Baaghi TV

Blog

  • تبصرہ کتب،حجیت ِ حدیث یعنی شریعتِ اسلامیہ میں حدیثِ رسول ﷺ کا مقام ومرتبہ

    تبصرہ کتب،حجیت ِ حدیث یعنی شریعتِ اسلامیہ میں حدیثِ رسول ﷺ کا مقام ومرتبہ

    اسلامی علوم میں سب سے اہم اور بنیادی حیثیت قرآن و سنت کو حاصل ہے۔ قرآنِ کریم شریعتِ اسلامیہ کی اساس ہے تو حدیثِ رسول ﷺ اس کی شرح، وضاحت اور عملی تفسیر ہے ۔ انہی دو سرچشموں سے امتِ مسلمہ کا دینی و اخلاقی نظام تشکیل پاتا ہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب "جیتِ حدیث” میں نامور محدث و محقق شیخ الحدیث ابو محمد حافظ عبد الستار حماد نے نہایت مدلل، علمی اور تحقیقی انداز میں سنتِ رسول ﷺ کی حجیت، اہمیت اور استنادی حیثیت کو ثابت کیا ہے۔یہ کتاب دو ابواب پر مشتمل ہے پہلے باب میں ’’ حدیث کی استنادی حیثیت قرآن و سنت اور عملِ صحابہ کی روشنی میں ‘‘ پر گفتگو کی گئی ہے ۔ شیخ الحدیث ابو حماد حافظ عبدالستار حماد نے حدیثِ نبوی ﷺ کی حیثیت کو قرآنِ مجید کے ساتھ تعلق کے تناظر میں بیان کیا ہے۔ صاحب کتاب نے عملِ صحابہ رضی اللہ عنہ کی روشنی میں مدلل انداز میں بتایا ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے ہر معاملے میں حدیثِ رسول ﷺ کو فیصلہ کن حجت مانا۔ وہ قرآن کے بعد سنت کو ہی قانون و شریعت کا دوسرا بنیادی ماخذ سمجھتے تھے۔کتاب کا دوسرا حصہ ’’ فتنہ انکارِ حدیث ،اسباب، شبہات و مغالطات کا مدلل جواب‘‘ پر مشتمل ہے ۔ یہ باب آج کے فکری و اعتقادی انتشار کے پس منظر میں نہایت اہمیت رکھتا ہے۔شیخ الحدیث حافظ عبدالستار حماد نے انکارِ حدیث کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا ہے کہ اس فتنہ کی جڑیں ابتدا میں خارجی اور معتزلی فکر میں پائی جاتی ہیں۔اس باب میں انھوں نے انکارِ حدیث کے اہم شبہات جیسے:حدیث انسانی یادداشت کا نتیجہ ہے، وحی نہیں، قرآن کافی ہے، منصب رسالت سے بے اعتنائی ، سنت کی ضرورت نہیں، محدثین نے حدیث بعد میں جمع کی اور منکرین حدیث کی خود ساختہ اصطلاح ’’ مرکزملت ‘‘ کا نہایت علمی و عقلی تجزیہ کرتے ہوئے دلائلِ قرآن و سنت، تاریخِ حدیث اور علمِ رجال کی روشنی میں مکمل اور مدلل رد کیا ہے۔وہ بتاتے ہیں کہ حدیث دراصل وحیِ غیر متلو ہے، جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ کے قلب پر نازل فرمایا۔اس باب میں منکرین کے دس اعتراضات کے مدلل جوابات بھی دیے گئے ہیں ۔انھوں نے مثالوں کے ذریعے واضح کیا ہے کہ اگر سنت کو نظر انداز کر دیا جائے تو قرآنِ کریم کی بہت سی آیات کا عملی فہم ممکن ہی نہیں رہتا مثلاً نماز، زکوٰۃ، حج، نکاح، طلاق اور حدود کے احکام۔حقیقت یہ ہے کہ شیخ عبد الستار حماد کا اسلوب واضح، مدلل، اور اعتدال پر مبنی ہے ایک طرف یہ کتاب حدیث کے علمی مقام کو سمجھنے کا ذریعہ ہے تو دوسری طرف فتنہ انکارِ حدیث کا توڑ بھی ہے ۔مختصر یہ کہ "حجیت ِ حدیث ” ایک ایسی جامع، مدلل اور ایمان افروز تصنیف ہے جو علمِ حدیث کے دفاع میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔یہ کتاب صرف محدثین اور طلبہ کے لیے نہیں، بلکہ ہر اس مسلمان کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے جو یہ جاننا چاہتا ہے کہ سنتِ رسول ﷺ شریعت کا زندہ اور لازمی حصہ ہے۔کتاب میں جہاں عقلی استدلال موجود ہے، وہاں نقلی دلائل کی روشنی میں ایمان افروز تاثر بھی نمایاں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ہر نکتے کو قرآن، حدیث اور آثارِ سلف سے مضبوط کیا گیا ہے۔ہر صفحے پر علمی وقار، ترتیب اور تحقیقی توازن جھلکتا ہے۔جبکہ دارالسلام نے حسبِ روایت اس کتاب کو نہایت معیاری طباعت، دیدہ زیب سرورق اور مستند حوالہ جاتی انداز میں شائع کیا ہے۔اس بیش قیمت علمی کتاب کی قیمت 250روپے ہے ۔ یہ کتاب دارالسلام کے مرکزی شو روم لوئر مال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور سے حاصل کی جاسکتی ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37324034پر رابطہ کیا جاسکتا ہے

  • کالاش رومبور میں نیٹ ورک بحران، فور جی سروس بند

    کالاش رومبور میں نیٹ ورک بحران، فور جی سروس بند

    وادی کالاش کے علاقے رومبور میں ٹیلی نار سروس کی بندش اور فور جی انٹرنیٹ کی خراب صورتحال نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ علاقے کے مختلف مقامات پر موبائل انٹرنیٹ یا تو مکمل طور پر بند ہے یا انتہائی سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث مقامی افراد اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی صحافی فتح اللہ کے مطابق ماضی میں اس علاقے میں انٹرنیٹ سروس تیز اور ہر جگہ دستیاب تھی، تاہم اب صورتحال یکسر بدل چکی ہے اور کئی مقامات پر فور جی سروس غیر فعال ہو چکی ہے، جس سے رابطہ نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کالاش گرام میں قائم ٹیلی نار ٹاور پر بجلی کا کوئی مستقل انتظام موجود نہیں، جبکہ نصب سولر سسٹم بھی ناکارہ ہو چکا ہے۔ مزید برآں فیول کی فراہمی بھی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث مواصلاتی نظام تقریباً مفلوج ہو چکا ہے۔فتح اللہ کا کہنا ہے کہ فیول سپلائی کے نظام میں بھی شدید انتظامی مسائل ہیں۔ متعلقہ عملہ اکثر اپنی ڈیوٹی بروقت انجام نہیں دیتا اور چوبیس گھنٹے دستیاب نہیں ہوتا۔ عملے کے مطابق کم تنخواہوں کے باعث وہ دیگر کام کرنے پر مجبور ہیں، جس سے فیول کی ترسیل میں تاخیر اور نظام میں مزید بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔اس صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، آن لائن تعلیم کا نظام ٹھپ ہو چکا ہے جبکہ صحت کے شعبے میں بھی سنگین مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ ایمرجنسی حالات میں رابطہ نہ ہونے کے باعث بروقت مدد حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔فتح اللہ نے اس امر پر زور دیا کہ فوری طور پر سولر سسٹم کی بحالی، فیول سپلائی کے مؤثر انتظامات، عملے کی بہتر ڈیوٹی شیڈولنگ اور فور جی انٹرنیٹ کی مکمل بحالی ناگزیر ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خاموشی اس مسئلے کو مزید سنگین بنا رہی ہے، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا اور پرامن ذرائع سے اپنی آواز بلند کریں تاکہ متعلقہ ادارے فوری نوٹس لے کر مواصلاتی نظام بحال کر سکیں۔

  • راجن پور میں کم عمری کی شادی کی کوشش ناکام، دولہا اور والدین گرفتار

    راجن پور میں کم عمری کی شادی کی کوشش ناکام، دولہا اور والدین گرفتار

    راجن پور کے علاقے بھنڈو والا میں کم عمر لڑکی اور لڑکے کی شادی کروانے کی کوشش کو بارڈر ملٹری پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

    بارڈر ملٹری پولیس (بی ایم پی) کے مطابق اطلاع ملنے پر اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور جاری شادی تقریب رکوا دی۔ کارروائی کے دوران دولہا، نکاح خواں اور دونوں بچوں کے والدین کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ کم عمری کی شادی کے خلاف قانون پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ نے کم عمری کی شادی پر پابندی کا آرڈیننس منظور کیا تھا۔ آرڈیننس کے مطابق پنجاب میں 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی نہیں ہو سکے گی جبکہ نکاح کے وقت دولہا اور دلہن دونوں کی عمر 18 سال ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔قانون کے تحت کم عمری کی شادی قابلِ سزا جرم ہے اور اس پر کریمنل ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔ کم عمر نکاح رجسٹر کرنے والے رجسٹرار اور نکاح خواں کو کم از کم ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔

  • کوئٹہ میں 400 کلو چاندی اسمگلنگ کیس میں بڑی پیشرفت،ایف بی آر کے 6 افسران معطل

    کوئٹہ میں 400 کلو چاندی اسمگلنگ کیس میں بڑی پیشرفت،ایف بی آر کے 6 افسران معطل

    کوئٹہ میں کروڑوں روپے مالیت کی 400 کلوگرام چاندی اسمگلنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے غفلت، نااہلی اور مبینہ ملوث ہونے پر 6 افسران کو معطل کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق معطل کیے جانے والے افسران میں گریڈ 20 کے تین سینئر افسران اور گریڈ 16 کے تین افسران شامل ہیں۔ گریڈ 20 کے افسران میں ایک کلیکٹر، ایک ڈپٹی کلیکٹر اور ایک اسسٹنٹ کلیکٹر شامل ہیں۔
    ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ چاندی اسمگلنگ کیس کی تحقیقات کے دوران بعض افسران کی ذمہ داری اور کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھے، جس کے بعد ان کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
    اس کے ساتھ ہی کوئٹہ کسٹمز انفورسمنٹ کلیکٹوریٹ میں تین نئے افسران بھی تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ ادارے کے امور کو شفاف اور مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔حکام کے مطابق کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید اہم انکشافات اور کارروائیاں سامنے آ سکتی ہیں۔

  • بنوں: سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگرد ہلاک

    بنوں: سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگرد ہلاک

    بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں خارجی رنگ کا لیڈر وحید اللہ عرف مکتیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے، جن سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہلاک ہونے والا خارجی رنگ لیڈر حید اللہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں پر حملوں سمیت متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث اور انتہائی مطلوب تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حید اللہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا بھی مرکزی سہولت کار تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس کامیاب کارروائی سے نہ صرف بڑے دہشتگرد نیٹ ورک کو نقصان پہنچا بلکہ بروقت ایک بڑی تباہی بھی ٹال دی گئی، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے خاتمے پر بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں قوم کو سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

  • جعلی دستاویزت پر افغانستان جانے کی کوشش  میں 5 افراد گرفتار

    جعلی دستاویزت پر افغانستان جانے کی کوشش میں 5 افراد گرفتار

    امیگریشن حکام نے پشاور میں طورخم بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے 5 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔

    پشاور میں طورخم بارڈر پر جعلی دستاویزات کے ذریعے افغانستان جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی،پشاور میں طورخم بارڈر پر امیگریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی منی فیسٹ کے ذریعے افغانستان جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور 5 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد نادرا سسٹم کو بائی پاس کرنے کی کوشش کر رہے تھےملزمان نے جعلی منی فیسٹ حاصل کرنے کے لیے فی کس 50 ہزار روپے ادا کیے ابتدائی تفتیش کے دوران ’فہد‘ نامی ایجنٹ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جو مبینہ طور پر اس غیر قانونی عمل میں سہولت کاری کر رہا تھا گرفتار افراد کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • سخت سیکورٹی ،پھر بھی اسلام آباد میں رات گئے ڈکیتیوں کی لہر، شہریوں میں خوف و ہراس

    سخت سیکورٹی ،پھر بھی اسلام آباد میں رات گئے ڈکیتیوں کی لہر، شہریوں میں خوف و ہراس

    اسلام آباد میں رات گئے ہونے والی مسلسل ڈکیتیوں کی وارداتوں نے شہریوں میں ایک بار پھر سیکیورٹی سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں، جہاں مختصر وقت کے دوران کم از کم چھ وارداتیں رپورٹ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ایک واقعہ شاہپور کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے ایک ڈیلیوری رائیڈر کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں رائیڈر کی ٹانگ میں گولی لگ گئی۔ ملزمان نقدی، موٹر سائیکل اور موبائل فون لے کر فرار ہو گئے۔دیگر علاقوں میں بھی وارداتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں پی ڈبلیو ڈی، چونگی نمبر 26 اور گردونواح شامل ہیں۔ ان واقعات میں شہریوں سے نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا چھین لی گئیں۔ایک خاندان سے مبینہ طور پر 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے لوٹے جانے کی بھی اطلاع ہے،

    تاحال کسی بڑی پیش رفت یا ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی، جبکہ شہری حلقوں کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کب کیے جائیں گے۔ایک طرف اسلام آباد میں سیکورٹی سخت ہے اور دوسری جانب شہری لٹ رہے ہیں،شہریوں نے رات کے اوقات میں پولیس گشت بڑھانے، حساس علاقوں میں نگرانی سخت کرنے اور فوری رسپانس نظام کو مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • بلوچستان: دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، صوبے کی پہلی خاتون اہلکار سمیت 3 شہید

    بلوچستان: دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، صوبے کی پہلی خاتون اہلکار سمیت 3 شہید

    خضدار پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہیڈ کانسٹیبل اور صوبے کی پہلی خاتون کانسٹیبل شہید جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایک اہلکار زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ روز سولر پلیٹوں کی چوری کے حوالے سے پولیس نے علاقے باجوئی میں چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل ملک ناز بی بی اور ہیڈ کانسٹیبل سمیع اللہ موقع پر شہید ہوگئے ، ایڈیشنل ایس ایچ او محمد ابراہیم اور کانسٹیبل نجیب الرحمن زخمی ہوئے ، مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔

    ادھر دشت میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے دہشت گردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید جبکہ سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر سمیت چھ جوان شدید زخمی ہو گئے،دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ اور دستی بموں سے حملے کئے جس میں ہیڈ کانسٹیبل ایس پی سریاب کا ریڈر رحمت اللہ موقع پر ہی شہید جبکہ سی ٹی ڈی کا سب انسپکٹر جاوید گل، کانسٹیبل نیاز احمد ،سریاب پولیس کا اے ایس آئی وقار احمد ، ہیڈ کانسٹیبل نور اللہ، کانسٹیبل عبدالعلیم اور کانسٹیبل تاج محمد شدید زخمی ہو ہوئے۔

  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتوار کے روز نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    برطانوی خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوگیا، 5.13 ڈالر اضافے سے برطانوی خام تیل کی قیمت 95.51 ڈالر فی بیرل ہوگئی اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت بھی 7 فیصد اضافے کے ساتھ 90.33 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

    جمعہ کو یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر آمادہ ہے، جس کے بعد قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی، تاہم ہفتے کے روز ایر ان نے اچانک اس اہم راستے کو دوبارہ بند کرنے کا اعلان کر دیا دوسری جانب امریکی بحریہ نے خلیج عمان میں ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ایک ایرانی پرچم بردار مال بردار جہاز پر فائرنگ کرتے ہوئے اسے تحویل میں لے لیا، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

    جہازوں کی نقل و حرکت کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اتوار کے روز آبنائے ہرمز سے کوئی آئل ٹینکر نہیں گزرا، جس نے عالمی توانائی منڈیوں میں تشو یش کی لہر دوڑا دی ہے۔

  • گھریلو تنازع:امریکا میں والد نے اپنے ہی 8 بچوں کو قتل کر دیا

    گھریلو تنازع:امریکا میں والد نے اپنے ہی 8 بچوں کو قتل کر دیا

    امریکا کی ریاست لوئزیانا میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک شخص نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے بعد اپنے ہی 7 بچوں سمیت 8 کمسن افراد کو قتل کر دیا، جبکہ پولیس تعاقب کے دوران فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں ڈبو دیا۔

    امریکی ریاست لوئزیانا کے شہر شریوپورٹ میں اتوار کی صبح پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے اپنے ہی سات بچوں اور ایک مرد کو قتل کر دیا واقعے میں ہلاک ہونے والےبچوں کی عمریں ایک سے14 سال کے درمیان تھیں حکام کا کہنا ہے کہ سات بچوں کی لاشیں گھر کے اندر سے ملیں، جبکہ ایک بچہ جان بچانے کے لیے چھت پر چڑھنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہو گیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ ملزم نے پہلے ایک خاتون کو گولی ماری اور اس کے بعد قریبی گھر جا کر بچوں کو نشانہ بنایا، فائر نگ کے واقعے میں دو خواتین بھی شدید زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، ملزم اور زخمی خواتین میں سے ایک، ہلاک ہونے والے بچوں کے والدین تھے۔

    واقعے کے بعد ملزم نے ایک گاڑی چھین لی اور فرار ہونے کی کوشش کی پولیس نے تعاقب کیا اور گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملزم ہلاک ہو گیا اس واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں،شہر کے میئر نے اسے اپنی تاریخ کے بدترین سانحات میں سے ایک قرار دیا ہے-

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد گھریلو تشدد کے کیسز میں بروقت مداخلت اور وسائل کی فراہمی کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں اس سال اب تک 100 سے زائد اجتماعی فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں متعدد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔