اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ، مجلس شوریٰ اسلامی، کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کو شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ اس حوالے سے محمد باقر قالیباف نے اسپیکر ایاز صادق کے نام ایک خصوصی خط ارسال کیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب 3 جولائی 2026 کو ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہوگی، جہاں مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام، پارلیمانی نمائندوں اور بین الاقوامی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
ایرانی اسپیکر نے اپنے خط میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام، اسپیکر ایاز صادق اور قومی اسمبلی کے تمام ارکان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
خط میں پاکستان اور ایران کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری، تاریخی تعلقات اور برادرانہ روابط کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی احترام، اعتماد اور تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ محمد باقر قالیباف نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے دعوت نامہ موصول ہونے پر ایرانی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور اس خیرسگالی کے جذبے کو سراہا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور دونوں ممالک مستقبل میں بھی قریبی روابط برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔
ایرانی اسپیکر کی ایاز صادق کو آیت اللہ خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی دعوت
