سندھ حکومت نے بیرسٹر غلام شبیر شاہ کو صوبے کا نیا پراسیکیوٹر جنرل مقرر کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن محکمہ قانون سندھ کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق بیرسٹر غلام شبیر شاہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے صاحبزادے ہیں۔ ان کی تعیناتی ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب پراسیکیوٹر جنرل سندھ کا عہدہ گزشتہ کچھ عرصے سے خالی تھا۔یہ عہدہ اس وقت خالی ہوا تھا جب سابق پراسیکیوٹر جنرل فیض شاہ کو سندھ ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ ان کی تعیناتی کے بعد ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل منتظر مہدی قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل سندھ کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
بیرسٹر غلام شبیر شاہ کی بطور پراسیکیوٹر جنرل تقرری کے بعد صوبے کے اہم قانونی معاملات اور فوجداری مقدمات میں استغاثہ کی سربراہی اب ان کے سپرد ہوگی۔ ان کی تعیناتی کو سندھ کے قانونی و عدالتی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
