Baaghi TV

اداکارہ صاحبہ کو کیسی بہو چاہئے، خواہش کا کیا اظہار

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ افضل نے اپنی ہونے والی بہو کے حوالے سے دل کی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کسی مکمل انسان کی تلاش نہیں، بلکہ صرف ایک ایسی لڑکی چاہیے جو ان کے بیٹے سے سچی محبت کرے اور اچھے دل کی مالک ہو۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبہ نے اپنے بڑے بیٹے احسن افضل خان کی شادی اور مستقبل کی بہو سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی مکمل نہیں، صرف اللّٰہ تعالیٰ کی ذات کامل ہے، اس لیے ان کی خواہش ہے کہ ان کی بہو محبت کرنے والی اور نرم دل ہو۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر ایک لڑکی ان کے بیٹے سے خلوص اور سچی محبت کرے گی تو وہ ان کی غیر موجودگی میں بھی اس کا خیال رکھے گی، اور یہی سوچ انہیں اطمینان اور سکون فراہم کرتی ہے۔صاحبہ نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں ان کا بیٹا اپنی اہلیہ کو والدین سے زیادہ اہمیت دے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق وہ ذہنی طور پر اس حقیقت کو قبول کر چکی ہیں کہ شادی کے بعد ایک وقت ایسا آتا ہے جب انسان کی زندگی میں اس کی شریکِ حیات سب سے اہم شخصیت بن جاتی ہے۔

شو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کے شوہر ریمبو سخت سسر ثابت ہوں گے تو صاحبہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ریمبو سخت مزاج نہیں بلکہ خاندان کا خیال رکھنے والے انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریمبو اپنی بہو کو صرف صحت مند غذا کھانے، فزی ڈرنکس سے گریز کرنے اور گھر کو اچھے انداز میں سنبھالنے کے مشورے دے سکتے ہیں۔گفتگو کے دوران صاحبہ نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی بتایا کہ احسن کے موبائل فون میں کئی لڑکیوں کے نام محفوظ ہیں، تاہم اس وقت ان کے دونوں بیٹے اپنی تعلیم اور کیریئر پر مکمل توجہ دے رہے ہیں، اس لیے شادی فی الحال ان کی ترجیحات میں شامل نہیں۔اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ شاید خاندان میں پہلے چھوٹے بیٹے کی شادی ہو جائے۔

More posts