روس نے ایران سے متعلق جاری عالمی کشیدگی پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں باضابطہ ثالث کا کردار ادا نہیں کر رہا، تاہم ضرورت پڑنے پر مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
روسی صدر دفتر کریملن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ روس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں استحکام کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر حالات کا تقاضا ہوا تو روس مثبت کردار ادا کرنے سے گریز نہیں کرے گا، تاہم اس وقت وہ ثالثی کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
کریملن نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی عمل برقرار رہے گا کیونکہ یہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے کشیدگی میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر مذاکرات کامیاب رہتے ہیں تو نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت کو بھی ممکنہ منفی اثرات سے بچایا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق روس کا یہ بیان ایک متوازن سفارتی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے جس میں وہ بیک وقت غیر جانبداری بھی ظاہر کر رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر تعاون کی پیشکش بھی کر رہا ہے۔ روس ماضی میں بھی خطے کے اہم تنازعات میں اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے اور اس کا اثر و رسوخ ایران کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے نمایاں سمجھا جاتا ہے۔
Blog
-

ایران کے معاملے میں روس ثالث نہیں مگر مدد کیلئے تیار
-

حکومت ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے پُرعزم ہے،لبنانی صدر
لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے اسرائیل کے ساتھ جاری امن مذاکرات کو ایران سے متعلق تنازع کے حل سے الگ رکھا جانا چاہیے، حکومت ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے پُرعزم ہے-
صدرعون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ آئندہ مذاکرات کسی بھی دیگر مذاکرات سے الگ ہوں گے کیونکہ لبنان کے سامنے دو راستے ہیں یا تو جنگ کا تسلسل، جس کے انسانی، سماجی، معاشی اور خودمختاری پر سنگین اثرات ہوں گے، یا پھر مذاکرات کے ذریعے جنگ کا خاتمہ اور پائید ار استحکام کا حصول۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تاہم ایران نے دونوں تنازعات کو آپس میں جوڑتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حزب اللہ پر حملے بند کرے، جسے امریکا کے ساتھ جنگ بندی کی شرط قرار دیا گیا ہےمیں نے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم لبنان کو بچانے میں کامیاب ہوں گے۔
لبنانی صدر کے مطابق مذاکرات کا مقصد مخالفانہ کارروائیوں کا خاتمہ، جنوبی علاقوں سے اسرائیلی قبضے کا اختتام اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں تک لبنانی فوج کی تعیناتی ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالا اور مذاکرات کے آغاز کی راہ ہموار کی جنگ بندی برقرار رکھنے اور مذاکرات شروع کرنے کے لیے رابطے جاری رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا سلسلہ اسی ہفتے جاری رہ سکتا ہے، تاہم اس کی حتمی تاریخ تاحال طے نہیں ہوئی ابتدائی مرحلہ سفیروں کی سطح پر ہوگا جب کہ دوسرے مرحلے میں سفیر سائمن کرم کی قیادت میں ایک وفد مذاکرات کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے گزشتہ ہفتے پاکستانی ثالثوں کو بتایا کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان جامع جنگ بندی طے پاتی ہے تو اس میں لبنان کو بھی شامل کیا جانا چاہیے سرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں اپنی پوزیشنز سے دستبردار نہیں ہوگی، جب کہ 10 روزہ جنگ بندی اس ہفتے کے اختتام پر ختم ہونے والی ہے۔
-

لبنان نے اسرائیل سے مذاکرات کیلئے مندوب مقرر کردیا
لبنان نے اسرائیل کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنے خصوصی مندوب کا تقرر کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق لبنانی قیادت نے اس حساس معاملے پر باضابطہ طور پر پیش قدمی کرتے ہوئے سابق سفیر سائمن کرم کو مذاکراتی عمل کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لبنانی صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ بات چیت کے لیے سائمن کرم کو مرکزی کردار دیا گیا ہے، جو اس پورے سفارتی عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بدستور موجود ہے اور عالمی برادری دونوں ممالک کے درمیان کسی ممکنہ پیش رفت کی خواہاں ہے۔
سائمن کرم ایک تجربہ کار سفارتکار سمجھے جاتے ہیں اور وہ ماضی میں امریکا میں لبنان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی سفارتی مہارت اور بین الاقوامی تعلقات میں تجربہ اس اہم ذمہ داری کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان کی تقرری اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ لبنان سنجیدگی کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
اگرچہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان براہ راست تعلقات ہمیشہ کشیدہ رہے ہیں، تاہم حالیہ حالات میں بات چیت کا آغاز ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں استحکام کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔ -
ملک ناز کی جرات کو سلام، بیٹیاں بھی دفاع وطن کیلیے جانیں نچھاور کر رہی ،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی
مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے بلوچستان میں دہشتگردانہ حملے میں لیڈی کانسٹیبل ملک ناز کی شہادت پر کہا ہے کہ پاکستان کی محب وطن بیٹیاں بھی وطن کے دفاع کے لئے جانیں نچھاور کر رہی ہیں ،بزدل دشمن دہشتگردی و تخریب کاری کے ذریعے پاکستانیوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتا،دہشتگردی کی لعنت کے خلاف قوم متحد اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے
ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ خضدار میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید لیڈی کانسٹیبل ملک ناز نے وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جان نچھاور کر کے سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ،ملک ناز نے بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی عظیم مثال قائم کی ہے،بلوچستان کی پہلی خاتون شہید ملک ناز ایک ایسی بہادر خاتون جنہوں نے پہلے اپنے شوہر کی شہادت کے بعد بھی حوصلہ نہیں ہارا اور خود وطن کی خدمت کا راستہ اختیار کیا،ملک ناز کی جرات،قربانی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، ملک ناز جیسی بہادر خواتین اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی بیٹیاں بھی دفاعِ وطن میں کسی سے پیچھے نہیں، دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،مرکزی مسلم لیگ قیام امن کے لئے سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.
-

بجلی کے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب لازمی قرار
وزارتِ توانائی اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے درمیان ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کا معاہدہ طے پا گیا، جس کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
سرکاری میڈیا رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں قریباً ایک کروڑ بجلی صارفین کو اسمارٹ میٹرز فراہم کیے جائیں گے،حکام کے مطابق اس اقدام سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملنے کی توقع ہے جبکہ توانائی کے شعبے کو ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقل کرنے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، جو پاور سیکٹر اصلاحات کا حصہ ہے، ان اصلاحات کا مقصد کارکردگی بہتر بنانا، بجلی چوری میں کمی لانا اور بلنگ میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی مسابقتی عمل کے ذریعے اسمارٹ میٹرز کی لاگت میں قریباً 40 فیصد کمی حاصل کی گئی ہے نئے بجلی کنکشنز کے لیے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ روایتی میٹرز کو مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق موجودہ تھری فیز، کمرشل اور صنعتی کنکشنز کو بھی مرحلہ وار اسمارٹ میٹرز میں تبدیل کیا جائے گا نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی منظوری کے بعد خراب میٹروں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کو مزید تیز کردیا گیا ہےاسمارٹ میٹرز کے اجرا سےریکوری میں بہتری، لائن لا سز میں کمی اور مجموعی کارکردگی میں اضافہ متوقع ہے،یہ اقدام پاور سیکٹر کی مالی صورتحال کو مستحکم کرنے اور شفافیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
-

امریکا ایران مذاکرات: اسلام آباد میں ہونے والا تبلیغی جماعت کا اجتماع موخر
ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ مذاکرات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ صورتحال کے باعث اسلام آباد میں ہونے والا تبلیغی جماعت کا اجتماع ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے،اس حوالے سے رائیونڈ کی شوریٰ کے اراکین اور بزرگوں نے ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشاورت کی،مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اجتماع کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیا جائے،اب یہ اجتماع یکم، 2 اور 3 مئی کو جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز مسجد ابو القاسم، اسلام آباد میں منعقد ہوگا،اس سے قبل یہ اجتماع 24،25 اور 26 اپریل کو منعقد ہونا تھا۔
-

شی جن پنگ اور محمد بن سلمان کا اہم رابطہ، آبنائے ہرمز میں کشیدگی پر تشویش
چین کے صدر شی جن پنگ اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، بالخصوص آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور عالمی تجارت پر اس کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت کو ہر صورت معمول کے مطابق جاری رہنا چاہیے کیونکہ یہ عالمی معیشت اور توانائی کی سپلائی کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم بحری راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
صدر شی جن پنگ نے اپنے موقف میں واضح کیا کہ چین فوری اور جامع جنگ بندی کا حامی ہے اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کو طاقت کے بجائے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی برادری کو مل کر ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جو خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنا سکیں۔ -

وزیراعلیٰ سندھ کا مستحق ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ کا مستحق ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا ہے-
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سبسڈی عمل درآمد کا جائزہ اجلاس ہوا اجلاس میں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، مکیش چاولہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ آصف اکرام، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسدا ضامن ،سیکر یٹر ی ایکسائیز سلیم راجپوت اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 3ہزار 976 گاڑیوں کو ادائیگی کی گئی، جس کی رقم 14 کروڑ 67 لاکھ روپے بنتے ہیں جبکہ پانچ ہزار سے زائد کیسز کی ڈیٹا میں غلطیوں کے باعث تصحیح کا عمل جاری ہے وزیراعلیٰ سندھ نے تصدیقی عمل تیز کرنے کی ہدایت کی کہ 11ہزار 980 اہل گاڑیوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کو وفاق سے قریبی رابطے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ شناختی کارڈ، آئی بی این اور دیگر ڈیٹا غلطیوں کو فوری درست کیا جائےوزیراعلیٰ سندھ نے ٹرانسپورٹ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایکسائیز ڈپارٹمنٹ کی موٹر رجسٹریشن، پی ٹی اے اور آر ٹی اے نظام کی خودکاری کا عمل جاری ہے مراد علی شاہ نے ٹریفک اور موٹرو ے پولیس کے ساتھ نظام کے انضمام کی ہدایت دی کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت اور کارکردگی بہتر بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بغیر روٹ پرمٹ یا فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے لیے رو ٹ پرمٹ لازمی قرار دے دیا انہوں نے فیلڈ چیکنگ اور جرمانوں کا نظام مزید سخت کرنے کی ہدایت کی کہا کہ قانون کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ، ایکسائز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مؤثر رابطے جبکہ سبسڈی شفاف، بروقت اور مستحق افراد تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
-

مودی کے ہاتھوں افتتاح سے ایک روز قبل راجھستان ریفائنری میں آگ
مودی کے ہاتھوں افتتاح سے ایک دن قبل راجھستان میں 13 برس سے زیر تعمیر ریفائنری میں آگ لگ گئی
بھارت کی ریاست راجستھان کے ضلع بالوترا کے علاقے میں قائم ایچ پی سی ایل راجستھان ریفائنری (HRRL) میں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے مجوزہ افتتاح سے صرف ایک روز قبل خوفناک اور پراسرار آگ بھڑک اٹھی، جس نے پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 80 ہزار کروڑ بھارتی روپے مالیت کے بڑے منصوبے پچپدرا ریفائنری کمپلیکس میں پیش آیا، جو 9 ایم ایم ٹی پی اے صلاحیت کی ریفائنری اور پیٹروکیمیکل منصوبہ ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں جائے وقوعہ پر دھویں کے بادل اور آگ کے شعلے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ ایک مقام پر مودی کا اسٹینڈی بورڈ بھی نظر آیا۔ذرائع کے مطابق ریفائنری تاحال زیرِ تعمیر تھی اور منصوبے کا باقاعدہ افتتاح اگلے روز بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے کرنا تھا۔ تاہم افتتاح سے عین پہلے آتشزدگی کے اس واقعے نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تاحال آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔حکام کی جانب سے کسی جانی نقصان یا زخمیوں کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی،
-

چھوٹی عمر سے بالغوں کے درمیان کام، وقت سے پہلے بالغ ہو گئی تھی،اداکارہ کا انکشاف
بالی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اور اجے دیوگن کی فلم “سن آف سردار 2” میں کام کرنے والی روشنی والیا ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور والدہ کی کھلی سوچ کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔
انٹرویو کے دوران روشنی والیا نے بتایا کہ ان کی والدہ نہ صرف انہیں زندگی سے بھرپور لطف اٹھانے اور دوستوں کے ساتھ گھلنے ملنے کی ترغیب دیتی ہیں بلکہ وہ انہیں ہر معاملے میں کھل کر رہنمائی بھی فراہم کرتی ہیں۔اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ کا انداز روایتی نہیں بلکہ کافی جدید ہے، جو انہیں آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔روشنی والیا نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ ان سے گفتگو کھل کر کرتی ہیں اور انہیں ذمہ داری کے ساتھ زندگی گزارنے کا مشورہ دیتی ہیں، جس میں ذاتی حفاظت اور احتیاط سے متعلق باتیں بھی شامل ہوتی ہیں،میری والدہ مجھ سے پہلے میری بہن کو بھی یہی سمجھاتی تھیں اور اب وہ مجھے بتاتی ہیں،جب ان کی ماں اسے گھر میں بیکار بیٹھی دیکھتی ہیں تو وہ اکثر اسے روکتی ہیں،وہ اکثر اس سے کہتی ہیں، آج تم گھر پر کیوں بیٹھی ہو، باہر جاؤ، اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی کرو، اور زندگی کا لطف اٹھاؤ، کبھی کبھی، وہ مذاق میں پوچھتی ہے، کیا آج تم نے شراب نہیں پی؟
اداکارہ نے بتایا کہ چھوٹی عمر میں بالغوں کے درمیان کام کرنے سے وہ اپنے وقت سے پہلے بالغ ہو گئی تھیں، انھوں نے نہ صرف کام کی پیچیدگیوں کو سیکھا بلکہ فلمی صنعت کے پیچھے کی سیاست کو بھی سمجھا،انہوں نے مختلف ڈراموں اور پروجیکٹس میں کام کیا جبکہ بالی وڈ میں بھی اپنی موجودگی کا آغاز کیا۔روشنی کے مطابق ان کی کامیابی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ ان کی والدہ کی قربانی اور سپورٹ ہے، جنہوں نے اپنا آبائی شہر چھوڑ کر ممبئی میں ان کے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے ساتھ دیا۔