنا رکھا ہے، ان کی تازہ تصنیف "خواب لیے پھرتا ہوں” کا پہلا ایڈیشن منظرِ عام پر آ چکا ہے، جو دراصل ان کی فکری ریاضت، علمی جستجو اور صحافتی تجربات کا نچوڑ ہے،کتاب کا انتساب انہوں نے اپنے والدین کے نام کیا ہے، جو ان کی شخصیت کے جذباتی اور روحانی پہلو کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے۔ دلاور چودھری لکھتے ہیں کہ وہ بیس برس کی عمر میں کان پر قلم رکھ کر صحافت کے خارزار میں اترے تھے۔ تین دہائیوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود ان کی "صحافتی آوارہ گردی” کا سفر جاری ہے؛ وہ آج بھی نگری نگری پھرتے ہیں، علم و آگہی کی تلاش میں ہر اجنبی سے گویا گھر کا پتہ پوچھتے ہیں۔ان کے بقول صحافت ان کا پیشہ ہے مگر کتاب ان کا عشق، یہی عشق ان کے کالموں میں پوری آب و تاب کے ساتھ جھلکتا ہے۔

    "خواب لیے پھرتا ہوں” میں شامل 83 کالم ایک حساس اور بیدار ذہن کے وہ خواب ہیں جو جاگتی آنکھوں سے دیکھے گئے۔ ان صفحات میں بے شمار کتابوں کا تعارف سمویا گیا ہے، حتیٰ کہ اگر ان تمام کتابوں کو یکجا کر دیا جائے تو ایک معیاری لائبریری وجود میں آ سکتی ہے، ان میں متعدد ایسی نایاب تصانیف بھی شامل ہیں جو پاکستان میں آسانی سے دستیاب نہیں،دلاور چودھری کی کتاب خواب لیے پھرتا ہوں‌ پر ملک کی نامور علمی و صحافتی شخصیات نے اپنی آرا کا اظہار کیا ہے۔ سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی کے مطابق دلاور چودھری کے کالم معنویت، گہرائی اور تحقیقی بصیرت کے اعتبار سے منفرد ہیں۔ وہ سطحی گفتگو کے بجائے تاریخ، جغرافیہ اور عالمی سیاست کے پس منظر میں مسائل کا جائزہ لیتے ہیں۔ سہیل وڑائچ کے نزدیک ان کی تحریروں میں بین الاقوامی دانش کی جھلک نمایاں ہے اور وہ دنیا کے تجربات سے سیکھ کر معاشرتی مسائل کے حل کی راہیں تلاش کرتے ہیں۔

    سابق آئی جی ذوالفقار چیمہ نے اس کتاب کو فقر، درویشی اور انکساری کا پیغام قرار دیا ہے، جبکہ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری (تمغۂ امتیاز) کے مطابق دلاور چودھری کے کالم نوجوان نسل میں مطالعے اور کتب بینی کا شوق بیدار کرتے ہیں۔ سینئر صحافی وکالم نگار،نوائے وقت کے ایڈیٹوریل ہیڈ ادیب سعید آسی نے انہیں تاریخ و ادب کا انسائیکلوپیڈیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کالم مستند حوالوں اور وسیع المطالعگی کا شاہکار ہیں، قیوم نظامی، راؤ منظر حیات، حاجی محمد نواز رضا اور علامہ عبدالستار عاصم نے بھی کتاب کی فکری و ادبی اہمیت کو سراہا ہے۔

    دلاور چودھری سے جب بھی ملاقات ہو، علم و محبت کی محفل چائے کی خوشبو کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔ ان کی گفتگو میں کتابوں کی مہک، تاریخ کی گہرائی اور انسان دوستی کی حرارت محسوس کی جا سکتی ہے۔ وہ علم، تحقیق اور مطالعے کی ایک چلتی پھرتی درسگاہ ہیں،اپنے گھر میں بنائی گئی لائبریری کے دورےکی دعوت بارہا مل چکی اب اسے بھی قبول کرنے کا وقت آ گیا ہے،کتاب قلم فاؤنڈیشن نے شائع کی ہے، قیمت 2500 روپے درج ہے تاہم رعایتی قیمت 1500 روپے ہے،

  • میرپورخاص: بلدیاتی نظام کا جنازہ نکل گیا، یو سی 8 گندے پانی کی نکاسی بند

    میرپورخاص: بلدیاتی نظام کا جنازہ نکل گیا، یو سی 8 گندے پانی کی نکاسی بند

    میرپورخاص (بیورو رپورٹ )​بلدیاتی نمائندوں کی مبینہ غفلت اور مجرمانہ لاپرواہی کے باعث میرپورخاص کی یونین کونسل (یو سی) 8 کا نظام دھرم بھرم ہو چکا ہے۔ منتخب چیئرمین اور کونسلر عوامی مسائل حل کرنے اور ووٹرز کو ریلیف دینے کے بجائے منظرِ عام سے بالکل غائب ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے پورا علاقہ شدید ترین بلدیاتی و ماحولیاتی مسائل کی دلدل میں دھنس گیا ہے اور عوام لاوارث ہو چکے ہیں۔​گلی کوچے جوہڑ بن گئے، شہری محصور​موصول ہونے والی تصاویر اور میں علاقے کی ابتر اور دلخراش صورتحال کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ گلیوں میں سیوریج کا بدبودار پانی جگہ جگہ پر جمع ہے، اور جگہ جگہ کچروں کے ڈہر ​پیدل چلنے کے لیے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گندے پانی کے درمیان اینٹیں رکھی ہوئی ہیں، جہاں سے بچے اور بزرگ گر کر زخمی ہو سکتے ہیں شہریوں کو اس تعفن زدہ ماحولیاتی عذاب کے بیچ سے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس نے مقامی معیشت اور دکانداری کو چوپٹ کر دیا ہے۔​

    سیوریج کا پانی گھروں کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے، جس سے عمارتوں کی بنیادوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔​بیماریاں پھیلنے کا خدشہ اورماحولیاتی بحران ​گلیوں اور راستوں پر جمع پانی کی وجہ سے نہ صرف مچھروں اور مکھیوں کی بھرپو ر افزائش ہو رہی ہے، بلکہ علاقے میں ملیریا، ڈینگی، ٹائیفائیڈ اور پیٹ کی وبائی بیماریاں پھیلنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ بوڑھے اور بچے اس تعفن زدہ ماحول کے باعث سانس اور جلد کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ گہری نیند سو رہی ہے۔​عوام کا منتخب چیئرمین سے سوال ​”ہم نے جن نمائندوں کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر اس امید پر کامیاب کروایا تھا کہ وہ ہمارے گلی محلوں کو سدھاریں گے، وہ آج ہمارے اس کربناک دکھ میں شریک ہونے کو تیار نہیں۔ چیئرمین اور کونسلر الیکشن جیتنے کے بعد خوابِ خرگوش کے مزے لے رہے ہیں اور اپنی شکل دکھانے سے بھی قاصر ہیں۔ کیا ہم نے انہیں اسی دن کے لیے منتخب کیا تھا​

    اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل،​علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے کمشنر میرپورخاص، ڈپٹی کمشنر اور صوبائی وزیرِ بلدیات سے فوری اور ہنگامی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یو سی 8 میں فوری طور پر ہیوی مشینری کے ذریعے سیوریج لائنوں کی صفائی اور گندے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، اور عوام کو اس عذاب سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ لاپرواہ بلدیاتی نمائندوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔

  • میرپور ماتھیلو ،پولیس کی کاروائی،5 جواری گرفتار

    میرپور ماتھیلو ،پولیس کی کاروائی،5 جواری گرفتار

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر گھوٹکی پولیس نے جواریوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جروار اعجاز علی جسکانی نے پولیس اسٹاف کے ہمراہ دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر حیات پتافی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے تاش کے پتوں پر جوا کھیلنے والے افراد کے خلاف چھاپہ مارا۔ پولیس نے موقع سے 5 مبینہ جواریوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک عدد تاش کا پیکٹ اور 2 ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کر لی۔گرفتار ملزمان میں محبوب علی ولد راھزن مہر، بابر علی ولد قالو بھٹی، علی نواز ولد عنایت نوہانی، ندیم ولد حبیب بھٹی اور حق نواز ولد عنایت نوہانی شامل ہیں۔

    پولیس نے تمام ملزمان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا، جہاں ان کے خلاف کرائم نمبر 55/2026 کے تحت دفعہ 5 سندھ جواء ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

  • دیہاتوں کی ترقی کو بھی شہر سے منسلک کیا جائے ۔ترجمان آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی

    دیہاتوں کی ترقی کو بھی شہر سے منسلک کیا جائے ۔ترجمان آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے ترجمان ملک ظفر اقبال بھوہڑ نے کہا کہ اوکاڑہ شہر کے ساتھ دیہاتوں کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جائے تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔

    انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حلقہ پی پی 190 اوکاڑہ کا دل فور۔ایل کے چکوک ہیں مگر ترقیاتی کاموں کی لسٹ شہر تک محدود ہے ۔فور۔ایل کے بیشتر علاقوں میں زیر زمین پانی کڑوا ہے اور زمین پانی کی کمی کی وجہ سے پریشان ہیں ۔انہوں نے عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو ٹیوب ویلوں کی مدد میں سپیشل گرانٹ دی جائے اور اور تمام نالہ جات پکے کئے جائیں تاکہ کمی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس اقدام کی اشد ضرورت ہے انہوں نے 22 فور ایل اور 23 فور ایل کی کسانوں کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوتا ہے جو پانی کی کمی کی وجہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں

  • ڈی جی خان، سیلابی ریلا پل بہا لے گیا، ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    ڈی جی خان، سیلابی ریلا پل بہا لے گیا، ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان رپورٹر (شاہد خان)بستی بیلا وڈور کو ڈیرہ غازی خان شہر سے ملانے والا پل تعمیر کے محض 8 ماہ بعد ہی سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جس کے بعد تعمیراتی معیار، نگرانی کے نظام اور سرکاری فنڈز کے استعمال پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پل عوامی سہولت اور آمدورفت کے لیے ایک اہم منصوبہ تھا، لیکن اتنی قلیل مدت میں اس کا تباہ ہو جانا ناقص تعمیرات اور مبینہ غفلت کی نشاندہی کرتا ہے۔ پل کے بہہ جانے سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ روزمرہ آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں اور یہ معلوم کیا جائے کہ آیا تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق کیا گیا تھا یا نہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر کسی قسم کی کوتاہی، ناقص میٹریل کے استعمال یا بدعنوانی کے شواہد سامنے آئیں تو ٹھیکیدار سمیت تمام ذمہ دار افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔

    اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر اور متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پل کی فوری تعمیر نو کے ساتھ ساتھ عوامی خزانے کے نقصان کے ذمہ دار عناصر کا احتساب بھی یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو

  • اوکاڑہ،آرپی او کا ڈی پی او کے ہمراہ محرم کے مرکزی روٹ کا دورہ

    اوکاڑہ،آرپی او کا ڈی پی او کے ہمراہ محرم کے مرکزی روٹ کا دورہ

    اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محمد ایاز سلیم کا ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے ہمراہ محرم کے مرکزی روٹ کا دورہ، آر پی او نے مرکزی امام بارگاہ ایوانِ حسین کے کنٹرول روم کا معائنہ اور انتظامات کی چیکنگ کی۔ انہوں نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات دیے۔ آر پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ عزاداروں کو بہترین انتظامی و طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ مرکزی جلوس کے روٹس پر سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل ہونے چاہییں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے لائٹس، صفائی اور دیگر بلدیاتی انتظامات مکمل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پولیس اور تمام متعلقہ محکمے محرم الحرام پر بہترین انتظامات کے لیے پوری طرح متحرک ہیں اور مثالی کوارڈینیشن کے فروغ سے تمام امور کو احسن انداز میں سرانجام دیا جائے گا۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے جلوسوں کو بہترین سیکیورٹی کور فراہم کیا جائے گا اور سی سی ٹی وی کیمروں سے روٹس مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ،ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم

    اوکاڑہ،ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم

    اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم، دیپالپور چوک اوور ہیڈ برج کے نیچے سپورٹس ایرینا کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ ایم پی اے میاں محمد منیر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی سپورٹس ایرینا کا افتتاح کر دیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر نسیم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق بھی موجود تھے۔ ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب کھیلوں کی ترقی کے لیے پر عزم ہے۔ وزیراعلیٰ کے احکامات کے مطابق مختلف شہروں میں اوور ہیڈ برجز کے نیچے سپورٹس ایرینا بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی کھیلوں کی ماند پڑتی سرگرمیاں پروان چڑھیں گی۔ سپورٹس ایرینا سے بیڈمنٹن اور والی بال کے کھیلوں کو فروغ ملے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے کہا کہ اوور ہیڈ برج کے نیچے کوڑے کے ڈھیر ختم کرکے سپورٹس ایرینا میں بدل دیا گیا ہے۔ اس نوعیت کی دو مزید جگہوں پر سپورٹس ایرینا بنایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ،محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز و منتظمین کا خصوصی اجلاس

    سیالکوٹ،محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز و منتظمین کا خصوصی اجلاس

    سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے
    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز و منتظمین کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر، ایڈیشنل ایس پی حسیب، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر چیمہ، انچارج سیکورٹی برانچ حافظ محمد سعید،ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، امن کمیٹی کے اراکین، لائسنس ہولڈرز اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ اور اولین ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، سینی ٹیشن، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کے بہترین انتظامات یقینی بنائے گی تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ فرائض سرانجام دیں گے اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور گزشتہ سال کی طرح امسال بھی حکومت کی جانب سے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی، سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے منتظمین مقررہ قواعد و ضوابط اور اوقات کار کی سختی سے پابندی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع سیالکوٹ ہمیشہ امن و بھائی چارے کا گہوارہ رہا ہے، محرم میں نئے جلوس، مجلس یا ایونٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تمام پروگرام روایتی شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔

    ڈی پی او نے کہا کہ جن افراد کے ضلع میں داخلے پر پابندی عائد ہے یا جن کے خلاف زبان بندی کے احکامات موجود ہیں، انہیں کسی بھی مجلس یا جلوس میں مدعو نہ کیا جائے۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد، اشتعال انگیزی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام منتظمین اپنے رضاکاروں کی تعیناتی یقینی بنائیں جبکہ ان کی باقاعدہ تربیت بھی کروائی جائے گی۔ خواتین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے لیڈیز رضاکار بھی خدمات سرانجام دیں گی۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ لازمی ہوگی۔

    کیپٹن (ر) دوست محمد نے بتایا کہ ضلع بھر کی 160 امام بارگاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور ان کی مکمل فعالیت کو یقینی بنایا جائے گا، بالخصوص داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ سبیلوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی عوامی خدمت کے لیے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے "امن کا کارواں” بھی نکالا جائے گا جس میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان شریک ہوں گے۔ انہوں نے منتظمین کو ہدایت کی کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ تھانے، ایس ڈی پی او یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے۔
    اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ضلع سیالکوٹ میں محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔