پاکستانی اداکارہ اور ماڈل مریم مائیکل نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی شادی صرف 17 سال کی عمر میں ہوئی تھی، تاہم یہ رشتہ دو سال بعد ختم ہوگیا اور 19 سال کی عمر میں ان کی طلاق ہوگئی۔
اداکارہ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں اپنی زندگی کے اس باب پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں تک انہوں نے اس معاملے کو نجی رکھا، لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ خاموشی اکثر معاشرے میں موجود شرمندگی کے احساس کو مزید تقویت دیتی ہے۔
مریم مائیکل نے واضح کیا کہ اپنی کہانی بیان کرنے کا مقصد ہمدردی یا توجہ حاصل کرنا نہیں بلکہ طلاق سے متعلق معاشرتی رویوں پر گفتگو کو معمول کا حصہ بنانا ہے، تاکہ ایسے حالات سے گزرنے والے افراد خود کو تنہا یا شرمندہ محسوس نہ کریں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ زندگی کے ہر مرحلے کو قبول کرنا ضروری ہے اور ماضی کے تجربات انسان کی شخصیت اور مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق خواتین کو اپنی زندگی کے فیصلوں اور تجربات کے بارے میں بلا جھجھک بات کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
اداکارہ کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جہاں کئی افراد نے ان کی ہمت اور کھلے انداز میں اپنی زندگی کے تجربات بیان کرنے کو مثبت قدم قرار دیا۔
اداکارہ مریم مائیکل کا کم عمری کی شادی اور طلاق سے متعلق انکشاف
